Tag: لوک سبھا انتخابات

  • بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کا آغاز، مودی نے ووٹ کاسٹ کیا

    بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کا آغاز، مودی نے ووٹ کاسٹ کیا

    نئی دہلی: بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا، وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ووٹ کاسٹ کر دیا۔

    بھارت کی دس ریاستوں سمیت وفاق کے زیر انتظام 93 سیٹوں کے لیے ووٹنگ شروع ہو گئی ہے، جس میں گجرات کی 25، بہار کی 5، مدھیہ پردیش کی 9، آسام کی 4، چھتیس گڑھ کی 7، کرناٹکا کی 14، گوا کی 2، مہاراشٹر کی 11، اترپردیش کی 10 اور بنگال کی 4 نشستیں شامل ہیں۔

    ریاست گجرات سے بھارتی جنتا پارٹی کے رہنما اور وزیر داخلہ امیت شاہ تیسرے مرحلے کے اہم امیدوار ہیں، انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ایک ہزار 331 امیدوار قسمت آزما رہے ہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق انتخابات کے دو مرحلوں میں 190 حلقوں کے لیے ووٹ ڈالے جا چکے ہیں، جس میں ٹرن آوٹ 67 فی صد رہا۔

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے تیسرے مرحلے میں اپنے آبائی علاقے احمد آباد میں امیت شاہ کے حلقے میں میں ووٹ کاسٹ کیا۔ چوتھے مرحلے کے لیے پولنگ 13 مئی کو ہوگی، جب کہ 7 مراحل میں ہونے والے انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔

  • الیکشن میں فتح ملنے کے بعد مودی کابینہ سمیت مستعفیٰ

    الیکشن میں فتح ملنے کے بعد مودی کابینہ سمیت مستعفیٰ

    نئی دہلی: بھارت کے لوک سبھا (ایوان زیریں) کے انتخابی نتائج آنے کے بعد نریندر مودی نے کابینہ سمیت اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے حتمی نتائج کا اعلان کردیا گیا جس کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی نے لوک سبھا کی 542 نشستوں میں سے 303 پر کامیابی حاصل کی۔ بی جے پی کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) نے کُل 350 نشستیں حاصل کیں۔

    بھارت میں حکومت بنانے کے لیے لوک سبھا کی 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں، 1984 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی بھی پارٹی بھاری اکثریت سے حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

    الیکشن کے حتمی نتائج آنے کے بعد نریندر مودی نے جمعے کی شام صدر مملکت رام ناتھ کووند سے اپنی کابینہ کے ہمراہ ملاقات کی اور اپنے استعفے پیش کیے کیونکہ اب نئے وزیراعظم کو 30 مئی کو دوبارہ حلف اٹھانا ہے۔

    مزید پڑھیں: ایک بار پھر مودی سرکار، بھارتی انتخابات میں بی جے پی کی واضح برتری

    رام ناتھ نے کابینہ کے استعفے منظور کرتے ہوئے مودی سے درخواست کی کہ وہ نگراں وزیراعظم کی حیثیت سے 30 مئی تک کام کریں جسے مودی نے تسلیم کرلیا اور اب وہ نگراں وزیراعظم کے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔

    قبل ازیں نئی دہلی میں بھی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 16ویں لوک سبھا کو تحلیل کرنے کی تجویز منظور کی گئی، بھارتی صدر کابینہ اراکین کے استعفیٰ منظور کرنے کے بعد کل یا پرسوں تک ایوان تحلیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بی جے پی کو حکومت سازی کی دعوت دیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: انتخابات میں شکست، کانگریس رہنما دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے

    بی جے پی کی جانب سے ابھی تک نئے وزیراعظم کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ نریندر مودی ہی 30 مئی کو بھارت کے نئے وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے کیونکہ وہی اس عہدے کے مضبوط امیدوار ہیں، حلف برداری سے قبل وہ اپنے حلقہ انتخاب اترپردیش اور گجرات کا بھی دورہ کریں گے۔

  • بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا اعلان آج ہوگا

    بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا اعلان آج ہوگا

    نئی دہلی: بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا اعلان آج ہوگا، بھارتی وزارت داخلہ نے سیکیورٹی ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں 11 اپریل کو لوک سبھا کے انتخابات شروع ہوئے اور 7 مرحلوں میں 19 مئی کو مکمل ہوئے اور آج نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

    لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے اعلان کے موقع پر بھارتی وزارت داخلہ نے سیکیورٹی ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔

    انتخابی نتائج کے دوران ممکنہ ہنگامہ آرائی پر ریاستی حکام کو ہدایات جاری کردی گئیں، ووٹوں کی گنتی والے مراکز کی سیکیورٹی بھی سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    بھارتی انتخابات کا ساتواں مرحلہ ختم ہونے کے بعد ایگزٹ پولز جاری کیے گئے اور زیادہ تر ایگزٹ ہولز نے مودی کی جماعت اس کے اتحادیوں کی جیت کی پیشگوئی کی ہے۔

    دوسری جانب کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے لوک سبھا کے ایگزٹ پول نتائج مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کارکن ایگزٹ پول کے جھوٹے نتائج کے پروپیگنڈے سے مایوس نہ ہوں۔

    واضح رہے کہ 11 اپریل سے شروع ہونے والے بھارت کے 17ویں عام انتخابات 7 مراحل میں مکمل ہوئے۔ بھارتی انتخابات میں مجموعی طور پر 89 کروڑ 89 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    انتخابات میں حکمران جماعت بی جے پی اور کانگریس کے درمیان ہی اصل مقابلہ ہے تاہم متعدد دیگر جماعتیں بھی انتخابی عمل کا حصہ ہیں۔

  • بھارت:‌ لوک سبھا کے خونی انتخابات، خاتون الیکشن افسر  ڈیوٹی پر جاتے ہوئے قتل

    بھارت:‌ لوک سبھا کے خونی انتخابات، خاتون الیکشن افسر ڈیوٹی پر جاتے ہوئے قتل

    نئی دہلی: بھارت میں ہونے والے لوک سبھا کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ بھی خونی ثابت ہوا، بھارتی ریاست اڑیسہ میں پولنگ کے دوران نامعلوم افراد نے خاتون الیکشن افسر کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لوک سبھاکے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بدھ کے روز دیگر ریاستوں کی طرح اڑیسہ میں بھی الیکشن کا انعقاد کیا گیا۔ اڑیسہ میں الیکشن کے روز دو پرتشدد واقعات پیش آئے جن میں سے ایک میں نامعلوم افراد نے پولنک بوتھ جانے والی خاتون پرازئیڈنگ افسر کو گولی مار کر قتل کردیا جبکہ دوسرے واقعے میں نامعلوم افراد نے بیلٹ پیپر لے جانے والی الیکشن کمیشن کی گاڑی کو نذ آتش کردیا۔

    مزید پڑھیں: بھارتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال

    پولیس حکام کے مطابق دونوں واقعات اڑیسہ کے علاقے کندھمال کے ضلع میں پیش آئے، ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ انتخابات کا بائیکاٹ کرنے والی جماعت ماؤوادیوں کے کارکنان دونوں واقعات میں ملوث ہیں۔ ڈی جی پی بی کے شرما نے بتایا کہ سنیکتا دگل کو اُس وقت گولی ماری گئی جب وہ بلاند پاڑا گاؤں کے پاس واقع جنگل سے گزر رہی تھیں تو انہیں سڑک کے درمیان میں مشکوک چیز نظر آئی جس کو دیکھنے کے لیے وہ گاڑی سے نیچے اتریں تو نامعلوم افراد نے اُن پر گولیاں برسا دیں۔

    پولیس افسر  کا کہنا تھا کہ گاڑی میں موجود دیگر چار پرازئیڈنگ افسر واقعے میں بالکل محفوظ رہے جن سے تحقیقات جاری ہیں، دوسرا واقعہ فرنگیا پولیس تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں ماؤوادیوں نے بیلٹ پیپر لے جانے والی گاڑی کو روک کر آگ لگا دی۔

    پولیس حکام کے مطابق چند روز قبل ماؤوادیوں نے ضلع بھر میں پوسٹر اور بینر لگاکر لوگوں سے انتخاب کا بائیکاٹ کرنے کو کہا تھا۔ کندھمال ضلع میں ماؤوادیوں کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے یہاں کے سات انتخابی حلقوں میں ووٹنگ کا وقت صبح 7 بجے سے شام 4 بجے تک رکھا۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارتی انتخابات: پرتشدد واقعات میں 3 افراد ہلاک، دھماکا خیز مواد بھی برآمد

    یاد رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے لیے پولنگ کے دوسرے مرحلے  کا انعقاد ہوا، ملک بھر کی 13 ریاستوں کی 97 نشستوں پر عوام اپنے ووٹ کا حق استعمال کررہے ہیں۔ انتخابات میں 90 کروڑ ووٹر حق رائے دہی استعمال کرنا تھا، یہ تعداد امریکا اور یورپی یونین کی مجموعی آبادی سے بھی زیادہ ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کی 543 نشستوں کے لیے مرحلہ وار انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے، اب تک ایک مرحلہ ہوا جس میں دورانِ ووٹنگ پرتشدد واقعات میں 4 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

     بھارت میں لوک سبھا یعنی ایوان زیریں کے 17 ویں انتخابات کا پہلا مرحلہ 11 اپریل کو ہوا، جس کے تحت 20 ریاستوں کی 91 نشستوں پر ووٹنگ کا انعقاد کیا گیا، مجموعی طور پر 14 کروڑ 20 لاکھ افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارت میں انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹنگ

    بھارتی الیکشن کے پہلے مرحلے کے دوران مقبوضہ کشمیر سمیت مختلف ریاستوں میں پرتشدد واقعات پیش آئے جس میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، آندھرا پردیشن میں ہونے والی سیاسی تلخ کلامی نے اس قدر شدت اختیار کی کہ 3 افراد کی جانیں گئیں جبکہ مقبوضہ کشمیر کے علاقہ بارہ مولا میں بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے 13 سالہ بچے کو شہید کیا تھا۔