Tag: مائیکرو سافٹ

  • مائیکرو سافٹ کا ہزاروں ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کا اعلان

    مائیکرو سافٹ کا ہزاروں ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کا اعلان

    عالمی شہرت یافتہ ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے دنیا بھر سے تقریباً 9 ہزار ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کرنے کا اعلان کردیا ہے، جو 2023ء کے بعد کمپنی کی سب سے بڑی برطرفی تصور کی جا رہی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی مارکیٹ میں کمپنی کو مزید مؤثر، چست اور جدید خطوط پر استوار کرنا ہے، یہ برطرفیاں مائیکرو سافٹ کی مجموعی عالمی افرادی قوت کا تقریباً 4 فیصد حصہ ہیں۔

    امریکی نشریاتی ادارے سی این این کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ 2 جولائی 2025ء کو کیا گیا اور یہ حالیہ مہینوں کے دوران کمپنی کی جانب سے کی جانے والی تیسری مرحلہ وار چھانٹی ہے۔

    ترجمان کے مطابق ہم تنظیمی تبدیلیاں لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاکہ کمپنی اور اس کی ٹیمیں جدید، متحرک اور مسابقتی مارکیٹ میں زیادہ بہتر طور پر کامیاب ہو سکیں۔

    مائیکروسافٹ کے گیمنگ ڈویژن کے سی ای او فِل اسپینسر کے مطابق ضروری ہوگیا ہے کہ ہم مخصوص علاقوں میں کام کو محدود کریں یا بند کر دیں اور انتظامی سطحوں کو کم کر کے چُستی اور کارکردگی میں اضافہ کریں۔

    مائیکروسافٹ کی جانب سے اس بڑے پیمانے پر عملے کو کم کرنے کا ایک اہم سبب کمپنی میں مصنوعی ذہانت (AI) کا تیزی سے بڑھتا ہوا رجحان بھی ہے۔

    کمپنی کے سی ای او ستیہ نڈیلا کی جانب سے پہلے ہی واضح کیا جاچکا ہے کہ مائیکروسافٹ کا تقریباً 20 سے 30 فیصد سافٹ ویئر کوڈ اب AI کے ذریعے تیار کیا جا رہا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ مائیکروسافٹ AI انفراسٹرکچر میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں کمپنی کی کارکردگی میں مزید اضافہ کیا جاسکے۔

    اے آئی ماڈلز جھوٹ بولنے کے ساتھ بلیک میلنگ اور سازشیں بھی کرنے لگے!

    واضح رہے کہ مائیکروسافٹ کے علاوہ، گوگل، ایمازون، میٹا اور دیگر بڑی ٹیک کمپنیاں بھی حالیہ ماہ کے دوران ہزاروں ملازمین کو فارغ کر چکی ہیں، یہ سب کمپنیاں اپنے آپریشنز کو زیادہ مؤثر بنانے اور AI ٹیکنالوجیز کے ذریعے خودکاری نظام اپنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

  • مائیکرو سافٹ: 6 ہزار سے زائد ملازمین  کو نوکری سے فارغ کرنے کا اعلان

    مائیکرو سافٹ: 6 ہزار سے زائد ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا اعلان

    مائیکرو سافٹ نے چھ ہزارسے زائد ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا اعلان کردیا، میٹا بھی سال کے آغاز سے اب تک چار ہزار سے زائد ملازمین کو برطرف کرچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کی بڑی ٹیک کمپنیوں میں سے ایک مائیکروسافٹ نے اپنے تین فیصد ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا اعلان کردیا، جس کا دنیا بھر میں موجود مائکروسافٹ کے دفاتر پر اثر پڑے گا۔

    مائیکرو سافٹ کے دنیا بھر میں دو لاکھ اٹھائیس ہزار سے زائد ملازمین ہیں، کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام جاری ایڈجسٹمنٹ کا حصہ ہے ، جو مائیکروسافٹ کو تیزی سے متحرک مارکیٹ کے منظر نامے میں مسابقتی رکھنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ "ہم ایک متحرک مارکیٹ میں کامیابی کے لیے کمپنی کی بہترین پوزیشن کے لیے ضروری تنظیمی تبدیلیوں کو نافذ کرتے رہتے ہیں۔”

    ہمارا کیا ہو گا؟

    یاد رہے مارک زکربرگ کی کمپنی میٹا بھی سال کے آغاز سے اب تک چار ہزار سے زائد ملازمین کو برطرف کرچکی ہے۔

    گوگل نے فروری میں امریکہ میں اپنے بہت سے ملازمین کو بائے آؤٹ پیشکش کی اور اپریل میں پلیٹ فارمز اور ڈیوائسز یونٹ سے سینکڑوں ملازمین کو فارغ کیا۔

    ٹیک کمپنیاں اب تیزی سے ترقی کے موڈ سے باہر آرہی ہیں، جس میں وہ کووڈ کے بعد آئی تھیں۔ اب توجہ اخراجات کو کم کرنے، اے آئی اور آٹومیشن کو اپنانے، اور ایک چھوٹے لیکن موثر ٹیم ماڈل کی طرف جانے پر ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ بڑی تعداد میں نوکریاں ختم ہو رہی ہیں۔

  • ایپس سے رقوم نکلوانا محفوظ نہیں، مائیکرو سافٹ نے خبردار کردیا

    ایپس سے رقوم نکلوانا محفوظ نہیں، مائیکرو سافٹ نے خبردار کردیا

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے تمام اینڈروئیڈ صارفین کو خبردار کیا ہے کہ مختلف ایپس سے رقوم نکلوانے والوں کے اکاؤنٹس باآسانی ہیک کیے جاسکتے ہیں۔

    اس حوالے سے کمپنی کا کہنا ہے کہ نامعلوم ہیکرز آپ کے فون اکاؤنٹس اور ’منی ایپ‘ تک رسائی حاصل کرکے آپ کی رقم اور دیگر معلومات چوری کرسکتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ محققین کا کہنا ہے کہ اینڈروئیڈ صارفین یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ ہیکرز خفیہ حملوں کے ذریعے آپ کے اکاؤنٹس کو استعمال کرسکتے ہیں اور آپ کو اس کا علم بھی نہیں ہو سکے گا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محققین نے حال ہی میں دریافت کیا ہے کہ اینڈروئیڈ ایپس ایک عام سیکیورٹی کمزوری کی وجہ سے ڈیٹا کے چوری، میلویئر اور دیگر حملوں کا شکار ہوسکتی ہیں۔

    دی سن کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ حملے اکثر ان اینڈرائیڈ ایپلی کیشنز پر کیے گئے ہیں جو دوسرے صارفین کے ساتھ شیئر کی جاتی ہیں۔

    انہوں نے بتایا ہے کہ ’ڈرٹی اسٹریم’ نامی مشہور ایپس کسی دوسری ایپ میں فائل بھیجتی ہیں جس کے بعد یہ حملہ آور ایک جعلی ایپ بنا لیتے ہیں جو صارف کی منظوری یا علم کے بغیر براہ راست وصول کر لیتے ہیں۔

    مائیکروسافٹ کے محققین کے مطابق ان ایپس میں سے 4، جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے، کو 500 ملین سے زیادہ بار ڈاؤن لوڈ بھی کیا جا چکا ہے۔

  • مائیکرو سافٹ نے ساکت تصاویر کو نئی زندگی دے دی، حیرت انگیز ایجاد

    مائیکرو سافٹ نے ساکت تصاویر کو نئی زندگی دے دی، حیرت انگیز ایجاد

    مائیکرو سافٹ نے تصاویر کو نئی زندگی دے دی، آئی اے ٹیکنالوجی کے تحت تصاویر اب چہرے کے تاثرات کے ساتھ گفتگو بھی کرسکیں گی۔

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ کے محققین کی ایک ٹیم نے مصنوعی ذہانت کی ایک ایپلی کیشن تیار کی ہے، نیا اے آئی سسٹم چہرے کے تاثرات والے لوگوں کی ساکن تصاویر سے ہائی ریزولوشن ویڈیوز بنا سکتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ ٹیکنالوجی کسی بھی انسان اور آڈیو ٹریکس کی ساکت تصاویر کو حرکت پذیری میں تبدیل کرسکتی ہے۔

    VASA-1

    مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی اس ایپلی کیشن کا استعمال کرتے ہوئے مائیکرو سافٹ کے محققین نے باقاعدہ تصاویر کو لوگوں کے چہرے کے اصل تاثرات کے ساتھ آڈیو ٹریکس کے ساتھ بولتے یا گاتے ہوئے دکھایا ہے۔

    مذکورہ ایپلی کیشن جسے واسا -ون کا نام دیا گیا ہے کے ذریعے ایک ساکت تصویر اور آڈیو تقریر کے کلپ سے پُرکشش بصری اور جذباتی مہارتوں (وی اے ایس) کے ساتھ ورچوئل معیار کی تصویر کو حرکت کرتے ہوئے، بولتے ہوئے اور گاتے ہوئے دکھا سکتی ہے۔

    تحقیقی مقالے کی بنیاد پر محققین نے بہت سے ویڈیو کلپس کے ذریعے واسا ون سسٹم کی صلاحیتوں کو ظاہر کیا ہے، ایک ویڈیو میں مونا لیزا کی مشہور زمانہ تصویر میں اسے ایک گانا گاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    مائیکرو سافٹ ٹیم کے مطابق بنیادی ڈیزائن میں چہرے کی مجموعی حرکات اور سر کی جنبش کا ماڈل شامل ہے جو چہرے اور ویڈیوز کا استعمال کرتے ہوئے واضح طور پر کام کرتا ہے۔

  • مائیکرو سافٹ نے سائبر حملہ ناکام بنا دیا

    مائیکرو سافٹ نے سائبر حملہ ناکام بنا دیا

    لاس ویگاس : امریکہ میں مائیکرو سافٹ سائبر سیکورٹی اہلکاروں نے سائبر حملے کا سراغ لگا کر اسے ناکام بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مائیکرو سافٹ سیکورٹی ریسپانس سینٹر نے گزشتہ روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ مبینہ طور پر ایک گروپ نے رواں ماہ 12 جنوری کو کارپوریٹ سسٹم کو ہیک کیا اور اکاؤنٹس سے کچھ ای میلز اور دستاویزات چُرا لیں۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سائبر حملے کے ملزم کی شناخت مڈ نائٹ بلیزارڈ کے نام سے ہوئی ہے جسے نوبیلیم کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور مبینہ طور پر یہ روسی حمایت یافتہ شخص ہے۔

    ہیکنگ گروپ نے مائیکرو سافٹ پلیٹ فارم کی خلاف ورزی کرنے کے لیے نومبر 2023 میں شروع ہونے والے "پاس ورڈ اسپرے اٹیک” کا استعمال کیا۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مائیکرو سافٹ اس واقعے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے اور حتمی کے نتائج کی بنیاد پر اضافی کارروائی کا فیصلہ کرے گا۔

    کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ حملہ اس کی مصنوعات یا خدمات میں کسی خاص خطرے کا نتیجہ نہیں تھا۔

    خیال رہے کہ مائیکرو سافٹ کی مصنوعات امریکی حکومت میں بھی بڑے پیمانے پر استعمال ہوتی ہیں اور کمپنی کو ماضی میں اپنے حفاظتی طریقوں پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

     

  • تین دہائیوں بعد مائیکرو سافٹ نے ’کی بورڈ‘ میں نئے بٹن کا اضافہ کردیا!

    تین دہائیوں بعد مائیکرو سافٹ نے ’کی بورڈ‘ میں نئے بٹن کا اضافہ کردیا!

    مائیکرو سافٹ نے ونڈوز ’کی بورڈ‘ میں نیا حیرت انگیز بٹن متعارف کروا دیا، یہ تقریباً تین دہائیوں بعد اس ڈیوائس میں پہلی تبدیلی ہے۔

    کی بورڈ میں ’کو پائیلٹ بٹن‘ کے اضافے کا اعلان جمعرات کو کیا گیا۔ اپنی مصنوعات کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے مائیکرو سوفٹ کمپنی اس وقت آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کررہی ہے۔

    ٹیکنالوجیکل کمپنی کی جانب سے کو پائیلٹ سروس کی فراہمی کے لیے نئے بٹن کا اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کمپنی آرٹیفیشل انٹیلیجنس کمپیوٹرز کے لیے کتنے واضح عزائم رکھتی ہے۔

    یہ مشینیں جدید ترین چپس پر کام کرتی ہیں جو بڑی لینگویج کے ماڈلز اور ٹیکنالوجی سے چلنے والی ایپس کو کلاؤڈ کے بجائے براہ راست ڈیوائس پر چلانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پی سیز کے متعارف ہونے سے پرسنل کمپیوٹر مارکیٹ کو دوبارہ سے ٹریک پر وآپس آسکتی ہے جو کورونا کے وبائی مرض کے بعد سے ابتر صورتحال کا شکار ہے۔

    تحقیقی فرم کینالائز کو توقع ہے کہ کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی صلاحیتوں کے حامل پی سیز کی طلب 2025 کے بعد کافی بڑھ جائے گی۔

    مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ مذکورہ بٹن کچھ نئے ونڈوز 11 پی سیز کے کی بورڈ میں موجود ہوگا جبکہ اس مہینے کے آخر میں لاس ویگاس میں منعقد ہونے والے سی ای ایس ٹیکنالوجی ٹریڈ شو میں بھی اس بٹن کے حامل کی بورڈ کو پیش کیا جائے گا۔

  • مائیکرو سافٹ نے 24کروڑ کمپیوٹر ناکارہ کرنے کی تیاری کرلی

    مائیکرو سافٹ نے 24کروڑ کمپیوٹر ناکارہ کرنے کی تیاری کرلی

    مائیکرو سافٹ کارپوریشن کے ونڈوز 10 آپریٹنگ سسٹم کی سپورٹ کو ختم کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں تقریباً 24 کروڑ کمپیوٹرز کو ضائع کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے بھارتی میڈیا رپورٹس میں ’کینلیس ریسرچ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ان 24 کروڑ کمپیوٹر سے نکلنے والے الیکٹرانک کچرے کا وزن ایک اندازے کے مطابق 480 ملین کلوگرام ہو سکتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اگرچہ او ایس سپورٹ کے خاتمے کے بعد بہت سے کمپیوٹر سالوں تک فعال رہ سکتے ہیں تاہم سکیورٹی اپ ڈیٹس کے بغیر ڈیوائسز کی مانگ کم ہوسکتی ہے۔

    مائیکروسافٹ نے اکتوبر 2028 تک ونڈوز 10 ڈیوائسز کے لیے سکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کی سالانہ قیمت نامعلوم ہے۔

    اگر توسیع شدہ ونڈوز 10 کی قیمتوں کا ڈھانچہ ماضی کے رجحانات کی عکاسی کرتا ہے، تو نئے پی سی کی طرف منتقلی زیادہ سرمایہ کاری مؤثر ثابت ہو سکتی ہے، جس سے پرانے پی سیز کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے جو سکریپ بننے جا رہے ہیں۔

    مائیکرو سافٹ کا مقصد اکتوبر 2025 تک ونڈوز 10 کے لیے سپورٹ بند کرنا ہے۔ OSاو ایس کی اگلی نسل، جو پی سی میں جدید مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی لانے کی توقع رکھتی ہے، ممکنہ طور پر سست پی سی مارکیٹ کو فروغ دے سکتی ہے۔

  • عرب امارات میں 1 لاکھ ملازمتیں: نئی رپورٹ جاری

    عرب امارات میں 1 لاکھ ملازمتیں: نئی رپورٹ جاری

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں اگلے 4 برسوں میں 1 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوں گی جس کی وجہ مائیکرو سافٹ کی ریاست میں بڑے پیمانے پر کاروباری سرگرمیاں ہیں۔

    انٹرنیشنل ڈیٹا کارپوریشن کی حال ہی میں جانے والی ایک اسٹڈی کے مطابق مائیکرو سافٹ کلاؤڈ اگلے 4 برسوں میں عرب امارات میں 39 بلین امریکی ڈالر کا منافع کمائے گی۔

    مائیکرو سافٹ، اس کے شراکت داروں اور صارفین کی جانب سے بڑے پیمانے پر کاروباری سرگرمیوں کے باعث امارات میں لگ بھگ 97 ہزار ملازمتوں کا اضافہ ہوگا۔

    ان میں سے 29 ہزار ملازمتیں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے میں ہوں گی۔

    اسٹڈی میں کہا گیا ہے کہ سنہ 2026 تک مائیکرو سافٹ کلاؤڈ مقامی معیشت میں اپنی خدمات اور پروڈکٹس کی مد میں 3.4 بلین ڈالر شامل کرے گا، جواب میں اسے 39 بلین ڈالر کا ریونیو حاصل ہوگا۔

    مائیکرو سافٹ عرب امارات کے جنرل مینیجر نعیم یزبک کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق اس بات کی تصدیق ہے کہ مائیکرو سافٹ کی کوششیں حکومت، بزنس کمیونٹی اور شہریوں کو سپورٹ کرتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ تمام فریقین اس کے فوائد حاصل کر رہے ہیں۔

  • مائیکرو سافٹ نے کینڈی کرش خرید لیا

    مائیکرو سافٹ نے کینڈی کرش خرید لیا

    کچھ عرصہ قبل تک مقبول ترین ویڈیو گیم کینڈی کرش کو مائیکرو سافٹ نے خریدنے کا اعلان کیا ہے، کینڈی کرش کی ملکیتی گیمنگ کمپنی کو ملازمین کے ساتھ بدسلوکی اور غیر مساوی تنخواہ کے الزامات کا سامنا ہے۔

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے گیمنگ کمپنی ایکٹیویژن بلیزرڈ کو 68.7 ارب ڈالر میں خریدنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد کال آف ڈیوٹی اور کینڈی کرش جیسی بلاک بسٹر گیمز تک رسائی ممکن ہوگی۔

    نقد ادائیگی میں ہونے والی اس ڈیل کے ذریعے مائیکرو سافٹ کو موبائل گیمنگ میں تیزی سے پیش رفت اور میٹا ورس یعنی ورچوئل ماحول کی تیاری کے لیے بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

    ایکس باکس گیمنگ سسٹم بنانے والی کمپنی مائیکرو سافٹ نے ایکٹیویژن کو خریدنے کا اعلان منگل کو کیا تھا۔

    دوسری جانب گیمنگ کمپنی کو ملازمین کے ساتھ بدسلوکی اور غیر مساوی تنخواہ کے الزامات کا سامنا ہے۔

    مائیکرو سافٹ کے سربراہ ستیا نڈیلا نے سرمایہ کاروں کے ساتھ کانفرنس کال میں کہا کہ آرگنائزیشن کا کلچر ان کی اولین ترجیح ہے اور ایکٹیویژن بلیزرڈ کے لیے بھی اہم ہے کہ وہ اپنے وعدوں کو پورا کرتے ہوئے کمپنی کے کلچر کو بہتر کریں۔

    گیمنگ کمپنی ایکٹیویژن نے گزشتہ سال انکشاف کیا تھا کہ امتیازی سلوک کی شکایات پر سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن، کمپنی کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے۔

    ایکٹیویژن بلیزرڈ کے سربراہ بوبی کوٹک اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے اور اپنی ٹیم کے ہمراہ کمپنی کے کلچر کو مضبوط کرنے اور کاروباری ترقی میں تیزی لانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔

  • پائریٹڈ سافٹ ویئر استعمال کرنے والوں کے لیے مائیکرو سافٹ کا اہم اعلان

    پائریٹڈ سافٹ ویئر استعمال کرنے والوں کے لیے مائیکرو سافٹ کا اہم اعلان

    بل گیٹس کی بنائی ہوئی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے چوری کے سافٹ ویئر (پائریٹڈ) استعمال کرنے والوں کو انوکھی پیش کش کر دی ہے۔

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے مختلف ایپلی کیشنز اور سافٹ ویئرز کی پائریٹڈ کاپیز بڑے پیمانے پر دنیا بھر میں استعمال ہوتی ہیں، اس صورت حال میں بہتری لانے کے لیے کمپنی نے صارفین کو بڑی رعایت کا اعلان کر دیا ہے۔

    کمپنی کی جانب سے رعایت کا مقصد دنیا بھر کے ان لاکھوں صارفین کو آفیشل پلیٹ فارم پر لانا ہے جو بلا جھجک بغیر لائسنس کے ونڈوز اور مائیکرو سافٹ آفس استعمال کرتے ہیں۔

    ویب سائٹ پی سی ورلڈ کے مطابق مائیکرو سافٹ نے پائریسی کے سدباب کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس سلسلے میں پہلے مرحلے پر مائیکرو سافٹ کی جانب سے جعلی، بغیر لائسنس اور پائریٹڈ کاپی استعمال کرنے والے صارفین کو ایم ایس آفس 365 کے آفیشل اور قانونی ورژن کی قیمت میں 50 فی صد کی رعایت دی جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ مائیکروسافٹ اب اس طرح کی ایپلی کیشن فراہم کرنے والی واحد کمپنی نہیں رہی، اس کی روایتی حریف کمپنی گوگل نے ایم ایس ورڈ کی جگہ گوگل ڈوکس، ایکسیل کی جگہ شیٹس، پاور پوائنٹس کی جگہ سلائیڈز اور دیگر ایم ایس آفس ایپلی کیشنز کے متبادل پیش کر دیے ہیں۔

    مفت ہونے کی وجہ سے بہت سے ادارے اور افراد مائیکروسافٹ کو چھوڑ کر بتدریج گوگل کی ان ایپلی کیشنز کو اپنا رہے ہیں۔