Tag: لڑکے کا قتل

  • لندن کی ڈبل ڈیکر بس میں ہولناک قتل

    لندن کی ڈبل ڈیکر بس میں ہولناک قتل

    لندن: برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں قتل کا ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، ڈبل ڈیکر بس کے اندر ایک 14 سال کے لڑکے کو چاقو کے وار کر کے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق ساؤتھ ایسٹ لندن کے علاقے وُل وِچ میں ڈبل ڈیکر بس میں مسافروں کے سامنے ایک لڑکے پر چاقو کے وار کیے گئے، طبی عملے کی کوششوں کے باوجود لڑکا جاں بر نہ ہو سکا۔

    ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا، پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے، پولیس نے اسے ’ہولناک جرم‘ قرار دیا، دوسری طرف میئر صادق خان نے علاقوں میں پولیس کا گشت بڑھانے کا وعدہ کیا ہے۔

    میٹروپولیٹن پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ لندن ایمبولینس سروس کے پیرامیڈیکس اور ایئر ایمبولینس کے پہنچنے کے فوراً بعد نوجوان موقع ہی پر دم توڑ گیا۔

    سپرنٹنڈنٹ لوئس سارجنٹ نے بیان میں کہا ’’میں تصور نہیں کر سکتی کہ متاثرہ لڑکے کے اہل خانہ اور دوست اس وقت کس کیفیت سے گزر رہے ہوں گے، ہماری تمام ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔‘‘

    یاد رہے کہ چاقو زنی کا یہ تازہ ترین واقعہ محض تین ماہ بعد پیش آیا ہے، جب ستمبر میں وُل وچ میں ایک اور نوعمر لڑکے 15 سالہ ڈیجون کیمبل کو چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس کی موت کے بعد اس کی ماں جوڈی ٹیلر نے بے حسی سے ہونے والے قتل کے اس سلسلے کو روکنے کی التجا کی تھی۔ کیوں کہ پچھلے سال لندن میں 11 نوعمر لڑکے اسی طرح قتل ہونے کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

  • انجام سے بے خبر لڑکا اپنا نام سن کر دروازے پر آیا تو …

    انجام سے بے خبر لڑکا اپنا نام سن کر دروازے پر آیا تو …

    فلاڈیلفیا: امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں ایک لڑکے کے افسوس ناک قتل کی خبر کی گونج دو دن گزرنے کے بعد اب بھی سنائی دے رہی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اتوار کو فلاڈیلفیا کے علاقے فرینکفرڈ میں 12 سال کے ایک لڑکے کو اس وقت سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا جب وہ آدھی رات کو اپنے نام کی پکار سن کر دروازے پر آیا، نامعلوم شخص نے دروازہ کھلنے کا انتظار کیے بغیر شیشے ہی میں گولی مار دی جو لڑکے کے سر میں لگی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گولی مارنے والے نے رات کے اندھیرے میں دروازے کے سامنے سے فائر کیا، گولی بارہ سالہ صدیق کلارک کے سر میں لگی اور وہ موقع ہی پر مر گیا۔

    پولیس کے مطابق یہ واقعہ ڈٹمین اسٹریٹ کے ایک بلاک میں رات کو دو بج کر پینتالیس منٹ پر پیش آیا تھا، ڈپٹی کمشنر میلون سنگلٹن کا کہنا تھا کہ دروازے پر دستک کے بعد جب صدیق کلارک دروازے پر آیا تو شوٹر نے ایک ہی فائر کیا اور بھاگ گیا، پولیس چند ہی منٹ بعد جائے وقوع پر پہنچ گئی تھی۔

    فرینکفرڈ، فلاڈیلفیا کا رہائشی 12 سالہ صدیق کلارک جسے سر میں گولی ماری گئی

    رپورٹس کے مطابق صدیق موت کے وقت گھر پر اپنی دادی اور دس سالہ بہن کے ساتھ موجود تھا، ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ قاتل کو یقیناً یہ بھی پتا نہیں تھا کہ بند دروازے کے پیچھے کون ہے۔ واقعے کے بعد رات ہی کو گھر کے دیگر افراد بھی پہنچ گئے اور لڑکے کی موت پر گھر کے باہر صف ماتم بچھ گیا، پڑوسی بھی لڑکے کی موت پر دکھی تھے۔

    صدیق کی فیملی کا کہنا تھا کہ انھیں قاتل کا نہیں پتا تاہم آواز سے پتا چلتا تھا کہ کوئی بالغ آدمی تھا، اس نے بار بار صدیق کا نام پکارا تھا۔

    صدیق کلارک کی غم زدہ ماں

    لڑکے کی غم زدہ ماں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا چھیننے والوں نے میری دنیا میں اندھیرا کر دیا ہے، میرا بیٹا تو لوگوں کی مدد کے لیے مشہور تھا، وہ دوسروں کے لیے سودا سلف لایا کرتا تھا، چرچ جانے والوں اور ہر ایک کی مدد کرتا تھا۔

    پڑوسی ٹونی کولن نے میڈیا کو بتایا کہ ایک بار صدیق نے ایک میڈیکل ایمرجنسی میں اس کی جان بچائی تھی۔

    رپورٹس کے مطابق صدیق کی موت فلاڈیلفیا میں رواں سال کا 437 واں قتل ہے، گزشتہ برس یہاں 118 لوگوں کو قتل کیا گیا تھا۔