Tag: ماحولیاتی تبدیلیاں

  • ماحولیاتی تبدیلیاں، سندھ کے شہر عمر کوٹ میں پانی اور غذائی قلت

    ماحولیاتی تبدیلیاں، سندھ کے شہر عمر کوٹ میں پانی اور غذائی قلت

    کراچی: ماحولیاتی تبدیلیوں نے جہاں دنیا بھر میں خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں، وہاں سندھ کے شہر عمر کوٹ میں بھی پانی اور غذائی قلت کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انسانیت کے عالمی دن کے موقع پر سندھ کے شہر عمر کوٹ میں پانی کی کمی اور شدید غذائی قلت کے حوالے سے ایک آگاہی سیمینار کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد کیا گیا، جس میں پاکستانی اور جاپانی این جی اوز کے ماہرین نے شرکت کی۔

    مقررین نے بتایا کے عمر کوٹ سمیت دیگر پس ماندہ علاقوں میں پانی کی رسائی کے لیے 3 سال سے کام کیا جا رہا ہے۔

    مقررین کا کہنا تھا کہ عمر کوٹ میں خواتین کو پانی کے حصول کے لیے کئی کلومیٹر دور جانا پڑتا ہے۔ انھوں نے کہا اس سیمینار کا مقصد آفات سے بچاؤ اور اس میں کمی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے عالمی کلچر کو فروغ دینا ہے۔

    انھوں نے کہا جاپان حکومت نے پاکستانی اداروں کے ساتھ مل کر خشک سالی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں، عمر کوٹ میں این جی اوز کی جانب سے پانی کی کمی اور غذائی قلت پر باقاعدہ کام جاری ہے۔

    سیمینار میں محکمہ موسمیات، سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی سمیت دیگر نجی اداروں کے ماہرین نے بھی شرکت کی اور خطاب کیا۔

  • موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عام لوگ کیا کریں؟

    موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عام لوگ کیا کریں؟

    اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ آلودگی، موسمیاتی یا ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ سائیکل چلا کر کیا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں ایک قرارداد منظور کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آلودگی اور موسمیاتی یا ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے لوگوں میں سائیکل چلانے کے رجحان کو فروغ دیا جائے گا۔

    یہ قرارداد دنیا کے 193 ممالک نے منظور کی، اور اسے اقوام متحدہ میں ترکمانستان نے پیش کیا تھا۔

    خیال رہے کہ سائیکلنگ ایک بہترین جسمانی سرگرمی یا ورزش سمجھی جاتی ہے، ماہرین صحت اس کی تجویز دیتے ہیں، ایندھن والی سواریوں کے مقابلے میں سائیکل کے استعمال سے ظاہر ہے کہ آلودگی کم ہو سکتی ہے۔

    اس قرارداد میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک کو تجویز دی گئی ہے کہ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے شہری اور دیہی علاقوں کی پبلک ٹرانسپورٹ میں سائیکل کو بھی شامل کیا جائے۔

    سڑک پر سائیکل چلانے والوں کے لیے حفاظتی اقدامات کو بڑھانے اور بائیک کی سواری کے فروغ سے دیرپا ترقی اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کا عالمی ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔

    ترکمانستان نے اپنی پیش کردہ قرارداد کے ذریعے تجویز دی کہ دنیا بھر میں جب بھی اور جہاں بھی عالمی، علاقائی اور ملکوں کی قومی ترقی کی پالیسی اور پروگرام مرتب کیے جائیں، ان میں سائیکل چلانے کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے خصوصی اقدامات بھی کیے جائیں۔

  • ماحولیاتی تبدیلیوں کا مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے: وزیر اعظم

    ماحولیاتی تبدیلیوں کا مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تغیراتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں میں بہتر کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے فلڈز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں انھیں چیئرمین این ڈی ایم اے، میٹرلوجیکل ڈیپارٹمنٹ اور فلڈ کمیشن حکام سمیت چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    وزیر اعظم نے اجلاس میں کہا کہ ماحولیاتی تغیراتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں میں بہتر کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے، انھوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر صوبہ سندھ اور صوبہ خیبر پختون خواہ میں نقصانات کا جائزہ لیا جائے تاکہ ریلیف سرگرمیوں کو مزید بہتر اور نقصانات کا ازالہ کرنے کے حوالے سے وفاق اور صوبائی حکومتیں مشترکہ طور پر حکمت عملی تشکیل دے سکیں۔

    میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ اور فلڈ کمیشن حکام نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ حالیہ مون سون کے نتیجے میں اس سال ملک کے اکثر حصوں اور خصوصاً سندھ اور بلوچستان میں ماضی کی نسبت زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، دریاؤں کی صورت حال کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس وقت تمام دریاؤں میں درمیانے درجے کا بہاؤ ہے۔

    وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ملک کے تمام ڈیم پانی سے مکمل طور پر بھر چکے ہیں جس کی بدولت پانی کی دستیابی کی صورت حال تسلی بخش رہے گی۔

    متعلقہ حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ قوی امید ہے کہ مون سون کا دورانیہ وسط ستمبر تک رہے گا، تاہم مزید سیلابی صورت حال کے پیدا ہونے کے امکانات بہت کم ہیں۔

  • پلانٹ فورپاکستان پروگرام کا آغازکررہے ہیں‘ وزیراعظم

    پلانٹ فورپاکستان پروگرام کا آغازکررہے ہیں‘ وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پلانٹ فور پاکستان پروگرام کا آغازکررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مافیا سے زمین واگزارکرا کرپارکس بنائیں گے، آلودگی کے خلاف جنگ آنے والی نسلوں کے لیے ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان آج ننکانہ میں دس ارب پودے لگانے کی مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔

    ننکانہ کے ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد کا کہنا ہے کہ شجرکاری مہم کے آغاز پر وزیراعظم کے ہمراہ اسکول کے ڈھائی ہزار بچے 10 ہزار پودے لگائیں گے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے پچیس سو ایکڑ سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرائی ہے، جنگل کے لیے پندرہ سو ایکڑ اراضی تیار کی جائے گی جبکہ واگزار کرائی گئی باقی ایک ہزار ایکڑ اراضی جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے مختص کی جائے گی۔