Tag: مائیکرو سافٹ

  • ونڈوز کا نیا آپریٹنگ سسٹم کیسا ہوگا؟

    ونڈوز کا نیا آپریٹنگ سسٹم کیسا ہوگا؟

    مائیکرو سافٹ کی جانب سے ایک دہائی کے دوران ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ متعارف کروائی جارہی ہے اور اس کی کچھ جھلکیاں سامنے آگئی ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ کا نیا ونڈوز 11 آپریٹنگ سسٹم کی پہلی جھلک آن لائن لیک ہوئی ہے۔ ویب سائٹ نے ونڈوز 11 او ایس کے متعدد اسکرین شاٹس جاری کیے ہیں جس میں کافی نئی تبدیلیاں دیکھی جاسکتی ہیں۔

    ونڈوز کے نئے جنریشن آپریٹنگ سسٹم میں نیا یوزر انٹرفیس، اسٹارٹ مینیو اور بہت کچھ ونڈوز 10 سے مختلف ہوگا۔

    ونڈوز 11 میں جو سب سے بڑی تبدیلی نظر آتی ہے وہ ٹاسک کے ساتھ ہے جس میں مائیکروسافٹ نے ایپ آئیکنز کو سائیڈ کی بجائے درمیان میں رکھا ہے اور وہاں ہی نیا اسٹارٹ بٹن اور مینیو بھی موجود ہے۔

    نئے اسٹارٹ مینیو میں لائیو ٹائلز موجود نہیں بلکہ پنڈ ایپس، ریسنٹ فائلز اور ونڈوز 11 ڈیوائسز کو فوری شٹ ڈاؤن یا ری اسٹارٹ جیسے آپشنز موجود ہیں۔ کمپنی کی جانب سے ونڈوز 10 کے مقابلے میں نئے آپریٹنگ سسٹم میں کافی کچھ بہت سادہ کیا جارہا ہے۔

    کہا جارہا ہے کہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے نئے آپریٹنگ سسٹم میں ونڈوز ویجیٹس کو واپس لایا جارہا ہے جس کی ابتدائی شکل بھی لیک ہوئی ہے۔

    ونڈوز 11 میں نئے اسنیپ کنٹرولز کو بھی شامل کیا جارہا ہے جس سے صارف تمام ایپس کے لیے میکسیمائز بٹن تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔

    مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز 11 کو متعارف کرانے کا ایونٹ 24 جون کو منعقد کیا جارہا ہے جس میں نئے او ایس کی ابتدائی شکل جاری کی جائے گی اور عرصے بعد مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز کے اسٹارٹ اپ ساؤنڈ کو بھی بدل کر نیا کیا جارہا ہے۔

  • ونڈوز کا نیا ورژن متعارف کروانے کی تیاری

    ونڈوز کا نیا ورژن متعارف کروانے کی تیاری

    دنیا کے مقبول ترین آپریٹنگ سسٹم ونڈوز کا نیا ورژن سامنے آنے کو ہے، یہ کمپنی کی جانب سے ایک دہائی کے دوران ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ ہوگی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ کے سی ای او ستیہ نڈیلا نے کہا ہے کہ کمپنی کی جانب سے ایک دہائی کے دوران ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

    انہوں نے ایک ارب 30 کروڑ سے زائد افراد کی ڈیوائسز پر کام کرنے والے آپریٹنگ سسٹم کے نئے ورژن کو متعارف کرانے کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز کے نئے ورژن کو بہت جلد متعارف کروانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

    سی ای او کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ چند ماہ سے اسے استعمال کررہا ہوں اور میں نئی نسل کے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کے حوالے سے بہت زیادہ پرجوش ہوں۔

    ونڈوز کے نئے ورژن کے بارے میں کچھ زیادہ معلومات نہیں مگر افواہوں کے مطابق نئے ورژن کا کوڈ نام کوبلٹ رکھا گیا ہے جو آپریٹنگ سسٹم کے ڈیزائن کو جدید بنائے گا۔

    مائیکرو سافٹ کی جانب سے آخری بار 2015 میں ونڈوز 10 کی شکل میں نیا آپریٹنگ سسٹم متعارف کرایا گیا تھا جس نے ونڈوز 8.1 کی جگہ لی تھی۔

    ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ نیا آپریٹنگ سسٹم کب تک متعارف کروایا جائے گا مگر مختلف رپورٹس کے مطابق 2021 کے آخر تک اس کی ابتدائی شکل جاری ہوسکتی ہے۔

  • بل گیٹس نے میلنڈا کو مزید کروڑوں ڈالر شیئرز منتقل کر دیے

    بل گیٹس نے میلنڈا کو مزید کروڑوں ڈالر شیئرز منتقل کر دیے

    نیویارک: مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے اپنی سابقہ اہلیہ میلنڈا کو 80 کروڑ ڈالر سے زائد شیئرز منتقل کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق بل گیٹس نے میلنڈا کو 80 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کے شیئرز منتقل کر دیے، مائیکرو سافٹ کے بانی 3مئی کو اہلیہ میلنڈا سے علیحدگی کے بعد اب تک انھیں 3 ارب ڈالر منتقل کر چکے ہیں۔

    میلنڈا فرنچ گیٹس کو منتقل کیے گئے اثاثوں میں کینیڈا کے قومی ریلوے اور آٹو نیشن کے حصص بھی شامل ہیں، جب کہ گزشتہ روز بل گیٹس نے ڈیئر اینڈ کمپنی کے حصص میں سے 80 کروڑ 50 لاکھ کے حصص میلنڈا کو منتقل کیے، کہا جا رہا ہے کہ مذکورہ رقم ڈیئر اینڈ کمپنی (Deere & Co) میں بل گیٹس کے حصص کا 7 فی صد ہے۔

    واضح رہے کہ تین مئی کو بل اور میلنڈا کی دی گئی طلاق کی درخواست میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 1994 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے اس جوڑے نے شادی سے قبل معاہدہ (prenuptial) نہیں کیا تھا، اور واشنگٹن ریاست کے قانون کے تحت جوڑوں میں طلاق ہونے پر اثاثے مساوی بنیادوں پر تقسیم کر دیے جاتے ہیں۔

    طلاق کے بعد بل گیٹس کی سابق بیوی کا بڑا اقدام

    خیال رہے کہ میلنڈا کو طلاق دینے سے قبل بل گیٹس 146 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص ہیں، بتایا جاتا ہے کہ اس جوڑے میں علیحدگی کی وجہ بل گیٹس کے اپنی ملازمہ کے ساتھ تعلقات بنے تھے۔

    ایک طرف بل سے طلاق کے بعد میلنڈا کو مائیکرو سافٹ کے شریک بانی کے اثاثے منتقل ہو رہے ہیں، دوسری طرف میلنڈا نے ایک جزیرہ 2 کروڑ یومیہ کرائے پر لے لیا ہے، جزیرہ کیلوینی ویسٹ انڈیز میں گرینیڈا کے قریب واقع ہے۔

  • مائیکرو سافٹ کی جانب سے بڑی خوش خبری

    مائیکرو سافٹ کی جانب سے بڑی خوش خبری

    ویڈیو کانفرنسنگ سروس استعمال کرنے والے صارفین کے لیے مائیکرو سافٹ کی جانب سے خوش خبری آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مائیکرو سافٹ کی ویڈیو کانفرنسنگ سروس اب مفت دستیاب ہوگی، زوم اور گوگل میٹ کے بعد مائیکرو سافٹ نے بھی ویڈیو کانفرنسنگ سروس لوگوں کے لیے مفت کر دی۔

    ویڈیو کانفرنسنگ پر مبنی یہ مفت سافٹ ویئر، مائیکرو سافٹ ٹیمز کے بزنس ورژن سے ملتا جلتا ہے، جس میں آفس 365 کی سبسکرپشن، ویڈیو کالز، گروپ چیٹس اور ٹولز بھی شامل ہیں۔

    اس سروس میں صارفین کو 24 گھنٹوں تک 3 سو افراد کے ساتھ ون آن ون مفت ویڈیو کالز کی سہولت فراہم کی گئی ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ مفت گروپ کالز کا دورانیہ اور لوگوں کی تعداد کم کی جائے گی، جس کے بعد ایک گھنٹے تک 100 افراد سے بات کی جا سکے گی۔

    کمپنی کی جانب سے جاری خبر کے مطابق مائیکرو سافٹ ٹیمز میں ٹوگیدر موڈ کو بھی استعمال کیا جا سکے گا، جس میں ویڈیو کال کے دوران صارفین اپنا بیک گراؤنڈ بھی شیئر کر سکیں گے۔

    خیال رہے کہ مائیکرو سافٹ ٹیمز کو صرف کاروباری مراکز کے لیے متعارف کرایا گیا تھا مگر اب اسے زوم اور گوگل میٹ کو ٹکر دینے کے لیے عام افراد کے لیے بھی پیش کر دیا گیا ہے۔

    مائیکرو سافٹ ٹیمز کا یہ مفت سافٹ ویئر ڈیسک ٹاپ ایپ اور ویب براؤزر پر دستیاب ہے جب کہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپس بھی جاری کی گئی ہیں۔

  • بل گیٹس اور میلنڈا نے شادی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا

    بل گیٹس اور میلنڈا نے شادی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا

    نیویارک: مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور مخیر و انسان دوست خاتون میلنڈا نے 27 سال بعد شادی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بل گیٹس اور میلنڈا کی جانب سے ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے بہت سوچ و بچار کے بعد شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انھوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اب ہمیں اس بات پر یقین نہیں رہا کہ ہم ایک جوڑے کی حیثیت سے مزید ایک ساتھ زندگی گزار سکتے ہیں، ٹوئٹ میں جاری مشترکہ بیان میں انھوں نے کہا کہ 27 سالہ ازدواجی زندگی میں انھوں نے 3 بچوں کو پروان چڑھایا۔

    انھوں نے کہا کہ انھوں نے مل کر ایسی فاؤنڈیشن بنائی جس کے تحت دنیا بھر میں فلاحی کام جاری ہے، ہم اس فاؤنڈیشن کے تحت آگے بھی مل کر فلاحی کام کرتے رہیں گے، مگر اب ہم دونوں مزید ازدواجی زندگی جاری نہیں رکھ سکتے۔

    انھوں نے کہا ہے کہ آئندہ زندگی کے لیے انھیں اپنے لیے وقت اور پرائیویسی چاہیے۔

    خیال رہے کہ مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس اور ان کی اہلیہ نے مشترکہ طور پر 124 بلین ڈالرز کا اثاثہ بنایا، جس سے وہ دنیا کے 5 امیر ترین جوڑوں میں شامل ہوئے۔

    اس جوڑے نے پیر کو ٹوئٹر پر اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ازدواجی تعلق پر بہت سارا کام کرنے اور بہت غور و فکر کے بعد انھوں نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ واضح رہے کہ 56 سالہ میلنڈا نے ماضی میں کہا تھا کہ ان کی شادی ناقابل یقین حد تک مشکل رہی ہے، 65 سالہ بل کے بارے میں انھوں نے کہا کہ وہ باقاعدگی سے دن میں 16 گھنٹے کام کرتے ہیں اور فیملی کے لیے وقت نکالنا ان کے لیے بہت مشکل ہوتا ہے۔

    بل اور ملینڈا کے تین بچے ہیں، 25 سالہ جینیفر، 21 سالے روری، اور 18 سالہ فیبی۔ جینیفر گیٹس نے پیر کو انسٹاگرام پر لکھا کہ یہ ہمارے پورے خاندان کے لیے بہت مشکل وقت تھا، انھوں نے لوگوں کا اس بات کے لیے شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے ان کی پرائیویسی کی خواہش کو سمجھا جب کہ وہ زندگی کے اگلے مرحلے میں داخل ہو رہے تھے۔

    یاد رہے کہ بل گیٹس، جنھوں نے 1975 میں مائیکرو سافٹ کی مشترکہ طور پر بِنا رکھی، جب یہ دونوں 1994 میں شادی کے بندھن میں بندھ رہے تھے تو بل گیٹس اس وقت ایک ارب پتی بن چکے تھے، ان کی میلنڈا سے ملاقات 1987 میں ہوئی جب میلنڈا نے 31 سال کی عمر میں کمپنی میں ملازمت اختیار کی تھی۔ شادی سے قبل بھی انھوں نے کئی ہفتے اس سوچ و بچار میں لگا دیے تھے کہ انھیں شادی کرنی چاہیے یا نہیں۔

  • کیلبری فونٹ کی جگہ کوئی اور لینے کو تیار

    کیلبری فونٹ کی جگہ کوئی اور لینے کو تیار

    پاکستان میں پاناما کیس میں مشہور ہونے والا کیلبری فونٹ جلد ہی قصہ پارینہ بن جائے گا، مائیکرو سافٹ نے اس کی جگہ دوسرے فونٹ کو دینے کا اعلان کردیا۔

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے کیلبری کے متبادل فونٹ کی تلاش شروع کردی ہے، کیلبری سنہ 2007 سے مائیکرو سافٹ آفس کا ڈیفالٹ فونٹ ہے جس کی جگہ کمپنی نے 5 ممکنہ متبادل تجویز کیے ہیں۔

    تاہم کیلبری فونٹ فونٹس میں موجود رہے گا۔

    مائیکرو سافٹ نے 28 اپریل کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ، ڈیئر کیلبری ہمیں اپنے اکٹھے گزارے جانے والے وقت سے محبت ہے، مگر اب اس تعلق کا وقت ختم ہورہا ہے۔

    کمپنی نے صارفین سے پوچھا کہ وہ 5 متبادل فونٹس میں سے اپنے پسند کے فونٹ کے بارے میں بتائیں، ان 5 فونٹس میں ٹینورائٹ، بائرسٹاڈٹ، سکینا، سی فورڈ اور گرانڈ ویو شامل ہیں۔

    ٹینورائٹ کو ایرن میکلوفین اور وای ہیوانگ نے ڈیزائن کیا اور کمپنی کے مطابق اس فونٹ کا انداز دوستانہ انداز کا حامل ہے، بائرسٹاڈٹ کو اسٹیو میٹیسن نے ڈیزائن کیا ہے، مائیکرو سافٹ کے مطابق بائرسٹاڈٹ کلیئر کٹ اسٹروک اینڈنگ والا فونٹ ہے۔

    سکینا کو جان ہڈسن اور پال ہان سلو نے ڈیزائن کیا اور کمپنی کے مطابق یہ فونٹ طویل دستاویزات اور مختصر جملوں کے لیے مثالی ہے، سی فورڈ کو ٹوبیس فریر جونز، نینا اسٹوسینگر اور فریڈ شکلیرس نے ڈیزائن کیا ہے مگر اس کا اسٹائل حروف کے درمیان فرق کو واضح کرتا ہے جس سے الفاظ کی ساخت کو شناخت کرنا آسان ہوتا ہے۔

    گرانڈ ویو کو آرون بیل نے ڈیزائن کیا گیا ہے جس کا خیال جرمن شاہراؤں اور ریلوے سائنز سے لیا گیا، یہ دور اور کم روشنی میں حروف کو پڑھنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اور طویل تحریر کے لیے مطابقت پیدا کی گئی ہے۔

  • عریش فاطمہ نے دنیا کی کم عمر ترین مائیکروسافٹ پروفیشنل ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا

    عریش فاطمہ نے دنیا کی کم عمر ترین مائیکروسافٹ پروفیشنل ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا

    کراچی: شہر قائد سے تعلق رکھنے والی ننھی طالبہ عریش فاطمہ نے دنیا کی سب سے کم عمر مائیکروسافٹ پروفیشنل ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی 4 سالہ عریش فاطمہ دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ پروفیشنل بن گئیں، کراچی سے تعلق رکھنے والی عریش فاطمہ نے مائیکرو سافٹ کے پروفیشنل امتحان میں شرکت کی تھی۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ کے زیر اہتمام امتحان پاس کرنے کے لیے کم سے کم 700 پوائنٹس کی ضرورت ہوتی ہے، جب کہ ننھی عریش فاطمہ نے 831 پوائنٹس حاصل کر کے نیا کارنامہ انجام دیا۔

    ننھی عریش فاطمہ ان ذہین پاکستانیوں کی فہرست میں شامل ہو گئی ہیں، جنھوں نے کم عمری میں ایم سی پی کی سند حاصل کی، جب عریش کے اندر انٹرنیٹ کے ذریعے نئی چیزیں سیکھنے کی صلاحیت سامنے آئی تو ان کے والدین نے ان کے تجسس کو دیکھ کر اسے کمپیوٹر سیکھنے کی جانب راغب کیا۔

    عریش کے والد خود آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ ہیں، انھوں نے اپنی بیٹی کی ذہانت اور دل چسپی کو دیکھتے ہوئے ان کو کمپیوٹر اسکلز سیکھنے میں بھرپور رہنمائی کی۔

    عریش نے مائیکروسافٹ ورڈ اور مائیکروسافٹ آفس چلانا لاک ڈاؤن کے دوران اپنے والد سے سیکھا، کرونا وبا کے دوران گھر پر رہنے کی وجہ سے عریش نے اس وقت کا بہترین استعمال کیا اور اچھی یادداشت کے باعث دونوں سافٹ ویئرز میں مہارت حاصل کی۔

    عریش نے اپنی صلاحیت کی بنیاد پر مائیکروسافٹ امتحان میں کامیابی حاصل کی اور دنیا کی کم عمر ترین پروفیشنل بن گئیں۔ اپنی بہترین یادداشت کے باعث عریش فاطمہ کا کہنا ہے کہ وہ 6 سال کی عمر تک قرآن پاک حفظ کرنا چاہتی ہیں۔

  • زوم گوگل اور مائیکرو سافٹ کو ٹکر دینے کو تیار

    زوم گوگل اور مائیکرو سافٹ کو ٹکر دینے کو تیار

    ویڈیو کمیونیکیشن ایپ زوم ای میل اور کیلنڈر سروسز شروع کرنے پر غور کر رہی ہے۔ زوم کو سال 2020 میں سب سے زیادہ استعمال کیا گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے پہلے ہی ای میل پر کام کررہا ہے اور رپورٹ کے مطابق آئندہ سال کے شروع میں زوم کی ویب ای میل سروس کی آزمائش شروع ہوسکتی ہے۔

    اسی طرح کیلنڈر ایپ پر ابھی کام تو ہورہا ہے مگر یہ واضح نہیں کہ اسے کب تک تیار کرلیا جائے گا۔

    ان شعبوں میں قدم رکھ کر زوم گوگل اور مائیکرو سافٹ کو ٹکر دینے کے قابل ہوجائے گا۔ زوم کی جانب سے فی الحال اس رپورٹ کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

    نئے شعبوں میں زوم کے لیے مقابلہ آسان نہیں ہوگا کیونکہ جی میل اور مائیکرو سافٹ کی آؤٹ لک سروس پرانی ہیں اور ان کے صارفین کی تعداد بہت زیادہ ہے، جس میں متعدد سروسز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے دوران زوم کے بے تحآشہ استعمال کے باعث اس کے حصص کی قیمتوں میں 500 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

  • اسکائپ کے میٹ ناؤ فیچر میں تبدیلی کا فیصلہ

    اسکائپ کے میٹ ناؤ فیچر میں تبدیلی کا فیصلہ

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے اپنی زیر ملکیت ٹیلی کمیونی کیشن ایپ اسکائپ کے میٹ ناؤ فیچر میں جدت لانے کا فیصلہ کیا ہے، کرونا وائرس کے دوران ویڈیو کالنگ کی شرح میں اضافے کے باجوود اس فیچر کو زیادہ مقبولیت حاصل نہیں ہوسکی تھی۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ نے ٹیلی کمیونی کیشن ایپ اسکائپ کے میٹ ناؤ فیچر کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    گو کہ اسکائپ کا اصل مقصد ویڈیو کالنگ ہے تاہم کرونا وائرس کے دوران جب ویڈیو کالنگ کی شرح میں اضافہ ہوا تو زوم، گوگل میٹ اور میسنجر رومز کے صارفین کی تعداد بڑھ گئی اور اسکائپ کو بہت کم استعمال کیا گیا۔

    اسکائپ کا میٹ ناؤ کا فیچر اسی دوران متعارف کروایا گیا تھا جو زوم جیسا تھا اور جس کا مقصد صارفین کی توجہ حاصل کرنا تھا، تاہم مائیکرو سافٹ اپنے مقصد میں ناکام رہا۔

    اس فیچر کے ذریعے صارفین صرف 3 کلکس پر مفت ویڈیو میٹنگ کی میزبانی اور شیئرنگ کر سکتے ہیں جس کے لیے اسکائپ کو انسٹال کرنے یا اکاؤنٹ سائن اپ کی ضرورت بھی نہیں تھی۔

    اب مائیکرو سافٹ نے اسکائپ کے اس فیچر کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور ونڈوز 10 کے نئے بیٹا میں ٹاسک بار میں میٹ ناؤ کی ٹیسٹنگ شروع ہونے والی ہے۔

    نئے ورژن کے تحت ڈیسک ٹاپ پر محض نوٹیفکیشن ایریا میں بٹن پر کلک کر کے لوگوں سے رابطہ اور کال کی جاسکے گی۔ یہ واضح نہیں کہ ڈیسک ٹاپ پر یہ آئیکون ان افراد کے لیے ہوگا جو پہلے ہی اسکائپ استعمال کررہے ہیں یا سب کے لیے ہوگا۔

    اس فیچر کی آزمائش جلد شروع کردی جائے گی۔

  • ٹیکنالوجی میں بڑی سرمایہ کاری، مائیکرو سافٹ سے بات چیت چل رہی ہے: زلفی بخاری

    ٹیکنالوجی میں بڑی سرمایہ کاری، مائیکرو سافٹ سے بات چیت چل رہی ہے: زلفی بخاری

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری کے سلسلے میں مائیکرو سافٹ کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ بہت جلد ٹیکنالوجی میں بڑی سرمایہ کاری پاکستان آ رہی ہے، اس سلسلے میں مائیکرو سافٹ کے ساتھ بھی بات چیت چل رہی ہے۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی جگہ ہے جہاں بے روزگاری ایک بڑا مسئلہ ہے، سابق دور میں انفرا اسٹرکچر پر توجہ دی گئی لیکن بے روزگاری ختم نہ ہوئی۔

    وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ وہ انفرا اسٹرکچر کے خلاف نہیں ہیں تاہم صرف پل بنانے سے بہتر ہے کہ ہیومن ڈویلپمنٹ پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بل گیٹس کا وزیر اعظم کو خط، پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار

    انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں بہت سے ممالک کے اہم سربراہان نے پاکستان کا دورہ کیا ہے، پاکستان سیاحت کے لحاظ سے مالا مال ملک ہے، یہاں سیاحت کے بہترین مواقع فراہم ہو سکتے ہیں۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ایسے ممالک بھی ہیں جو جی ڈی پی کا 10 فی صد سیاحت سے کماتے ہیں، یہ ایک اہم شعبہ ہے، ہم نے بھی سیاحت کو فروغ دینا ہے، ہم سول سروس ریفارم پر بھی کام کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں سال کے شروع میں دنیا کے امیر ترین شخص تصور کیے جانے والے مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو خط لکھ کر پاکستان میں سرمایہ کاری کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔