Tag: لیگ اسپنر شاداب خان

  • شادی ابھی نہیں کررہا، جوڑے آسمان پر بنتے ہیں، شاداب خان

    شادی ابھی نہیں کررہا، جوڑے آسمان پر بنتے ہیں، شاداب خان

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان نے کہا ہے کہ شادی ابھی نہیں کررہا، جوڑے آسمان پر بنتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جوڑے آسمان پر بنتے ہیں، جب والدین کو لڑکی پسند آجائے گی تو وہ شادی کرلیں گے۔

    شاداب خان نے کہا کہ حسن علی نے شرارتاً کہا تھا کہ ان کی شادی کے بعد شاداب بھی شادی کریں گے۔

    دبئی میں حسن علی کی شادی میں شرکت کے بعد شاداب خان نے لاہور میں جاری تربیتی کیمپ جوائن کرلیا ہے۔

    شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ فٹنس کیمپ کا فائدہ ہوا ہے اب بھی فائدہ ہوگا، آج صبح کے سیشن سے ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے۔

    مزید پڑھیں: عماد وسیم نے شادی کارڈ بھیجنا شروع کردیے

    لیگ اسپنر کا نے کہا کہ وائٹ بال کے ساتھ پرفارمنس اچھی رہی ہے اب کوشش ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی پرفارمنس دوں، اس کے لیے لمبے اسپیل کررہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ ہر میچ میں اچھا پرفارم کروں، پوری محنت کرتا ہوں، نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

    شاداب خان کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ واپس آئے، ہوم گراؤنڈ پر کرکٹ کی ضرورت ہے، مصباح الحق کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر مصباح الحق کوچ بنتے ہیں تو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا لیکن کوچ کا فیصلہ بورڈ نے کرنا ہے۔

  • شاداب خان کو سگنل مل گیا، ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

    شاداب خان کو سگنل مل گیا، ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

    لاہور:ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سے قبل پاکستان کے لیگ اسپنر شاداب خان فٹ ہوگئے ہیں ،ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، نئی رپورٹس حوصلہ افزا ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شاداب خان کے فٹ ہونے کے بعد یاسر شاہ کو وطن واپس بلا لیا جائےگا، کہا جارہا ہے کہ ان کے اب تک کے ٹیسٹ حوصلہ افزاءہیں اور ابھی تک اس بات کا کوئی امکان نہیں کہ وہ ورلڈ کپ سے باہر ہوں۔

    پی سی بی ترجمان نے تصدیق کی کہ شاداب خان کا نیا بلڈ ٹیسٹ لاہور کی لیبارٹری بھجوایا گیا ہے جس کی رپورٹ اگلے دو دن میں آئے گی۔ اتوار کو پنڈی میں شاداب خان کے خون کے نمونے لے کر مزید ٹیسٹ کے لیے شوکت خانم لیبارٹری لاہور بھجوائے گئے تھے۔

    یاد رہے کہ لیگ اسپنر شاداب خان کی بیماری سے متعلق حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹر نے دانت میں تکلیف کے بعد ایک عام دندان ساز سے علاج کرایا تھااور ڈینٹسٹ کے آلات سے شاداب خان کے خون میں ہیپاٹائٹس سی کے وائرس کی تشخیص ہوئی۔

    شاداب خان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر شاداب خان دانتوں کے کسی اچھے ڈاکٹر سے علاج کراتے تو انہیں ہیپاٹائٹس کا وائرس نہ لگتا، عام طور پر یہ وائرس حجام کی دکان اور ڈینٹسٹ کے آلات سے منتقل ہو جاتا ہے، شاداب خان کو گندے اور غیر معیاری آلات کے باعث ہیپاٹائٹس سی کے وائرس کا سامنا کرنا پڑا ۔

    ذرائع کا کہنا تھا شاداب خان نے دانتوں میں تکلیف کے بعد راولپنڈی کے جس ڈاکٹر سے رجوع کیا، ان کے آلات سے یہ وائرس ان کے جگر پر حملہ آور ہوا۔

    ورلڈ کپ روانگی سے قبل پی سی بی میڈیکل پینل نے جب تمام کھلاڑیوں کے خون کے نمونے لیے اور انہیں شوکت خانم ہسپتال کی لیبارٹری میں ٹیسٹ کرایا گیا تو پی سی بی میڈیکل پینل کو پتہ چلا کہ نوجوان کرکٹر کے خون میں ہیپاٹائٹس سی کا وائرس موجود ہے۔

    اس تشخیص کے بعد شاداب خان کو وطن واپس بھیج دیا گیا تھا اور ان کا علاج جاری ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ہے شاداب خان کی نئی رپورٹس حوصلہ افزاءہیں اور اس میں اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں شریک نہ ہوں۔