Tag: لوڈ شیڈنگ

  • ہیٹ ویو اور لوڈ شیڈنگ سے جاں بحق افراد کے سلسلے میں تحقیقات شروع

    ہیٹ ویو اور لوڈ شیڈنگ سے جاں بحق افراد کے سلسلے میں تحقیقات شروع

    کراچی: شہر قائد میں ایک ہفتے سے جاری ہیٹ ویو اور لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تحقیقات کا آغاز ہو گیا ہے۔

    26 جون کو نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیڑی اتھارٹی (نیپرا) نے قومی ذرائع ابلاغ عامہ اور سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو میں کراچی میں شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے جاں بحق ہونے کی خبر پر کے الیکٹرک کے سی ای او سے تین دن میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل ہیڈ آف کنزیومر افیئر ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد نوید الہٰی شیخ کے دستخط سے ایک مکتوب جاری ہوا، جس میں ہدایت کی گئی تھی کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے بیان پر کراچی میں لوڈ شیڈنگ سے ہونے والی اموات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔

    اب کراچی میں حالیہ گرمی کی لہر کے دوران اموات کی شرح میں اضافے پر نیپرا نے تحقیقات کا اغاز کر دیا ہے، جس میں یہ پہلو تلاش کیا جا رہا ہے کہ گزشتہ دنوں کتنے افراد شدید گرمی، حبس یا بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث انتقال کر گئے؟

    یہ تحقیقات ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ کے اس بیان کی روشنی میں کی جا رہی ہے، جس میں انھوں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ کراچی میں گرمی کے دوران انتقال کر جانے والوں کے ورثا کے مطابق اموات بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور گرمی و حبس کی وجہ سے ہوئی ہیں۔

    اس تحقیقات میں یہ عنصر تلاش کیا جا رہا ہے کہ حالیہ ہونے والی اموات میں کے الیکڑک کی غفلت ہے یا نہیں، نیپرا اس تحقیقات کی روشنی میں آئندہ کا لاعمل بھی طے کرے گا۔ دوسری طرف کے الیکٹرک کے حکام اس بات کی تردید کر چکے ہیں کہ کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔

    نیپرا کی جانب سے لکھے جانے والے مکتوب کے بعد جمعرات اور جمعہ سے متعلقہ حکام نے سندھ گورنمنٹ کے مختلف اسپتالوں میں سروے شروع کر دیا ہے۔ ہر اسپتال جا کر اسپتال انتظامیہ سے اموات کا ریکارڈ بھی طلب کیا جا رہا ہے۔

    متعلقہ حکام کا مکتوب لے کر جب مختلف اسپتالوں سے تفصیل مانگی گئی تو بیش تر اسپتالوں کی انتظامیہ نے یہ کہہ کر منع کر دیا کہ لیٹر میں ہمارے اسپتال کا نام نہیں لہٰذا پہلے ہمارے اسپتال کے نام سے لیٹر بھیجیں، پھر گرمی سے نڈھال ہو کر اسپتال آنے والوں کا ڈیٹا فراہم کیا جائے گا۔

    متعلقہ حکام سرکاری اسپتالوں میں پہنچ کر یہ معلومات جمع کر رہے ہیں کہ حالیہ گرمی کی شدت سے اسپتالوں میں اموات ہوئیں؟ اگر ہوئیں تو اس کا ثبوت دیا جائے۔

    دریں اثنا سرکاری اسپتالوں کے بیش تر ڈاکٹروں اور انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ گرمی یا ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے مرنے والوں کی وجہ موت کا تعین صرف پوسٹ مارٹم سے ہی کیا جا سکتا ہے۔ جب کہ گرمی میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا نے اپنے پیاروں کا پوسٹ مارٹم نہیں کرایا۔ اس پر اسپتالوں کے ڈاکٹروں نے کہا کہ ہمارے اسپتالوں میں مرے ہوئے افراد لائے گئے تھے، ہم اس پر یہی کہہ سکتے ہیں کہ مردہ حالت میں اسپتال میں اتنے افراد لائے گئے۔

    اسپتال لائے جانے والے براٹ ڈیڈ (brought dead) شہریوں کو اسپتال کی جانب سے جو سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے ان پر کارڈیک فیلیئر یا براٹ ڈیڈ درج کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے پولیس سرجن کراچی ڈاکٹر سمیعہ طارق کا کہنا تھا کہ وجہ موت کا تعین کرنے کے لیے پوسٹ مارٹم کرنا لازمی ہوتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ گرمی یا ہیٹ اسٹروک سے جاں بحق ہونے والوں کی تصدیق کے لیے پوسٹ مارٹم لازمی ہوتا ہے، پوسٹ مارٹم کے دوران ہی وجہ موت کی تصدیق کی جاتی ہے۔

  • کراچی میں رات کے وقت 100 فی صد بلنگ والے علاقوں میں بھی غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ

    کراچی میں رات کے وقت 100 فی صد بلنگ والے علاقوں میں بھی غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ

    کراچی: شہر قائد میں رات کے وقت 100 فی صد بلنگ والے علاقوں میں بھی غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ شروع ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رات کے وقت بجلی کی غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، 100 فی صد بلنگ والے علاقوں میں بھی بجلی کی غیر علانیہ بندش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

    کھوکھرا پار، احسن آباد، ریلوے سوسائٹی، شاہ فیصل ٹاؤن، طارق بن زیاد سوسائٹی، خواجہ اجمیر نگری، شاہ نواز بھٹو کالونی، ٹاور، سرجانی، گڈاپ، کاٹھور، تیسر ٹاؤن، منظور کالونی، سائٹ بلدیہ، میٹروول اور کورنگی کے مختلف علاقوں میں رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گرمی میں اضافے کی وجہ سے سسٹم پر لوڈ بڑھنے سے غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

    لیاری، کیماڑی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے، سرجانی، گذری، اللہ والا ٹاؤن میں 10 گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، میمن گوٹھ ملیر، نارتھ کراچی، قیوم آباد، شادمان ٹاؤن، عباس ٹاؤن، علی ٹاؤن، عبداللہ گوٹھ، پالاری گوٹھ، اے ون سٹی میں بھی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔

    کراچی کے علاقے بفر زون میں بجلی کی مسلسل بندش سے تنگ آ کر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا، مظاہرین نے اطراف کی سڑکوں کو ٹینکر لگا کر بند کر دیا، سڑک بندش سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، مظاہرین کا کہنا تھا کہ 16 سے 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

  • لوڈ شیڈنگ میٹرک کا امتحان دینے والا طلبا کے لیے عذاب بن گئی

    لوڈ شیڈنگ میٹرک کا امتحان دینے والا طلبا کے لیے عذاب بن گئی

    کے الیکٹر کی یقین دہانی کے باوجود امتحانی مراکز میں لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ طلبہ شدید گرمی میں پسینے میں شرابور پرچے دینے پر مجبور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے طلبا نے امتحانات کا پانچواں دن بھی لوڈشیڈنگ میں گزارا، شہر قائد میں میٹرک کے ہونے والے امتحانات کے دوران دوپہر کی شفٹ میں بھی لوڈشیڈنگ کی صورتحال برقرار ہے۔

    500 سے زائد امتحانی مراکز میں سے بیشتر مراکز کو لوڈ شیڈننگ کا سامنا ہے۔ میٹرک بورڈ کے چیئرمین نے ملیر کے اسکول کا دورہ کیا تو لوڈشیڈنگ جاری تھی۔

    اس دوران طلبا اور اساتذہ نے بھی لوڈ شیڈنگ کی شکایات کیں، متعدد سرکاری اسکولوں میں پینے کا صاف پانی بھی دستیاب نہیں ہے۔

  • کراچی کی صنعتوں کے لیے بُری خبر

    کراچی کی صنعتوں کے لیے بُری خبر

    کراچی: کم گیس پریشر اور لوڈ شیڈنگ سے متاثرہ صنعتوں کو مزید پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    سوئی سدرن گیس کمپنی( ایس ایس جی سی) کے مطابق سسٹم میں شدید کمی کے باعث انڈسٹری اور کیپٹو پاور کو 48 گھنٹے گیس کی فراہمی بند رہے گی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ صنعتوں کیلئے ہفتہ 23 دسمبر صبح 8 بجے سے 25 دسمبر صبح 8 بجے  تک گیس بند رہے گی، خلاف ورزی پر گیس 7 یوم تک بند کی جاسکتی ہے۔

  • کے الیکٹرک نے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا

    کے الیکٹرک نے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا

    کراچی : کے الیکٹرک نے نیشنل گرڈ کی مین لائن میں فنی خرابی کے باعث مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھادیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل گرڈ کی مین لائن میں فنی خرابی کے باعث کراچی کو بجلی کی فراہمی میں کمی کردی گئی، جس کے بعد کے الیکٹرک نے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھادیا۔

    بجلی کی لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں دورانیے میں 2 سے 3 گھنٹے کا اضافہ کردیا گیا جبکہ مستثنیٰ علاقوں میں بھی 1 سے 2 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ شروع کردی ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان کےالیکٹرک نے بتایا کہ 500کےوی جامشورواین کے آئی سرکٹ پرعارضی فالٹ ہے، عارضی فالٹ کے باعث کراچی کو بجلی فراہمی محدود ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ این ٹی ڈی سی عملہ فالٹ کی جلد درستی کیلئے سرگرم ہے، محدود سپلائی کے سبب طلب ورسد کے شارٹ فال میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

  • سمندری طوفان سے قبل کراچی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے نرغے میں آ گیا

    سمندری طوفان سے قبل کراچی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے نرغے میں آ گیا

    کراچی: سمندری طوفان بیپر جوائے سے قبل کراچی شہر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے نرغے میں آ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ شروع ہو گئی ہے، جس سے شہریوں کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

    کراچی کے علاقے رضویہ میں عثمانیہ سوسائٹی، رضویہ سوسائٹی اور اطراف میں بجلی غائب رہی، ایئر پورٹ، اسٹار گیٹ، موریہ خان گوٹھ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ شروع ہو گئی ہے۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دن میں بھی کئی کئی گھنٹے بجلی نہیں ہوتی، اور رات میں بھی بجلی بند کی جا رہی ہے، انھوں ںے کہا 2 دن سے نیا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، رات گئے بھی بجلی بند کر دی جاتی ہے۔

    سمندری طوفان: ایس ایس جی سی کا گیس بندش کے حوالے سے اہم اعلان

    گلستان جوہر بلاک 7 میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف علاقہ مکین احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے، ادھر شادمان ٹاؤن 14 بی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث شدید حبس اور گرمی سے پریشان شہری حکومت سے صورت حال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے رہے۔

  • حکومت کا سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے سحر و افطاراور تراویح کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا اور تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے رمضان المبارک میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی ہدایت کے بعد وزارت توانائی نے سحر و افطاراور تراویح کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    وزارت توانائی نے اس حوالے سے ملک کی تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

    وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ سحر وافطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، سحر ا کے اوقات سے ایک گھنٹہ قبل اور ایک گھنٹہ بعد میں زیرو لوڈمینجمنٹ ہوگی۔

    ہدایات میں کہا گیا کہ افطار کے اوقات میں ایک گھنٹہ قبل اور 3 گھنٹے بعد زیرولوڈمینجمنٹ ہوگی، بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے آپریشن سرکل کی سطح پر کنٹرول روم قائم ہوں گے۔

    اس سلسلے میں ڈویژن،سب ڈویژن کی سطح پر شکایات کے ازالے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ، ٹرانسفارمرز خرابی کی صورت میں اضافی ٹرانسفارمراور ٹرالیاں دستیاب ہوں گی۔

  • ٹرانسپیرنٹ سولر پینلز کے ذریعے لوڈ شیڈنگ سے نجات

    بجلی کے بھاری  بلوں سے آج کل ہر کوئی پریشان ہی ہے لیکن سائنسدانوں نے یہ مسئلہ حل کرلیا ہے اور ایسے ٹرانسپیرنٹ سولر پینلز تیار کیے ہیں جن کو کسی کھڑکی یا سطح پر لگا کر سورج سے توانائی حاصل کرنا ممکن ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایک امریکی کمپنی نے عام افراد کی پریشانی کا سستا حل ڈھونڈ ہی نکالا ہے۔

    امریکا کی کمپنی  Ubiquitous  انرجی نے ایسا ٹرانسپیرنٹ سولر پینل تیار کیا ہے جسے کسی بھی جگہ جیسے گھر، دفتر، اپارٹمنٹ، مال میں کھڑکی میں لگا کر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    اس ٹرانسپیرنٹ سولر پینلز کو کسی کھڑکی یا سطح پر لگا کر سورج سے توانائی حاصل کرکے مہنگی بجلی سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ کوٹنگ انفراریڈ اور الٹرا وائلٹ روشنی کو جذب کرلیتی ہے جبکہ روشنی کو شیشے کے آرپار گزرنے دیتی ہے۔

    ان شفاف سولر پینلز کی اولین آزمائش 2022 میں کی گئی تھی جبکہ اب کمپنی کا خیال ہے کہ 2024 تک یہ شفاف سولر پینلز بڑے پیمانے پر عوام کو دستیاب ہوں گے۔

  • کراچی میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی

    کراچی میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی

    کراچی: سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی کراچی لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف شہروں میں گیس کی لوڈشیڈنگ شدت اختیار کرگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی سےکوئٹہ تک گیس کی فراہمی کئی کئی گھنٹے تک غائب رہنے لگی، جس کی وجہ سے شہری دہری اذیت میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

      سردی کی آمد کے ساتھ ہی کراچی کے بیشتر علاقے جس میں بلدیہ اتحاد ٹاون، قائم خانی کالونی، اورنگی شانتی نگر، ملیر شمسی سوسائٹی، شاہ فیصل کالونی، گلستان جوہر، ملت گارڈن میں گیس غائب ہے۔

    اس کے علاوہ نارتھ کراچی، نیو کراچی، لانڈھی، کورنگی، اولڈ سٹی ایریا سمیت متعدد علاقوں میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ اور پریشر میں نمایاں کمی کی شکایات عروج پر پہنچ گئیں۔

    گھریلو صارفین کا کہنا ہے کہ وقت پر کھانا تیار نہ ہونے کے باعث ملازمت یافتہ افراد اور طلبہ و طالبات بغیر ناشتہ کئے گھروں سے جانے پر مجبور ہوگئے لوگوں کی اکثریت گھروں میں گیس سلنڈر و دیگر متبادل ذرائع استعمال کررہی ہے۔

    گھریلو صارفین نے شکوہ کیا کہ آخر کب تک باہر سے کھانا خریدینگے، گھرلیو اخراجات میں اضافہ ہوگیا ہے گیس لوڈشیڈنگ کے باعث مجبوراً سیلینڈر کا استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے۔

    دوسری جانب سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لاہور کے علاقوں میں گیس پریشر کم ہوگیا، صارفین ناشتہ ، کھانا بازار سے لانے پر مجبور ہوگئے ہیں، شہری گیس نہ ملنے پر مہنگی لکڑیاں اور ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔

    سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ کم گیس پریشر والے علاقوں میں ٹیمیں کام کر رہی ہیں، سسٹم میں گیس کم ہونے کے باعث قلت کا سامنا ہے۔

  • یورپ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ، موبائل فون نیٹ ورکس بند ہونے کا خدشہ

    یورپ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ، موبائل فون نیٹ ورکس بند ہونے کا خدشہ

    روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کا ایک اور بدترین نتیجہ سامنے آسکتا ہے، رواں برس موسم سرما میں پورے یورپ میں بجلی کی بندش اور موبائل نیٹ ورکس میں تعطل پیدا ہوسکتا ہے۔

    روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق یورپ میں اس سال ممکنہ طور پر موسم سرما کے دوران بجلی کی بندش کے باعث موبائل فون کے نیٹ ورکس میں خلل پڑ سکتا ہے۔

    یوکرین تنازع کے تناظر میں روس کی جانب سے یورپ کے اہم سپلائی روٹ کے ذریعے گیس کی سپلائی روکنے کے فیصلے سے بجلی کی بندش کے امکانات بڑھ گئے ہیں، فرانس کے متعدد نیو کلیئر پلانٹس مرمتی کام کی غرض سے بند ہونے کی وجہ سے صورت حال مزید گھمبیر ہوگئی ہے۔

    ٹیلی کام انڈسٹری کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ شدید سردی ٹیلی کامز انفراسٹرکچر کو مشکل میں ڈالے گی، کمپنیاں اور حکومتیں بجلی کی بندش کے اثرات کو کم کرنے کی کوشش کریں گے۔

    ٹیلی کام انڈسٹری کے چار ایگزیکٹوز نے کہا ہے کہ اس وقت متعدد یورپی ممالک میں بجلی کا کافی بیک اپ سسٹم موجود نہیں جس سے موبائل فون کی بندش ہو سکتی ہے۔

    فرانس، سویڈن اور جرمنی سمیت یورپی ممالک کوشش کر رہے ہیں کہ بجلی کی بندش کی وجہ سے روابط میں خلل پیدا نہ ہو۔ واضح رہے کہ بجلی کی بندش سے موبائل فون کے اینٹینا پر نصب بیک اپ بیٹری میں پاور ختم ہو سکتی ہے۔

    یورپ میں تقریباً 5 لاکھ ٹیلی کام ٹاورز ہیں اور زیادہ تر کا بیٹری بیک اپ ہے اور اس پر تقریباً 30 منٹ تک موبائل کے اینٹینا کام کرتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بتایا کہ فرانس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی اینیڈس نے بدترین صورت حال میں 2 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی تجویز پیش کی ہے۔ موبائل فون کمپنی ٹیلکوز نے سویڈن اور جرمنی کی حکومتوں سے بجلی کی ممکنہ بندش پر اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

    سویڈش ٹیلی کام آپریٹر پی ٹی ایس دیگر ٹیلی کام آپریٹرز اور حکومتی اداروں کے ساتھ بجلی کی بندش کے مسئلے کے حل کے لیے کام کر رہی ہے۔

    جرمنی میں ڈوئچے ٹیلی کام کے 33 ہزار موبائل ریڈیو ٹاور ہیں اور اس کے موبائل ایمرجنسی پاور کے نظام سے کچھ ہی ٹاورز کو بیک اپ دیا جا سکتا ہے۔

    فرینچ فیڈریشن آف ٹیلی کامز (ایف ایف ٹی) کی صدر لیزا بیللو کے مطابق فرانس میں تقریباً 62 ہزار موبائل ٹاور ہیں اور انڈسٹری میں یہ سکت نہیں کہ تمام اینٹینوں کو نئی بیٹریاں دی جائیں۔