کراچی : گلستان جوہر کے بعد ایک اور راہ چلتی لڑکی کو ہراساں کرنے کا واقعہ سامنے آیا، جس کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں خاتون کو ہراساں کرنے اور پرس چھیننےکی کوشش کی گئی ، جس کی ویڈیو سامنے آگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک گلی میں عبایہ پہنی لڑکی آ رہی ہے کہ اسی دوران عقب سے آنے والا موٹرسائیکل سوار لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکت کرکے فرار ہو جاتا ہے۔
فوٹیج سوشل میڈیا پروائرل ہونے کےبعد پولیس نےتحقیقات شروع کردی، پولیس کا کہنا تھا کہ واقعےسےمتعلق کسی نےپولیس سےرابطہ نہیں کیا ، واقعےکی
تحقیقات کررہےہیں بظاہرپرس چھیننےکی واردات لگتی ہے۔
بعد ازاں ویسٹ پولیس نے اورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، پولیس نے بتایا کہ ملزم کی راہگیر خاتون کوہراساں کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے متاثرہ خاتون کا بیان قلم بند کیا گیا اور ملزم کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گلستان جوہر میں لڑکی کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا ، تاہم گلستان جوہر کے واقعے میں ملوث ملزم کو اب تک گرفتار نہ کیا جاسکا ہے۔