Tag: مائیکل جیکسن

  • مائیکل جیکسن اور پاپ میوزک گویا ایک ہی بات تھی!

    مائیکل جیکسن اور پاپ میوزک گویا ایک ہی بات تھی!

    وہ ایک ساحر تھا، دلوں کو مسخّر کرنا جانتا تھا۔ دنیا اس کی آواز کے طلسم، رقص اور اس کی اسٹیج پرفارمنس کے سحر میں‌ گرفتار رہی۔ اس کی موت کی خبر آئی تو لاکھوں پرستاروں کی آنکھیں نم ہوگئیں۔

    25 جون 2009ء کو "کنگ آف پاپ” مائیکل جیکسن نے دنیا میں آخری سانس لی اور اس کے ساتھ ہی پاپ میوزک کا ایک درخشاں باب ہمیشہ کے لیے بند ہوگیا۔

    مائیکل جیکسن ہمہ جہت اور تخلیقی انفرادیت کا حامل فن کار تھا جس نے گلوکار اور میوزک پروڈیوسر کی حیثیت سے شہرت اور مقبولیت کے ہفت آسمان طے کیے۔

    اپنے زمانے میں کنسرٹ کے تصوّر کو یک سَر بدل کر رکھ دینے والے مائیکل جیکسن نے زندگی میں کئی نشیب و فراز دیکھے۔ اس کے اوراقِ زیست بتاتے ہیں‌ کہ وہ کئی بار ٹوٹا، بکھرا اور ہر بار ہمّت کر کے اسٹیج پر پہنچا جہاں اس نے برقی قمقموں اور محفل کی رنگا رنگی میں خود کو گم کرلیا اور یوں اپنی زندگی کی تلخیوں‌، محرومیوں اور کرب کو کم کرنے کی کوشش کی۔

    اپنی بے مثال گائیکی اور رقص کی غیر معمولی صلاحیت کے علاوہ مائیکل جیکسن کی پُراسرار شخصیت اور اس کا طرزِ زندگی بھی دنیا بھر میں‌ مشہور ہے۔

    1982ء میں ’تھرلر‘ نامی البم نے مائیکل جیکسن کو دنیا میں متعارف کروایا اور یہ تعارف ایسا زبردست تھا کہ وہ راتوں رات پاپ اسٹار بن گیا۔ اس البم کی 41 ملین سے زیادہ کاپیاں فروخت ہوئیں جو ایک ریکارڈ ہے۔

    مائیکل جیکسن 19 اگست 1958 کو امریکا میں پیدا ہوا۔ بچپن ہی سے اسے موسیقی سے شغف ہوگیا تھا اور وہ اپنے چار بڑے بھائیوں کے ساتھ جیکسن فائیو نامی میوزک بینڈ کے ساتھ پرفارم کرنے لگا اور بعد میں‌ اپنا البم مارکیٹ میں‌ پیش کیا۔

    ‘تھرلر‘ سے پہلے اس گلوکار کا ایک سولو البم ’آف دا وال‘ بھی منظرِ عام پر آچکا تھا جو بہت مقبول ہوا، لیکن اس کی وجہِ شہرت ’تھرلر‘ بنا۔ اس البم کے بعد ’بیڈ‘ سامنے آیا جس کی بیس ملین کاپیاں فروخت ہوئیں۔ پھر ’ڈینجرس‘ ریلیز ہوا جسے بے حد پزیرائی حاصل ہوئی۔

    مائیکل نے نوّے کی دہائی میں ایک لڑکے سے جنسی زیادتی کے الزام کا سامنا کیا اور موت سے کچھ عرصہ قبل اس پر بچّوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا ایک اور مقدمہ بھی بنا تھا جس میں وہ بری کردیا گیا۔ مائیکل جیکسن نے متعدد بار چہرے کی پلاسٹک سرجری کروائی جس کا بہت چرچا ہوا۔

    1994ء میں مائیکل جیکسن نے ماضی کے مشہور پاپ اسٹار ایلوس پریسلی کی بیٹی لیسا پریسلی سے شادی کی جو صرف دو برس قائم رہ سکی۔

    چند برسوں کے دوران مائیکل جیکسن کو تنازعات اور مالی مشکلات نے گھیر لیا تھا۔

    25 جون کو شہرہ آفاق گلوکار کو سانس لینے میں دشواری کی شکایت پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس نے ہمیشہ کے لیے آنکھیں موند لیں۔

  • مائیکل جیکسن کی آخری رہائش گاہ اربوں روپے میں فروخت

    مائیکل جیکسن کی آخری رہائش گاہ اربوں روپے میں فروخت

    شہرہ آفاق گلوکار مائیکل جیکسن کا کیلی فورنیا میں واقع عالیشان گھر نیور لینڈ رینچ ان کے ساتھی ارب پتی بزنس مین رون برکلے نے خرید لیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق آنجہانی گلوکار کے سنٹا باربرا کے قریب لاس اولیوس میں 27 سو ایکڑ رقبے پر پھیلے اس عالیشان گھر کو بالآخر فروخت کردیا گیا۔

    مائیکل کی یہ جائیداد 22 ملین ڈالر (2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر، ساڑھے 3 ارب پاکستانی روپے سے زائد) میں ان کے ایک سابق ساتھی اور ایک سرمایہ کار فرم یوکیپیا کمپنیز کے شریک بانی رون برکلے کو فروخت کر دی گئی ہے۔

    مائیکل جیکسن کے اس گھر کے لیے 2016 میں 100 ملین ڈالر طلب کیے گئے تھے جبکہ اس کے ایک سال بعد اس کی قیمت کا 67 ملین ڈالر کا اندازہ لگایا گیا تھا۔

    اس جائیداد میں 12 ہزار 500 مربع فٹ مرکزی رہائش گاہ ہے اور 3 ہزار 700 مربع فٹ پول ہاؤس موجود ہے، علاوہ ازیں 50 سیٹوں والا مووی تھیٹر اور ڈانس سٹوڈیو کے ساتھ ایک علیحدہ عمارت بھی تیار کی گئی ہے۔

    فارم کی دیگر خصوصیات ڈزنی اسٹائل ٹرین اسٹیشن، فائر ہاؤس اور گودام ہیں۔

    خریدار برکلے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کچھ ارب پتی افراد کی یہاں موجود زیکا جھیل پر نظر ہے، یہ جھیل اس گھر سے ملحق ہے۔

    برکلے نے جائیداد کے فضائی جائزے کے بعد اسے خریدنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • مائیکل جیکسن کی بیٹی والد کے نقش قدم پر

    مائیکل جیکسن کی بیٹی والد کے نقش قدم پر

    عالمی شہرت یافتہ گلوکار مائیکل جیکسن کی بیٹی پیرس جیکسن نے اپنا پہلا میوزک البم ریلیز کردیا، پیرس نے اپنے والد سے بالکل مختلف موسیقی کی اصناف پر طبع آزمائی کی ہے۔

    آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی بیٹی پیرس 15 برس کی عمر سے ماڈلنگ اور اداکاری کر رہی ہیں اور اب انہوں نے گلوکاری کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by (@parisjackson)

    والد کی موت کے وقت وہ صرف 10 برس کی تھیں اور تب سے وہ شدید ذہنی مسائل سے دوچار رہی ہیں۔

    اب انہوں نے اپنا پہلا میوزک البم ویٹڈ ریلیز کیا ہے، انہوں نے والد کی طرح پاپ موسیقی کے بجائے مختلف صنف میں گانے گائے ہیں جس سے مائیکل جیکسن کے مداح کافی ناخوش بھی ہیں۔

    تاہم پیرس کا کہنا ہے کہ جنہیں ان کے گانے پسند نہیں وہ نہ سنیں، انہوں نے لوگوں کو خوش کرنا چھوڑ دیا ہے۔

    اس البم میں 11 گانے ہیں جن میں بعض گانوں میں پیرس نے اپنی زندگی کے حالات کو بھی بیان کیا ہے جیسے کم عمری میں والد سے جدائی کا دکھ، ڈپریشن اور مائیکل جیکسن کے بعد ان کے حوالے سے سامنے آنے والے تنازعات جنہوں نے مائیکل کے بچوں کو خاصا متاثر کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by (@parisjackson)

    پیرس کے علاوہ مائیکل جیکسن کے 2 اور بیٹے بھی ہیں جن کی عمریں 23 اور 18 سال ہیں۔ دنیا کو اپنی موسیقی اور رقص سے دیوانہ بنانے والے مائیکل جیکسن 25 جون 2009 کو نہایت پراسرار حالات میں چل بسے تھے۔

  • لیجنڈ پاپ سنگر مائیکل جیکسن کا بھتیجا پاکستان پہنچ گیا

    لیجنڈ پاپ سنگر مائیکل جیکسن کا بھتیجا پاکستان پہنچ گیا

    اسلام آباد: عالمی شہرت یافتہ پاپ سنگر مائیکل جیکسن کے بھتیجے جافر جیکسن نے پاکستان کا رخ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لے جنڈ پاپ سنگر مائیکل جیکسن کے بھتیجے نوجوان سنگر جافر جیکسن 5 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ جافر جیکسن وفاقی دارالحکومت کے بعد لاہور بھی جائیں گے.

    جافر جیکسن لاس اینجلس، کیلی فورنیا کے ایک ابھرتے ہوئے گلوکار، نغمہ نگار اور انٹرٹینر ہیں، وہ لے جنڈ سنگر اور پروڈیوسر جرمین جیکسن کے دوسرے سب سے چھوٹے بیٹے ہیں، اور پاپ موسیقی کے بادشاہ مائیکل جیکسن اور ملکہ جینٹ جیکسن کے بھتیجے ہیں۔

    مائیکل جیکسن کی زندگی پر فلم بنائے جانے کا امکان

    جافر جیکسن کے والد جرمین جیکسن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ 1989 میں بحرین کے دورے کے بعد مسلمان ہو گئے تھے، اور اسلام قبول کرنے کی وجہ چھوٹے بچے بنے تھے، جن کا اسلام کے ساتھ لگاؤ دیکھ کر وہ بہت متاثر ہوئے۔

    جافر جیکسن کے والد نے پاپ سنگر مائیکل جیکسن کی اس وقت بھی بہت مدد کی تھی جب 2005 میں انھیں بچے کے ساتھ زیادتی کے مقدمے کا سامنا تھا۔

  • مائیکل جیکسن کا ریکارڈ توڑنے والی گلوکارہ

    مائیکل جیکسن کا ریکارڈ توڑنے والی گلوکارہ

    نیویارک: امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے مائیکل جیکسن کا زیادہ ایوارڈز جیتنے کا ریکارڈ توڑ دیا اور سال کی بہترین گلوکارہ  اور دہائی کی بہترین فنکارہ کا ایوارڈ بھی جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق مریکی گلوگارہ ٹیلر سوئفٹ کا شمار صرف امریکا میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں بہترین گلوکارہ کے طور پر کیا جاتا ہے، ٹیلر سوئفٹ نے سال کی بہترین پلے بیک سنگر سمیت 6 مختلف ایوارڈز اپنے نام کئے۔

    لاس اینجلس کے مائیکرو سافٹ تھیٹر میں سجنے والی ایوارڈ تقریب میں ٹیلر سوئفٹ چھائی رہیں، اس کیساتھ ان کے مجموعی ایوارڈز کی تعداد 29 ہو گئی، تقریب کے آغاز سے لے کراختتام تک ٹیلر سوئفٹ کے لکھے اور گائے گئے گانے ہی بجتے رہے۔

    مزید پڑھیں : امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ مائیکل جیکسن کا ریکارڈ توڑنے کے قریب

    جس کے بعد 29 ایوارڈ کے ساتھ ہی ٹیلر سوئفٹ نے مائیکل جیکسن کا سب سے زیادہ ایوارڈز جیتنے کا ریکارڈ توڑ دیا، پاپ میوزک کے بادشاہ آنجہانی مائیکل جیکسن کو 24 ایوارڈز جیتنے کا اعزاز حاصل تھا۔

    خیال رہے چند ماہ قبل مایہ ناز امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی نژاد طالبہ کی یونی ورسٹی کی فیس ادا کرکے ساری دنیا کو حیران کردیا تھا اور ٹیلر سوئفٹ کے اس اقدام کو ساری دنیا میں سراہا گیا تھا۔

  • مائیکل جیکسن کی زندگی پر فلم بنائے جانے کا امکان

    مائیکل جیکسن کی زندگی پر فلم بنائے جانے کا امکان

    واشنگٹن : عالمی شہرت یافتہ اور پاپ موسیقی کے بادشاہ کہلائے جانے والے امریکی گلوکار آنجھانی گلوکارمائیکل جیکسن کی زندگی ہر کسی کے لیے اگرچہ ایک فلم کی طرح ہے تاہم اب پہلی بار خبر سامنے آئی ہے کہ ان کی پرتعیش، کامیابیوں سے بھری اور انتہائی متنازع زندگی پر فلم بنائی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس ریلیز ہونے والی میوزیکل ڈرامہ فلم ’بوہمین ریسپوڈی‘ کے پروڈیوسر گراہم کنگ آنجھانی مائیکل جیکسن کی زندگی پر بھی فلم بنائیں گے۔

    امکان ہے کہ فلم کی شوٹنگ آئندہ برس شروع کی جائے گی اور فلم کو 2021 میں ریلیز کی جائے گی۔خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے اپنی رپورٹ میں متعدد امریکی شوبز ویب سائٹس کی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ گراہم کنگ اور مائیکل جیکسن کا کاروبار سنبھالنے والی کمپنی کے درمیان فلم بنانے سے متعلق ابتدائی معاہدہ طے پاگیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ مائیکل جیکسن اسٹیٹ کی جانب سے فلم بنائے جانے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا، تاہم قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم پروڈیوسر اور گلوکار کے اہل خانہ اور کمپنی کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔

    رپورٹ کے مطابق فلم پروڈیوسر گراہم کنگ نے مائیکل جیکسن کے میوزک سمیت دیگر چیزوں کے کاپی رائٹس رکھنے والے ان کے خاندان کے افراد اور جیکسن اسٹیٹ نامی کمپنی سے معاہدہ طے کرلیا۔

    معاہدے کے مطابق فلم پروڈیوسر آنجھانی مائیکل جیکسن کی زندگی کو فلمی صورت میں پیش کرے گا اور ممکنہ طور پر فلم ان کی پیدائش سے لے کر موت تک بنائی جائے گی۔

    اگرچہ تاحال فلم کے حوالے سے اور کوئی پیش رفت نہیں ہوئی تاہم کہا جا رہا ہے کہ فلم میں مائیکل جیکسن کی پیدائش سے لے کر میوزک کی دنیا میں ان کی آمد، میوزک کی دنیا میں بادشاہی کرنے اور پھر ان کے زوال سمیت ان کی موت تک کی کہانی کو پیش کیا جائے گا۔

  • کیا مائیکل جیکسن زندہ ہیں؟ نئی ویڈیو دیکھ کر مداح حیران

    کیا مائیکل جیکسن زندہ ہیں؟ نئی ویڈیو دیکھ کر مداح حیران

    بیجنگ: بین الاقوامی شہرتِ یافتہ اور کنگ آف پاپ کا اعزاز حاصل کرنے والے امریکی گلوکار کے مشابہ مداح نے دنیا کو حیران کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق آنجہانی گلوکار کو رواں برس جون میں مداحوں سے بچھڑنے دس برس کا عرصہ ضرور بیت گیا مگر وہ آج بھی دلوں میں زندہ ہیں اور نوجوان اُن کے اسٹائل کو کاپی بھی کرتے ہیں۔

    میوزک کی تاریخ میں سب سے زیادہ کیسٹس کی فروخت کا اعزاز حاصل کرنے والے مائیکل جیکسن کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں اور کچھ تو ایسے بھی ہیں جو بالکل اُن کے جیسا حلیہ بناتے ہیں۔

    چین کے شہر بیجنگ سے تعلق رکھنے والے مداح کی ویڈیو جب سامنے آئی تو لوگ انہیں دیکھ کر ورطہ حیرت میں مبتلا ہوگئے۔ چین کے ایک نجی چینل نے نوجوان کی ویڈیو بھی ٹویٹ کی جس میں وہ پرفارم کرتے نظر آرہے ہیں۔

    یادر ہے کہ مائیکل جیکسن کو بیسویں صدی کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے کیونکہ اُن کا فن 40 سالوں تک مرکز نگاہ رہا اور اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ایک نہیں کئی حوالوں سے درج ہے۔

    مائیکل جوزف جیکسن 29 اگست سنہ 1958 کو امریکی ریاست انڈیانا میں پیدا ہوئے۔ 6 سال کی عمر میں موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا اور پھر مائیکل جیکسن نے جو گایا کمال گایا۔ اپنے پہلے ہی البم آئی وانٹ یو بیک سے مائیکل جیکسن کی شہرت کا سفر شروع ہوگیا۔

  • مائیکل جیکسن کو مداحوں سے بچھڑے 10 برس بیت گئے

    مائیکل جیکسن کو مداحوں سے بچھڑے 10 برس بیت گئے

    عالمی شہرت یافتہ، کنگ آف پاپ امریکی آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کو مداحوں سے بچھڑے 10 برس بیت گئے، مائیکل جیکسن کو تاریخ کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے موسیقار کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

    مائیکل جیکسن کو بیسویں صدی کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے، جیکسن کا فن 40 سالوں تک مرکز نگاہ رہا اور اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ایک نہیں کئی حوالوں سے درج ہے۔

    مائیکل جوزف جیکسن 29 اگست سنہ 1958 کو امریکی ریاست انڈیانا میں پیدا ہوئے۔ 6 سال کی عمر میں موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا اور پھر مائیکل جیکسن نے جو گایا کمال گایا۔ اپنے پہلے ہی البم آئی وانٹ یو بیک سے مائیکل جیکسن کی شہرت کا سفر شروع ہوگیا۔

    سنہ 1982 میں مائیکل جیکسن کا البم ’تھرلر‘ ریلیز ہوا اور دنیائے میوزک میں تہلکہ مچا دیا، اس البم کو آج بھی دنیا میں سب سے زیادہ بکنے والی میوزک البم کا اعزاز حاصل ہے اور اب تک اس کی ساڑھے 6 کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت ہوچکی ہیں۔

    تھرلر کو 8 گریمی ایوارڈز ملے جو ایک ریکارڈ ہے۔

    مائیکل جیکسن نے تھرلر البم کے گیت ’بلی جین‘ پر رقص میں ایک نئی حرکت متعارف کروائی جسے دیکھ کر لوگ ششدر رہ گئے۔ اس حرکت کو بعد ازاں ’مون واک‘ کا نام دیا گیا۔

    تھرلر کے بعد مائیکل جیکسن کا البم ’بیڈ‘ سامنے آیا جس کی 20 ملین کاپیاں فروخت ہوئیں۔ بیڈ کے بعد جیکسن کا ایک اور البم ڈینجرس بھی کامیاب ترین البم ثابت ہوا۔

    مائیکل کی زندگی زندگی دکھوں اور تنازعات سے بھرپور رہی۔ مائیکل نے اپنا بچپن والد کے ہاتھوں تشدد برداشت کرتے اور غربت سہتے ہوئے گزارا تھا۔ یہ کٹھن وقت مائیکل کو ہمیشہ کے لیے ذہنی عارضوں اور نفسیاتی پییدگیوں کا تحفہ دے گیا۔

    وہ اپنے گانوں میں سیاہ فاموں سے کیے جانے والے سلوک کے خلاف آواز تو اٹھاتا رہا تاہم اس احساس کمتری سے نجات نہ پا سکا جو اس کمتر اور ذلت آمیز سلوک کی وجہ سے اس کے اندر پیدا ہوا جو مغرب میں تمام سیاہ فاموں کی زندگی کا حصہ ہے۔ یہی وجہ تھی کہ دولت اور شہرت حاصل کرنے کے بعد مائیکل نے پلاسٹک سرجری کا سہارا لیا اور اپنی سیاہ جلد کو سفید سے بدل ڈالا۔

    جیکسن ساری زندگی طبی مسائل اور مختلف بیماریوں کا بھی شکار رہا جس کی وجہ سے اکثر وہ اپنا منہ ڈھانپ کر باہر نکلتا تھا۔ اس پر بچوں سے بدسلوکی کے الزامات بھی لگے اور ان کی وجہ سے اسے عدالتوں میں بھی پیش ہونا پڑا۔

    اس نے اپنی دولت کا بڑا حصہ فلاحی کاموں پر خرچ کیا، گنیز بک میں اس کا نام ’سب سے زیادہ فلاحی منصوبوں کی معاونت کرنے والے اسٹار‘ کے طور پر بھی درج ہے۔

    مائیکل نے سنہ 1994 میں آنجہانی امریکی گلوکار ایلوس پریسلے کی بیٹی لیزا میری پریسلے سے شادی کی، جو صرف 19 ماہ چل سکی۔ بعد ازاں اس نے ایک نرس ڈیبی رو سے بھی شادی کی جو 3 سال بعد اختتام پذیر ہوگئی۔

    وہ 3 بچوں کا والد بھی بنا جن میں سے سب سے بڑی بیٹی پیرس جیکسن اس وقت ماڈلنگ کی دنیا میں اپنا نام بنا رہی ہے۔

    10 برس قبل سنہ 2009 میں مائیکل جیکسن 25 اور 26 جون کی درمیانی شب حرکت قلب بند ہونے سے اس دنیا کو چھوڑ گیا۔ ہر مشہور شخصیت کی طرح اس کی موت پر بھی طرح طرح کی قیاس آرئیاں کی گئی۔ اس کی موت کو قتل قرار دیا گیا۔

    یہ بھی کہا گیا کہ وہ معاشی مشکلات کا شکار ہوگیا تھا لہٰذا اس نے خودکشی کی، تاہم اس کے ڈاکٹر کے بیان کے مطابق جیکسن نے مرنے سے قبل دوائیوں کی بھاری مقدار لی تھی جس کی وجہ اسے ہونے والی مختلف تکالیف تھیں۔

    مائیکل جیکسن کی موت کی خبر منظر عام پر آتے ہی کروڑوں افراد نے گوگل کا رخ کیا اور گوگل کا سرچ انجن بیٹھ گیا، دنیا بھر کی بڑی نیوز ویب سائٹس بھی بھاری ٹریفک کی وجہ سے سست روی کا شکار ہوگئیں۔

    7 جولائی کو ادا کی جانے والی مائیکل جیکسن کی آخری رسومات کو 1 ارب افراد نے ٹی وی پر براہ راست دیکھا۔

    موت کے بعد آنجہانی گلوگار کے البمز ایک بار پھر دھڑا دھڑ فروخت ہونے لگے۔ مائیکل جیکسن کی موت سے قبل ریکارڈ کیا گیا گانا دس از اٹ ان کی موت کے بعد ریلیز کیا گیا جس نے مائیکل کی ساری زندگی کمائی گئی دولت کا ریکارڈ توڑ دیا۔

    مرنے کے بعد بھی مائیکل جیکسن کا نام سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والے گلوکاروں میں سرفہرست ہے۔ ان کے مداحوں کی تعداد ان کی موت کے بعد بھی دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔

  • ارجنٹائن کے نوجوان نے مائیکل جیکسن بننے کے لیے 42 لاکھ روپے خرچ کرکے 11 سرجریاں کرالیں

    ارجنٹائن کے نوجوان نے مائیکل جیکسن بننے کے لیے 42 لاکھ روپے خرچ کرکے 11 سرجریاں کرالیں

    بیونس آئرس: ارجنٹائن کے 22 سالہ نوجوان نے مائیکل جیکسن بننے کے لیے 42 لاکھ روپے کی خطیر رقم خرچ کرکے 11 پلاسٹک سرجریاں کرالیں۔

    ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ارجنٹینا کے 22 سالہ نوجوان لیو بلان کو نے مائیکل جیکسن جیسا نظر آنے کے لیے 30 ہزار ڈالر (42 لاکھ پاکستانی روپے) خرچ کرکے چہرے کی 11 پلاسٹک سرجریاں کرا ڈالیں۔

    رپورٹ کے مطابق لیو بلان کو نے مائیکل جیکسن کے گانے کی کچھ ویڈیو دیکھیں اور ان کے مداح ہوگئے، صرف 15 برس کی عمر میں 22 سالہ نوجوان نے پہلی سرجری کرائی۔

    رپورٹ کے مطابق 15 برس کی عمر میں پہلی سرجری کرانے کے بعد انہوں نے 11 سرجریاں اور کرائیں تاکہ وہ بالکل مائیکل جیکسن جیسا نظر آسکیں۔

    لیو بلان کو متعدد کاسمیٹکس پروڈکٹس بھی استعمال کرتے ہیں تاکہ ہر صورت میں ان کی شکل اور انداز مائیکل جیکسن جیسا لگے اور اس میں کوئی فرق واضح نہ ہو۔

    ارجنٹینا کے نوجوان کے مطابق وہ اب تک چہرے، ناک، ٹھوڑی کی ہڈی جیسے کئی چہرے کے نقوش کی سرجری کرواچکے ہیں اور اس عمل میں 30 ہزار ڈالر سے زائد رقم خرچ ہوئی ہے۔

    تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لیو سرجری کرانے کے بعد بالکل مائیکل جیکسن جیسے دکھائی دے رہے ہیں اور ان کا مائیکل جیکسن بننے کا خواب پورا ہوگیا ہے۔

    لیو کو دیکھ کر بہت سے لوگ حیران رہ جاتے ہیں لیکن ان کے اہل خانہ اس رویے سے بہت پریشان ہیں اور ان کی والدہ چہرہ بدلنے پر ان سے ناراض بھی ہیں۔

  • مائیکل جیکسن کی جیکٹ تین کروڑ روپے میں فروخت

    مائیکل جیکسن کی جیکٹ تین کروڑ روپے میں فروخت

    نیویارک: پاپ میوزک کی دنیا کے معروف آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی جیکٹ 2 لاکھ 98 ہزار ڈالر میں نیلام کردی گئی۔

    جولین آکشن ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مائیکل جیکسن کے پہلے ورلڈ ٹور میں زیراستعمال جیکٹ کو نیلامی کے لیے 10 نومبر بروز اتوار پیش کیا گیا تھا جس کی پشت پر سلور مارکر سے گلوکار کے دستخط موجود تھے۔

    نیلامی کی تقریب 10 نومبر کو ٹائمز اسکوائر نیویارک کے کیفے ہارڈراک میں منعقد کی گئی  جس میں جیکٹ کی قیمت ایک لاکھ ڈالر رکھی گئی تھی مگر جب بولی لگنے کا سلسلہ شروع ہوا تو ہر کسی نے اسے خریدنے کی کوشش کی یہی وجہ ہے کہ تین گھنٹے تک ہر دوسرے شخص نے اسکے مہنگے دام لگائے۔

    مقامی شہری اور مائیکل جیکسن کے مداح نے بولی کی قیمت 2 لاکھ 98 ہزار  امریکی ڈالر لگائی جو پاکستانی کرنسی کے حساب سے (3 کروڑ 97 لاکھ 29ہزار 360 روپے) بنتی ہے۔

    انتظامیہ نے سب سے زیادہ بولی لگانے والے شہری کو کامیاب قرار دیا اور سیاہ رنگ کی جیکٹ کو اصل قیمت سے تین گنا زیادہ میں فروخت کیا۔

    جولین کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جیکٹ مائیکل جیکسن کی کچھ قیمتی اشیاء میں سے ایک تھی، انہوں نے پہلے دنیا کے دورے پر اسے زیب تن کیا تھا اور ہر کنسرٹ میں اسی کے ساتھ پرفارم بھی کیا تھا۔

    گلوکار جیکٹ کو اپنے لیے خوش قسمتی کا باعث بھی سمجھتے تھے، اُن کا ماننا تھا کہ ورلڈ ٹور ’بیڈ‘ کی کامیابی کا سہرا موسیقاروں اور جیکٹ کو جاتا ہے۔

    مائیکل جیکسن کی “بیڈ” جیکٹ ٹیکساس کی معروف کاروباری شخصیت ملٹن ویرٹ کی ملکیت میں تھی۔

    یاد رہے کہ آنجہانی گلوکار نے 1980 کی دہائی میں اپنے ساتویں البم ’بیڈ‘ ریلیز ہونے کے بعد دنیا بھر کا دورہ کیا تھا جو دو سال کے عرصے پر محیط تھا، 12 ستمبر 1987 کو شروع ہونے والا سفر 27 جنوری کو اختتام پذیر ہوا تھا، اس دوران انہوں نے 15 ممالک میں 123 کنسرٹس کیے تھے۔

    پاپ گلوکار کے گزر جانے کے بعد ٹیکساس کے تاجر اور مائیکل جیکسن کے مداح نے اُن کے زیر استعمال دو جیکٹوں کو بطور نشانی بھاری رقم کے عوض خرید لیا تھا، گزشتہ ماہ تاجر نے اعلان کیا تھا کہ وہ اس جیکٹ کو فروخت کر کے رقم فلاحی کاموں میں عطیہ کرنا چاہتے ہیں۔

    ما ئیکل جیکسن اپنے منفرد انداز کی وجہ سے دنیا بھر میں آج بھی مقبول ہیں، اپنے پہلے البم آئی وانٹ یو بیک سے ہی مائیکل جیکسن دنیا بھر میں مشہور ہوگئے تھے۔

    انیس سوبیاسی میں مائیکل جیکسن کا البم تھرلر ریلیز ہوا اور دنیائے میوزک میں تہلکہ مچا دیا تھا،اس البم کو آج بھی دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے میوزک البم کا اعزاز حاصل ہے۔

    تھرلر کی صرف امریکا میں ہی تیس کروڑ کیسٹس فروخت ہوئیں جبکہ پوری دنیا میں اس کی سوکروڑ سے زیادہ کاپیاں فروخت ہوئیں، مائیکل جیکسن کے البم ’تھریلر‘ کو آٹھ گریمی ایوارڈ ملے ہیں جو کہ ایک بڑا ریکارڈ ہے۔

    مائیکل جیکسن نے تھرلر البم کے گیت ‘بلی جین’ پر رقص میں ایک نئی حرکت (مون واک) متعارف کروائی جسے دیکھ کر لوگ ششدر رہ گئے تھے۔

    تھرلر‘ کے بعد مائیکل جیکسن کا البم ’بیڈ‘ سامنے آیا، جس کی بیس لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں، ‘بیڈ‘ کے بعد جیکسن کا البم ’ڈینجرس‘ بھی سپر ہٹ ہوا۔

    مائیکل نے 1994 میں آنجہانی امریکی گلوکار ایلوس پریسلے کی بیٹی لیزا میری پریسلے سے شادی کر لی، جو صرف انیس ماہ چل سکی۔

    انیس سو ستانوے میں مائیکل جیکسن کو راک اینڈ رول ہال آف فیم میں شامل کر لیا گیا اور انہوں نے غیر متوقع طور پر ایک نرس ڈیبی رو سے شادی کر لی تھی، جس سے ان کا بیٹا پرنس مائیکل پیدا ہوا، 1998 میں ان دونوں کی ایک بیٹی پیرس مائیکل کیتھرین پیدا ہوئی جبکہ سنہ 1999 میں مائیکل اور ڈیبی کی راہیں جدا ہوگئیں‌ تھیں۔

    موسیقی کی دنیا میں نئے رجحانات متعارف کرانے والے مائیکل جیکسن 25 جون 2009 ء کو گولیوں کی زائد مقدار لینے کی وجہ سے دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

    مرنے کے بعد بھی مائیکل جیکسن کا نام سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والے گلوکاروں میں سرفہرست رہا، ان کی موت کے بعد ادھورا گانا دس ازاٹ ریلیز ہوا، جس نے اتنا بزنس کیا جتنا مائیکل جیکسن اپنے دور عروج میں حاصل کرتے رہے۔