مائیکرو سافٹ نے اپنے مقبول ترین سافٹ ویئر ’مائیکروسافٹ ورڈ‘ کا نام تبدیل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی نے اپنے مقبول ترین سافٹ ویئر ’مائیکرو سافٹ ورڈ‘ کا نام تبدیل کر کے اسے ’مائیکرو سافٹ 365‘ کا نام دے دیا ہے۔
اس سافٹ ویئر میں مزید کئی نئے فیچرز بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں، جو ویڈیو اور گرافکس پر مبنی ہوں گے۔
مائیکرو سافٹ ورڈ کے گروپ ہی میں ایکسل اور پاور پوائنٹ بھی ہوتے ہیں، تاہم اب کمپنی نے ان سب کو ایک نئی ایپلی کیشن کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اب ورڈ، ایکسل اور پاور پوائنٹ ’مائیکرو سافٹ 365‘ کا حصہ ہوں گے، اس میں مزید نئے فیچرز کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔
تبدیل شدہ مائیکرو سافٹ 365 تک جلد ہی تمام صارفین کو رسائی دے دی جائے گی۔
یاد رہے کہ ایپلیکیشن ’مائیکرو سافٹ 365‘ ونڈوز 10 کے ساتھ متعارف کرائی گئی تھی، اب یہ تقریباً ہر کمپیوٹر کا حصہ بن چکی ہے، لیکن مائیکرو سافٹ ورڈ، ایکسل اور پاور پوائنٹ کو اس میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
کمپنی نے ان تمام سافٹ ویئرز کو اپڈیٹ کرتے ہوئے ’کریئیٹ مائیکرو سافٹ‘ نامی ویب سائٹ پر متعارف کرا دیا ہے، جہاں صارفین اب ویڈیو ایڈیٹنگ اور گرافکس سمیت دیگر تخلیقی کام بھی مفت کر سکیں گے۔
کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ اب مائیکرو سافٹ ورڈ، ایکسل اور پاور پوائنٹ کے آئیکون بھی تبدیل کر دیے جائیں گے اور یہ سافٹ ویئرز 30 سال بعد نئے نام سے پیش کیے جائیں گے۔ مائیکرو سافٹ ورڈ پہلی بار 1990 میں متعارف کرایا گیا تھا۔