Tag: مائیکل جیکسن

  • مائیکل جیکسن: شہرت اور مقبولیت کی دیوی بھی جس کی اسیر تھی!

    مائیکل جیکسن: شہرت اور مقبولیت کی دیوی بھی جس کی اسیر تھی!

    مائیکل جیکسن کو جدید دور کا ایک ایسا ساحر کہیے کہ جس نے اپنی آواز اور انداز سے سماعتوں کو مسخّر کیا اور دلوں پر راج کرتا رہا۔ وہ ایک ایسا فن کار تھا، جسے معاشرے نے اس کی بے راہ روی پر مطعون بھی کیا اور اس پر عدالت میں مقدمہ بھی چلا، لیکن یہ سب اس کے پرستاروں کی تعداد نہ گھٹا سکا۔ 25 جون 2009ء کو مائیکل جیکسن کی موت پر دنیا افسردہ تھی۔

    "کنگ آف پاپ میوزک” کہلانے والے مائیکل جیکسن کی موت کے ساتھ ہی گویا پاپ میوزک کا ایک پُرشکوہ باب بھی ہمیشہ کے لیے بند ہوگیا۔ ہمہ جہت اور تخلیقی انفرادیت کے حامل مائیکل جیکسن نے گلوکار اور میوزک پروڈیوسر کی حیثیت سے بلاشبہ لازوال شہرت پائی اور راتوں رات مقبولیت کے ہفت آسمان طے کیے۔ مائیکل جیکسن نے اپنے زمانے میں کنسرٹ کے تصوّر کو یک سَر بدل کر رکھ دیا۔ اس کی نجی زندگی کئی نشیب و فراز اور رنج و الم سے بھری ہوئی ہے۔ مائیکل جیکسن کے اوراقِ زیست الٹیے تو معلوم ہو گا کہ وہ کئی بار ٹوٹا، بکھرا اور ہر بار ہمّت کر کے اسٹیج پر پہنچا جہاں برقی قمقموں کی جگمگ جگمگ اور محفل کی رونق نے اسے ایک فن کار کی حیثیت سے توانائی سے بھر دیا اور اس نے دل فتح‌ کیے۔

    مائیکل جیکسن کی خوبی اس کی بے مثال گائیکی کے ساتھ وہ غیر معمولی رقص اور اکثر وہ انوکھی اسٹیج پرفارمنس ہے، جس نے مائیکل جیکسن کو عالمی شہرت دی۔ اس کے علاوہ مائیکل جیکسن کو اپنی پُراسرار شخصیت اور انوکھے طرزِ زندگی کی وجہ سے بھی خوب شہرت ملی۔

    مائیکل جیکسن 1982ء میں ’تھرلر‘ نامی البم کے بعد دنیا میں متعارف ہوا اور اسی البم کی بدولت راتوں رات پاپ اسٹار بن گیا۔ اس البم کی 41 ملین سے زیادہ کاپیاں فروخت ہوئیں جو ایک ریکارڈ ہے۔

    19 اگست 1958 کو امریکا میں پیدا ہونے والے مائیکل جیکسن کو بچپن ہی سے موسیقی سے شغف ہوگیا تھا۔ وہ اپنے چار بڑے بھائیوں کے ساتھ جیکسن فائیو نامی میوزک بینڈ بنا کر پرفارم کرنے لگا اور بعد میں‌ اپنا البم جاری کیا جس نے ہر طرف اس کے نام کی دھوم مچا دی۔ ‘تھرلر‘ سے پہلے اس گلوکار کا ایک سولو البم ’آف دا وال‘ بھی منظرِ عام پر آچکا تھا جو بہت مقبول ہوا، لیکن وجہِ شہرت ’تھرلر‘ بنا۔ اس البم کے بعد ’بیڈ‘ سامنے آیا جس کی بیس ملین کاپیاں فروخت ہوئیں۔ پھر ’ڈینجرس‘ ریلیز ہوا اور یہ بھی مقبول البم ثابت ہوا۔

    اس امریکی گلوکار کو شہرت اور مقبولیت کے ساتھ کئی تنازعات نے بھی دنیا بھر میں‌ توجہ کا مرکز بنایا۔ لوگ اسے ہم جنس پرست اور نشہ آور اشیا کے استعمال کا عادی سمجھتے تھے۔ نوّے کی دہائی میں مائیکل جیکسن پر ایک لڑکے سے جنسی زیادتی کے الزام عائد کیا گیا اور موت سے کچھ عرصہ قبل بھی وہ بچّوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا مقدمہ لڑ رہا تھا جس میں اسے بری کردیا گیا تھا۔ دوسری طرف کئی قصے اس گلوکار سے منسوب تھے اور کہا جاتا تھا کہ اسے اپنی کالی رنگت سے نفرت تھی۔ وہ ایک سیاہ فام تھا جو اپنی جلد کو سفید دیکھنے کے علاوہ چہرے کو خوب صورت بنانا چاہتا تھا۔ مائیکل جیکسن نے متعدد بار اپنے چہرے کی پلاسٹک سرجری کروائی تھی۔

    1994ء میں مائیکل جیکسن کی شادی ماضی کے مشہور پاپ اسٹار ایلوس پریسلے کی بیٹی سے ہوگئی جو صرف دو برس قائم رہ سکی۔ آخری ایام زیست میں‌ مائیکل جیکسن کو تنازعات کے علاوہ مالی مشکلات نے بھی گھیر لیا تھا۔

    شہرۂ آفاق گلوکار مائیکل جیکسن کے بارے میں یہ بھی مشہور ہے کہ وہ موت سے ڈرتا تھا اور خواہش تھی کہ ڈیڑھ سو سال تک زندہ رہے۔ سیاہ فام اور غریب گھرانے میں پیدا ہونے والے مائیکل جیکسن کو اپنے ماضی سے بھی نفرت تھی اور کہتے ہیں‌ کہ اس کا بچپن لڑائی جھگڑوں اور والد کے تشدد کی وجہ سے کئی نفسیاتی پیچیدگیوں میں گھرا ہوا تھا جو بعد میں محرومیوں کی شکل میں‌ اس کے ساتھ رہیں۔

  • مائیکل جیکسن کے بھائی انتقال کرگئے

    مائیکل جیکسن کے بھائی انتقال کرگئے

    عالمی شہرت یافتہ پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کے بڑے بھائی گلوکار ٹیٹو جیکسن 70 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔

    عالمی شہرت یافتہ پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کے بڑے بھائی گلوکار ٹیٹو جیکسن انتقال کرگئے جس کی تصدیق ان کے بھتیجے سگی جیکسن نے کردی ہے۔

    ٹیٹو کے بیٹوں، تاج، ٹیریل، اور ٹی جے نے انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے والد کی موت کی تصدیق کی اور کہا کہ وہ حیران، غمگین اور دل شکستہ ہیں۔

    انہوں نے لکھا کہ ہمارے والد ایک غیر معمولی شخص تھے جو ہر ایک کا خیال رکھتے تھے۔

    واضح رہے کہ کچھ لوگ انہیں دی جیکسن 5 کے ٹیٹو جیکسن کے طور پر جانتے ہیں، کچھ انہیں ’کوچ ٹیٹو‘ کے نام سے جانتے ہیں اور کچھ انہیں ’پوپا ٹی ‘ کہتے ہیں۔

    ٹیٹو نے اپنی موت سے چند دن قبل میونخ میں مائیکل جیکسن کی یادگار کا دورہ بھی کیا تھا۔

  • امیتابھ بچن نے مائیکل جیکسن سے اپنی ملاقات کا دلچسپ قصہ سُنادیا

    امیتابھ بچن نے مائیکل جیکسن سے اپنی ملاقات کا دلچسپ قصہ سُنادیا

    ممبئی: بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے عالمی شہرت یافتہ امریکی پاپ گلوکار مائیکل جیکسن سے اپنی ملاقات کا قصہ سُنادیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے اپنے ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی ‘ کے سیزن 16 کی حالیہ قسط میں انکشاف کیا ہے کہ جب اُنہوں نے پہلی بار مائیکل جیکسن کو اپنے سامنے دیکھا تھا تو وہ بےہوش ہونے لگے تھے۔

    امیتابھ بچن نے کہا کئی سال پُرانی بات ہے، میں نیویارک کے ایک ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا کہ ایک دن میرے کمرے کے دروازے پر دستک ہوئی، جب میں نے دروازہ کھولا تو باہر مائیکل جیکسن کھڑے تھے۔

    اداکار نے کہا کہ میں پہلی بار مائیکل جیکسن کو اپنے سامنے دیکھ کر دنگ رہ گیا تھا اور میں تقریباً بے ہوش ہونے لگا تھا کیونکہ مجھے یقین نہیں آرہا تھا کہ مائیکل جیکسن میرے سامنے کھڑے ہیں لیکن پھر میں نے خود کو پُرسکون کیا اور ان سے ہیلو کیا۔

    اُنہوں نے کہا کہ مائیکل جیکسن نے مجھ سے پوچھا کہ کیا یہ میرا (مائیکل جیکسن) کمرہ ہے؟، جب میں نے اُنہیں بتایا کہ یہ آپ کا نہیں بلکہ میرا کمرہ ہے تو اُنہیں احساس ہوا کہ وہ غلطی سے غلط کمرے میں آگئے ہیں۔

    امیتابھ بچن نے کہا کہ بعدازاں، مائیکل جیکسن نے اپنے کمرے میں جاکر کسی کے ہاتھ مجھے ملاقات کا پیغام بھیجا، پھر ہم نے بیٹھ کر کافی بات چیت کی۔

    اداکار نے مائیکل جیکسن کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ بے پناہ شہرت کے باوجود ناقابل یقین حد تک عاجز اور مہربان شخصیت کے مالک تھے۔

    واضح رہے کہ مائیکل جیکسن 25  جون 2009 کو مداحوں سے بچھڑ گئے تھے۔

  • ’لوگ چاہتے ہیں بابر اعظم ڈانس کرے تو مائیکل جیکسن اور گانا گائے تو نور جہاں لگے‘

    ’لوگ چاہتے ہیں بابر اعظم ڈانس کرے تو مائیکل جیکسن اور گانا گائے تو نور جہاں لگے‘

    قومی ٹیم کے سابق اوپنر سلمان بٹ پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم پر تنقید کرنے والے سابق کرکٹرز کو آئینہ دکھا دیا۔

    نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی سلمان بٹ نے کہا کہ قومی ٹیم کے کے خلاف باتیں وہ سابق کرکٹرز کررہے ہیں جن کا کرکٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے یا جنہوں نے زندگی میں کبھی 15 پلس اسکور نہیں کیا۔

    سلمان بٹ نے کہا کہ اسٹرائیک ریٹ ایک پروسس کا عمل ہے، جب آپ مسلسل کھیلتے ہیں تو آپ سیکھتے ہیں اور یہ آپ کی مَسل میموری کا حصہ بن جاتا ہے، جس کے بعد کھلاڑی ہر اچھے اور بُرے گیند کو بہترین طریقے سے کھیلتے ہیں، اور اگر سابق کرکٹرز تنقید کررہے ہیں تو طریقہ بھی بتائیں کہ اسٹرائیک ریٹ کیسے بہتر کیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسٹرائیک ریٹ بہتر کرنا ایک دن کا کام نہیں، وسیم اکرم کبھی شعیب اختر نہیں بن سکتے، ثقلین مشتاق کبھی عبدالقادر نہیں بن سکتے کیونکہ یہ تمام لوگ اپنی صلاحیت کی وجہ سے لیجنڈز ہے۔

    سلمان بٹ نے کہا کہ ٹیم میں 9 سے 10 لوگ موجود ہیں سب کی اپنی اپنی صلاحیت ہوگی، بابر اعظم بالکل درست کہہ رہا ہے کہ وہ نہ صائم بن سکتا ہے نہ صائم بابراعظم بن سکتا ہے۔

    سلمان بٹ نے مزید کہا کہ ٹیم میں بابر اعظم 10 میں سے 9 اننگز میں اسکور کرتا ہے جو ویرات کوہلی بھارت کے لیے کرتا ہے لیکن کوہلی  یوراج یا سوریا کمار یادیو نہیں بن سکتا وہ اچھا کھیلتے ہیں۔

    سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ ہمارے لوگ چاہتے ہیں کہ بابر ڈانس کرے تو مائیکل جیکسن اور گانا گائے تو نور جہاں لگے تو یہ ہو نہیں سکتا، ہر بندے کی ایک اپنی صلاحیت ہے۔

  • اے آر رحمان کس ہالی ووڈ گلوکارہ کیساتھ کام کرنا چاہتے ہیں؟

    اے آر رحمان کس ہالی ووڈ گلوکارہ کیساتھ کام کرنا چاہتے ہیں؟

    عالمی شہرت یافتہ بھارت کے ممتاز میوزک ڈائریکٹر اے آر رحمان نے امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

    آسکر ایوارڈ یافتہ اے آر رحمان نے کنیکٹ ایف ایم کینیڈا کے ساتھ انٹرویو میں ہالی ووڈ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی قابلیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کی تعریف کے پُل باندھ دیے۔

    میزبان نے اے آر رحمان سے سوال کیا کہ ’ کیا وہ ٹیلر سوئفٹ کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں سوچتے ہیں؟‘ جس پر انہوں نے کہا کہ ٹیلر سوئفٹ پوری دنیا کے میوزیشنز کیلئے ایک متاثر کن شخصیت ہیں۔

    ہالی وڈ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے مائیکل جیکسن کا ریکارڈ توڑ دیا!

    اے آر رحمان نے کہا کہ ٹیلر سوئفٹ کے ساتھ ضرور کولابریٹ کرنا چاہوں گا، وہ جو بھی چاہیں، اگر وہ کوئی ڈانس نمبر کی خواہش کریں گی تو ایسا ہی ہوگا اور اگر وہ کوئی رومانوی گیت چاہیں گی تو جیسی ان کی خواہش‘۔

    بھارتی گلوکار نے ہالی ووڈ گلوکارہ کی تعریف میں کہا کہ ’اگر لوگ موسیقی کی طاقت کو دنیا کی بھلائی کیلئے استعمال کرتے ہیں تو اس زیادہ بہترین اور کچھ نہیں ہوسکتا، یہی مائیکل جیکسن نے کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ مائیکل جیکسن نے بے شمار چیئریٹی کنسرٹس کیے اور افریقہ کے لوگوں کی بے انتہا مدد کی اور ٹیلر سوئفٹ بھی اس طرح کا کام کررہی ہیں جسے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

    گلوکاراے آر رحمان نے مزید کہا کہ ’ٹیلر سوئفٹ اپنی زندگی میں بہت مشکل حالات دیکھ چکی ہیں، انہوں نے دھوکہ کھایا، وہ دنیا بھر کے تمام موسیقاروں کے لیے ایک اچھی کیس اسٹڈی اور انسپائریشن ہیں‘۔

  • مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی فلم کی تصویر نے تہلکہ مچا دیا

    مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی فلم کی تصویر نے تہلکہ مچا دیا

    کنگ آف پاپ کہلائے جانے والے شہرہ آفاق آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی زندگی پر بنی فلم کی تصویر نے تہلکہ مچا دیا۔

    کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی فلم کی تصویر منظرِ عام پر آگئی جس میں مائیکل جیکسن کے بھتیجے جعفر جیکسن اسٹیج پر شاندار پرفارمنس دے رہے ہیں۔

    مائیکل جیکسن کا ہم شکل سوشل میڈیا پر چھا گیا

    مائیکل جیکسن کے بھتیجے جعفر جیکسن پرفارم کرتے ہوئے مائیکل جیکسن جیسے نظر آرہے ہیں یہ فلم 2025ء میں ریلیز کی جائے گی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Antoine Fuqua (@antoinefuqua)

    فلم کے پروڈیوسر کا کہنا ہے کہ جافر جیکسن مائیکل جیکسن کی طرح دکھتا اور ڈانس کرتا ہے اور مائیکل جیکسن کا کردار اس کے علاوہ کوئی  دوسرا اداکار نہیں کرسکتا تھا۔

    مائیکل جیکسن کا مشہور زمانہ ’مون واک ہیٹ‘ خطیر رقم کے عوض نیلام

    خیال رہے کہ جعفر جیکسن مائیکل کے بڑے بھائی جرمین جیکسن کے بیٹے ہیں، جو ایک گلوکار اور پروڈیوسر بھی ہیں۔

    یاد رہے کہ مائیکل جیکسن نے اپنے خاندان کے پاپ گروپ جیکسن 5 کے ساتھ بطور چائلڈ اسٹار کیریئر کا آغاز کیا تھا جس کے بعد جوانی میں انہوں نے ایک کے بعد ایک ہٹ سولو البم دے کر موسیقی کی دنیا میں پاپ گلوکاری اور پاپ ڈانس کو جنم دیا، اسی لیے انہیں کنگ آف پاپ کہا جاتا ہے۔

  • مائیکل جیکسن کا مشہور زمانہ ’مون واک ہیٹ‘ خطیر رقم کے عوض نیلام

    مائیکل جیکسن کا مشہور زمانہ ’مون واک ہیٹ‘ خطیر رقم کے عوض نیلام

    پاپ موسیقی کی دنیا کے بادشاہ مائیکل جیکسن کا آج بھی کوئی ثانی نہیں، ان کی مشہور زمانہ مون واک ہیٹ کو مداح نے کروڑ روپے میں خرید لیا۔

    ایک دنیا کو اپنا دیوانہ بنانے والے کنگ آف پاپ کی مون واک ہیڈ 2 کروڑ 35 لاکھ پاکستانی روپے میں نیلام ہوگئی۔پہلی بار اپنا مشہور ’مون واک‘ ڈانس اسٹیج پر پیش کرنے سے چند لمحے پہلے، مائیکل جیکسن نے اپنا ہیٹ سٹیج کے ایک طرف پھینک دیا تھا۔

    مائیکل جب شہرت کی بلندی پر تھے تو 1983 میں موٹاؤن میں ایک ٹیلی ویژن کنسرٹ کے دوران گلوکار نے اپنے ہٹ گانے ’بلی جین‘ کو پیش کرتے ہوئے ہیٹ کو ایک طرف پھینکا تھا۔

    اب چار دہائیوں بعد، وہی ہیٹ پیرس میں نیلامی کے لیے پیش کیا گیا، جہاں یہ 2 کروڑ 35 لاکھ پاکستانی روپے سے زیادہ میں نیلام ہوگیا۔

  • مائیکل جیکسن کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان

    مائیکل جیکسن کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان

    کنگ آف پاپ کہلائے جانے والے شہرہ آفاق آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی زندگی پر فلم بننے جارہی ہے جس کی پروڈکشن رواں برس شروع کردی جائے گی۔

    آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی زندگی کو فلمانے والے لائنس گیٹ اسٹوڈیو کا کہنا ہے کہ بائیوپک میں مائیکل جیکسن کا کردار ان کے 26 سالہ بھتیجے جعفر جیکسن نبھائیں گے۔

    لائنس گیٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلم مائیکل میں اس پیچیدہ آدمی کو فلمایا جائے گا جو پاپ کا بادشاہ بن گیا۔ فلم میں ان کی زندگی کے تمام پہلو اور ان کی سب سے قابل ذکر پرفارمنس شامل ہوں گی جنہوں نے اسے موسیقی کی دنیا کا آئکن بنا دیا۔

    ہالی ووڈ کے اینٹون فوکا فلم کی ہدایتکاری کے فرائض نبھائیں گے جبکہ گراہم کنگ فلم کو پروڈیوس کریں گے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Antoine Fuqua (@antoinefuqua)

    فلم کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کے مطابق مائیکل جیکسن کے کردار کو نبھانے کے لیے جعفر جیکسن کا انتخاب اس لیے کیا گیا کہ ان میں اپنے چچا کے کردار کو زندہ کرنے کی فطری صلاحیت تھی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ واضح تھا کہ یہ کردار بہتر انداز میں ادا کرنے والے وہ واحد شخص ہیں، فلم کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ وہ انتظار نہیں کر سکتے کہ دنیا جعفر جیکسن کو مائیکل جیکسن کے طور پر بڑی اسکرین پر دیکھے۔

    خیال رہے کہ جعفر جیکسن مائیکل کے بڑے بھائی جرمین جیکسن کے بیٹے ہیں، جو ایک گلوکار اور پروڈیوسر بھی ہیں۔

    یاد رہے کہ مائیکل جیکسن نے اپنے خاندان کے پاپ گروپ جیکسن 5 کے ساتھ بطور چائلڈ اسٹار کیریئر کا آغاز کیا تھا جس کے بعد جوانی میں انہوں نے ایک کے بعد ایک ہٹ سولو البم دے کر موسیقی کی دنیا میں پاپ گلوکاری اور پاپ ڈانس کو جنم دیا، اسی لیے انہیں کنگ آف پاپ کہا جاتا ہے۔

    مائیکل جیکسن کی زندگی پر فلم: گلوکار کا کردار کون نبھائے گا؟

  • ایلوس پریسلے کی بیٹی، مائیکل جیکسن کی سابق اہلیہ چل بسیں

    مشہور امریکی گلوکار اور راک اینڈ رول میوزک کے بانی ایلوس پریسلے کی بیٹی، اور کنگ آف پاپ کہلائے جانے والے آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی سابق اہلیہ لیزا میری پریسلے 54 سال کی عمر میں چل بسیں۔

    لیزا میری پریسلے امریکی گلوکار کی اکلوتی بیٹی تھیں جن کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی، رپورٹس کے مطابق کیلی فورنیا میں واقع ان کے گھر میں انہیں بے ہوشی کی حالت میں ملنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    لیزا کو اسپتال منتقل کیے جانے کے بعد ان کی والدہ پریسیلا پریسلے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میری پیاری بیٹی کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا بھرپور خیال رکھا جارہا ہے۔

    انہوں نے مداحوں سے دعاؤں میں یاد رکھنے اور پرائیوسی کی درخواست کی۔

    گلوکارہ نے بدھ کو گولڈن گلوب ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کی تھی جبکہ اتوار کو انہوں نے اپنے آنجہانی والد کی سالگرہ کی تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔

    لیزا 50 کی دہائی کے شہرہ آفاق، راک اینڈ رول میوزک کے بانی ایلوس پریسلے اور اداکارہ پریسیلا پریسلے کی اکلوتی بیٹی تھیں۔

    سنہ 1994 میں انہوں نے کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن سے شادی کی تھی تاہم یہ شادی صرف 2 ہی برس چل سکی اور سنہ 1996 میں دونوں علیحدہ ہوگئے۔

    لیزا، مائیکل جیکسن کے ساتھ ان کی ایک میوزک ویڈیو یو آر ناٹ الون میں بھی جلوہ گر ہوئی تھیں۔

  • اس تصویر میں کون سی مشہور شخصیت کا چہرہ چھپا ہے؟

    اس تصویر میں کون سی مشہور شخصیت کا چہرہ چھپا ہے؟

    بصری یا تصویر میں چھپے دھوکے انسانی دماغ کو اچانک چوکنا کر کے اسے محنت کرنے پر اکساتے ہیں جس سے دماغ اپنی صلاحیتوں کو کام میں لاتا ہے۔

    ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ ہمارا دماغ ایک خاص ترتیب میں معلومات کو محفوظ کرتا ہے، جیسے ہمارے دماغ کو معلوم ہے کہ بہت سارے درختوں کا مجموعہ جنگل کہلاتا ہے۔

    لیکن اگر اس ترتیب کو بدلا جائے اور نئے طریقے سے وہی چیز دماغ کے سامنے پیش کی جائے تو وہ اسے پہچاننے کے لیے نئے طریقے اپناتا ہے اور اسی سے ہمارے دماغ کی استعداد بڑھتی ہے۔

    آج ہم ایسی ہی دو تصویریں آپ کو دکھا رہے ہیں جن میں سے ایک تصویر میں ایک مشہور شخصیت، اور دوسری تصویر میں ایک جانور چھپا ہوا ہے۔

    سیاہ اور سفید دائروں اور لکیروں کے مجموعے پر مشتمل ان تصاویر میں چھپی شکلیں آپ کی جانی پہچانی ہیں، لیکن انہیں پہچاننے کے لیے آپ کے دماغ کو ذرا سی محنت کرنی ہوگی۔

    کیا آپ انہیں ڈھونڈنے میں کامیاب ہوگئے؟

    اگر نہیں، تو اس کا آسان طریقہ یہ ہے کہ اپنی اسکرین کو ذرا سا دور کرلیں، یا پھر آنکھوں کو ذرا سا بند کر کے ان تصاویر کو دیکھیں۔

    اب تو آپ کو پتہ چل ہی گیا ہوگا کہ پہلی تصویر میں معروف گلوکار مائیکل جیکسن، اور دوسری تصویر میں پانڈا چھپا ہوا ہے۔

    آپ نے کتنی دیر میں انہیں ڈھونڈ لیا تھا؟