Tag: لڑکی جاں بحق

  • کراچی : غلط انجکشن لگنے سے لڑکی کی موت: ڈاکٹر ، داماد اور بیٹی  سمیت  گرفتار ، کلینک  سیل

    کراچی : غلط انجکشن لگنے سے لڑکی کی موت: ڈاکٹر ، داماد اور بیٹی سمیت گرفتار ، کلینک سیل

    کراچی : پولیس نے غلط انجکشن لگنے سے لڑکی کی موت پر ڈاکٹر رشید کو داماد اور بیٹی سمیت گرفتار کرلیا، ڈاکٹر کا داماد اور اس کی بیٹی کلینک اسٹاف کی حیثیت سے کام کرتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیرسٹی چمن کالونی میں غلط انجکشن لگنے سے لڑکی کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر پولیس نے مقدمے میں نامزد ڈاکٹر رشید، اس کے داماد اور بیٹی کو گرفتار کرلیا۔

    جاں بحق لڑکی کے والدکی مدعیت میں ملیر سٹی تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس نے بتایا کہ ڈاکٹر کا داماد امجد اور اس کی بیٹی کلینک اسٹاف کی حیثیت سے کام کرتے تھے  تاہم ڈاکٹر اور اسٹاف سے تفتیش جاری ہے، اسناد کو بھی چیک کیا جائے گا۔

    پولیس نے بتایا کہ مقدمے میں قتل بالسبب، غفلت اور لاپرواہی کی دفعات شامل کی گئی ہے۔

    مدعی مقدمے نے بتایا کہ بیٹی نصرت کی طبیعت خراب ہوئی تووہ والدہ کیساتھ کلینک بچل گوٹھ دوا لینے گئی، مجھے اطلاع ملی کہ بیٹی کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہوگئی ہے، کلینک پہنچا تو ڈاکٹر رشید نے دوائی لانے کیلئےپرچی دی۔

    والد کا کہنا تھا کہ اس وقت ڈاکٹر کا داماد اور بیٹی بھی کلینک میں موجود تھے، میڈیکل اسٹور سے دوا لیکر آیا تو دیکھا میری بیٹی فوت ہوچکی تھی تاہم پولیس نے ڈاکٹر کا کلینک بھی سیل کردیا ہے۔

    یاد رہے کراچی میں پندرہ سال کی لڑکی مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے انتقال کرگئی تھی،نصرت جوڑوں کے درد کی دوا لینے کلینک گئی، ڈاکٹر نے انجکشن لگایا تو منہ سے جھاگ آنا شروع ہوگئے تھے۔

    رمضان لاسی گوٹھ کے مکینوں کا کہنا تھا کہ علاقے میں طبی سہولتوں کی عدم فراہمی کی وجہ سے شہری اتائی ڈاکٹروں کے رحم و کرم پر ہیں۔

  • مہندی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ، 16 سالہ لڑکی جاں بحق

    مہندی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ، 16 سالہ لڑکی جاں بحق

    لاہور: مناواں میں مہندی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے 16 سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق غیر قانونی ہوائی فائرنگ کے واقعے میں ایک اور معصوم زندگی کا چراغ گل ہوگیا، لاہور کے علاقے مناواں میں 16 سال کی لڑکی ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئی۔

    پولیس کے مطابق دلہا کے دوستوں نے مہندی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی  تھی، دلہا اور فائرنگ کرنے والے ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ والد کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے، جس کے بعد دلہا کے والد اور والدہ کو حراست میں لے کر تفتیش جاری ہے۔

    دوسری جانب کراچی میں رواں ہفتہ کے دوران ہوائی فائرنگ کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہوئی گئی ہے۔پولیس ہوائی فائرنگ کے روک تھام میں اقدامات کرتے دیکھائی نہیں دے رہی۔

  • لاہور: شادی میں ہوائی فائرنگ، چھت پر کھڑی لڑکی موقع پر جاں بحق، ملزمان فرار

    لاہور: شادی میں ہوائی فائرنگ، چھت پر کھڑی لڑکی موقع پر جاں بحق، ملزمان فرار

    لاہور : شادی کی خوشی میں کی گئی ہوائی فائرنگ سے چھت پر کھڑی لڑکی جاں بحق ہوگئی، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے چھوڑ دیا تو دوبارہ فائرنگ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کی مبینہ رشوت خوری یا نااہلی کے باعث قیمتی جان چلی گئی، لاہور کے علاقے کھوکھر روڈ صدیقیہ کالونی میں شادی کی خوشی میں باراتی ہوائی فائرنگ کررہے تھے۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہم نے پولیس کو شکایت کی جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزمان کو گرفتار تو کرلیا ، تاہم بااثر ملزمان مبینہ طور پر رشوت کے عوض رہا کردیئے گئے۔

    تھانے سے واپس آکر ملزمان نے دوبارہ فائرنگ شروع کردی، اس دوران ایک گولی چھت پر کھڑی ایک لڑکی بائیس سال کی ماریہ کو جا لگی، لڑکی کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں اس نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔

    ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ماریہ کے والد کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، پولیس ملزمان کو گرفتار کرکے انہیں انصاف دے جب کہ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

    ماریہ کی پانچ سال قبل کامران سے شادی ہوئی تھی، پولیس نے کامران کی مدعیت میں چھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

  • پنجاب میں بارش اورآندھی کے باعث مختلف حادثات میں لڑکی جاں بحق‘ 12افراد زخمی

    پنجاب میں بارش اورآندھی کے باعث مختلف حادثات میں لڑکی جاں بحق‘ 12افراد زخمی

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش اور تیز آندھی کے باعث مختلف حادثات میں لڑکی جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت گجرات، گجرانوالہ، شیخوپورہ اور ساہیوال سمیت مختلف شہروں میں موسلادھا بارش اور تیزآندھی کے باعث مکانوں کی چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں لڑکی جان جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہوگئے۔

    پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کے باعث درجنوں فیڈرز ٹرپ کر جانے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔ خراب موسم کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہواہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے علاوہ شمالی وزیرستان، خیبرایجنسی اور فاٹا کے قبائلی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

    دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی بارش اور بعض مقامات پرژالہ باری بھی ہوئی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آج اور کل بھی بالائی پنجاب میں تیز ہوائیں چلنے اور کہیں کہیں ہلکی بارش کی پشگوئی کی ہے جبکہ بالائی سندھ، شمالی مشرقی بلوچستان، خیبرپختونخواہ، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش کا امکان ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔