Tag: لیاقت قائمخانی

  • لیاقت قائم خانی کے جعلی سودوں اور چائنا کٹنگ کی تفصیلات سامنے آ گئیں

    لیاقت قائم خانی کے جعلی سودوں اور چائنا کٹنگ کی تفصیلات سامنے آ گئیں

    کراچی: کے ایم سی کے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی سے متعلق اہم انکشافات ہوئے ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ لیاقت قائم خانی نے کراچی کے پوش علاقوں میں پارکوں پر چائنا کٹنگ کرائی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق ڈی جی پارکس نے سرکاری زمینوں کے جعلی سودے بھی کیے، ذرایع نے کہا کہ پارکوں کی زمین کی الاٹمنٹ سے انھوں نے سیاسی رہنماؤں کے قریبی دوستوں کو نوازا۔

    زمینوں کی الاٹمنٹ کی دستاویزات سابق ڈی جی منظور قادر کاکا نے بنوائیں، لیاقت قائم خانی نے باغ ابن قاسم کے ساتھ پولو گراؤنڈ کی بارہ دری کا بھی جعلی سودا کیا، کے ایم سی کے فنڈز سے بنی بارہ دری کے نیچے پارکنگ نجی ہوٹل کو دے دی۔

    ذرایع نیب کا کہنا ہے لیاقت قائم خانی نے دستاویزات میں بارہ دری کو کے ڈی اے کی ملکیت ظاہر کیا، جب کہ کے ڈی اے نے نیب حکام کو 12 سال سے کوئی فیس یا ٹینڈرجاری کرنے کی تردید کر دی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیب ٹیم لیاقت قائم خانی کی تجوری کھولنے میں ناکام، ڈرل مشین کی 8 بٹیں ٹوٹ گئیں

    سوال اٹھا ہے کہ 12 سال سے فیس یا ٹینڈر جاری نہیں ہوا تو لاکھوں روپے یومیہ کہاں جا رہے ہیں، پارکنگ کی 12 سال سے فیس کس کو جاتی ہے، نیب حکام نے اس کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    ذرایع نیب نے کہا کہ طارق روڈ جھیل پارک کی اراضی سیاسی رہنماؤں کے دوست کو الاٹ کرائی گئی، جھیل پارک کی اراضی پر کثیرالمنزلہ عمارت تعمیر ہے، جس کا نقشہ منظور قادر کاکا نے پاس کیا، ہل پارک اراضی پر بھی اربوں کے 42 بنگلوں کی زمین الاٹمنٹ میں قائم خانی ملوث ہیں۔

    شہید بے نظیر پارک پر بھی کثیرالمنزلہ عمارت کی زمین الاٹ کی گئی، اس الاٹمنٹ میں بھی لیاقت قائم خانی نے منظور قادر کاکا کے ساتھ سہولت کاری کی، نیب نے محکمہ بلدیات سے لیاقت قائم خانی کی تمام تفصیلات اور جاری فنڈز کی رپورٹ مانگ لی۔

  • نیب ٹیم لیاقت قائم خانی کی تجوری کھولنے میں ناکام، ڈرل مشین کی 8 بٹیں ٹوٹ گئیں

    نیب ٹیم لیاقت قائم خانی کی تجوری کھولنے میں ناکام، ڈرل مشین کی 8 بٹیں ٹوٹ گئیں

    کراچی: نیب راولپنڈی اور کراچی نے لیاقت قائم خانی کے گھر پر پھر مشترکہ چھاپا مارا، اس بار نیب ٹیم نے سابق ڈی جی پارکس کے گھر میں موجود تجوری کو کھولنے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ کام یابی نہ حاصل کر سکی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب ٹیم 6 گھنٹے بعد بھی لیاقت قائمخانی کی تجوری کھولنے میں ناکام رہی، ذرایع کا کہنا ہے کہ اس دوران ڈرل مشین کی 8 بٹیں بھی ٹوٹ گئیں لیکن لاکر نہ کھل سکا۔

    بعد ازاں نیب ٹیم سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کی رہایش گاہ سے روانہ ہو گئی، نیب ذرایع نے کہا ہے کہ تجوری کا عقبی حصہ کنکریٹ اور سریے سے بنا ہوا تھا، تجوری کو ڈرل مشین سے کھولنے کی متعدد کوششیں کی گئیں لیکن بے سود رہیں۔

    دوسری طرف لیاقت قائم خانی اور ان کے رشتے دار تجوری کے کوڈ سے لا علمی کا اظہار کرتے رہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی 14 روزہ جسمانی ریمانڈپر نیب کےحوالے

    قبل ازیں، نیب راولپنڈی اور کراچی نے لیاقت قائم خانی کے گھر پر مشترکہ چھاپا مارا اور گھر کے مختلف حصوں اور کمروں کی تلاشی لی، نیب نے گھر سے مزید دستاویزات تحویل میں لیں، ٹیم لیاقت قائم خانی کے بھائی کی مدد سے دوسرا لاکر بھی کھلوانے کی کوشش کر رہی تھی لیکن ناکام رہی۔

    چھاپے کے وقت دیکھا گیا کہ نیب کی کئی گاڑیاں لیاقت قائم خانی کے گھر کے اندر اور باہر موجود رہیں، نیب کی ٹیم لیاقت قائم خانی کے گھر عقبی راستے سے داخل ہوئی، پولیس ٹیم بھی ہم راہ رہی۔

    لیاقت قائم خانی کا لاکر کھولتے کھولتے ڈرل مشین کی 8 ڈسکس ٹوٹ گئیں، نیب اہل کاروں نے لاکر کھولنے کے لیے ڈرل مشین کی مزید 20 آریاں منگوا لیں۔

    لیاقت قائم خانی کا کہنا تھا کہ لاکر کا پاس ورڈ مجھے یاد نہیں بھائی کو یاد ہوگا، تاہم ان کے بھائی نے بھی پاس ورڈ سے لا علمی کا اظہار کیا۔