Tag: ماؤس

  • قصہ ایک کامیاب ایجاد کا ۔ اور اس کے ناکام موجد کا

    قصہ ایک کامیاب ایجاد کا ۔ اور اس کے ناکام موجد کا

    انسانی زندگیوں میں تبدیلی لانے والی سائنسی ایجادات اپنے موجد کو رہتی دنیا تک امر کر جاتی ہیں اور اس شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد انہیں اپنا آئیڈیل بنائے رکھتے ہیں، تاہم کچھ موجد ایسے بھی ہوتے ہیں جن کی ایجاد تو نہایت دھماکہ خیز ہوتی ہے لیکن انہیں وہ پہچان نہیں مل پاتی جس کے وہ حقدار ہوتے ہیں۔

    ایسا ہی ایک موجد ڈگلس اینگلبرٹ بھی تھا، بہت کم لوگ اس بات سے واقف ہیں کہ وہ ہمارے آج کل کے کمپیوٹرز کا اہم حصہ، یعنی ماؤس کا موجد تھا۔

    ڈگلس اینگلبرٹ سنہ 1960 میں امریکا کے اسٹینڈ فورڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ منسلک تھا، اس وقت تک کمپیوٹر کو جوائے اسٹک اور کی بورڈ کے ذریعے استعمال کیا جاتا تھا، تاہم ڈگلس کو یہ آلات ناپسند تھے۔

    اس نے سوچ بچار کے بعد ایک ایسی ڈیوائس ایجاد کی جو اسکرین پر کرسر کے ذریعے کام کرتی تھی، اس کا نام دا بگ رکھا گیا۔ یہ کمپیوٹر ماؤس کی ابتدائی شکل تھی۔

    اس ایجاد پرمثبت ردعمل سامنے آتا رہا، سنہ 1966 میں امریکی خلائی ادارے ناسا نے اسے استعمال کیا تو انہوں نے اسے ایک بہترین ٹیکنالوجی قرار دیا۔

    2 سال بعد ڈگلس نے اپنے ایک ساتھی بل انگلش کے ساتھ اسے سان فرانسسکو کے سائنسی میلے میں 1 ہزار افراد کے سامنے پیش کیا۔ اس وقت اس کے ڈیمو کو تمام ڈیموز کی ماں قرار دیا گیا۔

    یہ طے تھا کہ آنے والے وقت میں دا بگ ایک اہم شے بننے والا تھا۔

    5 سال بعد ڈگلس اسٹینڈ فورڈ ریسرچ سینٹر چھوڑ کر ایک امریکی ڈیجیٹل کمپنی زیروکس کے ساتھ منسلک ہوگیا۔

    سنہ 1979 میں ایک شخص نے زیروکس کو اپنی کمپنی میں شیئرز لگانے کی پیشکش کی اور بدلے میں زیروکس کے ریسرچ سینٹر تک رسائی چاہی، یہ شخص کوئی اور نہیں بلکہ اسٹیو جابز تھا اور اس کی کمپنی ایپل تھی۔

    زیروکس کے ریسرچ سینٹر میں جابز کو ماؤس کا آئیڈیا بے حد پسند آیا اور اس کے وژن نے لمحے میں بھانپ لیا کہ یہ آنے والے وقتوں کی اہم ایجاد ثابت ہوسکتی ہے۔

    جابز نے اپنی کمپنی کے انجینیئرز کو تمام کام روک دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس ڈیوائس کو نئے سرے سے بنا کر، اسے اپ گریڈ کر کے، ایپل کی پروڈکٹ کی حیثیت سے ری لانچ کیا جائے۔

    اس وقت تک اس پروڈکٹ (ماؤس) کا پیٹنٹ یعنی جملہ حقوق اسٹینڈ فورڈ ریسرچ سینٹر کے پاس تھے، اسٹیو جابز اسے اپنی کمپنی کی پروڈکٹ کی حیثیت سے لانچ کرنے جارہا تھا اور اس کا اصل موجد یعنی ڈگلس اینگلبرٹ دم سادھے یہ ساری کارروائی دیکھ رہا تھا۔

    ایپل کا ری لانچ کیا ہوا ماؤس

    یہ یقینی تھا کہ تہلکہ مچا دینے والی اس ایجاد کا مستقبل میں ڈگلس کو کوئی منافع نہیں ملنے والا تھا۔

    ڈگلس غریب کا آئیڈیا تو بے حد شاندار تھا، تاہم وہ اس آئیڈیے کو وہ وسعت پرواز نہیں دے سکا جو اسے ملنی چاہیئے تھی۔ یوں کہیئے کہ یہ بڑی ایجاد اس کے چھوٹے خوابوں سے کہیں آگے کی چیز تھی۔

    اسے نصیب کا ہیر پھیر کہیئے یا وژن کی محرومی، ڈگلس اپنی ایجاد کی اہمیت کا ادراک نہیں کرسکا، اور بلند حوصلہ، پرجوش اور آنے والے وقتوں کی بصارت رکھنے والا وژنری اسٹیو جابز اس ایجاد کو اپنے نام کر گیا۔

  • کی بورڈ کے کارآمد شارٹ کٹس

    کی بورڈ کے کارآمد شارٹ کٹس

    کمپیوٹر آج کل ہر دوسرے شخص کی ضرورت ہے۔ موجودہ دور میں کوئی بھی دفتری کام کمپیوٹر کے بغیر کرنا ناممکن نظر آتا ہے۔

    لیکن کمپیوٹر پر کام کرنے والے افراد جانتے ہیں کہ اگر کام کرتے ہوئے ماؤس کام کرنا چھوڑ دے یا ہینگ ہوجائے تو کیا ہوا کام ضائع ہوسکتا ہے اور آپ اپنے ڈیٹا سے محروم بھی ہوسکتے ہیں۔

    اسی کوفت سے بچنے کے لیے آج ہم آپ کو کی بورڈ کے کچھ شارٹ کٹس بتا رہے ہیں جو یقیناً آپ کے لیے کارآمد ثابت ہوں گے۔

    :ڈیسک ٹاپ پر جانا

    اگر آپ نے کمپیوٹر پر بہت زیادہ ونڈوز کھول رکھی ہیں اور آپ فوری طور پر ڈیسک ٹاپ پر جانا چاہتے ہوں تو Window key + D دبائیں۔

    :فائل یا فولڈر کی تلاش

    کسی ایک فائل کے لیے تمام فولڈرز میں سرچ کرنے کی زحمت سے بچنے کے لیے Window key + F کے شارٹ کٹ کو استعمال کریں۔

    :زوم کا لیول بدلنا

    اگر کسی ویب یا کسی اور پروگرام میں کام کرتے ہوئے اس میں زوم ان یا آﺅٹ کرنے کی ضرورت ہو تو Ctrl + scroll mouse wheel کو استعمال کریں۔

    :براؤزر بند کرنا

    فوری طور پر کسی ویب براؤزر کو بند کرنے کے لیے Alt + F4 دبائیں۔

    :براؤزر میں بند ہوجانے والے ٹیب کو دوبارہ کھولنا

    غلطی سے کسی براﺅزر ٹیب کو بند کرنے کے بعد اسے دوبارہ کھولنے کے لیے Ctrl + Shift + T کو دبائیں۔

    :ہمیشہ کے لیے ڈیلیٹ کرنا

    کسی فائل کو ری سائیکل بن میں جائے بغیر غائب کرنا چاہتے ہو تو Shift + Delete کلک کریں۔

    :کھلے ہوئے پروگرامز میں ایک سے دوسرے پر جانا

    اس کے لیے آپ کو Alt + Tab کو دبانا ہوگا۔

    :پہلے ٹیب پر جانا

    اگر آپ نے لاتعداد پیجز کھول رکھے ہیں اور پہلے ٹیب پر جانا چاہتے ہیں تو CTRL + 1 بہترین آپشن ہے۔ اسی طرح نمبر کا اضافہ کر کے آپ دوسرے، تیسرے، چوتھے یا نو تک کسی بھی صفحہ پر جاسکتے ہیں۔

    :اسکرین شاٹ لینا

    اسکرین پر موجود کسی بھی چیز کی فوری تصویر یا اسکرین شاٹ کے لیے Print Screen کے بٹن کو دبائیں۔

    :بک مارک ایڈ کرنا

    اپنی کسی پسندیدہ ویب سائٹ کا پیج محفوظ کرنا ہو تو Ctrl + D دبائیں۔

    :ویب پیج کو ریفریش کرنا

    اسکرین یا ویب پیج کو ریفریش کرنے کے لیے F5 یا Ctrl + R دبائیں۔

    :اسپیلنگ یا گرامر چیک

    اسپیلنگ اور گرامر کو چیک کرنے کے لیے F7 کا بٹن دبائیں۔

    :فیس بک پر بغیر ماﺅس کے اسکرولنگ

    کمپیوٹر کا ماﺅس کام نہ کر رہا ہو اور آپ فیس بک پر اسکرولنگ کرنا چاہتے ہیں تو J کا بٹن آپ کو نیچے اسکرولنگ میں مدد دے گا جبکہ K کا بٹن اوپر لے جائے گا۔ جب آپ کسی پوسٹ کو اسکرولنگ کے دوران سلیکٹ کرلیں تو L دبا کر لائیک کرسکتے ہیں۔

    :ویب پیج پر اسکرولنگ

    فیس بک کے علاوہ دیگر ویب پیچز کے لیےاسپیس دبائیں گے تو اسکرین نیچے چلی جائے گی، جبکہ shift + space سے واپس اوپر اسکرول کیا جاسکتا ہے۔

    :زوم کرنا

    اگر آپ کسی ویب پیج کو بڑا کر کے دیکھنا چاہتے ہیں CTRL + Plus سے اسے زوم کیا جاسکتا ہے جبکہ CTRL + – سے زوم آﺅٹ کیا جاسکتا ہے۔

    :ٹیب بند کرنا

    اگر آپ کسی ٹیب کو بند کرنا چاہتے ہیں تو CTRL + W سے اسے بند کر سکتے ہیں۔