Tag: لیاقت پور

  • خوفناک ٹریفک حادثات ،  نوبیاہتا جوڑے سمیت 9 افراد جاں بحق

    خوفناک ٹریفک حادثات ، نوبیاہتا جوڑے سمیت 9 افراد جاں بحق

    لاہور : پنجاب اور کراچی میں خوفناک ٹریفک حادثات کے نتیجے میں نوبیاہتا جوڑے سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں 3 ٹریفک حادثات رونما ہوئے ، لیاقت پور میں طاہر والی پیٹرولنگ چیک پوسٹ کے قریب دو موٹر سائیکلیں ٹکرانے کے بعد ٹریلر کے نیچے آگئیں ، حادثے میں میاں بیوی سمیت تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

    جاں بحق میاں بیوی کی چار روز قبل شادی ہوئی تھی تاہم تمام لاشوں اور زخمیوں کو ترنڈہ محمد پناہ ا سپتال منتقل کردیا گیا ۔

    دوسرے حادثے میں وہاڑی کے نواحی علاقہ لڈن کے قریب گاڑی الٹنے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہوگئے، متاثرہ فیملی لاہور سے حاصل پور جارہی تھی۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث حادثہ پیش آیا، جاں بحق افراد کی شناخت علیحہ ایوب،محمد عمر، ایوب اور ناہید کے ناموں سے ہوئی ہے تاہم لاشوں کوڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    تیسرے حادثہ کراچی میں پیش آیا ، جہاں پورٹ قاسم آئل ڈپو کے قریب گاڑی نے موٹرسائیکل کو روند ڈالا،جس کے نتیجے میں باپ بیٹا جاں بحق اور ماں شدید زخمی ہوگئی ، جاں بحق ہونے والوں میں چالیس سال کا عابد اور ڈیڑھ سال کا عاطف شامل ہیں۔

  • ٹک ٹاک پر شوہر کے انتقال کی جھوٹی ویڈیو بنانے والی خاتون کے لیے بری خبر

    ٹک ٹاک پر شوہر کے انتقال کی جھوٹی ویڈیو بنانے والی خاتون کے لیے بری خبر

    لیاقت پور: ٹک ٹاک پر شوہر کے انتقال کی جھوٹی ویڈیو بنانے والی خاتون نے شاید سوچا نہیں تھا کہ جو ویڈیو وہ بنانے جا رہی ہے، وہ ان کے لیے کیسی مصیبتیں کھڑی کر سکتی ہے۔

    خاتون کے خلاف لاہور سائبر کرایم سیل میں ایک وکیل نے درخواست دے دی ہے، درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ خاتون کو شوہر کی موت کی جھوٹی ویڈیو بنانے پر سزا دی جائے۔

    لاہور سائبر کرائم سیل میں اندراج مقدمہ کی درخواست ایڈووکیٹ شہباز احمد نے دی ہے، جس میں خاتون اور شوہر کے خلاف مقدمہ درج کر کے سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز رحیم یار خان کے شہر لیاقت پور میں خاتون نے اپنے ٹک ٹاک فالوورز بڑھانے کے لیے اپنے شوہر کے انتقال کی جھوٹی خبر پر مبنی ویڈیو اپ لوڈ کر دی تھی، جس پر اہل علاقہ کی بڑی تعداد گھر کے باہر جمع ہوئی تو حقیقت سامنے آ گئی۔

    خاتون نے ٹک ٹاک پر شوہر کے انتقال کی جھوٹی خبر دے دی

    خاتون نے ویڈیو میں رونے کی اداکاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عادل نہیں رہے، ان کا کار ایکسیڈنٹ ہوا اب وہ اس دنیا میں نہیں رہے۔‘

    سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والی ویڈیو میں خاتون کہتی نظر آتی ہے ’عادل نہیں رہے، عدنان کی کال آئی تھی، اس نے بتایا عادل کا ایکسیڈنٹ ہو گیا ہے وہ نہیں رہے، میرے ساتھ ہی ایسا کیوں ہوا؟‘

    ٹک ٹاک اسٹار عادل راجپوت کی جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی تھی اور عادل راجپوت کا ٹاپ ٹرینڈ بن گیا تھا، جہاں سوشل میڈیا صارفین نے ان کی موت کی افواہ پر تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

  • ریل حادثے کے بعد پنجاب کا 100 مقامات پر ایمرجنسی سینٹرز بنانے کا فیصلہ

    ریل حادثے کے بعد پنجاب کا 100 مقامات پر ایمرجنسی سینٹرز بنانے کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ لیاقت پور تحصیل سمیت 100 مقامات پر ایمرجنسی سینٹرز بنائیں گے، سانحہ تیز گام جیسے واقعات سے نمٹنے کے لیے فرسٹ ایڈ ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ میانوالی، لیہ سمیت مختلف شہروں میں 5 زچہ بچہ اسپتال بنا رہے ہیں، جب کہ گنگارام اسپتال میں مزید سہولتوں کے لہے ڈیپارٹمنٹس بنائے جائیں گے۔

    یاسمین راشد نے حادثات میں فرسٹ ایڈ کی ضرورت سے متعلق حکومتی اقدامات کے حوالے سے کہا کہ سانحہ تیز گام جیسے واقعات سے نمٹنے کے لیے فرسٹ ایڈ ضروری ہے، اس ضمن میں ایمرجنسی سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں جن کے قیام سے حادثات سے جلد نمٹنے میں مدد ملے گی۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ لیاقت پور تحصیل میں ایمرجنسی سینٹر ضرور ہونا چاہیے، 100 ایسی جگہوں پر ایمرجنسی سینٹرز بنائیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی ایئر ایمبولینس میں گہری دل چسپی کا اظہار کیا ہے۔

    نواز شریف کی صحت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے اچھے سے اچھے علاج کی کوشش کی گئی ہے، مریض کی مرضی اہم ہوتی ہے، نواز شریف اپنی مرضی سے گھر گئے ہیں، علاج کی سہولتوں سے وہ خود مطمئن تھے، تاہم کوئی بھی کسی کی زندگی اور صحت کی گارنٹی نہیں دے سکتا، ہم اپنی گارنٹی نہیں دے سکتے دوسروں کی کیسے دیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ اللہ سے دعا کرتی ہوں ہمیں دوسروں کے لیے شفا کا ذریعہ بنائے، مریض کے معاملے پر ہم سمجھوتا نہیں کر سکتے، ڈاکٹرز کے لیے زندگی میں مریض سے زیادہ کوئی اہم نہیں ہوتا، حکومت پر ذمہ داری ڈالنے جیسے بیانات آئے تو بہت دکھ ہوا، خان صاحب سے بات کی اور کہا کہ ہم کیسے کسی کی گارنٹی دیں۔

  • سانحہ تیزگام: ورثا کا ماں اور بیٹے کی میتیں وصول کرنے سے انکار

    سانحہ تیزگام: ورثا کا ماں اور بیٹے کی میتیں وصول کرنے سے انکار

    کراچی: سانحہ تیزگام میں جاں بحق ہونے والے ماں اور بیٹے کی میتیں سانگھڑ میں ورثا نے وصول کرنے سے انکار کردیا، انتظامیہ نے میتیں مقامی اسپتال کے سرد خانے میں رکھوا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق تیزگام حادثے میں جاں بحق ہونے والے ماں اور بیٹے کی میتیں ورثا نے وصول کرنے سے انکار کردیا۔ بیٹے نے انتظامیہ کو بتایا کہ اس کی والدہ اور بھائی شورکوٹ میں زندہ ہیں۔ انتظامیہ نے بتایا کہ میتیں ڈی این اے ٹیسٹ کے نتائج کے بعد لائی گئیں، انتظامیہ نے میتیں مقامی اسپتال کے سرد خانے میں رکھوا دیں۔

    دوسری جانب سانحہ تیز گام میں جاں بحق 29 افراد کی میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں، 26 میتیں میرپورخاص جبکہ 3 کی تدفین عمرکوٹ میں کی جائے گی۔ ڈی سی او میرپور خاص کے مطابق جاں بحق افراد کی نمازجنازہ مختلف مقامات پرادا کی جائے گی، شہدا کی یاد میں آج ضلع بھر میں یوم سوگ ہے۔

    کراچی سے تعلق رکھنے والے 3 افراد کی میتیں سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے منتقل کر دی گئیں، ماں بیٹے سمیت 3 افراد کی میتیں وصول کرنے کے لیے لواحقین موجود ہیں۔

    سانحہ تیزگام میں جاں بحق ہونے والا ممتاز حسین مہران ٹاؤن کا رہائشی تھا، حادثے میں جاں بحق ہونے والی ریحانہ اور بیٹا جسٹن گلستان جوہر کے رہائشی تھے۔ گلستان جوہر کی رہائشی فیملی کے مزید 2 افراد تاحال لاپتہ ہیں، فیملی کے ایک فرد ذوالفقار کی میت 2 روز قبل گھرمنتقل کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 74 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ 31 اکتوبر کو کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب گیس سلینڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث 74 افراد جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

    تیزگام ایکسپریس کو حادثہ صبح چھ بجکر پندرہ منٹ پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور میں چنی گوٹھ کے نزدیک چک نمبر 6 کے تانوری اسٹیشن پر پیش آیا تھا۔

  • سانحہ تیزگام: حادثے میں جاں بحق شخص کی میت لاہور پہنچا دی گئی

    سانحہ تیزگام: حادثے میں جاں بحق شخص کی میت لاہور پہنچا دی گئی

    لاہور: صوبہ پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب گزشتہ روز ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی میت لاہور پہنچا دی گئی، آج دوپہر کو تدفین کی جائے گی، تدفین کےاخراجات ایدھی فاونڈیشن اٹھائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لیاقت پور کے قریب پیش آنے والے ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی میت لاہور پہنچا دی گئی، 45 سالہ محبوب مسیح سیون اپ پھاٹک کا رہائشی تھا۔

    ایدھی انفارمیشن بیورو کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی آج دوپہر کو تدفین کی جائے گی، تدفین کےاخراجات ایدھی فاونڈیشن اٹھائے گا۔

    لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 74 افراد جاں بحق

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب گیس سلینڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث 74 افراد جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

    تیزگام ایکسپریس کو حادثہ صبح چھ بجکر پندرہ منٹ پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور میں چنی گوٹھ کے نزدیک چک نمبر 6 کے تانوری اسٹیشن پر پیش آیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے حادثے پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا تھا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 74 افراد جاں بحق

    لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 74 افراد جاں بحق

    لیاقت پور: صوبہ پنجاب کے شہر لیاقت پور کے قریب تیز گام ٹرین کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 74 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ٹرین کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، حادثے میں 74 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 12 مسافروں کی حالت تشویش ناک ہے۔

    ڈی سی رحیم یار خان کے مطابق آگ سلینڈر پھٹنے کے باعث لگی، 40 سے زائد مسافر زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے احمد پور شرقیہ، بہاولپور اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ایم ایس ڈی ایچ کیو لیاقت پور کے مطابق شدید زخمیوں کو شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ڈی سی رحیم یار خان کے مطابق تیز گام ایکسپریس کی بوگیوں میں لگنے والی آگ بجھا دی گئی، کولنگ کا عمل جاری ہے۔ ریسکیو 1122 کی 10 گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔

    آئی ایس پی آر

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوان تیزگام حادثے کے مقام پر پہنچ گئے، پاک فوج کے جوان سول انتظامیہ سے مل کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس اسٹاف بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹربھی حادثےکی جگہ پہنچ گیا، آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

    شیخ رشید احمد نے حادثے کی رپورٹ طلب کرلی

    ریلوے حکام کے مطابق ٹرین سلینڈر لے جانے کی اجازت نہیں ہے اور تحقیقات کے بعد اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ کس کی غفلت کے باعث مسافر ٹرین میں سلینڈر لے کر سوار ہوئے۔ وفاقی وزیرے ریلوے شیخ رشید احمد نے ٹرین حادثے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، ٹرین کے اکانومی کلاس میں آگ لگی ہے، تبلیغی جماعت کے لوگ اجتماع میں جا رہے تھے۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ دو گھنٹے میں ٹریک کو بحال کردیا جائے گا، جاں بحق ہونے والوں میں تبلیغی جماعت والوں کے لوگ شامل ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کی جانب سے چولہے وغیرہ لے جانے پر پابندی ہے، ٹرین میں کھانے سے متعلق اشیا پربہت سختی ہونی چاہیے۔

    سی ای او ریلوے کا کہنا ہے کہ تبلیغی جماعت کے مسافر کھانا بنانے کا سامان لے کر جاتے ہیں، متاثرہ بوگیوں کو الگ کر دیا گیا تھا اس لیے بڑا نقصان نہیں ہوا۔

    سی ای اور یلوے اعجاز بریرو نے کہا کہ آگ بجھانے کا سامان ہوتا ہے مگر وہ زیادہ تعداد میں نہیں ہے، چلتی ٹرین میں ہوا کے باعث سلینڈر کی آگ پھیلی۔

    ڈی سی او جنید اسلم نے کہا کہ متاثرہ 3 بوگیوں میں 207 مسافرسوار تھے، اکانومی کلاس کی 2 بوگیوں میں مسافر زیادہ تر حیدرآباد سے سوار ہوئے، اکانومی کلاس کی 2 بوگیاں امیر حسین اینڈ جماعت کے نام سے بک تھیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اکانومی کی ایک بوگی میں77، دوسری میں 76 مسافرسوار تھے، متاثرہ تیسری بزنس کلاس کی بوگی میں 54 مسافر سوار تھے۔

    ڈویژنل کمرشل آفیسر کا کہنا تھا کہ معلومات کے لیے کراچی ڈویژن نے 02199213506 نمبر جاری کیا ہے، کراچی سے ٹرین شیڈول متاثر نہیں ہے، وقت پر روانہ ہوں گی۔

    وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ بہاولپور،رحیم یارخان کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، زخمی افراد کے بہترین علاج کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ جاں بحق و زخمی افراد کی فہرستیں آویزاں کی جائیں، شدید زخمی مسافروں کو ملتان برن یونٹ منتقل کیا جا رہا ہے۔

    ایم ایس ڈی ایچ کیو لیاقت پور ندیم ضیا نے بتایا کہ 12 مسافروں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 14 مسافروں کی لاشیں نا قابل شناخت ہیں۔

    مسافروں کی تفصیل

    کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ٹرین کی 3 بوگیوں میں سوار مسافروں کی تفصیل سامنے آگئی، ریزرویشن لسٹ کے مطابق 54 مسافر 11 نمبر بوگی میں سوار تھے، 78مسافر بارہ نمبر بوگی میں سوار تھے۔

    ریزرویشن لسٹ کے مطابق 78مسافر ہی 13 نمبر بوگی میں سوار تھے، کراچی سے راولپنڈی تک 3 مسافروں کی بکنگ تھی، کراچی سے لاہور تک 3، ٹنڈوآدم سے اوکاڑہ تک 3 مسافر سوار تھے۔

    ریزرویشن لسٹ کے مطابق ٹنڈوآدم سے رائیونڈ تک کے 27 مسافر سوار تھے، حیدر آباد سے رائیونڈ تک کے 10 اور صادق آباد سے رائیونڈ کے 2 مسافر سوار تھے، روہڑی سے رائیونڈ تک کے 3 مسافر سوار تھے۔

  • سانحہ تیزگام: مسافروں سے متعلق معلومات کے لیے ہیلپ لائن قائم

    سانحہ تیزگام: مسافروں سے متعلق معلومات کے لیے ہیلپ لائن قائم

    لاہور: ریلوے انتظامیہ نے تیزگام ٹرین کے زخمی اور جاں بحق ہونے والے مسافروں سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے ہیلپ لائن قائم کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین ریلویز سکندر سلطان راجہ کی ہدایت پر ریلوے انتظامیہ نے تیزگام ٹرین کے زخمی اور جاں بحق ہونے والے مسافروں سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے ہیلپ لائن قائم کردی۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز اعجاز احمد بریرو ، چیف مکینکل انجینئر کیرج اینڈ ویگن ، چیف الیکٹریکل انجینئر اور چیف کمرشل منیجر جائے حادثہ کی جانب روانہ ہو گئے جبکہ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ، ڈویژنل کمرشل آفیسر اور ڈویژنل میڈیکل آفیسر بھی جائے حادثہ پر موجود ہیں۔

    ترجمان ریلوے نے مزید کہا کہ مسافروں کی معلومات ان نمبرز پر لی جاسکتی ہیں۔0619200382،03114403720
    03003026200،04299201795،0719310087،02199213528,03468328023

    لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 73 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ آج صبح کراچی سے لاہور جانے والی تیز گام ٹرین کی 3 بوگیوں میں آگ لگنے کے نتیجے میں 73 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 12 مسافروں کی حالت تشویش ناک ہے۔

    ڈی سی رحیم یار خان کے مطابق تیز گام ایکسپریس کی بوگیوں میں لگنے والی آگ بجھا دی گئی، کولنگ کا عمل جاری ہے۔ ریسکیو 1122 کی 10 گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔

  • وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کا ٹرین حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار

    وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کا ٹرین حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی رہنماؤں نے تیز گام ٹرین حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے لیاقت پور کے قریب پیش آنے والے ٹرین حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیراعظم عمران نے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔

    وزیرخارجہ شاہ محمو قریشی نے تیزگام ایکسپریس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حادثے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹرین حادثے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے غمزدہ خاندانوں سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت زخمیوں کے بہترعلاج کا بندوبست کرے، حکومت جاں بحق افراد کو معاوضہ ادا کرے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹرین حادثے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ زخمی افراد کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

    جہانگیر ترین نے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہے، اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کے لواحقین کو صبر، زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ٹرین سانحے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کے جاں بحق ہو نے پر پوری قوم افسردہ ہے۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر متاثرین کےغم میں برابر کےشریک ہیں۔ انہوں نے جاں بحق مسافروں کے لیے مغفرت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

    لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 10افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ آج صبح صوبہ پنجاب کے شہر لیاقت پور کے قریب تیز گام ٹرین کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔