Tag: لوٹ مار

  • کم عمر لڑکوں کی سنسنی خیز واردات، لٹیرا عجیب و غریب حرکتیں کرتا رہا (ویڈیو)

    کم عمر لڑکوں کی سنسنی خیز واردات، لٹیرا عجیب و غریب حرکتیں کرتا رہا (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد میں کم عمر لڑکوں کی ایک سنسنی خیز واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے، جس نے محکمہ پولیس کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے ضلع کورنگی میں زمان ٹاؤن کی حدود گلشن سکندر میں کم عمر لڑکوں نے ایک گلی میں موجود افراد کو دیدہ دلیری کے ساتھ نہ صرف لوٹا، بلکہ بے خوفی کے ساتھ شدید فائرنگ بھی کی، اور ایک بچے کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

    اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوٹ مار کے دوران ایک لٹیرا عجیب و غریب حرکتیں کرتا رہا، ایک موقع پر لٹیرا گلی میں پڑے سیمنٹ کے بڑے بلاک پر کھیل کود کی طرح اچھل کر کھڑا ہو گیا۔

    فوٹیج میں لٹیرے کو مبینہ طور پر نشے میں دھت لڑکھڑاتے اور پستول لہراتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج کے مطابق ایک موٹر سائیکل پر 2 کم عمر لڑکے گلی میں آ کر کھڑے ہو گئے، دونوں کے ہاتھوں میں پستول موجود تھے، کالے لباس میں موجود لٹیرا لڑکھڑاتا دکھائی دیتا ہے، وہ لوٹ مار کے دوران عجیب و غریب حرکتیں بھی کرتا رہا، اس دوران دونوں نے گلی میں موجود تمام افراد سے موبائل فون اور کیش چھینا۔

    لوٹ مار کے دوران لڑکوں پر اوپر سے کوئی چیز پھینکی گئی تو ایک نے اوپر عمارت کی جانب گولیاں چلانا شروع کر دیں، بعد ازاں، موٹر سائیکل پر بیٹھ کر تیزی سے بھاگے تو گلی کا موڑ مڑتے ہی جلد بازی میں موٹر سائیکل اچانک الٹ گئی۔

    اسی وقت پیچھے سے ایک بچے نے آ کر ان پر پتھر پھینکا، تو ایک لٹیرے نے بچے کے پیچھے بھاگ کر دوسری گلی میں اس پر بھی گولیاں چلا دیں، لیکن خوش قسمتی سے بچہ بچ گیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مبینہ طور پر نشے میں دھت لٹیرا بھاگتے ہوئے اپنا جوتا بھی چھوڑ گیا۔

    واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ کورنگی میں شہری دن رات تسلسل سے لٹنے لگے ہیں، کورنگی کے رہائشی اس صورت حال سے سخت پریشان نظر آتے ہیں، اور ان کا اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے کہ کورنگی پولیس کے افسران و اہل کار جرائم پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہیں، اس لیے اچھے افسران کو تعینات کیا جائے، جو صورت حال کنٹرول کر سکیں۔

  • کراچی: اسٹریٹ کرائم کی ہولناک واردات (بچے ویڈیو نہ دیکھیں)

    کراچی: اسٹریٹ کرائم کی ہولناک واردات (بچے ویڈیو نہ دیکھیں)

    کراچی: شہر قائد کا علاقہ ضلع کورنگی جرائم پیشہ عناصر کا گڑھ بن گیا ہے، ایک اور ہول ناک واردات میں لٹیروں نے دن دہاڑے راہ گیر کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے مہران ٹاؤن میں اسٹریٹ کرائم کی افسوسناک واردات ہوئی ہے، 3 مسلح لٹیروں نے شہری کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور مزاحمت پر گولی چلا دی۔

    اس واقعے کی سی سی ٹی وی اور موبائل فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیرے کتنی بے خوفی سے دن دہاڑے واردات کر رہے ہیں، شہری اپنے پرس کے حصول کے لیے جدوجہد کرتا رہا لیکن لٹیرے اسے مسلسل دھمکاتے رہے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ایک شہری سڑک پر جا رہا تھا کہ ایک موٹر سائیکل نے آ کر اسے ٹکر مار کر زمین پر گرا دیا، جب کہ دوسری موٹر سائیکل نے اس کا راستہ روک لیا، شہری کی مزاحمت پر لٹیروں نے اس پر تشدد شروع کر دیا۔

    ایک لٹیرا شہری کی جیب سے پیسے اور موبائل فون نکالنے کی کوشش کرتا رہا، مزاحمت پر شہری کو مار مار کر ادھ موا کر دیا، جب لٹیرے واپس جانے لگے تو شہری پھر کھڑا ہوا اور اپنا پرس واپس مانگا۔

    موبائل فوٹیج میں شہری کو سنا جا سکتا ہے، جو بار بار اپنا پرس واپس مانگ رہا ہے، جب کہ اس دوران لٹیرا اسے گولی مارنے کی دھمکی دیتا رہا، آخر کار پستول پکڑے ملزم نے شہری پر گولی چلا دی، اور واردات کے بعد تینوں بہ آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

  • اسکول کے طلبہ سے لوٹ مار کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی

    اسکول کے طلبہ سے لوٹ مار کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں اسکول کے طلبہ سے لوٹ مار کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع کورنگی نمبر 6 نزد مکی مسجد کی گلی میں کل صبح ساڑھے آٹھ بجے اسکول کے طلبہ سے لوٹ مار کی گئی تھی، اس واقعے کی فوٹیج سامنے آئی ہے۔

    موٹر سائیکل پر سوار 2 لٹیرے اسکول کے طالب علموں سے اسلحے کے زور پر موبائل اور پیسے چھین کر لے گئے تھے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متعدد اسٹوڈنٹس ایک مقام پر کھڑے ہیں، اچانک موٹر سائیکل سوار ملزمان آتے ہیں اور انھیں لوٹ کر چلے جاتے ہیں۔

    فوٹیج کے مطابق گلی سے گزرتے مسلح لٹیرے طلبہ کو جمع دیکھ کر واپس آئے، اور ان سے موبائل فونز، نقدی اور دیگر اشیا چھین لیں۔

    فرار ہوتے لٹیروں میں سے ایک نے ایک طالب علم کی موٹر سائیکل کی چابی بھی لے لی، سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہونے کے باوجود پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار کرنے سے قاصر رہی ہے۔

  • اسلحے کے زور پر دن دہاڑے لوٹ مار کی واردات، ویڈیو بچے نہ دیکھیں

    اسلحے کے زور پر دن دہاڑے لوٹ مار کی واردات، ویڈیو بچے نہ دیکھیں

    کراچی: شہر قائد میں اسلحے کے زور پر دن دہاڑے لوٹ مار کی وارداتیں بدستور جاری ہیں، لانڈھی نمبر 4 میں ایک اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسٹریٹ کریمنلز کی دیدہ دلیری کے آگے عوام کے ساتھ ساتھ پولیس بھی بے بس نظر آتی ہے، لانڈھی نمبر 4 زمان آباد میں ملزمان نے آسانی سے کئی افراد کو لوٹا اور فرار ہو گئے۔

    سی سی ٹی فوٹیج کے مطابق یہ واردات گزشتہ روز اتوار کو دن کے ڈیڑھ بجے ہوئی، موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے تعاقب کرتے ہوئے موٹر سائیکل سوار دو نوجوانوں کو آگے آ کر راستے کے کنارے پر روک لیا، اور انھیں قیمتی اشیا سے محروم کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق اس مقام پر لٹیروں کے ہاتھوں کئی شہری لٹ چکے ہیں، حالیہ واردات میں لٹیروں نے ایک شہری سے اس کا بیگ بھی چھینا، جس میں لیپ ٹاپ اور قیمتی سامان موجود تھا۔

    لٹیروں نے شہریوں کو موبائل فونز، رقم اور دیگر قیمتی سامان سے بھی محروم کیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں لٹیروں کے چہرے واضح دیکھے جا سکتے ہیں، ایک موٹر سائیکل پر سوار 3 لٹیروں کو لوٹ مار کرتے صاف دیکھا جا سکتا ہے۔

    قیمتی سامان سے محروم ہونے کے بعد موٹر سائیکل سوار نوجوانوں نے شدید بے بسی کا اظہار کیا، محکمہ پولیس تاحال اسٹریٹ کریمنلز کے خلاف کوئی جامع اور مؤثر پلان کے ساتھ نہیں آ سکا ہے، جس سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جا رہا ہے۔

  • شہری لٹنے سے بچ گیا، لیکن کیسے؟ ویڈیو دیکھ کر آپ حیران رہ جائیں گے

    شہری لٹنے سے بچ گیا، لیکن کیسے؟ ویڈیو دیکھ کر آپ حیران رہ جائیں گے

    کراچی: شہر قائد کے کچھ علاقوں میں صبح سویرے اسٹریٹ کرائمز پر مبنی وارداتیں ہو رہی ہیں، جن میں گھروں سے دفاتر یا دیگر کاموں کے لیے نکلنے والے پیدل شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو ایسی ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج موصول ہوئی ہے، جس میں موٹر سائیکل سوار 2 لٹیروں نے صبح کے وقت ایک راہ گیر کو لوٹنے کے لیے گھیرا۔

    یہ فوٹیج کراچی کے علاقے گلشن اقبال کی ہے، اسٹریٹ کرمنلز اپنے لیے اسے فروی زون سمجھ کر کارروائیاں کرتے ہیں، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلاک 3 میں موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے راہ گیر کو روک کر اس کی تلاشی لی۔

    بہ ظاہر یہ ایک کامیاب واردات تھی لیکن چند سیکنڈ کی جامہ تلاشی کے بعد ہی لٹیروں کو مایوس لوٹنا پڑا، آپ دیکھ سکتے ہیں کہ لٹیرے موٹر سائیکل پر شہری کے پاس سے گزرے، تو پیچھے بیٹھا ہوا لٹیرا اترا اور پستول نکال کر فائر پوزیشن میں لے آیا۔

    شہری نے اطمینان سے دونوں ہاتھ اوپر اٹھائے، اور لٹیرا اس کی تلاشی لینے لگا، کچھ ہی دیر بعد اسے مایوسی نے آ لیا، کیوں کہ شہری کے پاس کچھ بھی نہیں تھا، وہ خالی جیب کے ساتھ نکلا تھا، نہ موبائل اور نہ پیسے تھے، یہ دیکھ کر لٹیرا فوراً موٹر سائیکل پر دوبارہ بیٹھا اور دونوں بھاگ گئے۔

    دوسری طرف شہری انھیں ناکام جاتے دیکھتا رہا، اس واردات سے ایسا لگتا ہے کہ شہر کی سڑکوں پر نکلنے والے صرف خالی جیب افراد ہی اب وارداتوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

  • ویڈیو: لٹیروں نے شہری سے لاکھوں روپے لوٹ لیے

    ویڈیو: لٹیروں نے شہری سے لاکھوں روپے لوٹ لیے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے منظور کالونی میں‌ لٹیروں نے بڑی واردات کر لی، بینک سے نکلنے والے شہری سے 5 لاکھ روپے سے زیادہ رقم چھین لی، واقعے سے قبل کی فوٹیجز سامنے آ گئی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شہر قائد میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والا گینگ پوری طرح سے متحرک ہے، گزشتہ روز منظور کالونی ماما باربی کیو کے سامنے ایک شہری کو لوٹ لیا گیا، ایس ایچ او بلوچ کالونی سے جب واقعے سے متعلق استفسار کیا گیا تو انھوں نے عجیب جواب دیتے ہوئے کہا کام سے گیا ہوا تھا، واقعے کے حوالے سے علم نہیں ہے۔

    منظور کالونی میں ہونے والی واردات میں ملوث 4 لٹیروں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیروں نے شہری کا پیچھا کیا تھا اور پھر اس سے پانچ لاکھ سے زائد رقم چھین لی۔

    رپورٹ کے مطابق شہری 6 نمبر والے بینک سے رقم لے کر نکلا تھا، اس کے پاس 5 لاکھ روپے سے زائد کی رقم تھی، لٹیروں نے اس کا پیچھا کیا اور اسلحے کے زور پر رقم چھین لی، ایک شہری نے سی سی ٹی وی فوٹیجز میں اس واردات میں ملوث لٹیروں کی نشان دہی کر دی۔

    فوٹیجز کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے یہ واردات کی، لٹیروں نے تقریباً 3 بجکر 30 منٹ کے قریب شہری سے رقم لوٹی تھی، اور یہ واقعہ گزشتہ روز بلوچ کالونی تھانے کی حدود میں پیش آیا تھا۔

    ایس ایچ او بلوچ کالونی سے استفسار کیا گیا تو انھوں نے واردات کے حوالے سے لا علمی کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ ‘ کام سے گیا ہوا تھا’، واضح رہے کہ کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان شہریوں کو لوٹنے میں مصروف ہیں، اور دوسری طرف محکمہ پولیس کے افسران عجیب طرح سے لا علمی کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • پٹرول بھرنے والے شخص نے کیا کیا، کہ 3 لٹیرے سر پر پیر رکھ کر بھاگ اٹھے (ویڈیو)

    پٹرول بھرنے والے شخص نے کیا کیا، کہ 3 لٹیرے سر پر پیر رکھ کر بھاگ اٹھے (ویڈیو)

    سانتیاگو: لٹیروں نے سوچا بھی نہ تھا کہ اپنی گاڑی میں اطمینان سے پٹرول بھرنے والا شخص اتنا خطرناک رد عمل دے دے گا، ابھی وہ اس شخص تک پہنچے بھی نہ تھے کہ انھیں اپنی جانیں بچانے کے لیے سر پر پیر رکھ کر بھاگنا پڑا۔

    یہ واقعہ جنوبی امریکا کے ایک ملک چلی کا ہے، کسی مقام پر ایک پٹرول پمپ پر ایک شہری اپنی کار میں ایندھن بھر رہا تھا، کہ اس دوران ایک سفید وین میں لٹیرے پہنچ گئے۔

    اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سفید وین بڑی تیزی سے آ کر کار کے بالکل قریب رک گئی، اور دونوں کے طرف کے دروازوں سے 3 ڈاکو تیزی سے نیچے اتر کر اس شخص کی طرف بڑھے۔

    دونوں طرف سے تین افراد کو تیزی سے اپنی طرف بڑھتے دیکھ کر وہ شخص جبلی طور پر چوکنا ہو گیا، اور تیزی سے اپنے بچاؤ کا فیصلہ کرتے ہوئے اس نے ڈسپنسر کا رخ ان کی طرف کر دیا، اور پٹرول ان پر اسپرے کرنے لگا۔

    پٹرول کے حملے سے لٹیروں کے اوسان خطا ہو گئے، اور وہ الٹے پیر بھاگنے لگے، وہ اپنی گاڑی میں بیٹھنا تک بھول گئے اور آگے پیچھے ہوتے رہے، تاہم اسی بدحواسی کے عالم میں وہ وین میں بیٹھے اور بھاگ گئے۔

    سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو شیئر ہوئی تو لوگوں نے اس پر مختلف قسم کے تبصرے کیے، کسی کا کہنا تھا کہ چور یہ ویڈیو دیکھ کر آئندہ کسی پٹرول بھرتے شخص کو لوٹنے سے محتاط رہیں گے، کیوں کہ ان کے ساتھ کچھ بھی بھیانک ہو سکتا ہے۔

    کسی نے کہا کہ پٹرول لگنے کے بعد اب چوروں کی وین کو پولیس حکام آسانی سے پہچان سکتے ہیں، تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ لٹیروں کے خلاف کوئی کارروائی ہوئی یا نہیں۔

  • ملکی خزانے میں لوٹ مار کیسے ہوئی؟ کون کون ملوث تھا؟ وزیر اعظم کی ہدایت پر اہم رپورٹ مکمل

    ملکی خزانے میں لوٹ مار کیسے ہوئی؟ کون کون ملوث تھا؟ وزیر اعظم کی ہدایت پر اہم رپورٹ مکمل

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر قائم قرضہ کمیشن کی ابتدائی رپورٹ مکمل ہو گئی، رپورٹ میں ملکی خزانے میں لوٹ کرنے والوں سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قرضہ کمیشن نے ابتدائی تحقیقات کے بعد حتمی تحقیقات کے لیے اہم کیسز نیب کے حوالے کر دیے، آصف زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس سے متعلق بھی تہلکہ خیز انکشافات ہوئے ہیں، وزارت مواصلات کے کنٹریکٹرز بھی جعلی اکاؤنٹس میں پیسہ بھجوانے میں ملوث نکلے۔

    وفاقی وزیر مراد سعید نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ قرضہ کمیشن میں بھیجے گئے کیسز کی ابتدائی رپورٹ ملی ہے، جو کیسز میں نے بھیجے تھے ان میں 5 قومی شاہراہوں کے منصوبے شامل تھے، سابق سربراہان مملکت کے نجی دوروں اور کیمپ آفسز کی تفصیلات بھی بھیجی گئی تھیں۔

    مراد سعید نے بتایا کہ آصف زرداری کے دبئی اور نواز شریف کے زیادہ تر دورے لندن کے تھے، ان نجی دوروں پر خرچ ہونے والی رقم ملکی خزانے سے ادا کی جاتی رہی، یہ کیسز نیب کو بھجوائے گئے ہیں۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ یوسف گیلانی، نواز شریف، شہباز شریف سمیت دیگر نے اپنے گھروں کو کیمپ آفس بنایا، میں نے احسن اقبال، ان کے بھائی کو دیے گئے ٹھیکوں کی تفصیل بھی بھیجی تھی، تمام دستاویزی ثبوت موجود ہیں، فائلز کی شکل میں جن کی کاپیاں کرا کر رکھ لی ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ جعلی اکاؤنٹس میں پیسہ ڈالنے والے وزارت مواصلات کے کنٹریکٹر ہی تھے، جو لوگ ملوث تھے ان کے نام بھی قرضہ کمیشن کو بھیج چکا ہوں، نواز شریف نے اپنے دور میں وزارت مواصلات کا ناجائز استعمال کیا، انھوں نے بغیر بڈنگ مختلف کمپنیوں سے غیر قانونی ٹھیکے کیے۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جس منصوبے کی بڈنگ 2 سال بعد ہوئی، نواز شریف نے وہ ٹھیکہ پہلے ہی دے دیا تھا، احسن اقبال کے بھائی کو بھی نوازنے کی پوری پوری کوشش کی گئی۔

  • شہریوں کو لوٹنے والے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار ہو گئے

    شہریوں کو لوٹنے والے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار ہو گئے

    کراچی: شہریوں کو لوٹنے والے 2 مزید ملزمان سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس بنیاد پر ایک کارروائی میں 2 ملزمان شاہ رخ عرف لیون اور وقار احمد کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق انتہائی مطلوب ڈکیت گروہ سے ہے، ملزمان لوٹ مار، اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں، جن کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ہوئی۔

    فوٹیج میں ملزم وقار کو شہری سے رقم لوٹتے دیکھا جا سکتا ہے، شاہ رخ عرف لیون نے ساتھی کے ہمراہ لوٹ مار کی تھی، ترجمان رینجرز کے مطابق شاہ رخ نے محمود آباد ماڈل پارک روڈ پر کار سوار کو لوٹا تھا۔

    ملزم وقار احمد منشیات کا عادی اور پولیس سے بھگوڑا ہے، فوٹیج میں وقار احمد کے ہاتھ میں پستول واضح دیکھا جا سکتا ہے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اہم ملزم گرفتار، فوٹیج بھی جاری

    ترجمان رینجرز نے بتایا کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے جاری ہیں، جب کہ گرفتار ملزمان سے اسلحہ برآمد ہوا اور تفتیش کے لیے انھیں پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کراچی میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا تھا، عابد علی شیدی ڈکیتی اور لوٹ مار کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔

  • کراچی میں موٹر سائیکل چوری کی بے رحمانہ واردات، کم سن بچے کی جان خطرے میں پڑ گئی (ویڈیو)

    کراچی میں موٹر سائیکل چوری کی بے رحمانہ واردات، کم سن بچے کی جان خطرے میں پڑ گئی (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد کے علاقے نیو ٹاؤن میں موٹر سائیکل لفٹرز نے ایک واردات کے دوران بے رحمی کی انتہا کر دی، معصوم بچے کی جان بھی خطرے میں پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز نیو ٹاؤن تھانے کی حدود سی پی برار سوسائٹی میں ایک شہری سے واردات کے دوران مسلح موٹر سائیکل لفٹرز نے بے رحمی کی بدترین مثال قائم کر دی۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے شہری کو سائیڈ دے کر خطرناک انداز میں روکا۔

    رپورٹ کے مطابق شہری اپنے کم سن بچے کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا، بچے کے ساتھ دیکھ کر ڈاکوؤں نے چلتے چلتے اسے گھیر لیا، ڈاکو شہری کو موٹر سائیکل سے اترنے کا کہتے رہے۔

    بے حسی کی ایک ایسی واردات جسے دیکھ کر دردمند دل تڑپ اٹھے (ویڈیو)

    شہری نے موٹر سائیکل پر اپنے آگے معصوم کم سن بچے کو بٹھا رکھا تھا، ڈاکوؤں نے اسے آسان شکار سمجھا اور گھیر لیا، پہلے ایک موٹر سائیکل پر سوار لٹیرے نے بڑے خطرناک انداز میں شہری کی چلتی موٹر سائیکل کو سائیڈ میں دباتے ہوئے رکوایا، اس دوران موٹر سائیکل گرنے کا اندیشہ بھی تھا جس سے بچے کو نقصان پہنچ سکتا تھا۔

    شہری کی موٹر سائیکل رکنے کے بعد دوسری موٹر سائیکل پر دو ڈاکو سوار فوراً آ کر رکے، اور شہری کو موٹر سائیکل سے اترنے کا کہتے رہے، لیکن شہری نے تھوڑی سی مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے اسے سر عام تشدد کا نشانہ بنایا۔

    موٹر سائیکل چوری کی واردات اتنی آسان کیوں؟ فوٹیج سامنے آ گئی

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیرے موٹر سائیکل سوار شہری کو تھپڑ مار رہے ہیں، انھوں نے شہری کی جیب سے موبائل فون اور پرس بھی نکال لیا، جب کہ واردات کے دوران معصوم بچہ روتا رہا۔

    خود کو بے بس پا کر شہری کو بچہ گود میں لے کر اترنا پڑا اور موٹر سائیکل لٹیروں کے حوالے کر دی، جس کے بعد تینوں ایک ایک موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو گئے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں موٹر سائیکل چوری اور راہ چلتے شہریوں کو لوٹنے کی وارداتیں بڑھتی جا رہی ہیں، متعدد وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی اے آر وائی نیوز پر دکھائی جا چکی ہیں۔