Tag: لوڈ شیڈنگ

  • عید کے تینوں دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

    عید کے تینوں دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

    لاہور: حکومت نے عید الفطر کے تینوں دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے بجلی کی طلب اور رسد کی تفصیلات طلب کی ہیں، تینوں دن لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عید پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے احکامات وزیر اعظم شہباز شریف نے دیے، لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے تمام پاور جنریشن کمپنیوں کو مطلوبہ تیل اور گیس فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ تیل اور گیس کی قلت کے باعث متعدد پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار میں کمی آئی، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عید پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کنٹرول نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزارت توانائی نے کہا تھا کہ یکم مئی (آج) سے بجلی پیداوار میں تقریباً 2 ہزار میگا واٹ اضافہ ہوگا، اور ملک کے زیادہ تر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ 50 فی صد کم ہو جائے گی، بتایا گیا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بتدریج کمی ہوگی، وزیر اعظم نے اپنے وعدے کی تکمیل شروع کر دی ہے۔

    وفاقی وزیر پانی و بجلی خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ جب وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی تو بجلی کی طلب کا تخمینہ 20 ہزار میگا واٹ لگایا گیا تھا، لیکن ہیٹ ویو کی وجہ سے بجلی طلب کا تخمینہ اب 23 ہزار میگا واٹ لگایا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا تھا کہ یکم مئی بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہوگی، بہتری آنا شروع ہوگی، وزارت پٹرولیم سے 45 ہزار ٹن ایندھن فرنس آئل، آر ایل این جی مانگا ہے، مئی کے مہینے میں ایندھن وافر مقدار میں ہمارے پاس موجود ہوگا۔

  • بلوں کی عدم ادائیگی پر بجلی کی بندش کو لوڈ شیڈنگ نہ کہا جائے: کے الیکٹرک

    بلوں کی عدم ادائیگی پر بجلی کی بندش کو لوڈ شیڈنگ نہ کہا جائے: کے الیکٹرک

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کو بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بلوں کی عدم ادائیگی يا تکنیکی وجوہات کی بنا پر بجلی کی بندش کو لوڈ شیڈنگ سے تشبیہ نہ دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ فیول کی قلت کے باعث پیداواری صلاحیت میں کمی آئی ہے، صورتحال سنبھالنے کے لیے چند علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کرنا پڑ رہا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ صنعتی سرگرمی میں کمی کے باعث رہائشی اور کمرشل علاقوں میں کچھ بہتری کا امکان ہے۔

    ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ بلوں کی عدم ادائیگی يا تکنیکی وجوہات کی بنا پر بجلی کی بندش کو لوڈ شیڈنگ سے تشبیہ نہ دی جائے، عید کے دوران بھی کاروباری سرگرمیاں کم ہونے سے سپلائی میں بہتری آنے کا امکان ہے۔

    خیال رہے کہ ماہ صیام کے آغاز سے ہی کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے، شہر بھر میں 12 گھنٹے سے زائد وقت کے لیے بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے۔

  • وزیر اعظم نے مئی تک لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کا حکم دے دیا

    وزیر اعظم نے مئی تک لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کا حکم دے دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے مئی تک لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کا حکم دے دیا۔

    وزیر اعظم نے لوڈ شیڈنگ میں کمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی سخت ہدایت جاری کر دی ہے۔

    انھوں نے کہا عوام کو جب تک اس عذاب سے نجات نہیں ملتی میں چین سے نہیں بیٹھوں گا، اس عذاب سے نجات تک نہ خود چین سے بیٹھوں گا نہ کسی کو بیٹھنے دوں گا۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سابق حکومت کی پیدا کردہ تکلیف سے شہریوں کو بچانے کی کوشش کریں، تیل وگیس کا بندوبست ہونے تک عبوری اقدامات کو بہتر بنایا جائے، نواز شریف نے ملک میں اضافی بجلی کی وافر مقدار فراہم کی تھی، عمران حکومت نے ایک نیا یونٹ شامل نہیں کیا۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا بروقت ایندھن خریدا گیا نہ کارخانوں کی مرمت کی گئی، عمران نے ہمارے سستی اور تیز بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ بند کیے، اور مہنگی اور کم بجلی بنانے والے کارخانے استعمال کیے گئے، اس ظلم کی قیمت قوم کو ہر ماہ 100 ارب کی شکل میں ادا کرنا پڑ رہی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا 6 ارب میں ایل این جی کا ایک جہاز مل رہا تھا، اب ایل این جی جہاز قوم کو 20 ارب میں پڑ رہا ہے، عمران کا یہ ظلم قوم کو اس سال 500 ارب سے زائد میں پڑے گا، توانائی شعبے کو تباہ کر کے معیشت دیوالیہ کرنے کی سازش کی گئی۔

  • نیپرا  کا ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ کا سخت نوٹس

    نیپرا کا ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ کا سخت نوٹس

    اسلام آباد : نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا ) نے ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پاور پلانٹس کے سربراہان کو کل طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا ) نے ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ کا سخت نوٹس لےلیا۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ پاور پلانٹس کی بندش کی وجہ سے ہے، اتھارٹی نے بند پاور پلانٹس کے سربراہان کو کل ہیڈکواٹرز میں طلب کر لیا ہے۔

    نیپرا نے کہا ہے کہ پاورپلانٹس کی بندش پر سربراہان سے وضاحت طلب کی جائے گی۔

    اتھارٹی نے این پی سی سی اورسی پی پی اے جی کو بھی کل طلب کر لیا جبکہ صارفین کی شکایات پرڈسکوز بشمول کے الیکٹرک کو بھی 19 اپریل کو طلب کیا ہے۔

    خیال رہے ملک کے مختلف شہروں میں بدترین بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ، جس کے باعث عوام پریشان ہیں۔

  • کراچی میں ایک بار پھر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع

    کراچی میں ایک بار پھر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک بار پھر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع کردی گئی جس سے شہری اذیت کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے، بلدیہ اتحاد ٹاؤن، قائم خانی کالونی، گلشن غازی، اے بی سینیا لائن، جٹ لائن، لائنز ایریا، ملیر، درخشاں، وائر لیس گیٹ، شاہ فیصل کالونی، گرین ٹاؤن میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔

    یاد رہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے گزشتہ روز ہی بجلی کی قیمتوں میں 1روپے 95 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا ہے۔

    نیپرا کے مطابق منظوری کا اطلاق صرف اکتوبر کے مہینے کے بلوں پر ہوگا، اس سے چند روز قبل بھی نیپرا نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 65 پیسے مہنگی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔

    نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد بجلی کی فی یونٹ قیمت 16.44 سے بڑھ کر 18.09 روپے فی یونٹ ہوگئی جس کی وجہ سے بجلی صارفین پر 90 ارب روپے کا بوجھ پؑ رہا ہے۔

  • پاکستان کے وہ علاقے جنھیں بجلی براہ راست دوسرے ملک سے ملتی ہے

    پاکستان کے وہ علاقے جنھیں بجلی براہ راست دوسرے ملک سے ملتی ہے

    اسلام آباد: آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ پاکستان کے چند علاقے ایسے بھی ہیں جن کا بجلی کا نظام قومی گرڈ سے نہیں بلکہ دوسرے ملک سے منسلک ہے۔

    ان علاقوں کا تعلق پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے ہے، اور ان میں گوادر، تربت اور مکران شامل ہیں، جہاں ان دنوں بد ترین لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، اور مقامی لوگ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

    اس سلسلے میں آج وفاقی وزیر حماد اظہر نے ایک ٹوئٹ میں کیا ہے کہ گوادر، تربت اور مکران لوڈ شیڈنگ کا شکار ہیں، انھوں نے وجہ بھی بتا دی، کہا کہ ایران میں بجلی کی قلت کی وجہ سے ان علاقوں میں لوڈ شیڈنگ ہے۔

    حماد اظہر نے ٹوئٹ میں لکھا کہ یہ علاقے قومی گرڈ سے منسلک نہیں ہیں، اور یہ ایرانی بجلی پر انحصار کرتے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایرانی حکام سے رابطہ کر کے ان کے روبرو یہ معاملہ اٹھایا ہے، اور ان سے بجلی کی فراہمی بحال کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

    حماد اظہر نے بتایا کہ ان علاقوں کو اب قومی گرڈ سے جوڑنے کا کام بھی جاری ہے، اور اس سلسلے میں سیکڑوں کلو میٹر طویل تاریں بچھائی جانی ہیں، تاہم یہ منصوبہ 2 برس میں مکمل ہوگا۔

    ادھر وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ وزیر توانائی حماد اظہر نے ایرانی سفیر کو ٹیلی فون کر کے ایران میں بجلی شارٹ فال کے باعث بلوچستان کے کچھ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر بات چیت کی ہے، ایرانی سفیر نے وزیر توانائی کو بجلی کی جلد بحالی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • کوشش کر رہے ہیں کہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنی پڑے: حماد اظہر

    کوشش کر رہے ہیں کہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنی پڑے: حماد اظہر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ کوشش کر رہے ہیں کہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنی پڑے، چند گیس فیلڈز کی مرمت 3 سے 4 ہفتے میں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی جو 2 ڈھائی سال میں کامیابیاں ہوئیں وہ تحریک انصاف دور میں ہوئیں، ایف اے ٹی ایف پر اپوزیشن کا بیانیہ افسوسناک ہے۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ آج کل اپوزیشن بیروزگار ہے، اپوزیشن کو کوئی بیانیہ نہیں مل رہا ہے تو وہ بیانیہ بنانا چاہتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تربیلا ڈیم سے 50 فیصد پانی مل رہا ہے، 2 ایل این جی ٹرمنل کے معاہدے ن لیگ کے دور میں ہوئے۔ کوشش کر رہے ہیں کہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنی پڑے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فرنس آئل کی مقدار اس وقت کم ترین سطح پر ہے، چند گیس فیلڈز کی مرمت 3 سے 4 ہفتے میں کی جائے گی، آر ایل این جی کے سودے میں 500 ارب روپے بچائے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک سیکٹر میں کہیں لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی، گرمیوں میں فرنس آئل کے پلانٹس چلتے ہیں، اگر یہ فرنس آئل پلانٹس نہ بھی چلیں تب بھی بل دینا ہوتا ہے۔ ماضی میں 35 سے 40 لاکھ ٹن فرنس آئل استعمال ہوتا تھا۔

  • قیامت خیز گرمی: کے الیکٹرک کی نااہلی نے کراچی والوں کو دوزخ کی جھلک دکھلا دی

    قیامت خیز گرمی: کے الیکٹرک کی نااہلی نے کراچی والوں کو دوزخ کی جھلک دکھلا دی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بدترین ہیٹ ویو جاری ہے، ایسے میں بجلی کی ترسیل کے ادارے کے الیکٹرک کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی، شہر کے کئی علاقوں میں کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں قیامت خیز گرمی نے ایک بار پھر بجلی کی ترسیل کے ادارے کے الیکٹرک کی نااہلی کا پول کھول دیا۔ گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی بجلی کی بندش میں بھی اضافہ ہوگیا۔

    لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی دن میں 3 بار ایک ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، پہلے سے لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں 3 بار ڈھائی سے 3 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

    کے الیکٹرک کا شکایتی مرکز اور آپریشن کا عملہ شکایات دور کرنے میں ناکام ہے، ملیر ماڈل کالونی، معین آباد، نیو کراچی اور نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں رات 1 بجے سے بجلی بند ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے دوران فنی خرابی کے نام پر بجلی بند کی جا رہی ہے۔

    دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں 3 ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی کی رسد جاری ہے جو 19 سو فیڈرز کے ذریعے کی جارہی ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ کچھ علاقوں میں کنڈوں کے استعمال سے فالٹ سامنے آرہے ہیں۔ ڈی ایچ اے اور کلفٹن کے چند مقامات سے تکنیکی شکایات ہیں جن پر کے الیکٹرک کا عملہ کر رہا ہے۔

    نیپرا کا نوٹس

    نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بھی میڈیا پر چلنے والی سندھ میں بدترین لوڈ شیڈنگ کی خبروں کا نوٹس لے لیا۔ نیپرا نے کراچی، سکھر اور حیدر آباد میں نیپرا دفاتر کو فیلڈ پر جا کر کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

    نیپرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام دفاتر کو آج شام تک لوڈ شیڈنگ پررپورٹس جمع کروانے کی ہدایت کردی گئی ہے، اتھارٹی ان دفاتر کی رپورٹس کی روشنی میں مزید ایکشن لے گی۔

  • سحر و افطار اور تراویح میں بلا تعطل بجلی فراہمی کا اعلان

    سحر و افطار اور تراویح میں بلا تعطل بجلی فراہمی کا اعلان

    اسلام آباد: پاور ڈویژن نے ملک بھر میں سحر و افطار اور تراویح میں بلا تعطل بجلی فراہمی کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ سحر و افطار اور تراویح میں ملک میں بلا تعطل بجلی مہیا کی جائے گی، ان اوقات میں تمام فیڈرز پر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

    ترجمان نے بتایا کہ تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو اس سلسلے میں ضروری ہدایات دے دی گئی ہیں، کسی بھی عارضی تعطل کو دور کرنے کے لیے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئیں۔

    پاور ڈویژن کے مطابق تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے کنٹرول رومز بھی فعال کر دیے گئے ہیں، کنٹرول رومز میں 24 گھنٹے اسٹاف کی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ سب ڈویژن لیول پر اضافی ٹرانسفارمرز اور دیگر ضروری آلات بھی فراہم کر دیے گئے ہیں۔

  • کراچی میں بجلی کے ساتھ گیس کی بھی لوڈ شیڈنگ شروع

    کراچی میں بجلی کے ساتھ گیس کی بھی لوڈ شیڈنگ شروع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے ساتھ گیس کی لوڈ شیڈنگ بھی معمول بن گئی، شہری سخت پریشانی کا شکار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق موسم گرما شروع ہوتے ہی شہر قائد کے باسی بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے دوہرے عذاب کا شکار ہوگئے، ایس ایس جی سی کی جانب سے شہر میں 6 سے 8 گھنٹے کی گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جار ہی ہے۔

    رہائشی علاقوں میں بجلی اور گیس کی عدم فراہمی سے مععمولات زندگی سخت متاثر ہورہے ہیں، گیس کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے روٹی اور سالن کے لیے ہوٹلوں میں لمبی قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔

    شہر میں بجلی کی صورتحال بھی خراب ہے، موسم گرما کے مکمل رنگ جمانے سے قبل ہی شہر میں بجلی کی 6 سے 7 گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

    کراچی کے علاقوں ایف بی ایریا، پاپوش نگر، لانڈھی، سائٹ، کورنگی، بلال کالونی، اورنگی ٹاؤن، شیر شاہ، لیاقت آباد، گڈاپ، کاٹھور، احسن آباد، گلشن معمار، نیو کراچی، گلزار ہجری اور دیگر علاقوں میں2 سے ڈھائی گھنٹے کی 3 بار لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اکثر علاقوں میں مرمت کے نام پر 10 سے 12 گھنٹے کی بجلی بند کرنا معمول بن گیا ہے۔ موسم گرما میں بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کے دعوے پر موسم سرما میں مرمت کے نام پر 10 سے 12 گھنٹے بجلی بند کی گئی۔

    صارفین کا کہنا ہے کہ شکایت کرنے پر کے الیکٹرک کا عملہ مقامی فالٹ بتاتا ہے۔