Tag: لیگل نوٹس

  • پاکستان میں کرکٹ بحالی کے دشمن الزامات لگا رہے ہیں، لیگل نوٹس بھیجوا رہا ہوں، نجم سیٹھی

    پاکستان میں کرکٹ بحالی کے دشمن الزامات لگا رہے ہیں، لیگل نوٹس بھیجوا رہا ہوں، نجم سیٹھی

    اسلام آباد : چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات میں کوئی نئی بات نہیں ہے دراصل پاکستان میں کرکٹ کی بحالی سے ناخوش اور اہم عہدے و مراعات نہ ملنے کے باعث کچھ لوگ مجھ پر تنقید کر رہے ہیں.

    چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اے آر وائی نیوز کے پروگرام اسپورٹس روم کے میزبان سے بات کر رہے تھے، انہوں نے کہا ہے کہ بے بنیاد الزامات لگانے پر دکھ ہوتا ہے اور جھوٹے الزامات لگانے پر نجی چینل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا.

    انہوں نے بتایا کہ مجھ پرالزام لگایا جا رہا ہے کہ 2011 میں بھارت گیا اور وہاں کسی بکی کے ساتھ رہا حالانکہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں ہی 2013 میں آیا تھا اسی طرح ویسٹ انڈیز سے ہار کا بھی الزام لگایا گیا جب کہ وہ میچ پاکستان جیتا تھا.

    نجم سیٹھی نے کہا کہ الزامات کی منظم سازش اس وقت بنائی گئی جب میں نے ایک سابق باؤلر نے اکیڈمی کے لیے امداد مانگنے اور کوچ بننے کی خواہش کے اظہار کو نظر انداز کرتے ہوئے میرٹ پر فیصلے کیے دراصل پاکستان میں کرکٹ کی بحالی پر بہت سے لوگ ناخوش ہیں.

    انہوں نے کہا کہ مخالفین کے پیسے لگے ہوئے تھے جو میں نے بند کر دیے تو الزامات لگا رہے ہیں، پاناما پیپرز اور بکیز سمیت دیگر بے بنیاد الزامات لگائے گئے لہذا اب الزام لگانے والوں کو نوٹس دوں گا.

    نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اس سے قبل 35 پنکچر کا بھی الزام لگا تھا اسی طرح ایک ٹی وی کے سابق ایم ڈی اپنے گھپلوں کو روکنے کیلئے شاید الزام لگا ر ہے ہیں حالانکہ ایسے الزامات سے نقصان ہوتا ہے، پاکستان میں کھیلوں کے فرغ اور بحالی کے لیے پی سی بی کو سپورٹ کرنا چاہیے.

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی اوت ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھی نمبرون پر ہے لیکن مخالفین پاکستان کےعوام کی خوشیاں دیکھتے ہیں تو انہیں تکلیف ہوتی ہے کیوں کہ پاکستان میں ایسے لوگ بھی ہیں جن کی حب الوطنی پرشک کیا جاسکتا ہے.

  • عمران خان پر الزامات، عائشہ گلالئی کو لیگل نوٹس بھجوادیا گیا

    عمران خان پر الزامات، عائشہ گلالئی کو لیگل نوٹس بھجوادیا گیا

    لاہور : عمران خان پر لگائے جانے والے سنگین الزامات پرتحریک انصاف نے عائشہ گلالئی کو لیگل نوٹس بھجوادیا، دس دن میں الزامات کے ثبوت فراہم نہ کرنے پر معافی نہ مانگی تو تین کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی سے منحرف ہونے والی عائشہ گلالئی کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر لگائے جانے والے سنگین الزامات پر اہم قدم اٹھا لیا ہے۔

    اس حوالے سے پی ٹی آئی نے عائشہ گلالئی کو لیگل نوٹس بھجوادیا ہے، مذکورہ لیگل نوٹس ان کے مستقل پتہ اور پارلیمنٹ لاجز پر بھجوایا گیا ہے۔

    نوڑس میں کہا گیا ہے کہ عائشہ گلالئی دس دن کے اندر اندر لگائے گئے الزامات کے ثبوت فراہم کریں، ثبوت فراہم نہ کیے گئے تو جھوٹے الزام لگانے پرمعافی مانگیں۔


    مزید پڑھیں: پی ٹی آئی چھوڑ رہی ہوں، خواتین کی عزت نہیں عائشہ گلالئی


    نوٹس کے متن میں مزید لکھا ہے کہ عائشہ گلالئی نے ثبوت کی عدم فراہمی پر معافی نہ مانگی تو انہیں تین کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنا ہوگا۔


    مزید پڑھیں: عائشہ گلالئی نے ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی چھوڑی، شیریں مزاری


    یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے عمران خان پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔


    مزید پڑھیں: تحریک انصاف میں خواتین کی عزت محفوظ نہیں، عائشہ گلالئی


    اپنی پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پارٹی کی خواتین کی عزت نہیں کرتے اور انہیں نازیبا قسم کے ٹیکسٹ میسجز بھیجتے ہیں۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کا عمران خان پر 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا عمران خان پر 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف مقامی عدالت میں 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا جس پر عدالت نے عمران خان کو 21 جولائی کا نوٹس جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل عمران خان نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر الزام عائد کیا تھا کہ شہباز شریف نے پاناما لیکس پر مجھے خاموش رہنے پر 10 ارب روپے دینے کی پیشکش کی تھی۔

    مزید پڑھیں: 10 ارب کی پیشکش کی گئی، عمران خان

    ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کی طرف سے پہلے بھی پیسوں کے پیشکش کی گئی مگر میری شہباز شریف کے ایک قریبی آدمی سے ملاقات ہوئی جس میں اس نے 10 ارب روپے کی پیشکش کی۔

    عمران خان کے اس دعوے کے خلاف وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے سینئر وکیل مصطفیٰ رمدے کے توسط سے عمران خان پر 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان کے بیان سے میری ساکھ بری طرح متاثر ہوئی۔ عمران خان سے 10 ارب روپے ہرجانہ وصول کیا جائے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کی درخواست پر لاہور کی مقامی عدالت نے عمران خان کو 21 جولائی کے لیے نوٹس جاری کردیا۔

    عمران خان کو اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز قانونی نوٹس بھی بھجوا چکے ہیں۔

    شہباز شریف کی جانب سے بھجوائے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان کا پاناما لیکس پر 10 ارب روپے رشوت کی پیشکش کا بیان سراسر جھوٹ ہے۔ ان کے بیان سے میاں شہباز شریف اور ان کے خاندان کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

    تاہم عمران خان کی جانب سے لیگل نوٹس کا جواب نہ دینے اور غیرمشروط معافی نہ مانگنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے اب دعویٰ دائر کردیا ہے۔


  • قتل کا الزام : حمزہ شہباز نے عمران خان کو لیگل نوٹس بھجوا دیا

    قتل کا الزام : حمزہ شہباز نے عمران خان کو لیگل نوٹس بھجوا دیا

    لاہور : رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے تحریک انصاف کے چیئرمین کو لیگل نوٹس بھجوا دیا۔ عمران خان اپنے بیان پر معافی مانگیں ورنہ قانونی کارروائی کے لیے تیار رہیں

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے عمران خان کو ان کے بیان پرلیگل نوٹس بھجوا دیا ہے۔

    لیگل نوٹس میں عمران خان کو معافی نہ مانگنے پرقانونی کارروائی کی وارننگ دی گئی ہے، حمزہ شہباز کی جانب سے عمران خان کو بھجوائے گئے لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے 28 اگست کو اپنی تقریر کے دوران انہیں (حمزہ شہباز کو ) تنویرمرزا نامی شخص کے قتل میں ملوث قرار دیا تھا جو پاکستان بھر کے الیکٹرانک میڈیا پ نشرہوا اورپرنٹ میڈیا پر شائع بھی ہوا۔

    لیگل نوٹس کے مطابق عمران خان کی جانب سے لگایا گیا الزام سراسر بے بنیاد ہے جس کا انہوں نے کوئی ثبوت بھی پیش نہیں کیا ۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی الزام تراشی کی وجہ سے حمزہ شہباز اور ان کے خاندان کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا اور ان کی ساکھ متاثر ہوئی۔

    لیگل نوٹس میں عمران خان کو وارننگ دی گئی ہے کہ اگر انہوں نے چودہ روز میں میڈیا پر آکر اپنا بیان واپس لے کر معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

     

  • بلاول بھٹوکا چوہدری نثارکو قانونی نوٹس بھجوانے کا فیصلہ

    بلاول بھٹوکا چوہدری نثارکو قانونی نوٹس بھجوانے کا فیصلہ

    کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدی نثارکو قانونی نوٹس بھجوانے کی ہدایت کردی.

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خلاف الزامات پر وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرتے ہوئے وکلاء کو لیگل نوٹس بھجوانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں.

    ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے آئندہ چنددنوں میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارکو لیگل نوٹس بھجوا دیا جائے گا.

    یاد رہےکہ چند روزقبل چوہدری نثار نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ بلاول اور ماڈل ایان علی کے ایک ہی اکاونٹ سے ٹکٹ کی ادائیگی کا الزام لگایا تھا.

    واضح رہے انہوں نے کہا تھا کہ میری اور پیپلزپارٹی کی صلح کے لیے ایک ذمہ دار شخص آیا اور کہا کہ آپ کی اور پی پی میں صلح ہوسکتی ہے لیکن اس نے ایان علی کو بری کرنے اور ڈاکٹر عاصم کی رہائی کی شرط عائد کی تھی.

  • شیریں مزاری نے خواجہ آصف کو 10 کروڑ روپے کا لیگل نوٹس بھیج دیا

    شیریں مزاری نے خواجہ آصف کو 10 کروڑ روپے کا لیگل نوٹس بھیج دیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے خواجہ آصف کو دس کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔ نوٹس کی کاپی اے آروائی نیوزکوموصول ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف کی معافی تلافی بھی کسی کام نہ آئی۔ شیریں مزاری کا غصہ کم نہ ہوا۔ بلکہ ان کے لہجے میں مزید تلخی آ گئی۔

    پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری نے خواجہ آصف کو دس کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔ پارلیمنٹ میں شیریں مزاری خوب گرجی برسیں اور اب شیریں مزاری نے خواجہ آصف کو 10کروڑ روپے کا لیگل نوٹس بھیج دیاہے۔

    لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے خواجہ آصف نے ایوان میں جو الفاظ استعمال کیے اس سے میری بے عزتی ہوئی، خواجہ آصف نے مجھ سے معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کروں گی۔

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے گزشتہ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر دفاع اور پانی و بجلی خواجہ آصف کی جانب سے تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کو نازیبا لفظ سے مخاطب کرنے پر اسمبلی میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی تھی۔

    دوسرے دن خواجہ آصف نے اپنے الفاظ پر معافی بھی مانگی جسے شیریں مزاری نے قطعی طور پر مسترد کردیا۔ بعد ازاں اسی معاملے پر اپوزیشن نے اجلاس سے واک آؤٹ بھی کیا تھا۔