Tag: ماتمی جلوس

  • بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر میں ماتمی جلوس پر فائرنگ، پیلٹ گنوں سے حملے

    بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر میں ماتمی جلوس پر فائرنگ، پیلٹ گنوں سے حملے

    سری نگر: بھارتی فوج کے مظالم حد سے بڑھ گئے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں محرم کے ماتمی جلوس کو بھی نہیں بخشا، ظالم فوجیوں نے جلوس کے شرکا پر بندوقوں کے دہانے کھول دیے۔

    تفصیلات کے مطابق سری نگر کے ایک علاقے حسن آباد میں بھارتی فوجیوں نے ماتمی جلوس پر فائرنگ کھول دی، جلوس کے شرکا کو ممنوعہ پیلٹ گنوں کے نشانے پر رکھا۔

    کشمیر میڈیا سروس نے خبر دی ہے کہ بھارتی فوج کی شیلنگ سے متعدد عزا دار زخمی ہو گئے ہیں، کشمیر کا فوٹو جرنلسٹ بھی پیلٹ گنوں کے چھرے لگنے سے زخمی ہو گیا۔

    بھارتی فورسز نے جلوس کی کوریج کرنے والے فوٹو جرنلسٹ کا کیمرا بھی چھین کر توڑ دیا۔

    کے ایم ایس کے مطابق بھارتی فورسز نے تین صحافیوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جن میں شاہد خان، مبشر ڈار اور بلال بھٹ شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ آج آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 35 ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، وادی میں موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات مکمل طور پر معطل ہیں۔

    قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کر رکھی ہے جب کہ ذرایع ابلاغ پرسخت پابندیاں عاید ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

  • امام حسین کا چہلم آج ملک بھر میں مذہبی عقیدت سے منایا جارہا ہے، سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات

    امام حسین کا چہلم آج ملک بھر میں مذہبی عقیدت سے منایا جارہا ہے، سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات

    اسلام آباد: امام حسین کا چہلم آج ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔ ماتمی جلوس اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ملک کے کئی شہروں میں ڈبل سواری بھی بند ہے۔

    چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر ملک بھر میں جلوس اور مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔ عزادار خانوادہ رسول کی عظیم قُربانی کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔

    کراچی میں مرکزی جلوس کی گزرگاہوں پر پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ دو سو سے زائد عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات جبکہ جلوس کے راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔ حیدر آباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی جلوسوں کی سخت نگرانی کی جارہی ہے۔

    پنجاب میں آپریشنل عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ صوبے میں جلوس اور مجالس کی سکیورٹی لئے پچاس ہزار سے زائد اہلکارتعینات کئے گئے ہیں۔ آرمی کی تینتیس اور رینجرز کی بارہ کمپنیاں بھی اسٹینڈ بائی رہیں گی۔ لاہور میں مرکزی جلوس کی گزرگاہوں پر سی سی ٹی وی کیمروں اور میٹل ڈیٹیکٹرز کی مدد بھی لی جائے گی۔

    اسلام آباد اور راولپنڈی میں ماتمی جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے پولیس اور رینجرز ہائی الرٹ ہے۔ پشاور اور کوئٹہ میں بھی جلوسوں کے راستوں پر سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے سات اضلاع میں موبائل فون بندرہیں گے۔