ممبئی: بالی ووڈ کے مشہور ہدایتکار سدھارتھ آنند کو معاشی دھچکا ملا ہے جہاں ان کی نئی فلم ’فائٹر‘ آن لائن پورٹل پر لیک ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کی پاکستان مخالف فلم ’فائٹر‘ آخرکار بڑی اسکرین کی زینت بن گئی، جس کا خوب چرچا ہے مگر باکس آفس کے لئے بُری خبر یہ ہے کہ فلم ریلیز ہوتے ہی متعدد ٹورینٹ سائٹس پر لیک ہو چکی ہے جس سے اس کا بزنس شدید متاثر ہونے کا امکان ہے۔
بالی وڈ کی فلم ’فائٹر‘ میں سپر اسٹار انیل کپور، دپیکا پڈوکون اور ہریتھک روشن بھارتی فضائیہ میں مختلف عہدوں پر فائز ہیں، فلم میں ہریتھک اور دپیکا فضائیہ کے اسکوارڈن لیڈر جب کہ انیل کپور کمانڈنگ آفیسر کا کردار نبھاتے نظرآرہے ہیں۔
اس فلم میں بھارتی فضائیہ کوپلوامہ حملے کے بعد پاکستان کے خلاف ایک آپریشن کا منصوبہ بناتے دکھایا گیا، ٹریلر میں نیوز کاسٹر کا کہنا ہے کہ ’بھارتی فوجیوں پر پاکستان سے حملہ ہوا ہے جس میں 40 سے زائد بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں‘، اسی دوران بھارتی وزیر کا ڈائیلاگ سنا جاسکتا ہے جس میں وہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کررہا ہے۔
تاہم اب اس فلم میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کیا سدھارتھ آنند اپنی فلم کو حب الوطنی پر مبنی بنانے کے لیے وہی پرانے پاکستان مخالف تھیم کو دوہراتے ہیں یا اس کے علاوہ کہانی میں اور بھی کچھ ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق فائٹر کو پہلے ہی متعدد غیر قانونی ویب سائٹس پر آن لائن لیک کیا جا چکا ہے جن میں تامل روکرز اور اور مووی رولز شامل ہیں، اس کے علاوہ فلم ٹیلی گرام گروپ پر مفت ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے بھی دستیاب ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم فائٹر اس سال کی پہلی بڑی ریلیز ہے پچھلے سال 25 جنوری کو شاہ رخ کان کی فلم پٹھان ریلیز ہوئی تھی جو باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی۔