Tag: لوڈ شیڈنگ

  • کراچی: غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری، شہری گرمی اور پانی کی قلت سے بے حال

    کراچی: غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری، شہری گرمی اور پانی کی قلت سے بے حال

    کراچی: شہرِ قائد میں کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا بد ترین سلسلہ آج بھی جاری رہا، شہری شدید گرمی اور پانی کی قلت سے بے حال رہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مختلف علاقوں میں کئی کئی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، لوڈ شیڈنگ کا یہ سلسلہ گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی شروع ہوا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کے مطابق لیاری، میراں ناکہ، چاکیواڑہ، بہار کالونی میں 6 گھنٹے سے بجلی غائب ہے۔

    اورنگی ٹاؤن، قصبہ کالونی، پہاڑ گنج میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، نارتھ ناظم آباد، حسرت موہانی سوسائٹی، گلستان جوہر میں بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

    گلشن اقبال، عائشہ منزل، صفورہ گوٹھ میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی نے علاقہ مکینوں کو بے حال کر دیا ہے، کاٹھور، احسن آباد، گڈاپ، اسکیم 33 اور ابوالحسن اصفحانی روڈ پر بھی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کے الیکٹرک کا کم گیس پریشر کا دعویٰ غلط ہے: وزیر توانائی

    ادھر شہر میں مسلسل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث واٹر بورڈ تنصیبات بھی متاثر ہوئی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کے الیکٹرک کے ترجمان نے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر جاری بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ایس ایس جی سی کی جانب سے گیس پریشر میں کمی سے کچھ پلانٹس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے کچھ جگہوں پر جزوی طور پر لوڈ مینجمنٹ ہو رہی ہے۔

    تاہم ایس ایس جی سی اور وفاقی وزیر توانائی نے کے الیکٹرک کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ کے ای کو طلب سے زیادہ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔

    دریں اثنا، وزیر بلدیات سعید غنی اور ایم ڈی واٹر بورڈ انجینئر اسد اللہ خان نے شدید گرم موسم میں شہر بھر میں ٹھنڈے پانی کے کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں، ان کیمپوں پر شہریوں کو ٹھنڈا پانی اور شربت پلایا جا رہا ہے۔

    یہ کیمپ نارتھ ناظم آباد، لانڈھی، نیپا، صفورا، منگھوپیر، بنارس سمیت 16 مقامات پر لگائے گئے ہیں، ایم ڈی واٹر بورڈ نے ہائیڈرنٹس اور ٹینکرز سیل کو مزید کیمپ قائم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

  • کے الیکٹرک کا کم گیس پریشر کا دعویٰ غلط ہے: وزیر توانائی

    کے الیکٹرک کا کم گیس پریشر کا دعویٰ غلط ہے: وزیر توانائی

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ ایس ایس جی سی کے الیکٹرک کو ضرورت سے زائد گیس فراہم کر رہی ہے، کے الیکٹرک کا کم گیس پریشر کا دعویٰ غلط ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں شدید گرمی کے دوران غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کرنے پر کے ای نے گیس کے کم پریشر کا بہانہ بنایا تھا، جس پر ایس ایس جی سی نے تردیدی بیان جاری کر دیا تھا۔

    آج وفاقی وزیر توانائی نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کے الیکٹرک کو ضرورت سے زیادہ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔

    عمر ایوب نے کہا کہ کے الیکٹرک کو ایس ایس جی سی کی جانب سے 210 مکعب فٹ گیس فراہم کی جا رہی ہے، کے الیکٹرک کا کم گیس پریشر کا دعویٰ غلط ور ریکارڈ کے منافی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: شدید گرمی میں 8 سے 15 گھنٹے لوڈ شیڈنگ، کے الیکٹرک کی بے رحمی، شہریوں کا احتجاج

    وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کے لیے اضافی 150 میگا واٹ بجلی کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے، لیکن کے الیکٹر ک میں مطلوبہ نظام نہ ہونے سے اضافی بجلی کی ترسیل ممکن نہیں، کے الیکٹرک ایک نجی کمپنی ہے جسے ترسیلی نظام اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کے الیکٹرک کے ترجمان نے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر جاری بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ایس ایس جی سی کی جانب سے گیس پریشر میں کمی سے کچھ پلانٹس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے کچھ جگہوں پر جزوی طور پر لوڈ مینجمنٹ ہو رہی ہے۔

    جس پر ایس ایس جی سی ترجمان نے کہا کہ کے الیکٹرک کی 190 ایم ایم سی ایف ڈی ڈیمانڈ ہے، جب کہ انھیں طلب سے زیادہ گیس دی جا رہی ہے۔

  • کراچی: شدید گرمی میں 8 سے 15 گھنٹے لوڈ شیڈنگ، کے الیکٹرک کی بے رحمی، شہریوں کا احتجاج

    کراچی: شدید گرمی میں 8 سے 15 گھنٹے لوڈ شیڈنگ، کے الیکٹرک کی بے رحمی، شہریوں کا احتجاج

    کراچی: کے الیکٹرک نے گیس پریشر میں کمی کی آڑ میں شدید گرمی میں بد ترین لوڈ شیڈنگ شروع کر دی، ایس ایس جی سی نے کے الیکٹرک کا دعویٰ مسترد کر دیا، دوسری طرف پریشان شہریوں نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کے الیکٹرک نے شہر بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بڑھا دی ہے، کئی علاقوں میں 8 سے 15 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی کہیں دن میں ایک، ایک گھنٹہ اور کہیں تین گھنٹے بجلی کی بندش جاری ہے۔

    کے الیکٹرک اور ایس ایس جی سی گیس پریشر کا تنازع ایک بار پھر کھڑا ہو گیا، تاہم شہریوں کی پریشانی بے رحمی سے نظر انداز کی جا رہی ہے، ایس ایس جی سی نے کے الیکٹرک کا دعویٰ مسترد کر دیا، اور فل پریشر پر گیس فراہمی کا شیڈول بھی جاری کر دیا۔

    ادھر سخت گرمی میں لوڈ شیڈنگ کے ستائے شہریوں کا پارہ چڑھ گیا ہے، لانڈھی کے مکینوں نے دوسرے دن بھی لوڈ شیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کیا، مکینوں نے کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی، مشتعل افراد نے پارکنگ میں کھڑی کئی موٹر سائیکلوں کو جزوی نقصان پہنچایا، تاہم پولیس نے پہنچ کر صورت حال کنٹرول کر کے مشتعل مظاہرین کو منشتر کر دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کے الیکٹرک کو طلب سے زیادہ گیس فراہم کر رہے ہیں: ایس ایس جی سی

    دوسری طرف کے الیکٹرک کی جانب سے ملیر، کلفٹن، ڈیفنس، شاہ فیصل اور مضافاتی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ ساڑھے 3 گھنٹے کر دیا ہے، سائٹ، میٹروول، سرجانی، نارتھ کراچی، گلستان جوہر، کریم آباد، گلبرگ، پی ای سی ایچ ایس، بفر زون، شادمان ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، لیاقت آباد، صدر اور ملحقہ علاقے بھی بد ترین لوڈ شیڈنگ کی لپیٹ میں لائے جا چکے ہیں۔

    لوڈ شیڈنگ کی خبریں آتے ہی کے الیکٹرک نے بے بنیاد دعوے شروع کر دیے، تاہم کے الیکٹرک پلانٹس کی ڈیمانڈ سپلائی بتانے میں نا کام ہو گئی ہے۔

    ادھر وایو طوفان کے اثرات بڑھ گئے ہیں، شہر قائد میں آج بھی گرمی کا راج رہا، طوفان کے باعث سمندری ہوائیں جنوب مشرق کی جانب بڑھ گئیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کی وجہ نمی کا تناسب بڑھنا اور سمندری ہوائیں بند ہونا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے کہا کہ کراچی کا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا لیکن 50 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کیا گیا، 3 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، نمی کا تناسب 39 فی صد ہے، 15جون تک شہر قائد میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

  • کے الیکٹرک کو طلب سے زیادہ گیس فراہم کر رہے ہیں: ایس ایس جی سی

    کے الیکٹرک کو طلب سے زیادہ گیس فراہم کر رہے ہیں: ایس ایس جی سی

    کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے کے الیکٹرک کے دعوے مسترد کر دیے، کمپنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کو ڈیمانڈ سے زیادہ گیس فراہم کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہرِ قائد میں کے الیکٹرک اور ایس ایس جی سی ایک بار پھر روبرو آ گئے ہیں، گیس کمپنی نے کے الیکٹرک کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ ان کی طرف سے گیس پریشر میں کمی کی گئی ہے۔

    کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا تھا کہ گیس پریشر میں کمی سے ان کے کچھ پلانٹس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے، تاہم ایس ایس جی سی ترجمان کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی 190 ایم ایم سی ایف ڈی ڈیمانڈ ہے، جب کہ انھیں طلب سے زیادہ گیس دی جا رہی ہے۔

    ترجمان ایس ایس جی سی نے کہا کہ موسم گرما کے پیشِ نظر کے الیکٹرک کو 194 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جا رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  گیس پریشر میں کمی سے کچھ پلانٹس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے: کے الیکٹرک

    خیال رہے کہ آج کے الیکٹرک کے ترجمان نے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر جاری بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ایس ایس جی سی کی جانب سے گیس پریشر میں کمی سے کچھ پلانٹس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے کچھ جگہوں پر جزوی طور پر لوڈ مینجمنٹ ہو رہی ہے۔

    ترجمان نے کہا تھا کہ شہر میں گرمی کی بڑھنے کی وجہ سے بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے، جسے پورا کرنے کے لیے کے الیکٹرک کوشاں ہے۔

  • گیس پریشر میں کمی سے کچھ پلانٹس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے: کے الیکٹرک

    گیس پریشر میں کمی سے کچھ پلانٹس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے: کے الیکٹرک

    کراچی: شہر قائد کو بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر میں گرمی کی بڑھنے کی وجہ سے بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے، جسے پورا کرنے کے لیے کے الیکٹرک کوشاں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ کراچی میں گرمی کی وجہ سے ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا، کے الیکٹرک ڈیمانڈ پوری کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ گیس پریشر میں کمی سے کچھ پلانٹس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے کچھ جگہوں پر جزوی طور پر لوڈ مینجمنٹ ہو رہی ہے۔

    ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ عملہ مقامی فالٹ کی درستگی کے لیے فیلڈ میں موجود ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سمندری طوفان ’وایو‘ کے اثرات، کراچی میں پارہ 41 ڈگری تک پہنچ گیا

    واضح رہے کہ بحیرۂ عرب میں سمندری طوفان ’وایو‘ کے باعث کراچی میں شدید گرمی پڑنے لگی ہے، درجہ حرات 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، حبس سے شہریوں کا برا حال ہے، دوسری طرف محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت تین روز تک برقرار رہے گی۔

    اس صورت حال میں کراچی کے مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کی جانب سے کئی کئی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، جس سے شہریوں کی اذیت میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے

    پمپنگ اسٹیشن بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متاثر ہیں جس کی وجہ سے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔

    کراچی کے علاقوں نارتھ ناظم آباد، حسرت موہانی سوسائٹی، حسین ڈی سلواٹائون میں لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا جبکہ ناظم آباد، پہاڑگنج پاپوش نگر اور اطراف کے علاقوں میں بھی بجلی غائب ہے۔

  • کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے

    کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے

    کراچی: شہرقائد میں کئی کئی گھنٹوں تک غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی، جبکہ لوڈ شیڈنگ سے متاثرین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے متعدد علاقوں میں طویل لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کو گھروں سے نکلنے پر مجبور کردیا، پمپنگ اسٹیشن بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متاثر لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔

    کراچی کے علاقوں نارتھ ناظم آباد، حسرت موہانی سوسائٹی، حسین ڈی سلواٹائون میں لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا جبکہ ناظم آباد، پہاڑگنج پاپوش نگر اور اطراف کے علاقوں میں بھی بجلی غائب ہے۔

    کئی کئی گھنٹے بجلی بند ہونے سے گھروں میں پانی کی قلت سے شہری پریشان ہو گئے، مختلف علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ سے پمپنگ اسٹیشن بھی متاثر ہوئے۔

    وایو طوفان : کل کراچی میں ہیٹ ویو، آندھی کے ساتھ ہلکی بارش کا بھی امکان

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویوالرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ شدید گرمی میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کل موسم شدید گرم رہے گا جبکہ آندھی اور ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ روز شہر قائد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40ڈگری ریکاڈ کیا گیا، شام کے وقت شہر کا درجہ حرارت33ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

  • شہرقائد میں عید پربھی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ

    شہرقائد میں عید پربھی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ

    کراچی: شہرقائد کے شہری عید کے ایام بھی لوڈ شیڈ نگ سے نہ بچ سکے، شہر کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے خصوصی احکامات کے بعد بھی کے الیکٹرک نے اپنی روش برقرار رکھی اور عید کے پہلے روز کی طرح دوسرے روز بھی شہر کے کئی علاقے بجلی سے محروم ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، شادمان ٹاؤن نمبردو، ملیر ماڈل کالونی، معین آباد اور ٹی این ٹی کالونی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے، طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت کا بھی سامنا ہےجس سے شہری شدید پریشان ہیں۔

      گلزارہجری میں صبح سےبجلی کی فراہمی بند ہے جبکہ طارق بن زیاد سوسائٹی اورملیرہالٹ میں بھی صبح سےبجلی غائب ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ پانی اور بجلی ویسے تو انسان کی بنیادی ضروریات ہیں لیکن عید اور تہوار کے موقع پر ان دونوں کی موجودگی لازمی ہوتی ہے ، بصورت دیگر مہمان نوازی جو کہ ہماری روایات کا حصہ ہے ، اس میں خلل پڑتا ہے اور بے سبب مہمانوں کے سامنے شرمندگی جھیلنا پڑتی ہے۔

    دوسری جانب کے الیکٹرک انتظامیہ نے لوڈ شیڈنگ پر روایتی موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی ، فالٹ ہے جسے درست کیا جارہا ہے۔

    یا درہے کہ وزیر اعظم نے بجلی کے تقسیم کا راداروں کو ہدایت کی تھی کہ ماہ رمضان اور عید الفطر پر ملک میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے ، عید پر انہوں نے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اور سیکرٹری توانائی عرفان علی کو مبارک باد بھی دی تھی کہ ماہ رمضان میں لوڈ شیڈنگ نہ کرکے ان کی حکومت میں پاکستان کا پہلا لوڈ شیڈنگ فری رمضان گزارا گیا ہے۔

    تاہم شہر قائد کے کئی علاقوں کے رہائشی ماہ رمضان میں بھی لوڈ شیڈنگ کی شکایت کرتے نظر آئے اور عید پر بھی ان کی مشکلات ختم نہ ہوسکیں، کے الیکٹر ک کے ہاتھوں اعلانیہ اور غیر اعلانہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ نئے پاکستان میں بھی مسلسل جاری ہے۔

  • کراچی میں کچرے سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ

    کراچی میں کچرے سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ

    کراچی: وزیرِ توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے محکمے کے افسران کو کراچی میں کچرے سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کو جلد از جلد قابل عمل بنانے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس میں کہا کہ کراچی میں کچرے سے پچاس میگا واٹ بجلی کے منصوبے کی فیزیبلٹی کو جلد از جلد مکمل کر کے پروجیکٹ پر کام شروع کیا جائے۔

    وزیر توانائی نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے اس منصوبے کی کام یابی کے بعد نئے سرمایہ کار آگے آئیں گے اور کچرے سے بجلی بنانے کے منصوبوں میں سرمایہ لگائیں گے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ منصوبے سے سے نہ صرف بجلی حاصل ہوگی بلکہ کراچی میں کچرے کو ٹھکانے لگا کر شہر کو صاف ستھرا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

    دریں اثنا، اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی میں پیدا ہونے والے کچرے سے 300 سے 400 میگا واٹ بجلی بنائی جا سکتی ہے، فی الحال 50 میگا واٹ بجلی بنانے کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے اس منصوبے کی ٹیکنو اکنامک فیزیبیلٹی تکمیل کے مراحل میں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان میں اب کچرے سے بھی بجلی بنے گی

    پروجیکٹ کی منظوری اور کام یابی کے بعد نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور کچرے سے 400 میگا واٹ بجلی بنانے کے منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یا نجی شعبے کے تحت شروع ہو سکیں گے۔

    اجلاس میں لانڈھی بھینس کالونی میں گوبر سے بائیو گیس بنانے کے منصوبے پر کام کی ہدایات بھی دی گئیں تا کہ سمندر کو آلودہ کرنے کا باعث بننے والا گوبر ضایع نہ ہو اور اس سے بھی سستی گیس حاصل کی جا سکے۔

    وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے محکمہ توانائی کے افسران کو ہدایات دیں کہ بھینس کالونی میں گوبر سے گیس بنانے کے منصوبے کو بھی جلد تیار کیا جائے۔

  • کراچی: متعدد علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ، شہری پریشان

    کراچی: متعدد علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ، شہری پریشان

    کراچی: شہر قائد میں گیس کی لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی، کئی علاقوں‌ میں گیس کا پریشر کم ہونے کی وجہ سے شہریوں‌ کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا.

    تفصیلات کے مطابق موسم سرما شروع ہوتے ہی کراچی کےمتعدد علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی. چند علاقوں‌ میں گیس کا پریشر گر گیا، جب کہ کہیں کہیں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی.

    اطلاعات کے مطابق گلشن اقبال کے تمام بلاکس، گلستان جوہر اور اسکیم 33 میں گیس کی فراہمی بند ہے.

    گلشن معمار، احسن آباد، اوٹاوا، نیوکراچی، نارتھ کراچی، ناظم اباد کے مختلف علاقوں میں بھی گیس کی فراہمی میں‌ تعطل کی شکایات موصول ہوئیں.

    شہر کے دیگرعلاقوں سے بھی گیس پریشرمیں کمی کی اطلاعات ہیں، جس کی وجہ عوام کو مشکلات درپیش ہیں.


    مزید پڑھیں: ہفتے کو بھی کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بند


    اس ضمن میں‌ ترجمان ایس ایس جی سی کا موقف بھی سامنا آیا ہے، جس کے مطابق ایس ایس جی سی سسٹم میں پریشرکی کمی ہوئی ہے، جس کے باعث کچھ علاقو ں میں مختصرمدت تک گيس کاپریشرکم رہے گا.

    ترجمان ایس ایس جی سی نے گیس کی جلد بحالی کی یقین دہانی کروائی ہے.

    واضح رہے کہ کراچی میں سی این جی کی فراہمی کا شیڈول بھی تبدیل ہوا ہے، جس کی وجہ سے ہفتے کے روز اسٹیشن بند رکھے جائیں‌ گے.

  • کراچی: ٹیکنکل فالٹ کی وجہ سے کئی علاقوں میں 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ، کے الیکٹرک فالٹ دور کرنے سے گریزاں

    کراچی: ٹیکنکل فالٹ کی وجہ سے کئی علاقوں میں 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ، کے الیکٹرک فالٹ دور کرنے سے گریزاں

    کراچی: ٹیکنیکل فالٹ کی وجہ سے کراچی کے کئی علاقوں میں بد ترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے، کے الیکٹرک فالٹ دور کرنے سے گریزاں نظر آ رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف حصے شدید لوڈ شیڈنگ کی زد میں ہیں، ملیر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 18 گھنٹے سے بجلی بند ہے۔

    لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ مختلف علاقوں میں گزشتہ ہفتے سے جاری ہے، روزانہ 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، بجلی آنے پر بھی کم وولٹیج کے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔

    مختلف علاقوں کے مکین لوڈ شیڈنگ سے تنگ آکر احتجاج پر بھی مجبور ہوگئے ہیں، کم وولٹیج سے ہونے والے مسائل کی شکایات بھی سامنے آرہی ہیں۔

    ماڈل کالونی، کاظم آباد میں کئی گھنٹے سے بجلی غائب ہے، طویل لوڈ شیڈنگ سے علاقہ مکین مختلف پریشانیوں میں مبتلا ہیں، پانی کی بھی قلت ہے۔

    لوڈ شیڈنگ سے متاثر ہونے والے علاقوں میں شاہ فیصل کالونی، ایئرپورٹ، گلستان جوہر، بکرا پیڑی، سعود آباد، کھوکھرا پار، معین آباد، ملیر ڈاک خانہ اور بھوپال ہاؤس بھی شامل ہیں۔

    عمران خان کا نگراں حکومت سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ


    شمسی سوسائٹی، پنجاب ٹاؤن، الفلاح، رفاہ عام سوسائٹی، جامع ملیہ روڈ، پاپوش نگر، 5 ایریا 36 سی میں بھی لوڈ شیڈنگ سے مکین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

    لانڈھی زمان آباد، کورنگی نمبرڈھائی، سو کوارٹر، کورنگی نمبر5 جے ایریا، کھڈی اسٹاپ کے علاقے بھی لوڈ شیڈنگ کا شکار ہیں۔

    کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ ایئر پورٹ سب اسٹیشن میں ٹیکنیکل فالٹ کے باعث بجلی کی سپلائی بند ہے، تاہم کے ای ایئر پورٹ گرڈ اسٹیشن کا فالٹ ٹھیک کرنے کی ڈیڈلائن میں بار بار توسیع کر کے تاخیری حربوں سے کام لے رہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔