Tag: لیاقت آباد

  • بھینس کالونی سے خریدے گئے مویشی ڈاکو لیاقت آباد کے قریب چھین کر فرار، ویڈیو

    بھینس کالونی سے خریدے گئے مویشی ڈاکو لیاقت آباد کے قریب چھین کر فرار، ویڈیو

    کراچی: عید قرباں کی آمد کے ساتھ ہی کراچی میں مویشی چھیننے کی وارداتیں بھی شروع ہو گئی ہیں۔

    کراچی کے علاقے بھینس کالونی سے خریدے گئے مویشی ڈاکو لیاقت آباد کے قریب چھین کر فرار ہو گئے، ڈاکو کار میں سوار تھے جنھوں نے مویشی لے جانے والی گاڑی کا تعاقب کیا تھا۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، پولیس نے ایف آئی آر بھی درج کر لی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ شہری ٹرک میں 3 مویشی لاد کر اورنگی ٹاوٴن کی جانب جا رہا تھا، جب راستے میں ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر ڈرائیور کو ٹرک سے اتار کر اپنی کار میں سوار کیا۔

    مقدمے کے متن کے مطابق ڈاکو جانوروں سے بھرا ٹرک خود لے کر روانہ ہو گئے، اور کچھ فاصلے پر جا کر ٹرک ڈرائیور کو اتار کر ڈاکو فرار ہو گئے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خالی ٹرک نیپا چورنگی کے قریب سے مل گیا ہے۔


    اس سال کراچی مویشی منڈی کی سیکیورٹی کیسی ہوگی؟ اہم خبر


    پولیس حکام کے مطابق چھینے گئے مویشیوں کا سراغ نہیں مل سکا ہے، متاثرہ شہری نے پولیس کو بیان دیا کہ مویشیوں کی قیمت 6 لاکھ روپے سے زائد تھی۔

  • کراچی : نالے سے ملنے والی 5 سالہ سویرا کی لاش کا پوسٹ مارٹم ، بڑا انکشاف سامنے آگیا

    کراچی : نالے سے ملنے والی 5 سالہ سویرا کی لاش کا پوسٹ مارٹم ، بڑا انکشاف سامنے آگیا

    کراچی : لیاقت آباد کے نالے ملنے والی 5 سالہ بچی سویرا کی لاش کے پوسٹ مارٹم میں بڑا انکشاف سامنے آیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد کے نالے سے 5سالہ بچی کی لاش ملنے کے واقعے میں اہم پیش رفت ہوئی۔

    پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے بتایا کہ سویرا کا پوسٹمارٹم مکمل کرلیا ہے اور پوسٹ مارٹم میں بچی سے جنسی زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔

    ڈاکٹر سمعیہ کا کہنا تھا کہ جسمانی نمونےکیمیائی تجزیاتی رپورٹ کیلئے لیب بھیجےہیں، حتمی طور پرکیمیائی تجزیاتی رپورٹ آنےکےبعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

    یاد رہے بچی کی لاش گزشتہ روز لیاقت آباد میں ندی سے ملی تھی، اہلخانہ کا کہنا ہے منگل کے روز بچی گلی میں کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوئی تھی اور سی سی ٹی وی سےپتہ چلا بچی کو عورت اغواکر کے لے گئی۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ بچی کی لاش ناقابل شناخت تھی، جس کو بہن نے بالوں سے پہچانا، بچی سچل کے علاقے سکندر گوٹھ کی رہائشی تھی اور منگل کو لاپتا ہوئی تھی، بچی کی گمشدگی کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : لیاقت آباد میں ندی سے 5 سالہ بچی کی لاش برآمد

    سویرا کی المناک موت پر لواحقین غم و غصہ کا شکار ہیں، والدین کا کہنا ہے کہ بچی کی بروقت تلاش کے لئے اقدامات ہوجاتے تو شاید یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔

    پولیس نے سویرا کے رہائشی علاقے سکندر گوٹھ کی مختلف گلیوں سے سی سی ٹی وی فوٹیجزبھی حاصل کرلی ہیں

    بچی کی والدہ کا بتانا تھا کہ گھروں میں کام کرتی ہوں،صبح 8بجےچلی گئی تھی، جب کام پر گئی تومیری5سال کی بیٹی سویرا گھر پرموجودتھی، صبح 11 بجے سویرا گھر کے باہرگلی میں دوسرےبچوں کےساتھ کھیلنے گئی، ڈھائی سے3بجے کےدرمیان شوہراٹھاتوبیٹی سویرا گھر پر موجود نہیں تھی، شام میں 4 بجے گھر واپس لوٹی تو شوہر اوررشتہ داروں کےساتھ بچی کو تلاش کیا۔

  • لیاقت آباد : تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل ڈالا

    لیاقت آباد : تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل ڈالا

    کراچی : شہر قائد میں ایک اور ٹریفک حادثے میں نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، لیاقت آباد میں ٹرالر  نے موٹر سائیکل سوار کو کچل کر مار ڈالا۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ارم بیکری کے قریب تیز رفتار ٹرالر موٹر سائیکل سوار پر چڑھ گیا جس کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال متوفی شہری کی شناخت نہیں ہوسکی ہے، قانونی کارروائی کیلیے متوفی کی لاش اسپتال پہنچا دی گئی ہے جبکہ حادثے کے بعد ڈرائیور ٹرالر سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    اس سے قبل اسی علاقے لیاقت آباد سپر مارکیٹ کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو کچل ہلاک کردیا تھا۔

    ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہوگیا جبکہ مشتعل افراد کی جانب سے ٹرک کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی، تاہم پولیس موقع پر ہی جائے وقوع پر پہنچ گئی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کراچی کے علاقے گل بائی پر ٹرالر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں ماں اور ایک سال کا بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔

    خاتون کی شناخت شبانہ کے نام سے ہوئی جس کی عمر 45 برس تھی، خاتون کی گود میں ایک سالہ بچہ زوہان بھی تھا جو موقع پر انتقال کر گیا موٹرسائیکل پر سوار خاتون کا شوہر واقعے میں زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

  • ٹریفک حادثے میں عفان کی دردناک موت کے مقدمے میں قتل بالسبب کی دفعہ شامل

    ٹریفک حادثے میں عفان کی دردناک موت کے مقدمے میں قتل بالسبب کی دفعہ شامل

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد میں ڈاکخانے پر ٹریفک حادثے میں عفان کی دردناک موت کے مقدمے میں قتل بالسبب کی دفعہ بھی شامل کر دی گئی ہے۔

    سپر مارکیٹ شعبہ تفتیش نے کہا ہے کہ ٹریفک حادثے میں بچے کی ہلاکت کے واقعے پر مقدمے میں قتل بالسبب کی دفعہ شامل کر دی گئی ہے، 6 دسمبر کو لیاقت آباد ڈاکحانے پر ایک ٹرک سے، شادی کی تقریب سے واپس آنے والے 7 سالہ عفان کچل کر جاں بحق ہو گیا تھا۔

    حکام کے مطابق حادثے میں ٹرک نے موٹر سائیکل سوار دو خاندانوں ٹکر ماری تھی، اس حادثے میں بچہ جاں بحق، جب کہ اس کے چچا اور چچی شدید زخمی ہوئے تھے، جس پر 7 دسمبر کو سپر مارکیٹ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    تفتیشی حکام کے مطابق حادثے کے ذمہ دار ٹرک ڈرائیور کے ساتھ ساتھ غفلت برتنے پر ٹرک کے مالک کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے، ٹرک ڈرائیور بغیر لائسنس ٹرک چلا رہا تھا، اور مالک کے علم میں ہونے کے باوجود ٹرک کے مالک نے ڈرائیور کو ٹرک چلانے کی اجازت دی تھی۔

    ٹرک کی ٹکر سے جاں‌ بحق عفان کے حادثے کی دردناک فوٹیج سامنے آ گئی

    ادھر کراچی کے ایک اور علاقے منگھوپیر ناردرن بائی پاس پر بھی ٹرک اور گاڑی میں ٹکر کے باعث دو نوجوان جاں بحق ہو گئے ہیں، جن میں ایک کی شناخت 20 سالہ سجاد اور دوسرے کی شناخت 20 سالہ عباس کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کے مطابق نوجوان سجاد بلدیہ سوات کالونی کا رہائشی تھا، حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہو گیا تھا تاہم ٹرک کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

    ادھر کراچی پولیس کی جانب سے ہیوی ٹریفک کے کوائف کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، کراچی ڈمپر ایسوسی ایشن نے ڈی آئی جی ٹریفک کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ ڈمپر ڈرائیورز کے لائسنس کی تجدید کے لیے وین سہولت فراہم کی جائے، تنظیم کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ لائسنس دفتروں میں رش ہے اور ڈمپر ڈرائیونگ ٹیسٹ بھی ممکن نہیں ہے، اس لیے مناسب جگہ پر وین کی سہولت فراہم کی جائے۔

    اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ایسوسی ایشن کے رہنماؤں سے ملاقات کی تھی اور تمام ڈمپر اور ٹرک ڈرائیورز کے درست لائسنس یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔

  • لیاقت آباد پولیس افسر کی شرمناک حرکت، خواتین کے سامنے شرٹ تبدیل کرنے کی ویڈیو سامنے آگئی

    لیاقت آباد پولیس افسر کی شرمناک حرکت، خواتین کے سامنے شرٹ تبدیل کرنے کی ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی: لیاقت آباد پولیس اسٹیشن میں پولیس افسر اخلاقیات بھول گئے، خاتون کے سامنے شرٹ بدلنے پر معطل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد تھانے میں خواتین کے سامنے شرٹ بدلنے کے معاملے پر ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے اے ایس آئی پرویز کو معطل کر دیا۔

    ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ کسی بھی افسر یا اہلکار کو اس طرح کے فعل کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    لیاقت آباد شعبہ تفتیش کے افسر کی غیر اخلاقی حرکت کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں دیکھا گیا کہ کمرے میں دو خواتین کی موجودگی کے باوجود پولیس افسر وردی تبدیل کرنے لگا۔

    ویڈیو میں دیکھا گیا کہ کمرے میں 2 خواتین کی موجودگی کے باوجود پولیس افسر نے شرٹ اتاری، پولیس افسر کی غیر اخلاقی حرکت دیکھ کر کمرے میں موجود خواتین شرمسار ہوگئیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں خواتین کو شرم کے باعث چہرے دوسری جانب پھیرتے دیکھا جاسکتا ہے، پولیس افسر اے ایس آئی پرویز نے  درج مقدمے کی تفتیش کے سلسلے میں خواتین کو تھانے بلایا تھا۔

  • لوڈ شیڈنگ سے تنگ عوام کا کےالیکٹرک آفس پر حملہ

    لوڈ شیڈنگ سے تنگ عوام کا کےالیکٹرک آفس پر حملہ

    کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں لوڈ شیڈنگ سے تنگ عوام نے کے الیکٹرک آفس پر حملہ کردیا جبکہ لوگوں نے گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔

    تفصیلات کے مطابق ان دنوں کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ سے عوام تنگ ہیں، ایسے میں لیاقت آباد کی عوام کے صبر کا پیمانہ لبیرز ہوگیا اور مشتعل افراد نے کے الیکٹرک آفس پر حملہ کردیا، لوڈ شیڈنگ کے ستائے عوام نے وہاں کھڑی گاڑیوں پر بھی اپنی بھڑاس نکالی۔

    اپنے موقف میں ترجمان کےالیکٹرک نے کہا کہ کے الیکٹرک دفتر پر حملے اور گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ شرپسند عناصر کیخلاف سخت قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے، ایف سی ایریا اور الکرم اسکوائر میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ علاقے میں بجلی چوری اور نقصانات کی شرح کے مطابق ہے۔

    کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا تھا کہ علاقہ مکین وقت پر بجلی کے بل کی ادائیگیوں کو یقینی بنائیں، وقت پر کی گئی ادائیگیاں علاقے کی لوڈشیڈنگ میں کمی یا خاتمے کا اہم جز ہیں۔

  • ویمن پولیس اسٹیشن کے لاک اپ سے ملزمہ مسکان فرار، ایس ایچ او معطل

    ویمن پولیس اسٹیشن کے لاک اپ سے ملزمہ مسکان فرار، ایس ایچ او معطل

    کراچی: لیاقت آباد ویمن پولیس اسٹیشن سے مسکان نامی ملزمہ کے فرار پر ویمن تھانے کی ایس ایچ او کو معطل کر دیا گیا، جب کہ 3 اہل کاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں لیاقت آباد ویمن پولیس اسٹیشن سے ملزمہ مسکان کے فرار کے معاملے میں ایس ایس پی سینٹرل کی ہدایت پر ایس پی لیاقت آباد نے تحقیقات مکمل کر لی، پولیس تحقیقات میں ویمن پولیس اسٹیشن کے عملے کی غفلت سامنے آ گئی۔

    ویمن پولیس اسٹیشن کی 2 خواتین پولیس کانسٹیبلز اور ایک اہل کار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، جس میں سپاہی عروج کرن، سپاہی ردا فاطمہ اور سپاہی ریحان پاشا کو نامزد کیا گیا ہے، جب کہ ایس ایچ او ویمن پولیس اسٹیشن ارم کو معطل کر دیا گیا ہے۔

    ملزمہ مسکان کو نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے چوری کے کیس میں گرفتار کیا تھا، لاک اپ پر موجود خواتین پولیس اہلکاروں نے غفلت برتتے ہوئے گیٹ کھول دیا تھا، لاک اپ کا گیٹ کھلتے ہی ملزمہ مسکان دھکا دے کر تھانے سے فرار ہو گئی۔

    تحقیقات میں معلوم ہوا کہ تھانے کے گیٹ پر تعینات پولیس اہلکار ریحان پاشا نے بھی ملزمہ کو روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے فرار کے بعد تاحال تلاش جاری ہے، اور ابھی تک دوبارہ گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔

  • کم عمر لڑکوں کی لوٹ مار کی ویڈیو وائرل

    کم عمر لڑکوں کی لوٹ مار کی ویڈیو وائرل

    کراچی: شہر قائد میں لوٹ مار عروج پر ہے، ایک اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں کم عمر لڑکوں نے ایک پکوان سینٹر پر کئی افراد کو لوٹ لیا، کراچی پولیس اسٹریٹ کرائمز اور لٹیروں کے طوفان سے شہریوں کو بچانے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کر سکے۔

    سامنے آنے والی فوٹیج میں کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں 5 مسلح ملزمان کو دھڑلے کے ساتھ لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے، یہ واردات 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 5 مسلح ملزمان نے انجام دی، ابتدا میں دو موٹر سائیکل سوار اسلحہ نکال کر دکان میں لوٹ مار کرنے لگے، ذرا دیر بعد ایک اور موٹر سائیکل پر پیلی ٹی شرٹ میں ملبوس پانچواں لٹیرا بھی پستول نکال کر آ گیا۔

    واردات میں شامل لٹیروں کو پکوان سینٹر کی دکان میں موجود عملے اور دیگر افراد سے لوٹ مار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، لٹیروں نے بلاخوف و خطر واردات مکمل کی اور فرار ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق لٹیروں نے پکوان سینٹر پر موجود عملے سے ان کے موبائل فون اور نقدی چھینی، فوٹیج میں واضح دکھائی دے رہا ہے کہ لٹیروں کا یہ گروپ لڑکوں پر مشتمل ہے۔

    واردات کے دوران لڑکوں نے مختلف ڈیزائن اور رنگ کے فیس ماسک پہنے ہوئے تھے، شام کے وقت ہونے والی واردات کی فوٹیج میں لوگوں کو بھی آتے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    مختلف فیس ماسک پہنے لٹیرے

    فوٹیج میں جہاں کم عمر لٹیروں کا جرم کے وقت اطمینان حیران کن ہے وہاں، یہ صورت حال کراچی پولیس کے منہ پر ایک زناٹے دار تمانچہ بھی ہے، جن کے ہوتے ہوئے روزانہ شہری لٹ رہے ہیں اور سامنے آنے والی فوٹیجز کو بھی اپنے لیے پریشانی کا باعث نہیں سمجھ رہے۔

  • لیاقت آباد میں رات گئے تجاوزات کے خلاف آپریشن، 12 افراد گرفتار

    لیاقت آباد میں رات گئے تجاوزات کے خلاف آپریشن، 12 افراد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں تجاوزات کے خلاف رات گئے آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران سپر مارکیٹ سے لیاقت آباد تک تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا جبکہ مزاحمت پر 12 افراد گرفتار بھی کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع وسطی کے علاقے لیاقت آباد کی سپر مارکیٹ سے دس نمبر تجاوزات کے خلاف کے ایم سی کی انکروچمنٹ ٹیم نے نائٹ آپریشن کیا گیا۔

    آپریشن کے دوران سپر مارکیٹ سے لیاقت آباد تک تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا، سڑک کنارے اور فٹ پاتھ پر موجود کیبن، ریڑھیاں، پتھارے، کھانے پینے کے اسٹالز اور دیگر تجاوزات کو ہٹا دیا گیا۔

    آپریشن کے دوران مزاحمت پر 12 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا، اسسٹنٹ کمشنر لیاقت آباد کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف تھانہ لیاقت آباد سپر مارکیٹ میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت مقدمات درج کروائے گئے ہیں، گرفتار افراد کی جانب سے انتظامیہ کے احکامات کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کے سبب ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ اطراف کے رہائشیوں کو مشکلات کا بھی سامنا تھا۔

  • کراچی میں رینجرز کی کارروائیاں، 5 انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی میں رینجرز کی کارروائیاں، 5 انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے کارروائیوں کے دوران 5 انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے لیاقت آباد اور بھینس کالونی میں رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات پر کارروائیاں کرتے ہوئے انتہائی مطلوب ڈکیت گروہ کے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان رینجرز نے بتایا کہ ملزمان اسٹریٹ کرائم،ڈکیتیوں کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں،ملزمان منظم طریقے سے مختلف علاقوں میں وارداتیں کرتے، ملزمان بینک،منی چینجر سے رقم نکلوانے والے افراد کو بھی لوٹتے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ، موٹرسائیکل،زیورات،نقدی،فون اورمسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان کوقانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیاگیا۔

    کراچی: رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 10ملزمان گرفتار

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے شہرقائد کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے کارروائیاں کرتے ہوئے 10 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، گرفتار ملزمان سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 5 جون کو کراچی میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشت گرد جان عالم کو گرفتار کیا تھا۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق جان عالم پرانی سبزی منڈی میں انسپکٹر شفیق تنولی پر خودکش حملہ کرانے اور اے این پی سندھ کے جنرل سیکرٹری بشیر جان پر بم دھماکے میں بھی ملوث تھا۔