Tag: لوک سبھا الیکشن 2024

  • بشنوئی گینگ کی دھمکیوں کے باوجود سلمان خان ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گئے

    بشنوئی گینگ کی دھمکیوں کے باوجود سلمان خان ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گئے

    بشنوئی گینگ کی دھمکیوں کے باوجود سلمان خان اپنا ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گئے، انھیں چاروں طرف سے باڈی گارڈز نے گھیرا ہوا تھا۔

    بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سلمان خان حال ہی میں لوک سبھا الیکشن 2024 کے پانچوں فیز کے لیے اپنا ووٹ ڈالنے ممبئی میں واقع پولنگ اسٹیشن پہنچے۔ اس دوران دبنگ خان نے گرے رنگ کی ٹی شرٹ اور کالی پینٹ پہنی ہوئی تھی جبکہ سیا سن گلاسز بھی لگائے ہوئے تھے۔

    اداکار ممبئی میں ہونے والے انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے گاڑی سے باہر نکلے تو ان کے ہمراہ سخت سیکیورٹی تھی جبکہ پاپا رازی فوٹو گرافرز نے ان کی فوٹوز کھینچنا شروع کردیں۔

    ٹائیگر 3 اسٹار نے چند روز قبل اپنے مداحوں سے بھارتی لوک سبھا کے الیکشن میں ووٹ کا حق استعمال کرنے کی اپیل کی تھی۔

    انھوں نے اپنے ٹوئٹر پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’میں سال میں 365 دن ورزش کرتا ہوں، چاہے کچھ بھی ہو اور اب میں 20 مئی کو اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے جا رہا ہوں، چاہے کچھ بھی ہو۔‘

    انھوں نے مزید لکھا تھا کہ ’اس لیے جو کچھ کرنا ہے کرو یار، لیکن جاؤ اور ووٹ دو اور اپنی بھارت ماتا کو پریشان نہ کرو .. بھارت ماتا کی جے‘۔

    خیال رہے کہ کچھ دنوں پہلے بشنوئی کمیونٹی کے صدر دیویندر بودیا نے کہا تھا کہ سلمان خان اگر آکر ہم سے خود معافی مانگتے ہیں تو ہم انھیں معاف اور ان کی جان بخشی کر سکتے ہیں۔

    بشنوئی کمیونٹی کے صدر کا یہ بیان سلمان خان کی سابقہ دوست سومی علی کی جانب سے معافی نامہ جاری کرتے ہوئے اداکار کو معاف کرنے کی اپیل کرنے کے بعد سامنے آیا تھا۔

    اس سے قبل لارنس بشنوئی نے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی حکام کے سامنے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ وہ سُپر اسٹار کے قتل کی منصوبہ بندی کر چکا تھا۔

    گینگسٹر نے بتایا کہ سلمان خان کا نام میرے 10 اہم ٹارگیٹس کی فہرست میں تھا، ہم ممبئی میں اداکار کی رہائش گاہ کی ریکی بھی کر چکے تھے لیکن مجھے گرفتار کرلیا گیا۔

  • ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد دھرمیندر میڈیا نمائندے پر برس پڑے

    ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد دھرمیندر میڈیا نمائندے پر برس پڑے

    بالی وڈ کے عمررسیدہ اداکار دھرمیندر بھی ان فنکاروں میں سے ایک تھے جو لوک سبھا الیکشن کے لیے ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشن پہنچے تھے۔

    بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ممبئی میں لوک سبھا الیکشن 2024 کے دوران 20 مئی کو دھرمیندر نے اپنا جمہوری حق رائے دہی استعمال کیا۔ تاہم میڈیا انٹرایکشن کے دوران اداکار پاپا رازی فوٹو گرافر پر برہم ہوگئے۔

    اپنا ووٹ کاسٹ کر کے پولنگ اسٹیشن سے باہر آنے والے دھرمیندر سے فوٹو گرافر بار بار اصرار کررہا تھا کہ وہ نوجوانوں کے لیے کوئی پیغام دیں۔

    دھرمیندر کے ساتھ کچھ لوگ تھے جو انھیں ممبئی میں پولنگ بوتھ میں لے کر آئے تھے۔ ووٹ ڈالنے کے بعد انھوں نے اپنی سیاہی والی انگلی بھی کیمرے کو دکھائی اور گاڑی میں بیٹھنے سے پہلے انھوں نے میڈیا سے مختصر بات چیت کی۔

    پاپا رازی کے بار بار اصرار پر دھرمیندر نے غصے میں کہا کہ اچھے شہر بنو، دیش بھگت بنو، ماں باپ سے پیار کرو، آپ کو معلوم ہے جو مجھ سے کہلوانا چاہتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر دھرمیندر کی یہ ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔

    واضح رہے کہ دھرمیندر نے 2004 سے 2009 تک راجستھان میں بیکانیر کی نمائندگی کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی سے ممبر پارلیمنٹ (لوک سبھا) کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔