قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہدآفریدی نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کا میچ منسوخ ہونے پر کہا ہے کہ کرکٹ میں سیاست کو نہ لے کر آؤ، کھیل پہلے ہے شاہد آفریدی بعد میں ہے۔
پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایک بار پھر بڑا پن دکھا کر بھارتی کھلاڑیوں کی نفرت کو مات دے دی۔
انہوں نے کہا کہ اگر مجھے پتا ہوتا کہ میری وجہ سے میچ نہیں ہورہا تو میں اسٹیڈیم ہی نہ جاتا، کرکٹ ہم سے بڑی ہے، کھیل پہلے ہے شاہدآفریدی بعد میں ہے۔
بوم بوم آفریدی نے مزید کہا کہ کرکٹ میں سیاست کو نہ لے کر آؤ، کوئی کہتا ہے کہ اس نے نہیں کھیلنا تو وہ جائے اپنا کھیلے، کرکٹ اس سے بڑی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہہم نے پہلے بھی اپنے تعلقات کرکٹ کے ذریعے بہتر کیے، اسپورٹس ڈپلومیسی سے بہترین چیز کوئی نہیں ہے، یہ آپ کو قریب لاتی ہے جب تک ساتھ نہیں بیٹھیں گے، بات نہیں کریں گے تو مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ امزید بڑھیں گے۔
مزید پڑھیں : بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پاک بھارت میچ منسوخ
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے تحت برمنگھم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا شیڈول میچ 5بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔
جن بھارتی کھلاڑیوں نے کھیلنے سے انکار کیا ان میں یوسف پٹھان، عرفان پٹھان، ہربھجن سنگھ ، سریش رائنا، یووراج سنگھ شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر شاہد آفریدی نے پاکستان کی طرف سے کھیلا تو ہم یہ میچ نہیں کھیلیں گے۔