Tag: لیٹر گیٹ کی تحقیقات

  • وزیر اعظم عمران خان آج  لیٹر گیٹ کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کریں گے

    وزیر اعظم عمران خان آج لیٹر گیٹ کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کریں گے

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان آج سپریم کورٹ سے لیٹر گیٹ کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کریں گے ، وزیر اعظم کے وکلا آج سپریم کورٹ میں تحریری جواب جمع کرائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج لیٹر گیٹ کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کریں گے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم  کورٹ سے تحقیقات کیلئے ہائی پاور کمیشن تشکیل دینے کی استدعا کی جائے گی۔

    ذرائع نے کہا کہ وزیر اعظم کے وکلا آج سپریم کورٹ میں تحریری جواب جمع کرائیں گے، اس سلسلے میں عمران خان نے گزشتہ روز قانونی ٹیم سے مشاورت کی۔

    گزشتہ روز سماعت کے دوران چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس میں کہا تھا کہ کوشش ہے آج فیصلہ سنا دیں، کیس کی وجہ سے نگراں حکومت کا قیام رکا ہوا ہے۔

    جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ وقت کم ہے لیکن جلد بازی میں بھی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے جبکہ چیف جسٹس کا یہ بھی کہنا تھا آئین کو رولز کے ذریعے غیرمؤثر نہیں بنایا جاسکتا۔

    جسٹس منیب اختر نے سوال اٹھایا تھا کہ عدم اعتماد پر ووٹنگ نہ ہونا آئین کی خلاف ورزی کیسے ہوگئی؟ جبکہ جسٹس اعجاز الاحسن نے استفار کیا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر بے اختیار ہے تو عدم اعتماد کی منظوری کی رولنگ کیسے دے گا؟

    عدالت نےاکتیس مارچ کی کارروائی کا ریکارڈ طلب کرلیا تھا ، اپوزیشن کے وکلا کے دلائل گزشتہ روز مکمل ہوگئے تھے، حکومتی وکیل بابراعوان آج دلائل دیں گے۔

  • لیٹر گیٹ کی تحقیقات تک عدم اعتماد پر ووٹنگ روکنے کے لیے درخواست دائر

    لیٹر گیٹ کی تحقیقات تک عدم اعتماد پر ووٹنگ روکنے کے لیے درخواست دائر

    اسلام آباد : سپریم کورٹ میں لیٹر گیٹ کی تحقیقات تک عدم اعتماد پر ووٹنگ روکنے کےلیےدرخواست دائر کر دی گئی ، جس میں میمو گیٹ اسکینڈل کی طرز پر تحقیقاتی کمیشن تشکیل دینے کی استدعا کی۔

    تفصیلات کے مطابق لیٹر گیٹ کی تحقیقات تک عدم اعتماد پر ووٹنگ روکنے کےلیےدرخواست دائر کردی گئی ، سپریم کورٹ میں درخواست نعیم الحسن ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے 27 مارچ کے جلسے میں ایک خط دکھایا گیا، خط کے مطابق تحریک عدم اعتماد کے پیچھے بیرونی ہاتھ ملوث ہیں ، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی بھی خط پر اپنا بھرپور ردعمل دے چکی ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ میمو گیٹ اسکینڈل کی طرز پر تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیا جائے، کمیشن سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے چیف جسٹسزپرمشتمل ہو۔

    درخواست گزار نے استدعا کی کہ تحقیقات تک تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ روکنے کا حکم دیا جائے، حساس اور ہنگامی نوعیت کا معاملہ ہے،آج ہی سماعت کی جائے۔

    وفاق ،اسپیکر ،الیکشن کمیشن ،وزارت خارجہ ، وزارت دفاع اور وزارت داخلہ ، تحریک انصاف ، پیپلز پار ٹی ، مسلم لیگ ن اور جمعت علماء اسلام اور ایف آئی اے کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔

    اظہرصدیق ایڈووکیٹ کی سپریم کورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نعیم الحسن ایڈووکیٹ کےحوالے سےسپریم کورٹ میں درخواست دائرکی ہے، یہ درخواست آرٹیکل 184کےتحت دائرکی ہے۔

    اظہرصدیق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ عدم اعتمادکےپیچھےبیرونی طاقتیں ملوث ہیں ، سندھ ہاؤس میں ملاقاتیں ہوئیں اورلوگ خریدے گئے، جو بھی حقائق ہیں عوام کے سامنے لائے جائیں، کل کی تحریک عدم اعتمادکی کارروائی کو موخر کیا جائے۔