Tag: لکڑی کی اسمگلنگ

  • لکڑی کی اسمگلنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی

    لکڑی کی اسمگلنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی

    پشاور (31 اگست 2025): سیلاب کے بعد خیبرپختونخوا میں لکڑی کی اسمگلنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔

    محکمہ کلائمیٹ چینج، جنگلات و ماحولیات نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے، جس میں تنبیہہ کی گئی ہے کہ لکڑی کی اسمگلنگ پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے، اسمگل شدہ لکڑی ضبط کی جائے گی اور کسی صورت رعایت نہیں ہوگی۔

    اعلامیے کے مطابق اسمگلنگ میں استعمال گاڑیاں اور سامان بھی ضبط ہوں گے، لکڑی اسمگلنگ کیسز میں صلح یا کمپاؤنڈنگ کی اجازت بھی نہیں ہوگی، اور اسمگلنگ میں ملوث افسران کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت کر دی گئی۔

    اعلامیے میں محکمہ جنگلات و ماحولیات نے کہا ہے کہ تمام احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائی جائے۔

    واضح رہے کہ بارشوں اور سیلاب سے خیبر پختونخوا میں مال مویشی کو بھی بڑی پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں، مجموعی طور پر ایک ارب 57 کروڑ مالیت کے مال مویشی اور چارہ سیلاب میں بہہ گیا۔

    محکمہ لائیو اسٹاک نے حالیہ سیلاب کے باعث نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں آنے والے سیلاب میں 5 ہزار سے زائد مویشی اور 10 ہزار مرغیاں ہلاک ہوئیں، 7 اضلاع میں مجموعی طور پر 5 ہزار 328 مویشی ہلاک ہوئے، مویشیوں میں 1 ہزار 91 بکریاں، ایک ہزار 628 بچھڑے شامل تھے۔

    بونیر میں 748، سوات میں 218، شانگلہ میں 116، باجوڑ 58، بٹگرام 29، لوئر دیر 16 اور مانسہرہ میں 6 بکریاں ہلاک ہوئیں، ایک ہزار 89 گائے، 822 بھینسیں، 544 بھیڑیں پانی میں بہہ گئیں، بونیر میں 703 بھینسیں، سوات میں 71 بھینسیں، شانگلہ میں 38 بھینسیں ہلاک ہوئیں۔ سیلاب کے باعث پولٹری فارمز بھی شدید متاثر ہوئے ہیں اور سب سے زیادہ متاثر بونیر میں 9 ہزار مرغیاں ہلاک ہوئیں، باجوڑ اور سوات میں 4 ہزار 435 گھریلو مرغیاں بھی ہلاک ہوئیں۔