Tag: لیاری

  • لیاری: بم دھماکے، ایک بچی جاں بحق، 7افراد زخمی

    لیاری: بم دھماکے، ایک بچی جاں بحق، 7افراد زخمی

    کراچی : لیاری میں اوان بم کے دھماکے میں ایک بچی جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس حکام کے مطابق لیاری مولا علی مدد چوک پر نامعلوم سمت سے فائر کیا جانے والا اوان بم ایک رکشے میں لگنے سے دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک دوسالہ بچی جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوئے جبکہ رکشے کو بھی نقصان پہنچا۔

    زخمیوں کو طبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں پر دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

    پولیس نے ابتدائی شواہد اکھٹے کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔

    دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں چار افراد جاں بحق ہوگئے،  ناردرن بائی پاس مائی گاڑی اسٹاپ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ ابراہیم حیدری کے سمندر سے ایک لاش ملی ہے ، رات گئے کورنگی دو نمبر کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت اٹھائیس سالہ ثاقب کے نام سے ہوئی۔ جمشید کوارٹر کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔

    ادھر ڈیفنس بدر کمرشل کے علاقے میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔ کورنگی صنعتی ایریا میں پولیس نیاسٹریٹ کرائم میں ملوث تین ملزمان کوگرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

  • لیاری: مبینہ پولیس مقابلہ، 3ملزمان ہلاک

    لیاری: مبینہ پولیس مقابلہ، 3ملزمان ہلاک

    کراچی: لیاری کے علاقے دریاآباد کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں تین ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔

    پولیس کے مطابق لیاری کےعلاقے دریا آباد میں ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا گیا، جس پر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، جس کی زد میں آکر ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔

    جوابی فائرنگ کے نتیجے میں تین ملزمان ہلاک ہوگئے، جن کا تعلق لیاری گینگ وار کےشیراز کامریڈ گروپ سے ہے۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان ڈکیتی رہزنی بھتہ خوری اور دیگر سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث تھے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

  • کراچی: فائرنگ، دستی بم حملہ ، 3افراد جاں بحق، 2زخمی

    کراچی: فائرنگ، دستی بم حملہ ، 3افراد جاں بحق، 2زخمی

    کراچی: شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دستی بم حملے میں تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے تھانہ لیاری بغدادی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا، گلستان جوہر منور چورنگی کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے اسکول ٹیچرفضل الرحمان کو ابدی نیند سلادیا۔

    دوسری جانب مشرف کالونی سے ایک شخص کی لاش ملی جسے تشدد کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا ،ڈیفنس اور لانڈھی کے علاقوں میں بھی فائرنگ سے دو افراد کو زخمی کردیا ، کٹی پہاڑی میں مسافربس پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔

    سلاٹر ہاؤس کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے دستی بم حملے میں دو افراد زخمی ہوئے ۔

    گزشتہ روز کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس مقابلے کے دوران مبینہ گینگ وارسے تعلق رکھنے والا کارندہ ہلاک ہوگیا تھا، پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کی شناخت سیف اللہ کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق بابا لاڈلا گروپ سے ہے۔

    رینجرزکے ترجمان کے مطابق سیف اللہ قتل کی چارواداتوں سمیت بھتے کی وصولی اوراسٹریٹ کرائم میں بھی ملوث تھا، انہوں نے مزید کہا کہ گینگ وار کے ملزم کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

  • کراچی:لیاری میں مقابلہ،اہم ملزم ماب بلوچ سمیت3ہلاک

    کراچی:لیاری میں مقابلہ،اہم ملزم ماب بلوچ سمیت3ہلاک

    کراچی : شہر کے شورش زدہ علاقے لیاری میں پولیس اور رینجرز سے مقابلے کے دوران اہم ملزم ماب بلوچ سمیت گینگ وار کے تین ملزمان مارے گئے۔

    ذرائع کے مطابق لیاری کی افشانی گلی میں پولیس اوررینجرز نے  جرائم پیشہ افراد کیخلاف مشترکہ کارروائی کی جس کے دوران ملزمان نے پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں پر فائرنگ کی،جس کے بعد دو بدو فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا۔

    ملزمان نے رینجرز اور پولیس پر دستی بم بھی پھینکے۔ تاہم اس حملے میں خوش قسمتی سے کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔ البتہ کارروائی میں گینگ وار کا اہم کارندہ ماب بلوچ ساتھیوں سمیت مارا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ہلاک ملزمان لیاری میں قتل اقدام قتل ڈکیتی اور رہزنی اور جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث اور پولیس کو مطلوب تھے۔

  • پانچ دہشت گرد گرفتار، اسلحہ و بارودی مواد برآمد

    پانچ دہشت گرد گرفتار، اسلحہ و بارودی مواد برآمد

    کراچی: شہر کے علاقے لیاری آگرہ تاج کالونی میں کرائم برا نچ ٹو کی کارروائی پانچ دہشت گرد گرفتار، اسلحہ اور بارودی مواد برآمد۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی کرائم برانچ ٹو شاہ جہاں نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ملزمان نے ایس ایس پی خورشید خان کو پشاور میں قتل کیا تھا،جس کے بعد پولیس چوکی کو آگ لگا دی تھی۔

    گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیاکہ وہ آئل ٹینکرزکے ذریعے بارودی مواد وزیرستان سے کراچی منتقل کرتے تھے۔ایس ایس پی شاہ جہاں کے مطابق ملزمان کراچی میں بڑی کارروائی کرنے آئے تھے۔

    خیبر پختونخوامیں اغوا برائے تاوان قتل اور انتہائی سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں، ملزمان سے پانچ کلو بارودی مواد اور دیگراسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

  • کراچی: لیاری کے کس علاقے پر کس کا راج؟

    کراچی: لیاری کے کس علاقے پر کس کا راج؟

    کراچی : لیاری کی کس گلی پر کس کا راج چلتا ہے، لیاری میں قبضے کی جنگ کئی دہائیوں سے جاری ہے۔

    گیارہ یوسیز میں سے پانچ گینگسٹرز کا اکھاڑہ ہیں، تین میں عزیر جان بلوچ کا طوطی بولتا ہے تو دو میں بابا لاڈلہ کا پلہ بھاری ہے، عزیر بلوچ کے زیرِ اثر علاقوں میں کھڈہ مارکیٹ، شاہ بیگ لین، نوالین، موسیٰ لین، ریکسر لین، مین چاکیواڑہ شامل ہیں اور ان علاقوں کوکنٹرول کرتے ہیں۔

    عزیر کے کمانڈرز میں استاد تاجو ، شیراز کامریڈ ، سرور ، ملا نثار ، نعیم لاہوتی، فاروق مایہ، عمرکچھی، جاسین گولڈن شامل ہیں جب کہ بابا لاڈلہ کے زیرِ اثرعلاقے میں دھوبی گھاٹ، گلستان کالونی، لیاری جنرل اسپتال، اولڈ کالونی، دبئی چوک، بہار کالونی، رانگی واڑہ شامل ہیں۔

    ان علاقوں میں زاہد لاڈلہ، غفار ذکری، شیراز ذکری اور شفیق پٹھان دہشت پھیلاتے ہیں۔

    لیاری میں گینگ وار میں اب تک تین سو جرائم پیشہ مارے جاچکے ہیں، ایک سال کے دوران مارے جانے والوں میں آصف نیازی، جھینگو، شاہد مکس پتی، لالہ اورنگی، ماما شعیب، فہیم بادشاہ، کالو کرنٹ، یونس مادی اور شاہجہاں بلوچ شامل ہیں۔

  • لیاری میں دستی بم حملہ اور فائرنگ 9افراد زخمی

    لیاری میں دستی بم حملہ اور فائرنگ 9افراد زخمی

    کراچی: لیاری میں ایک بار پھر دستی بم حملہ اور فائرنگ سے نو افراد زخمی ہوگئے ۔

    پولیس کے مطابق کلاکوٹ کے علاقے میں گبول پارک کے قریب نامعلوم افراد نے دوکان پر دستی بم سے حملہ کیا اور فائرنگ کی جس سے وہاں موجود 9 افراد زخمی ہوگئے ، جنہیں طبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ، دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، لیاری کے مختلف علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی ہے ۔

  • کراچی: سیکیورٹی ادارے متحرک، گینگ وار اور دیگر ملزمان سمیت تین ہلاک متعدد گرفتار

    کراچی: سیکیورٹی ادارے متحرک، گینگ وار اور دیگر ملزمان سمیت تین ہلاک متعدد گرفتار

    کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کی کاروائیوں میں گینگ وار اورکلعدم تنظیم کے کارندوں سمیت تین ہلاک اور متعدد گرفتار کر لئے گئے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کےعلاقےگلشن بونیر میں سرچ آپریشن کے دوران ملزمان اور رینجرز اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہوا ہے۔ آپریشن کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا تھا۔

    رینجرز کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران  دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ہلاک اور دو گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ گرفتار ہو نے والوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے کلاکوٹ میں رینجرز کی کارروائی کے دوران اہلکاروں اور گینگ وار ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار ملزم عرفان عرف کالو مارا گیا ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک ملزم ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان سمیت متعدد جرائم میں ملوث تھا۔

    ادھر گلشن حدید میں ڈاکووٴں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار کا ایک اور ملزم مارا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم اویس عرف ٹیکو کا تعلق گینگ وار سے تھا اور وہ ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔

    بعد ازاں نیو کراچی میں رینجرز کی اسپیشل ٹاسک فورس نے کارروائی کرکے تین بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کا تعلق مذہبی تنظیم سے ہے اور ملزمان کے قبضے سے بھتے کی رقم بھی برآمد کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ نیپئیر کے علاقے رحمانیہ چوک کے قریب پولیس مقابلے کے بعد گرفتار زخمی ملزم دم توڑ گیا ہے۔

  • کراچی: بلدیہ ٹاون میں سیکیورٹی اہلکاروں پر بم حملے کا مقدمہ درج

    کراچی: بلدیہ ٹاون میں سیکیورٹی اہلکاروں پر بم حملے کا مقدمہ درج

    کراچی: کراچی کے علا قے بلدیہ ٹاون میں گزشتہ روز سیکیورٹی اداروں کی گاڑی پر ہو نے والے بم حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز علی صبح بلدیہ ٹاون میں حساس ادارے کے ٹرک پر حملہ ہوا تھا جس میں متعدد شہری زخمی ہو گئے تھے تاہم سیکیورٹی اہلکار محفوظ رہے۔ پولیس کی جانب سے واقع کا مقدمہ دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں بلوچستان لبریشن آرمی کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ جس کے بعد مواچھ گوٹھ اور اطراف کے علاقوں سے متعدد مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیکر اس حوالے سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مواچھ گوٹھ، لیاری اور ملیر میں بی ایل اے کا نیٹ ورک موجود ہے اور فورسز پر حالیہ حملوں کی تحقیقات میں بی ایل اے کے حوالے سے بھی تفتیش کی جارہی ہے۔

  • کراچی :لیاری میں عُزیر بلوچ کے گھر پر چھاپہ، گینگ وار کا ملزم گرفتار

    کراچی :لیاری میں عُزیر بلوچ کے گھر پر چھاپہ، گینگ وار کا ملزم گرفتار

    کراچی:  لیاری نوالین میں رینجرز آپریشن کے دوران رینجرز کا ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا، رینجزر نے عزیز بلوچ کے گھر سے گینگ وار کے ایک ملزم سرور بلوچ کو گرفتار کرلیا جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

    کراچی کے علاقے لیاری نوالین میں رینجرز کے سرچ آپریشن کے دوران ملزمان نے رینجرز پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں رینجرز کا ایک اہلکار جاں بحق اورایک زخمی ہوگیا۔

    رینجرز ترجمان کے مطابق جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا، ترجمان کا کہنا ہے کہ جاں بحق اہلکار کی شناخت اصغر جبکہ زخمی کی رحیم کے نام سے ہوئی ہے، زخمی رینجرز اہلکار کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب سرچ آپریشن کے دوران عزیر بلوچ کے گھر پر چھاپے میں سرور بلوچ نامی ملزم کو گرفتار جبکہ مختلف علاقوں سے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ رینجرز کا علاقے کے داخلی و خارجی راستے بند کرکے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔