Tag: لیاقت باغ

  • راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کا لیاقت باغ کے حوالے سے اہم فیصلہ

    راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کا لیاقت باغ کے حوالے سے اہم فیصلہ

    راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے جلسے کی دائر درخواست واپس لینے کے باوجود ضلعی انتظامیہ نے لیاقت باغ کے داخلی دروازوں کو تالے لگا دیے۔

    ضلعی انتظامیہ نے لیاقت باغ کو چاروں اطراف سے مکمل سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور داخلی دروازوں کو سیل کرنے کے بعد سرکاری ملازمین تعینات کر دیے۔

    انتظامیہ نے اس کے اطراف سرکاری دفاتر کے ملازمین کو کارڈز ہمراہ رکھنے کی ہدایت کر دی۔

    اس سے کچھ دیر قبل پنجاب حکومت نے راولپنڈی، جہلم، چکوال اور اٹک میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق راولپنڈی کے چاروں اضلاع میں جلسہ، جلوس اور اجتماع پر پابندی عائد ہوگی۔

    پی ٹی آئی نے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسے کیلیے درخواست دائر کی تھی جو انہوں نے آج واپس لے لی۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں لیاقت باغ کے مقام پر پی ٹی ائی کے جلسے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے درخواست پر سماعت کی جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے ایڈوکیٹ محمد فیصل مالک عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کے روبرو کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر ہم یہ درخواست واپس لے رہے ہیں۔

    اس پر جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کہا کہ یہ کیا آپ درخواست دائر کر کے واپس بھی لے رہے ہیں کل تو آپ کا راولپنڈی میں جلسہ ہے۔

    جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے وکیل پی ٹی آئی سے استفسار کیا کہ درخواست ہم نے تین روز قبل لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں دائر کی تھی، آج سماعت کیلیے مقرر ہوئی ہے اس سے قبل ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو درخواست دی جو مسلسل ٹال مٹول کرتے رہے ہیں تاہم پارٹی کی اعلی قیادت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔

    وکیل محمد فیصل ملک نے کہا کہ ہم اپنی دائر درخواست واپس لیتے ہیں، بعد ازاں پی ٹی ائی قیادت کی ہدایت پر پی ٹی ائی کے وکیل محمد فیصل ملک نے دائر درخواست فی الحال واپس لے لی۔

  • بلاول بھٹو کو سیکورٹی فراہم کی جائے: لاہور ہائی کورٹ پنڈی بینچ کا حکم

    بلاول بھٹو کو سیکورٹی فراہم کی جائے: لاہور ہائی کورٹ پنڈی بینچ کا حکم

    راولپنڈی: لاہور ہائی کورٹ کے پنڈی بینچ نے سیکورٹی اداروں کو حکم دیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سیکورٹی فراہم کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسے کے کیس میں لاہور ہائی کورٹ کے پنڈی بینچ نے حکم جاری کیا ہے کہ سیکورٹی ادارے بلاول بھٹو کو سیکورٹی فراہم کریں، اور جلسے کی سیکورٹی کے لیے متعلقہ ادارے اقدامات کریں۔

    عدالت نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سردار سیف اللہ ڈوگر کے جلسے کی اجازت نہ دینے کے احکامات بھی منسوخ کر دیے، کیس کی سماعت کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے قمر زمان کائرہ اور دیگر رہنما عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پیپلزپارٹی کو لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت مل گئی

    واضح رہے کہ دو دن قبل لاہور ہائی کورٹ کے پنڈی بینچ نے پاکستان پیپلز پارٹی کو بے نظیر بھٹو کی برسی پر لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت دی تھی، لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ کے جسٹس طارق عباسی نے پیپلز پارٹی کی 27 دسمبر کو جلسے کے لیے درخواست پر فیصلہ سنایا تھا اور 26 دسمبر کو (آج) ضلعی انتظامیہ کو طلب کیا تھا۔

    اس سے قبل راولپنڈی پولیس اور انتظامیہ نے پیپلز پارٹی کو لیاقت باغ میں 27 دسمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سیکورٹی خطرات کے باعث پیپلز پارٹی کو جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

    بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ ہم راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ایک بار پھر آ رہے ہیں، جہاں شہید محترمہ نے اپنی آخری تقریر کی تھی۔

  • پیپلزپارٹی کو لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت مل گئی

    پیپلزپارٹی کو لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت مل گئی

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے پیپلزپارٹی کو بے نظیر بھٹو کی برسی پر لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کو بےنظیر بھٹوکی برسی پر لیاقت باغ میں جلسےکی اجازت مل گئی، لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ کے جسٹس طارق عباسی نے پیپلزپارٹی کی 27 دسمبرکو جلسے کے لیے درخواست پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے 26 دسمبر کو ضلعی انتظامیہ کو طلب کرلیا۔

    چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بےنظیر بھٹوکی برسی پر لیاقت میں جلسے سے خطاب کریں گے۔

    اس سے قبل راولپنڈی پولیس اور انتظامیہ نے پیپلزپارٹی کو لیاقت باغ میں 27 دسمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خطرات کے باعث پیپلزپارٹی کو جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

    ہم نے راولپنڈی آنے کا فیصلہ کر لیا ہے، بلاول بھٹو

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ راولپنڈی میں پھر آرہے ہیں، شہید محترمہ نے جہاں آخری تقریر کی تھی ہم وہاں آ رہے ہیں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اسلام ہمارا دین، جمہوریت ہماری سیاست، مساوات اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، انشااللہ لیاقت باغ میں کھڑے ہوکرپوری دنیا کو پیغام دیں گے۔