Tag: لیبیا کشتی حادثہ

  • لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق 6 پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس پہنچ گئیں

    لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق 6 پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس پہنچ گئیں

    اسلام آباد : لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق چھ پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق چھ پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس پہنچ گئیں، وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر میتیں وصول کیں۔

    اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ متوفین کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں اور اس افسوسناک موقع پر لواحقین کے غم میں شریک ہوں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 5 فروری کو پیش آنے والے سانحے نے ملک کے کئی خاندانوں کو سوگ میں ڈال دیا، حکومت متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہر ممکن سطح پر کھڑی ہے۔

    ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہم نے تمام ضروری انتظامات کیے ہیں کہ متوفین کے جسد خاکی ان عزیزوں تک پہنچائے جا سکیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ لیبیا میں زندہ بچ جانے والے 37 پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں، باقی جاں بحق افراد کو جلد وطن واپس لائیں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ وقت سبق سکھاتا ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے یورپ جانے کی کوشش کتنی خطرناک ہو سکتی ہے۔

    انھوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے خطرناک راستے اختیار نہ کریں اورقانونی ذرائع کے ذریعے ہی بیرون ملک جانے کی کوشش کریں۔ متوفین کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں

  • لیبیا کشتی حادثے میں ملوث بین الاقوامی گینگ کے 2 کارندے گرفتار

    لیبیا کشتی حادثے میں ملوث بین الاقوامی گینگ کے 2 کارندے گرفتار

    اسلام آباد: ایف آئی اے نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث بین الاقوامی گینگ کے 2 کارندے کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث بین الاقوامی گینگ کے 2 کارندے کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں حبیب الرحمان  اور نوید احمد  شامل ہیں۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کو پشت بازار باجوڑ سےگرفتار کیا گیا ہے، دونوں ملزمان رواں ماہ  لیبیا میں ہونیوالے کشتی حادثے میں ملوث ہیں۔

    حکام کے مطابق کشتی حادثے میں کرم سے تعلق رکھنے والے 14 متاثرین جاں بحق ہوئے، ملزمان نے شہزاد حسین کو یورپ بھجوانے کیلئے 37 لاکھ روپے ہتھیائے تھے  جبکہ انہوں نے دیگر ساتھیوں سے ملکر متعدد لوگوں سے بھاری رقوم لیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھی واجد علی، شاہ فیصل اٹلی سے گینگ آپریٹ کر رہے تھے، گرفتار ملزمان سے 4 موبائل فون برآمد ہوا جبکہ اب کے تین بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے موبائل سے ویڈیوز، تصاویر، میسجز اور بینک ٹرانزیکشنز بھی سامنے آگئے، یاد رہے کہ لیبیا میں متاثرین کو سیف ہاؤسز میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا۔

    https://urdu.arynews.tv/morocco-boat-accident-human-smuggler-arrested/

  • لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک کا انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر زبیر مہر گرفتار

    لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک کا انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر زبیر مہر گرفتار

    گوجرانوالہ: ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک کے ایک انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے زبیر مہر نامی ایک انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر کو گجرات سے گرفتار کر لیا ہے، ملزم زبیر لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ہے، اور اس کے خلاف 2023 میں کمپوزٹ سرکل گجرات میں 8 مقدمات درج ہوئے ہیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم کا نام ریڈ بک کی انتہائی مطلوب انسانی اسمگلرز کی فہرست میں شامل ہے، اور وہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا رکن ہے، زبیر مہر نے لیبیا کشتی حادثے کے 8 متاثرین سے فی کس 24 لاکھ روپے ہتھیائے۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم زبیر نے مجموعی طور پر متاثرین سے 1 کروڑ 92 لاکھ روپے ہتھیائے، اور اس نے 8 متاثرین کو لیبیا بھجوایا، اور وہاں متاثرین کو سیف ہاؤسز میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

    لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بُک کا بدنامہ زمانہ اشتہاری ملزم یاسر محمود گرفتار

    ملزم نے متاثرین کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے یورپ بھجوانے کی کوشش کی جو حادثے کا شکار ہوئی، واضح رہے کہ اس کشتی حادثے میں تمام متاثرین کی موت ہوئی تھی۔

    اس سے قبل نومبر 2024 میں بھی ایف آئی اے گجرانوالہ زون نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ریڈ بک کے انتہائی مطلوب اشتہاری ملزم یاسر محمود کو گرفتار کیا تھا، اس سے دو ہفتے قبل ایک اور ریڈ بک ملزم بشیر احمد کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

    ان اشتہاری ملزمان کے بارے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ انسانی اسمگلر بیرون ملک بیٹھ کر نیٹ ورک چلا رہے ہیں اور وہاں انھوں نے اپنے سیف ہاؤس بھی بنا رکھے ہیں۔

  • لیبیا کشتی حادثہ ، 16 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق، 10 لاپتہ

    لیبیا کشتی حادثہ ، 16 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق، 10 لاپتہ

    اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ نے لیبیا کشتی حادثہ میں 16 پاکستانیوں کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا 10 لاپتہ ہے اور 37 افراد زندہ بچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق غیرقانونی طریقے سے بیرون ملک جانے کی لالچ آئے روز جانیں لے رہی ہے۔

    لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کے نام، اور جاں بحق پاکستانیوں کی سفری تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

    دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ حادثےکی اطلاع پر طرابلس میں پاکستانی سفارتخانےکی ٹیم نےزاویہ شہرکادورہ کیا، جہاں مقامی حکام اور اسپتال انتظامیہ سےملاقات کے بعد معلومات اکٹھی کیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ حادثے کا شکار کشتی میں تریسٹھ پاکستانی سوار تھے، جن میں سے سولہ پاکستانی اپنی جان سے گئے، جبکہ سینتیس افراد زندہ بچ گئے اور 10 کے قریب پاکستانی لاپتہ ہیں۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ جاں بحق 16پاکستانیوں کی تفصیلات کے مطابق ثقلین حیدر ،سراج الدین،شعیب حسین ، نصرت حسین ، جاں بحق شعیب علی ،سید شہزاد حسین ، عابدحسین ، شاہد، آصف علی ،مصور،عابد حسین،مصائب حسین،اشفاق حسین کا تعلق کرم ایجنسی سے تھا۔

    اس کے علاوہ محمد علی شاہ کا تعلق اورکزئی ایجنسی،انیس خان کا تعلق پشاور سے تھا۔

    دفترخارجہ نے بتایا کہ تیرہ افراد کا تعلق ضلع کرم سے تھا تاہم زخمیوں میں سے ایک اسپتال میں، تینتیس مقامی پولیس کی تحویل میں اور تین طرابلس میں ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ جاں بحق ایک پاکستانی تافتان بارڈر سے جبکہ دیگر چھے کراچی، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد اور فیصل آباد ایئر پورٹس سے الگ الگ تاریخوں میں روانہ ہوئے تھے، بعد میں کس طرح کشتی تک پہنچے اور کہاں سے اس سفر کا آغاز کیا، اس کے بارے میں معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔

  • لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بُک کا بدنامہ زمانہ اشتہاری ملزم یاسر محمود گرفتار

    لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بُک کا بدنامہ زمانہ اشتہاری ملزم یاسر محمود گرفتار

    کراچی: لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بُک کا بدنامہ زمانہ اشتہاری ملزم یاسر محمود گرفتار ہو گیا۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ایف آئی اے گجرانوالہ زون نے ایک بڑی کارروائی میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث ریڈ بک کے انتہائی مطلوب اشتہاری ملزم یاسر محمود کو گرفتار کر لیا ہے۔

    یاسر محمود کے خلاف 5 سے زائد مقدمات درج ہیں، ملزم کے خلاف کمپوزٹ سرکل گجرات نے 2023 میں مقدمات درج کیے تھے، اور اس کا نام ریڈ بک کے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہے۔

    گرفتار ملزم نے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام پر کروڑوں روپے ہتھیائے، ملزم نے 5 متاثرین سے فی کس 24 لاکھ روپے وصول کیے، اور گینگ کے دیگر ملزمان کی مدد سے متاثرین کو غیر قانونی طریقے سے لیبیا براستہ مصر اور دبئی بھجوایا، متاثرین کو لیبیا میں موجود سیف ہاؤسز میں نہایت برے حالات میں رکھا گیا تھا۔

    بعد ازاں ملزم نے متاثرین کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی تاہم کشتی حادثے کا شکار ہو گئی اور اس میں سوار افراد ڈوب کر مر گئے۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم یاسر محمود کو جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے گجرات سے گرفتار کیا گیا، ملزم کی گرفتاری کے لیے متعدد بار چھاپے مارے گئے تھے۔

  • لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک کا بدنام زمانہ اشتہاری ملزم گرفتار

    لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک کا بدنام زمانہ اشتہاری ملزم گرفتار

    ایف آئی اے گجرانوالہ زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک کے بدنام زمانہ اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا۔

      ایف آئی اے کے مطابق اشتہاری ملزم بشیر احمد کے خلاف 10 سے زائد مقدمات درج تھے، ملزم کے خلاف کمپوزٹ سرکل گجرات نے سال 2022 میں مقدمات درج کئے۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کا نام ریڈ بک کے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہے، گرفتار ملزم نے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام کروڑوں روپے ہتھیائے، ملزم نے 12 متاثرین سے فی کس 18 لاکھ روپے وصول کئے تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے گینگ کے دیگر ملزمان کی مدد سے متاثرین کو غیر قانونی طور پر نائیجریا اور لیبیا میں محصور رکھا، ملزم نے متاثرین کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی، کشتی حادثے میں متاثرہ شہریوں کی موت واقع ہوئی۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے حافظ آباد سے گرفتار کیا گیا ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • لیبیا کشتی حادثے میں ملوث 3 انتہائی مطلوب اشتہاری سمیت 200 انسانی اسمگلرز گرفتار

    لیبیا کشتی حادثے میں ملوث 3 انتہائی مطلوب اشتہاری سمیت 200 انسانی اسمگلرز گرفتار

    ایف آئی اے نے گوجرانوالہ میں کارروائی کرتے ہوئے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث 3 مطلوب اشتہاریوں سمیت 200 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے گزشتہ 2 ماہ میں 542 انکوائریاں کی تحقیقات مکمل کیں اس کریک ڈاون کے دوران مجموعی طور پر 200 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کیا گیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کی ہدایت پر ایف آئی اے نے دو ماہ کے دوران 542 انکوا ئریز کو میرٹ پر مکمل کیا، 82 ملزمان کے چالان مکمل کرکے عدالت میں بھجوائے گئے۔

    ترجمان نے بتایا کہ لیبیا کشتی حادثہ میں ملوث 3 انتہائی مطلوب اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا ساتھ ہی ریڈ بک میں مطلوب اشتہاری سمیت 15 اشتہاری ملزمان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ حوالہ ہنڈی اور دیگر جرائم میں ملوث پرائیوٹ  افراد اور سرکاری  ملازمین بشمول پاسکو افسران کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے 2 کروڑ روپے سرکاری خزانے میں جمع کروائے گئے۔

    ترجمان نے بتایا کہ سیالکوٹ ائیرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن  نے کاروائیاں عمل میں لاتے ہوئے 17 مشکوک مسافروں کو آف لوڈ کیا، ملزمان کی جانب پیش کی جانے والی سفری دستاویزات جعلی نکلی جبکہ 5 مسافروں سے جعلی کاغذات برآمد کرتے ہوئے مسافروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی۔

  • لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ملزم کو 20 سال قید کی سزا

    لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ملزم کو 20 سال قید کی سزا

    گوجرانوالہ: لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ایک انسانی اسمگلر کو عدالت نے  20 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں لیبیاکشتی حادثے سے متعلق سماعت ہوئی، عدالت نے ملزم شہزاد الٰہی کو 20 سال قید اور 14 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

    استغاثہ کے مطابق ملزم نے بذریعہ ہوائی جہاز  اٹلی بھجوانےکا جھانسہ دےکر 24 لاکھ روپے وصول کیے اور بعد میں غیر قانونی طور  پر لیبیا بھجوا دیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے شہری کو اٹلی بھجوانے کے نام پر 23 لاکھ روپے وصول کیے تھے، احسن اقبال نامی متاثرہ شہری لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق ہوگیا تھا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کیخلاف 2023 میں کمپوزیٹ سرکل گوجرانوالہ میں مقدمہ درج ہوا تھا۔

  • لیبیا کشتی حادثے میں گجرات کے مرنے والے 4 نوجوان سپردِ خاک

    لیبیا کشتی حادثے میں گجرات کے مرنے والے 4 نوجوان سپردِ خاک

    گجرات: لیبیا کشتی حادثہ میں گجرات کے مرنے والے 4 نوجوانوں کی میتیں دو ہفتوں کے بعد ان کے لواحقین تک پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق لیبیا میں کشتی ڈوبنے سے جاں بحق ہونے والے چار نوجوانوں کو پنجاب کے شہر گجرات کے مقامی قبرستانوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا، نماز جنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

    لیبیا کشتی حادثے کے شکار 3 پاکستانیوں کے ورثا تاحال اپنے پیاروں کی میتوں کے منتظر ہیں۔

    سہانے مستقبل کے خواب آنکھوں میں سجائے غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے والے گجرات کے سات نوجوان اپنے ماں باپ اور بہن بھائیوں کی آنکھوں میں آنسو چھوڑ کر دنیا سے ہمیشہ کے لیے رخصت ہو گئے ہیں۔

    گاؤں بھوجپور کے 21 سالہ محمد علی، گجرات شہر کے 23 سالہ محمد اویس، کنجاہ کے پولیس ملازم توقیر، گاؤں کھمبی کے انصر فاروق کی میتیں لاہور ایئر پورٹ پر ان کے لواحقین کے حوالے کی گئی تھیں۔

    نوجوانوں کی میتیں گھروں میں پہنچنے پر کہرام مچ گیا، مرنے والوں کے رشتہ دار دھاڑیں مار کر روتے رہے، چاروں نوجوانوں کو ان کے آبائی علاقوں کے قبرستانوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا ہے.

  • لیبیا کشتی حادثہ: پاکستان میں 2 انسانی اسمگلرز گرفتار

    لیبیا کشتی حادثہ: پاکستان میں 2 انسانی اسمگلرز گرفتار

    لاہور: ایف آئی اے کمپوزیٹ سرکل گجرات نے کشتی حادثہ میں ملوث منظم گینگ کے دو انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گرفتار ملزمان میں راجہ راحیل اور سفیان شامل ہیں جن کا تعلق گجرات سے ہے، انہیں کھاریاں سے گرفتار کیا گیا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان نے لیبیاکشتی حادثے کے شکار افراد کے اہلخانہ  سے پیسے وصول کیے تھے، ملزمان وصول کئے گئے پیسے گینگ کے سرغنہ کو ٹرانسفر کرتے تھے، اسمگلرز پیسے وصول ہونے کے بعد اگلی منزل کا تعین کرتے تھے۔

    ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے نے بھی گزشتہ روز نوٹس لیتے ہوئے انسانی اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا تھا۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    اٹلی کشتی حادثہ: پاکستان ہاکی ٹیم کی کھلاڑی شاہدہ رضا بھی جاں بحق ہوگئیں

    واضح رہے کہ اٹلی کے ساحل میں تارکین وطن کی کشتی ڈوب جانے سے متعدد پاکستانیوں سمیت 64 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، اسی طرح لیبیا میں بھی ایک کشتی حادثے میں 3 پاکستانی جان کی بازی ہار گئے۔