Tag: لیاری کھڈا مارکیٹ

  • کراچی  میں ایک اور واقعہ ،  رہائشی عمارت کی چھت گرگئی  ، متعدد افراد زخمی

    کراچی میں ایک اور واقعہ ، رہائشی عمارت کی چھت گرگئی ، متعدد افراد زخمی

    کراچی: لیاری کھڈا مارکیٹ میں عمارت کی چھت گرگئی، جس کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لیاری کھڈا مارکیٹ میں عمارت کی چھت گرگئی، جس میں ،2خواتین کے جاں بحق اور 3 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    واقعےکے بعد ریسکیو ادارے جائےحادثہ پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن جاری ہے تاہم زخمی ہونیوالے ایک شخص کی حالت تشویشناک ہیں ، جسے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

    ایس ایس پی عارف عزیز نے بتایا کہ واقعہ بغدادی تھانے کی حدود میں پیش آیا ہے،اطلاعات ہیں پانچویں یاچھٹی منزل کی چھت گری ہے۔

    ڈی سی ساؤتھ جاوید کھوسو کا کہنا تھا کہ لیاری کھڈا مارکیٹ میں عمارت کی پانچویں منزل کی چھت گری، عمارت کی 5 ویں منزل پر مالک چھت کا کام کرا رہا تھا، چھت اور عمارت دونوں خستہ حال تھے۔

    جاوید کھوسو نے بتایا کہ عمارت 40 سال پرانی تھی،مالک کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی، مخدوش عمارتوں کی فہرست میں عمارت تھی یا نہیں؟ اسےچیک کررہے ہیں، ایس بی سی اے ٹیم موقع پر پہنچ کر عمارت کو چیک کرے گی۔


    کراچی، لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ، ریسکیو آپریشن مکمل، 27 لاشیں نکال لی گئیں


    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں 4 جولائی کی صبح 6 منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے 27 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے تھے۔

    مرنے والوں اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ عمارت کے ملبے تلے دب کر50 سے زائد رکشوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

    بعد ازاں لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ ایس بی سی اے کے 6 ڈائریکٹرز سمیت 14 افراد کو قصور وار قرار دیا گیا۔

  • چکن سینٹر میں ڈکیتی، ڈاکو نے بغدا بھی استعمال کیا، فوٹیج سامنے آ گئی

    چکن سینٹر میں ڈکیتی، ڈاکو نے بغدا بھی استعمال کیا، فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز اور ڈکیتی کی واردتوں میں کمی نہ آ سکی، انتہائی بے خوفی سے کی گئی ایک اور واردات کی فوٹیجز سامنے آ گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لیاری کھڈا مارکیٹ میں واقع ایک چکن سینٹر میں 15 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے، 4 روز قبل ہونے والی اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی ہیں۔

    اس واردات کے دوران 6 مسلح ڈاکوؤں نے دکان کا تسلی سے صفایا کیا، فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکو کس بے خوفی سے واردات کر رہے ہیں، اور انھیں سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی سے بھی کوئی پریشانی نہ ہوئی، جن کی فوٹیجز میں لٹیروں کے چہرے واضح نظر آتے ہیں۔

    ایک ڈاکو نے دکان کے اوپری کے حصے میں میز کی دراز کھولنے کے لیے بغدے کا بھی استعمال کیا، اور کئی ضربوں سے لاک توڑ کر اس کے اندر سے لاکھوں روپے نکال کر تھیلیوں میں بھر لیے۔

    واردات کے دوران 3 ڈاکو دکان کے اندر گئے تھے، جب کہ دیگر 3 دکان کے باہر پہرا دیتے رہے، مختلف فوٹیجز میں ڈاکوؤں کو دکان میں موجود افراد کی تسلی سے تلاشی لیتے جا سکتا ہے، ان سے بھی موبائل فونز اور کیش چھینا گیا۔

    ڈاکوؤں نے دکان کے اوپری حصے میں جا کر وہاں موجود ایک اور ملازم کی تلاشی لی، لٹیروں نے دکان میں موجود تینوں افراد کو واش روم میں بند کیا اور واردات مکمل کی، لٹیرے تقریباً ڈھائی منٹ تک واردات کرنے کے بعد آسانی سے فرار ہوگئے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیجز میں ملزمان کے چہرے واضح ہیں، دکان دار کا کہنا ہے کہ واردات کے فوری بعد 15 پر اطلاع دی گئی تھی، لیکن بغدادی تھانے کی پولیس ایک گھنٹے تک جائے وقوعہ پر نہیں پہنچی، پولیس نے مقدمہ درج کرنے میں بھی تاخیر کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چار روز قبل ہونے والی اس واردات پر پولیس کارروائی کرنے میں تاحال ناکام ہے۔