Tag: لیڈز ٹیسٹ

  • لیڈز ٹیسٹ: انگلینڈ کا پلٹ کر وار، قومی ٹیم 174 رنز پر ڈھیر، انگلینڈ نے 2 وکٹوں پر 106 رنز بنالیے

    لیڈز ٹیسٹ: انگلینڈ کا پلٹ کر وار، قومی ٹیم 174 رنز پر ڈھیر، انگلینڈ نے 2 وکٹوں پر 106 رنز بنالیے

    لیڈز: پاکستان اور انگلینڈ کے مابین جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان کے 174 رنز کے جواب میں انگلینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنالیے۔

    تفصیلات کے مطابق لیڈز ٹیسٹ میچ کے پہلے روز قومی ٹیم 174 رنز پر ڈھیر ہوگئی، انگلینڈ نے دن کے اختتام پر 106 رنز دو وکٹوں کے نقصان پر بنالیے، انگلینڈ کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 68 رنز درکار ہیں۔

    انگلینڈ کی جانب سے جیننگز نے 29 رنز بنائے جبکہ ایلسٹر کک 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان جوئے روٹ 46 اور بیس صفر کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    پاکستان کی جانب سے حسن علی اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، شاداب خان اور محمد عامر کے حصے میں کوئی وکٹ نہیں آسکی۔

    قبل ازیں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بھاری پڑ گیا اور پوری ٹیم 174 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    شاداب خان کے علاوہ کوئی بلے باز بھی وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، لیگ اسپنر نے 56 رنز کی اننگز کھیلی، حارث سہیل 28 اور اسد شفیق 27 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

    قومی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں امام الحق بغیر کوئی رن بنائے براڈ کی گیند پر راٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، اظہر علی بھی صرف 2 رنز بنا براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوکر پویلین روانہ ہوگئے۔

    حارث سہیل اور اسد شفیق کے درمیان مختصر شراکت داری قائم ہوئی تاہم اسد شفیق 27 رنز بنا کر ووکس کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، شفیق کے آؤٹ ہوتے ہوئے حارث سہیل کو بھی 28 رنز پر ووکس نے پویلین کی راہ دکھائی۔

    پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے عثمان صلاح الدین بھی صرف 4 رنز بنا کر براڈ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، کپتان سرفراز احمد کی کھوئی فارم بھی بحال نہ ہوسکی وہ 14 رنز بنا کر جمی اینڈرسن کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

    آل راؤنڈر فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، محمد عامر اور شاداب خان نے مجموعی اسکور میں کچھ اضافہ کیا تاہم محمد عامر بھی 13 رنز پھر ہمت ہار گئے، حسن علی نے برق رفتار 24 رنز کی اننگز کھیلی، شاداب خان پہلے میچ کی طرح دوسرے ٹیسٹ میں بھی شاندار نصف سنچری اسکور کی وہ 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

    انگلینڈ کی جانب سے جمی اینڈرسن، اسٹورٹ براڈ، کرس ووکس نے بالترتیب تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ایس ایم کرن کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • لارڈز ٹیسٹ کی کامیابی کو بھول کر فوکس لیڈز ٹیسٹ پر ہے، سرفراز احمد

    لارڈز ٹیسٹ کی کامیابی کو بھول کر فوکس لیڈز ٹیسٹ پر ہے، سرفراز احمد

    لیڈز: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم بہت اچھی ہے آسان نہیں لے رہے ہیں، لارڈز ٹیسٹ کی کامیابی کو بھول کر فوکس لیڈز ٹیسٹ پر ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیڈز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، سرفراز احمد نے کہا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے بھرپور تیاری کررہے ہیں، عثمان، فخر زمان میں سے کسی ایک کو کھلانا مشکل فیصلہ تھا، کل عثمان صلاح الدین کھیلیں گے، مڈل آرڈر میں عثمان صلاح الدین بہتر کھیل سکتے ہیں، وہ کافی عرصے سے ٹیم کے ساتھ ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کھلاڑیوں نے لارڈز ٹیسٹ کی فتح کا جشن منایا اب تمام کھلاڑی لیڈز ٹیسٹ کی تیاری کررہے ہیں، میچ سے پہلے آج کا پریکٹس سیشن اہم ہے، پاکستان نے تقریباً 20 سال پہلے انگلینڈ کے خلاف سیریز جیتی تھی۔


    سرفراز احمد نے کہا کہ ہمارا یہی مقصد ہے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز اپنے نام کریں، ہر شعبے میں بہتری کی گنجائش ہوتی ہے، کوشش ہے بلے باز نصف سنچریوں کو سنچریوں میں تبدیل کریں، فیلڈںگ کے شعبے میں خصوصی توجہ سے کام کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیم کا بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں توقعات کے مطابق پرفارم کرنا خوشی کی بات ہے لیکن ہم اب بھی اس بات پر قائم ہیں کہ ابھی ٹیم کو بہت کچھ کرنا ہے۔

    ٹیم کی پریکٹس کے حوالے سے کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ گزشتہ روز بارش کے سبب انہیں انڈور ٹریننگ تک محدود رہنا پڑا تھا لیکن لیڈز میں آج دھوپ ہے جس کی وجہ سے کھلے میدان میں پریکٹس کا موقع میسر ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین دوسرا ٹیسٹ کل لیڈز میں کھیلا جائے گا، دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو 1-0 کی برتری حاصل ہے، لارڈز ٹیسٹ میں قومی ٹیم نے انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔