Tag: لینڈ سلائیڈنگ

  • پیرو میں تباہ کن لینڈ سلائیڈنگ، دل دہلا دینے والی ویڈیوز سامنے آ گئیں

    پیرو میں تباہ کن لینڈ سلائیڈنگ، دل دہلا دینے والی ویڈیوز سامنے آ گئیں

    لیما: جنوبی پیرو میں شدید بارشوں کے درمیان تباہ کن لینڈ سلائیڈنگ سے 8 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پیرو کے جنوبی علاقے میں پیر کو طوفانی بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رونما ہوئے، مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور پانچ لاپتا ہو گئے، جب کہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

    پیرو کے پہاڑی قصبے سیکوچا میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد فوج نے علاقے میں ہیلی کاپٹر تعینات کر دیے ہیں، جو لوگوں کو امداد اور پینے کا پانی پہنچا رہے ہیں۔

    پہاڑی قصبہ دریائے اوکونا کے کنارے واقع ہے، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ علاقے میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے، جس سے آبادی شدید متاثر ہو سکتی ہے۔

    کچھ مقامی میڈیا رپورٹس میں مرنے والوں کی تعداد 36 بتائی جا رہی ہے، تاہم وزارت دفاع نے اس کی تردید کرتے ہوئے اسے غلط معلومات قرار دیا، اور کہا کہ صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کی جائیں۔

  • ملائیشیا میں سیاحتی مقام پرلینڈ سلائیڈنگ، 23 افراد ہلاک

    ملائیشیا میں سیاحتی مقام پرلینڈ سلائیڈنگ، 23 افراد ہلاک

    ملائیشیا میں لینڈ سلائیڈنگ سے 23 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتا ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق لینڈسلائیڈنگ کا واقعہ ملائیشیا کی ریاست سیلنگور کیمپنگ سائٹ پر ہلکی بارش کے بعد رونما ہوا، لینڈ سلائیڈنگ سے مرنے والوں کی تعداد 23 ہو گئی، ہلاک ہونے والوں میں پانچ بچے اور بارہ خواتین بھی شامل ہیں۔

    انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ چار سو سے زائد ریسکیو اہلکار امدادی کاموں میں مصروف ہیں، پچاس سےزائد افراد کوبچا لیا گیا ہے جبکہ مزید کی تلاش جاری ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق سڑک کنارے فارم میں 90 افراد نے کیمپنگ کی ہوئی تھی، حادثے میں 53 افراد کو ریسکیو کیا گیا جب کہ 23 افراد ہلاک ہوئے اور متعدد تاحال لاپتا ہیں۔

  • کانگو: کِنشاسا میں شدید بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 120 افراد ہلاک

    کانگو: کِنشاسا میں شدید بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 120 افراد ہلاک

    افریقی ملک کانگو  کے دارالحکومت کِنشاسا میں شدید بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں  ایک سو بیس افراد ہلاک ہو گئے۔

    دارالحکومت کِنشاسا میں شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں سیکڑوں مکانات مٹی میں ڈوب گئے جبکہ  مسلسل بارش سے شہر کی سڑکیں زیرآب آگئیں اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ سے پہاڑی قصبوں کا دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے دوسری جانب حکومت نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

    مقامی حکام کے مطابق کنشاسا کے 24 محلوں میں تقریباً 12 ملین لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، لوگ ہلاک ہو چکے ہیں، مکانات ڈوب گئے ہیں اور سڑکیں تباہ ہو گئی ہیں۔

  • کربلا کے قریب مزار پر لینڈ سلائیڈنگ، متعدد زائرین جاں بحق

    کربلا کے قریب مزار پر لینڈ سلائیڈنگ، متعدد زائرین جاں بحق

    عراق کے شہر کربلا میں ایک مزار کی عمارت پر مٹی کا تودہ گرنے سے اب تک 7 زائرین جاں بحق ہوگئے جبکہ ملبے تلے دب جانے والوں کی تلاش جاری ہے۔

    عراق کے محکمہ شہری دفاع کے مطابق ہفتے کے دن سے جاری امدادی کارروائیوں میں ملبے تلے دبے 8 افراد کو نکال لیا گیا ہے، جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

    محکمے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہہ سے منسوب ایک مزار قطارۃ الامام علی کے مقام پر پیش آیا۔

    مزار کربلا شہر سے 25 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے، ہفتے کے روز پیش آنے والا واقعہ ریت کے ٹیلے اور چٹانوں کے گرنے کی وجہ سے پیش آیا۔

    عراقی محکمہ شہری دفاع کے میڈیا انچارج بریگیڈیئر عبدالرحمٰن جدوت کا کہنا ہے کہ ملبے سے چار لاشیں ملی ہیں، 6 افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے۔

    ملبے میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے ایسی مشینیں استعمال کی جا رہی ہیں جن سے ممکنہ طور پر پھنسے ہوئے لوگوں کو نقصان نہ پہنچے۔

    ہفتے اور اتوار کی رات ریسکیو ٹیمیں فلڈ لائٹس کی مدد سے رات بھر ان افراد کو نکالنے کی کوشش اور ملبے کے درمیان موجود خلا سے انہیں آکسیجن، خوراک و پانی پہنچاتے رہے۔

  • برازیل: ہلاکتیں 91 سے تجاوز کر گئیں

    برازیل: ہلاکتیں 91 سے تجاوز کر گئیں

    برازیلیا: برازیل میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتیں 91 سے بڑھ گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شمال مشرقی برازیل میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد سو سے زیادہ ہو سکتی ہے، کیوں کہ ریاست پرنامبوکو میں حکام نے 91 ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے اور بہت سے لوگ لا پتا ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق موسلا دھار طوفانی بارشوں نے برازیل میں تباہی مچا دی ہے، زیادہ تر ہلاکتیں نامبوکو ریاست میں لینڈ سلائیڈنگ اور مکانات گرنے کے باعث ہوئیں، درجنوں افراد لا پتا ہو چکے ہیں۔

    حکام نے بتایا کہ سینکڑوں ریاستی اور وفاقی امدادی کارکن منگل کو 26 لا پتا افراد کی تلاش کا کام دوبارہ شروع کریں گے۔

    برازیل میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی، 57 ہلاکتیں

    شمال مشرقی علاقے میں 4 ہزار افراد گھروں سے محروم ہو چکے ہیں، کو رسیفی میں 150 اور کماراجیبی میں 129 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، مکانات گر گئے، سیلابی پانی ہر شے کو بہا لے گیا۔

    بارہ سو سے زائد اہل کار کشتیوں اور ہیلی کاپٹرز کی مدد سے لوگوں کو ریسکیو کر رہے ہیں، گزشتہ روز ہونے والی بارش پچھلے 5 ماہ میں ہونے والا چوتھا واقعہ ہے، جس سے سیلابی صورت حال پیدا ہوئی۔

  • بھارت: لینڈ سلائیڈنگ کی خوفناک وائرل ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے

    بھارت: لینڈ سلائیڈنگ کی خوفناک وائرل ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے

    بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں 25 جولائی کو لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 9 سیاح ہلاک ہوگئے تھے، حال ہی میں حادثے کی سامنے آنے والی ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہماچل پردیش کے ضلع کنور کے بٹسیری میں گزشتہ 25 جولائی کو لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ پہاڑوں سے گرنے والے پتھروں سے 9 سیاح ہلاک ہوئے تھے جبکہ کچھ سیاح زخمی بھی ہوئے جن میں نوین اور شیرل اوبرائے شامل ہیں۔

    حادثے کے دوران وہ دونوں گاڑی سے نیچے گر پڑے جس کی وجہ سے ان کی جانیں بچ گئیں۔ زندہ بچنے کے بعد نوین نے اپنے موبائل فون میں اس حادثے کے منظر کو ریکارڈ کر لیا جو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو رہی ہے۔

    ویڈیو میں دونوں زخمی سیاح واقعے سے متعلق اور وہاں کی صورتحال کے بارے میں بتا رہے ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ دونوں سیاح محفوظ ہیں اور علاج کے بعد دونوں کو گھر بھیج دیا گیا ہے۔

    انتظامی افسران نے کنور آنے والے مقامی لوگوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خطرناک مقامات اور ندیوں سے فاصلہ رکھیں۔

  • گلگت بلتستان میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، شاہراہیں بند

    گلگت بلتستان میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، شاہراہیں بند

    چلاس: شاہراہ قراقرم پر 9 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد شاہراہ کی بحالی کا کام جاری ہے، دوسری جانب گلگت استور روڈ کو لینڈ سلائیڈنگ کے بعد کھول دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ گلگت بلتستان کا کہنا ہے کہ شاہراہ قراقرم کھولنے کا کام صبح سے جاری ہے، شاہراہ قراقرم پر 9 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی تھی۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی ٹیمیں روڈ بحالی کا کام کر رہی ہیں۔

    محکمہ داخلہ کے مطابق مزید بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ نہیں ہوئی تو شاہراہ جلد کھول دی جائے گی، سڑک کو جلد کھلوانے کے لیے مزید مشینری بجھوائی جارہی ہے۔ بین الاضلاعی شاہراہوں کو بھی ہنگامی بنیادوں پر کھولا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند استور ویلی سڑک کھول دی گئی، حکام کا کہنا ہے کہ تعمیرات عامہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سڑک کھول کر آمد و رفت بحال کردی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ گلگت استور روڈ 15 مقامات پر لینڈ سلائیڈئنگ کے باعث بند تھا، شاہراہ پر ہر قسم کا ٹریفک بحال کردیا۔

  • بونیر میں لینڈ سلائیڈنگ،جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی

    بونیر میں لینڈ سلائیڈنگ،جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع بونیر میں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر کان میں کام کرنے والے 9 مزدور جاں بحق جبکہ 30 افراد ملبے تلے دب گئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں لینڈ سلائیڈنگ سے 9 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔

    ترجمان خیبرپختونخواہ کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور کارروائی کی نگرانی کر رہی ہیں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی اپنے معاون خصوصی کو فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچنے اور ملبے تلے دبے مزدوروں کی تلاش کا کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے ریسکیو سمیت دیگر متعلقہ محکموں کو تمام وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

    خیبرپختونخواہ حکومت نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 5 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے ایک ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

  • وزیراعظم کل آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے

    وزیراعظم کل آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کل آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کے بعد اپنی تمام سیاسی مصروفیات ترک کر دی ہیں، وزیراعظم کل آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر امور کشمیرعلی امین گنڈاپور بھی وزیر اعظم کے ہمراہ دورہ کریں گے وزیراعظم عمران خان متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کاجائزہ لیں گے۔ وزیراعظم متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کریں گے۔

    آزاد کشمیر میں شدید برفباری، 62 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں شدید برفباری کے دوران برفانی تودے گرنے سے 62 افراد جاں بحق جبکہ 47 افراد زخمی ہوگئے، 56 سے زائد مکانات مکمل تباہ ہو گئے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں برفباری وبارشوں سے اب تک 77 افراد جاں بحق ہوئے جن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں آزاد کشمیر میں ہوئیں جبکہ بلوچستان میں 15 افراد جاں بحق ہوئے۔

    این ڈی ایم اے نے بتایا کہ 72 گھنٹے میں سب سے زیادہ 66.25 ملی میٹر بارش بانڈی عباس پور میں ہوئی، دارالحکومت اسلام آباد میں 31.75 ملی میٹر بارش ہوئی۔

  • چلاس میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ، بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد

    چلاس میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ، بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد

    چلاس: گلگت بلتستان کے قصبے چلاس میں رات گئے زلزلے کے جھٹکوں کے بعد شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ بند ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شاہراہ قراقرم پر واقع قصبے چلاس میں رات گئے آنے والے زلزلے کے جھٹکوں کے باعث شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ سے گونر فارم گھندلو کے مقام پر شاہراہ بند ہو گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شاہراہ کی بندش سے سیکڑوں گاڑیاں اور مسافر پھنس گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختون خواہ اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں اور پہاڑی سلسلوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی تھی، جس کا مرکز مینگورہ سے 260 کلومیٹر شمال مشرق اور گہرائی 42 کلو میٹر تھی۔

    خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان میں 5.6 شدت کا زلزلہ

    ادھر بالائی علاقوں میں ریکارڈ توڑ سردی پڑ رہی ہے، اسکردو فریز ہو گیا ہے، پارا منفی 28 تک گر گیا، خیبر پختون خوا، پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند، موٹر وے اور دیگر شاہراہوں پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہو گئی ہے، بلوچستان میں بھی برفیلی ہواؤں کا گشت ہے، کوئٹہ سے ہوائیں کراچی آنے پر شہر میں سردی بڑھنے لگی ہے۔

    دریائے شیوک جو منجمد ہو گیا ہے

    ملک بھر میں کڑاکے کی سردی کے ساتھ اسکردو میں سردی نے 20 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے، جھیلیں، آبشار، ندی نالے جم گئے ہیں، کوئٹہ منفی 2، قلات منفی 5، زیارت منفی 4 ریکارڈ کیا گیا، خون جما دینے والی سردی میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔