Tag: لوڈ شیڈنگ

  • حکومت 2018میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کردے گی،چوہدری شیرعلی

    حکومت 2018میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کردے گی،چوہدری شیرعلی

    لاہور: صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی نے کہا ہے کہ حکومت 2018میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کردے گی جس سے ملک میں توانائی کا جاری بحران ختم ہوجائے گا۔

    تفصیلات کےمطابق لاہور میں ایک نجی یونیورسٹی کے زیر اہتمام بین الاقوامی توانائی کونفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شیر علی نے کہا کہ پنجاب میں 3600 میگاواٹ بجلی کے گیس پر چلنے والے منصوبے زیر تعمیر ہیں جوآئندہ سال مکمل ہوجائیں گے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ شمسی توانائی،ہائیڈل سمیت تمام سستے منصوبوں سے بجلی حاصل کررہے ہیں سندھ میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا پلانٹ لگایاجارہا ہے کیونکہ ملکی ترقی کے لیے توانائی بحران کا خاتمہ اشد ضروری ہے۔

    مزید پڑھیں: حکمرانوں کو فلاحی پروگراموں پر توجہ دینی چاہئے، وزیراعظم

    یاد رہے کہ آج صبح وزیراعظم نواز شریف رحیم یار خان میں خطاب کرتے ہوئےکہنا تھا کہ صحت ایسا معاملہ ہے جس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، حکمرانوں کو فلاحی پروگراموں پر توجہ دینی چاہئے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف کا کہناتھا کہ 2018 میں بجلی کا بحران ختم اور بجلی سستی ہوگی جبکہ 2019 میں رحیم یار خان کا موٹر وے مکمل ہوجائے گا۔

  • نومبر 2017 میں لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی،اسحاق ڈار

    نومبر 2017 میں لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی،اسحاق ڈار

    اسلام آباد : وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان سے بجلی کا بحران نومبر2017 میں مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔

    تفصیلات کےمطابق فرانس کے پاکستانی سفارتخانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ٹیکس چوری کے سدباب کےلیے موثر اقدام کیے ہیں۔

    وزیر خزانہ اسحاق ڈار پاکستان 14 ستمبر سے پاکستان اقتصادی تعاون اورترقی کی تنظیم آرگنائزیشن فار اکنامک کاپریشن اینڈ ڈویلپمنٹ (او ای سی ڈی) کا رکن بن گیا جس کے بعد او ای سی ڈی کے رکن ملکوں کی تعداد 99ہو گئی۔

    انہوں نےکہا کہ فرانس کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے،دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے،فرانس پاکستان میں توانائی اور آٹو انڈسٹری کے شعبوں میںسرمایہ کاری کرے گا۔

    وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ پیر سے جمعہ تک فرانس میں قیام کے دوران فرانس کے وزیر خارجہ،وزیرخزانہ ،فرانس کے تجارتی نمائندوں اور چیمبر آف کامرس،پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔

    وزیرخزانہ نے او ای سی ڈی کا ممبر بننے کےلیے فنانس بل 15,16 کے سیکشن 107 میں ترمیم کی۔انہوں نے کہاکہ فرانس کے وزیرخارجہ کے ساتھ ملاقات انتہائی مفید اور حوصلہ افزا رہی ہیں۔

    اسحاق ڈار نے ایک سوال کےجواب میں کہاکہ اگلے سال جون تک لوڈشیڈنگ کم ہو کر3 گھنٹے رہ جائے گی جبکہ نومبر2017 میں لوڈشیڈنگ کامکمل خاتمہ ہوجائے گا۔

    وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ 2018 تک بجلی کی پیداوار10ہزارمیگاواٹ ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہائیڈل، کول اور نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے ذریعہ بجلی کی پیداواربڑھارہاہے۔

  • لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ اسی دور حکومت میں پورا کروں گا، نواز شریف

    لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ اسی دور حکومت میں پورا کروں گا، نواز شریف

    اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ اسی سال پورا کریں گے، بجلی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں، توانائی کے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ عوام کو جلد ریلیف مل سکے۔

    یہ ہدایات انہوں نے وفاقی کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں‌ وفاقی کابینہ نے توانائی کے جاری اور آئندہ کے منصوبوں پر وزیراعظم نواز شریف کو بریفنگ بھی دی۔

    انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم اور تربیلا توسیعی منصوبے کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں فوری دور کی جائیں اور انہیں فوری مکمل کیا جائے۔

    انہیں بریفنگ دی گئی کہ پن بجلی منصوبے کا پہلا یونٹ فروری 2018ء میں کام شروع کردے گا جبکہ کئی اور منصوبے زیر غور ہیں جن پر جلد کام شروع ہونے کی توقع ہے۔

  • ماہ رمضان : بجلی کے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے

    ماہ رمضان : بجلی کے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے

    کراچی : شہر قائد میں بجلی کی عدم فراہمی معمول بن گئی۔ شہری سراپا احتجاج بن گئے ،ماہ رمضان میں کے الیکٹرک کے سحر و افطار میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے.

    تفصیلات کے مطابق فنی خرابی ،کیبل فالٹ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو ماہ رمضان میں بھی ذہنی اذیت میں مبتلا کررکھا ہے۔

    شدید گرمی، حبس اوپر سے بجلی غائب ہونے پر شہر قائد کے شہری احتجاج نہ کریں تو کیا کریں، کورنگی ایکسپریس وے پر بجلی عدم فراہمی کے خلاف عوام سڑکوں پر آگئے۔

    مشتعل مظاہرین نے ٹائرون کو جلاکر سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کردیا، دوسری جانب کراچی کے علاقے جیکب لائن گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی کے باعث متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

    پی آئی بی کالونی، جیکب لائن، جہانگیر روڈ، نمائش اور جمشید روڈ میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن رہا۔ سخی حسن واٹر بورڈ کالونی میں بھی بارہ گھنٹے سے زائد وقت گزرجانے کے باوجود بجلی نہ آسکی۔

    سخت گرمی میں بجلی کی عدم فراہمی سے روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شکایات درج کرانے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔

    روزہ دار شہری شدید گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے ذہنی کوفت میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

     

  • ماہ رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ انتہائی کم ہوگی، عابد شیر علی

    ماہ رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ انتہائی کم ہوگی، عابد شیر علی

    فیصل آباد : وزیر مملکت عابد شیر علی کا کہنا ہے ماہ رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ انتہائی کم ہوگی،عمران خان اور ان کی ٹیم وزیراعلیٰ پنجاب سے ٹریننگ لے ۔

    فیصل آباد میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن کے ساتھ ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیرعلی کا کہنا تھا وزیراعظم نواز شریف چند ہفتوں میں واپس آ کر ملکی باگ ڈور سنبھالیں گے،چوہوں سے جنگ کرنے والے ملک کا امن تباہ کر رہے ہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کو دھوپ لگ گئی ہے جو ٹی او آر منظور نہ ہونے پر سڑکوں پر ہونے کی باتیں کر رہے ہیں ۔ انہیں ٹھنڈک حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔

    اس موقع پر ماروی میمن کا کہنا تھا وہ پی ٹی آئی میں کسی صورت شامل نہیں ہوں گی، بجٹ پہلے کی طرح اب بھی عوام دوست ہو گا ۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ نواز شریف کی صحت یابی کے لئے دعا کرے ۔

  • لوڈ شیڈنگ جان بوجھ کر کی گئی، نیپرا نے حکومت کا بھانڈا پھوڑ دیا

    لوڈ شیڈنگ جان بوجھ کر کی گئی، نیپرا نے حکومت کا بھانڈا پھوڑ دیا

    اسلام آباد: نپیرا نے سالانہ رپورٹ میں وزارت پانی وبجلی کا بھانڈا پھوڑ دیا، وزارت پانی بجلی نے جان بوجھ کر بجلی فراہم نہیں کی، بجلی کے میٹر ز کا نیا سسٹم ناکام ہوگیا ہے۔

    نیپرا کی سالانہ رپورٹ نے حکومتی دعوووں کا بھانڈا پھوڑ دیا رپورٹ کے مطابق بجلی تھی مگر دی نہیں گئی ملک بھر میں لوڈشیڈنگ سے سیکڑوں افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    نیپرا کے مطابق بجلی کا شارٹ فال اور لوڈ شیڈنگ جان بوجھ کر کی گئی ہے جبکہ سرکاری بجلی گھر پیداواری صلاحیت کے باوجودمطلوبہ بجلی پیدا کرنے میں ناکام رہے ہیں، دو ہزار چودہ پندرہ میں سرکاری پاور پلانٹس صرف اکتالیس فیصد بجلی ہی پیدا کر سکے ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تھرمل پاور پلانٹس کو جان بوجھ کر بند کیا گیاہے، نیا میٹر سسٹم بھی بری طرح سے ناکام ہو گیاہےکیونکہ ستر فیصد صارفین کو غلط بل مل رہے ہیں،بعض سرکاری بجلی گھروں کی مشینیں تین سال سے جان بوجھ کر بند رکھی گئیں جبکہ لائسنس منسوخی کے باوجود بعض پاور پلانٹس کی پیداوار ظاہر کی گئی ہے۔

    سیاسی رہنماوں نے نیپرا کی رپورٹ پر سخت ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے حکومت کے منھ پر طمانچہ قرار دیا ہے۔

    نیپرا کی رپورٹ پر عمران خان کہتے ہیں انھیں اس پر کوئی حیرت نہی ہوئی، پارٹی کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کپتان کا کہنا ہے یہ حکومت کی مجرمانہ عفلت ہے،غیر قانونی پلانٹ کام کرتے رہے جب کہ اصل پلانٹ بند رہے۔

    اے این پی کے رہمنا زاہد خان کہتے ہیں عوام کو جان بوجھ کر لوڈ شیڈنگ کے عزاب میں مبتلا کیا گیا،پیپپلز پارٹی نے بھی حکومت پر کڑی تنقید کر ڈالی۔

  • کے الیکٹرک کے گھریلو صارفین کیلئے بجلی اسی فیصد مہنگی

    کے الیکٹرک کے گھریلو صارفین کیلئے بجلی اسی فیصد مہنگی

    کراچی : نیپرا نے کراچی کے صارفین پر مہنگی بجلی کے کوڑے برسا دئے ،اب ہر گھرکو ہر ماہ دو سے چار ہزار روپےکا اضافی جھٹکا لگے گا۔

    ابھی کے الیکٹرک کے زخم ہی نہ بھرے تھےکہ نیپرا نےنیاچیرالگا دیا۔ کے الیکٹرک کے گھریلو صارفین کیلئے بجلی اسی فیصد مہنگی کر دی ۔

    اب دو سو یونٹ بجلی جلانے والے کو بجلی چا ر روپے اٹھائیس پیسے مہنگی ملے گی جبکہ تین سو یونٹ استعمال کرنے پر دو روپے نوے پیسے فی یونٹ کا کوڑا پڑے گا ، اور اگر بجلی اس سے بھی زیادہ استعمال کی تو کے الیکٹرک چار روپے یونٹ کا جھٹکا ہی لگا دے گی ۔

    کےالیکٹرک کےنرخوں میں اضافہ فوری طور پر ہو گا کراچی کے عوام پہلے ہی کے الیکٹرک کی نااہلی کا بدترین شکار ہیں, بجلی آتی نہیں، میٹر تیز چلتےہیں، اوپرسے آپریشن برق کی برق پاشیاں بھی جاری ہیں۔

    عوام کسے گواہ کریں کس سے منصفی چاہیں، وزیر بجلی کہتے ہیں بجلی نہیں دے سکتے ، وزیر اعظم کہتےہیں لوڈ شیڈنگ برداشت کرو، نہ نندی پور سے بجلی ملتی ہے نہ کالا باغ ڈیم بنتا ہے ، عوام جائیں تو کہاں جائیں۔

  • کراچی کے شہری گرمی سے نڈھال،  درجہ حرارت 44 ڈگری جا پہنچا

    کراچی کے شہری گرمی سے نڈھال، درجہ حرارت 44 ڈگری جا پہنچا

    کراچی: ماہ صیام کے آغاز سے ہی ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، کراچی سمیت ملک کے بیشتر ترعلاقوں میں گرمی کی شدت برقرارشدید گرمی اور حبس کی وجہ سے روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    کراچی کے کئی علاقے بجلی سے محروم ہیں جبکہ بعض علاقوں میں بجلی چوبیس گھنٹے سے غائب ہے، سرجانی، شاہ فیصل کالونی، منظور کالونی، بلدیہ ٹاؤن، کیماڑی، مسان روڈ، سکندر آباد اور نارتھ ناظم آباد سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔

     اوچ شریف میں بھی بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن کر سینکڑوں لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑکیں بند کر دیں جس سے ٹریفک کا بدترین جام ہو گیا۔

    مظاہرین نے واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے بتایا کہ گرمیوں کے آغاز سے ہی اوچ شریف میں لوڈ شیڈنگ کا 18سے 20گھنٹے تک ہے۔

    ماہ مقدس رمضان المبارک میں حکومت نے دعوے کئے تھے کہ لوڈ شیڈ نگ میں خاطر خواہ کمی ہو گی ،مگر حکومتی دعووں کے بر عکس سحری و افطاری سمیت تراویح کے اوقات میں بھی بجلی غائب ہے ،جبکہ کئی علاقوں میں ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث 6روز سے بجلی بند ہے۔

    — DR. AyEsHa (@DrAyesha4) June 20, 2015

     

    مظاہرین نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر لوڈ شیڈ نگ کا دورانیہ کم کرکے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بند نہ کی گئی تو قومی شاہر اہ بند کرکے ملک بھر کا زمینی رابطہ منقطع کردیںگے۔

     


    لوڈشیڈنگ: وزیراعظم نے ریلیف دینے کی ہدایت کرڈالی


    نوابشاہ میں بھی شدید گرمی میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے۔

     ملک میں بجلی کی مجموعی طلب بیس ہزار میگاواٹ ہے جبکہ پیداوار ساڑھے پندرہ ہزار میگاواٹ ہے، شاٹ فال ساڑھے چار ہزار تک پہنچنے سے بڑے شہروں میں آٹھ سے دس گھنٹے جبکہ چھوٹے شہروں اور دیہات میں چودہ گھنٹے تک کی لوڈ شیدنگ کی جارہی ہے ۔

     

     

    لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں لوگوں کو وولٹیج کی کمی کی بھی شکایات ہیں،وولٹیج کی کمی کے باعث گھروں میں موجود الیکٹرونکس کا سامان جل گیا ہے۔ جبکہ مساجد کے لاؤڈ اسپیکر پانی و بجلی کی عدم فراہمی پر شہریوں کو احتجاج پر بلانے کے لیے بھی استعمال کیے گئے، ڈسکہ، ملتان، گجرات اور جڑواں شہروں سمیت کئی شہروں میں انتظامیہ لوڈشیڈنگ کے جن پر قابو پانے میں ناکام ہے۔

     

     

    بجلی کا شارٹ فال ساڑھے چار ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا بڑے شہروں میں 8 سے 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ چھوٹے شہروں اور دیہات میں 14 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

     

    رمضان شروع ہوتے ہی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، مختلف شہروں میں پارہ ہائی ہے، محکمہ موسمیات نے کراچی میں چندروزگرمی برقراررہنے کی پیش گوئی کردی۔

     کراچی میں چوالیس ڈگری کوچھوتے پارے نے شہریوں کو نڈھال کیا، تواندرونِ سندھ میں بھی سورج آگ برسارہا ہے، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیاہے کہ گرمی کی شدت چارسےپانچ روزبرقرار رہے گی ۔

    گزشتہ روز کوٹ ادو، ملتان، رحیم یارخان اور سبی سمیت ملک کے کئی علاقوں میں موسم گرم رہا، بھکرمیں سب سے زیادہ گرمی تھی جہاں پارہ اڑتالیس تک جا پہنچا۔

    محکمہ موسمیات نے رمضان کے پہلے عشرے میں بالائی پنجاب، ہزارہ ڈویژن، زیریں سندھ اور کشمیر میں پری مون سون بارشوں کی نوید سُنائی ہے۔

  • ملک بھرمیں پہلی سحری کے بعد افطار ی میں بھی لوڈ شیڈنگ

    ملک بھرمیں پہلی سحری کے بعد افطار ی میں بھی لوڈ شیڈنگ

    کراچی / لاہور / فیصل آباد / ملتان : ماہ رمضان کے پہلے روز ملک کے محتلف شہروں میں ہمیشہ کی طرح اس بار بھی بجلی کی لوڈ شیڈ نگ جاری رہی، اورمشتعل روزہ دار عوام بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کیخلاف  شدید نعرے بازی کی۔

    کچھ برس پہلے کی بات ہے۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف لاہورمیں  اپنی کابینہ سمیت مینارپاکستان کے سامنے ٹینٹ لگاکربیٹھے رہاکرتے تھے، ہاتھ میں پنکھے ہواکرتے تھے۔ اورالیکشن مہم میں انہوں نے ایک چیلنج دیاتھا، جسے وہ تا حال پورا نہ کر سکے، اورآج نواز لیگ ملک بھر تو کیا پنجاب میں بھی لوڈشیڈنگ پر بھی قابو نہ پاسکی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی، لاہور، فیصل آباد،ملتان، پشاوراور دیگر شہروں میں بھوکے پیاسے روزہ دار تنگ آکر احتجاج پر اتر آئے۔

    رمضان المبارک کی پہلی سحری کی طرح پہلی افطاری میں بھی کراچی کے شہریوں کوغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا رہا ، شہر میں سب سے زیادہ بجلی کی عدم فراہمی سے متاثرہ علاقے نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی ، ایف بی ایریا ، گلشن اقبال ، گلستان جوہر اور شاہ فیصل کالونی شامل ہیں۔

    ملتان میں بھی بدترین لوڈشیڈنگ نے پہلے ہی روزے کو شہریوں کی چیخیں نکلوادیں، جس پر سارا ہی دن مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔

    میپکو نے دعوی کیا تھا کہ رمضان المبارک میں سحری،افطاری اور تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی، لیکن آج پہلے ہی روزبدترین اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی گئی جس کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

    حرم گیٹ کے مکینوں نے سب ڈویژن کا گھیراؤ کرلیا اور روڈ بلاک کرکے ٹائر جلاکر احتجاجی مظاہرہ کیا ،مظاہرین کا کہنا تھا کہ آج صبح سے ہی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ٹرپنگ اور لو وولٹیج کے باعث شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام ہوچکی ہے لہٰذا وفاقی وزیر پانی و بجلی کو فوری طور پر مستعفی کیا جائے، ملتان کے علاقے نیو سبزی منڈی اور رحمان پورہ کے ملحقہ علاقوں میں بجلی غائب شہری سراپا احتجاج بن گئے۔

    طویل لوڈ شیڈنگ پر لودھراں میں بھی واپڈا مردہ باد کے نعرے لگ گئے  بجلی کے قومی بحران پر گوجرانوالہ کے شہری بھی آگ بگولہ تھے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت نے وعدہ پورا نہیں کیا، خانیوال میں بھی بجلی کی غیر اعلانیہ بندش نے روزے داروں کا بُرا حال کردیا، شہریوں کا کہنا ہے روزے دار گرمی سے بلک رہے ہیں اور سرکار سورہی ہے۔

    حکومت اور بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کا اگلا لائحہ عمل کیا ہوگا ۔عوام کو اس سے کوئی سروکار نہیں وہ توصرف بلا تعطل بجلی کی فراہمی چاہتے ہیں۔

    پہلا روزے کو خٰیبر پختونخواہ میں بھی بجلی غائب رہی، روزے داروں کا گرمی سے براحال ہوگیا چارسدہ اور صوابی میں مشتعل مظاہرین نے پیسکو کے دفاتر پرحملہ کردیا ۔

    کراچی سے خیبر تک بجلی غائب نظر آئی۔ خیبر پختونخواہ کے عوام بجلی کی تلاش میں سرگرداں رہے ۔چارسدہ میں لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام نے بجلی کے تقسیم کار کمپنی کے مقامی دفتر پر دھاوا بول دیا۔ اور توڑ پھور شروع کردی، پولیس میں بھی تبدیلی آگئی جو چابکدستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظاہرین پر ٹوٹ پڑی۔

    پولیس نے بزرگوں کو بھی نہ چھوڑا۔لاٹھی چار ج سے پندرہ افراد زخمی ہوگئے۔صوابی کے علاقے چھوٹا لاہور میں مشتعل مظاہرین نے پیسکو کے سب ڈویژنل دفتر کو آگ لگادی۔

    ریکارڈ جل کرراکھ کا ڈھیر بن گیا۔ پشاور کے شہریوں کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ سے کاروبار بالکل ختم ہوگیا، چمن کے شہریوں نے بھی رمضان میں بجلی کے غائب ہونے پر شکوہ کرتے نظر آئے۔

    عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کے وعدے صرف وعدے ہی ہیں۔ جو کبھی وفا نہیں ہوتے ہیں۔

  • کے الیکٹرک غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرے ، وزیراعلیٰ سندھ

    کے الیکٹرک غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرے ، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کے الیکٹرک کو غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی ہدایت کر دی۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی کے متعدد علاقوں میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کے۔ الیکٹرک کی انتظامیہ کو مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

    انہوں نے کے۔ الیکٹرک کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے موقع پر کسی بھی قسم کی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے اور عوام کو تسلسل کے ساتھ بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔