Tag: ماحولیات

  • معدومی سے بال بال بچنے والے 5 جانور

    معدومی سے بال بال بچنے والے 5 جانور

    جانوروں کا شکار، فضائی و آبی آلودگی، ان کی پناہ گاہوں کا ختم ہونا اور موسموں میں تغیر یعنی کلائمٹ چینج، یہ تمام وہ عوامل ہیں جو انسان کے تخلیق کردہ ہیں اور ان کی وجہ سے دنیا میں موجود جانور بے شمار خطرات کا شکار ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہماری کائنات میں اس سے قبل 5 عظیم معدومیاں وقوع پذیر ہو چکی ہیں اور ہم بہت تیزی سے چھٹی عظیم معدومی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق زمین پر موجود جنگلی حیات کی 75 فیصد آبادی کے بہت جلد خاتمے کا خدشہ ہے۔

    ان جانوروں کو درجہ حرارت میں اضافے اور ان کی رہائش گاہوں جیسے جنگلات وغیرہ میں کمی کا سامنا ہے جبکہ انسانوں کی جانب سے بے تحاشہ شکار ان کی آبادی کو کم کرتا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں: کیا ہم جانوروں کو معدومی سے بچا سکیں گے؟

    کچھ عرصہ قبل موسمیاتی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج کے باعث آسٹریلیا میں پائے جانے والے ایک چوہے کی نسل معدوم ہوچکی ہے اور یہ پہلا ممالیہ ہے جو موسم کی وجہ سے اپنے خاتمے کو پہنچا۔

    تاہم کچھ جانور ایسے ہیں جنہیں انسانوں ہی نے خاتمے سے بچانے کے لیے کوششیں کیں اور ان کوششوں کے باعث یہ معدومی کے خطرے سے باہر نکل آئے۔ اب ان کی آبادی خطرے کا شکار ضرور ہے، تاہم انہیں بالکل معدومی کا خدشہ نہیں ہے۔

    :پاکستان کا قومی جانور ۔ مارخور

    markhor

    پاکستان کا قومی جانور مار خور کچھ عرصہ قبل تک اپنی بقا کے خطرے سے دو چار تھا۔ مارخور پاکستان اور چین سمیت مغربی ایشیا کے کئی ممالک میں پایا جاتا ہے۔

    اس کی آبادی میں کمی کی سب سے بڑی وجہ اس کا بے دریغ شکار ہے جو اس کے سینگ کے لیے کیا جاتا ہے۔ یہ سینگ چین کی قدیم دوائیوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کی آبادی میں کمی کی ایک اور وجہ ٹرافی ہنٹنگ بھی ہے۔ اس مقابلے میں جیتنے والے کو کسی جانور (عموماً مارخور) کا سر انعام میں دیا جاتا ہے۔

    نوے کی دہائی میں اس جانور کی آبادی میں 70 فیصد کمی واقع ہوگئی تھی جس کے بعد ہنگامی بنیادوں پر اس کی حفاظت کے لیے اقدامات اٹھائے گئے۔ پاکستان میں مقامی قبیلوں کو تربیت دی گئی کہ وہ اپنے علاقوں میں مار خور کی حفاظت کریں اور اس کے شکار سے گریز کریں۔

    پاکستان میں اس جانور کے لیے اٹھائے جانے والے حفاظتی اقدامات نے تاجکستان کو بھی متاثر کیا اور وہاں رہنے والے قبائل نے بھی اس کا شکار کرنے کے بجائے اس کی حفاظت کرنا شروع کی۔

    :امریکا کی ننھی لومڑیاں

    fox

    امریکا کے فش اینڈ وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کے مطابق کیلیفورنیا میں پائی جانے والی لومڑیوں کی ایک قسم، جن کا قد چھوٹا ہوتا ہے اور انہیں ننھی لومڑیاں کہا جاتا ہے، گزشتہ برس معدومی کے خطرے سے باہر نکل آئیں۔

    ماہرین کے مطابق اگلے ایک عشرے تک اس لومڑی کی 50 فیصد آبادی ختم ہونے کا خطرہ تھا۔ یہ لومڑی نوے کی دہائی میں ’کینن ڈسٹمپر‘ نامی بیماری کے باعث اپنی 90 فیصد سے زائد نسل کھو چکی تھی۔ کینن ڈسٹمپر کتوں اور لومڑیوں کو لگنے والی ایک بیماری ہے جس کا تاحال کوئی خاص سبب معلوم نہیں کیا جاسکا ہے۔

    حکام کے مطابق ان لومڑیوں کے تحفظ کے لیے ان کی پناہ گاہوں میں اضافے اور ویکسینیشن کے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے۔ ان لومڑیوں کو سؤر کی جانب سے بھی شکار کا خطرہ تھا جس کا حل ماہرین نے یوں نکالا کہ سؤروں کو اس علاقہ سے دوسری جگہ منتقل کردیا گیا۔

    ان اقدامات کے باعث اس لومڑی کی آبادی میں اضافہ شروع ہوا اور بالآخر یہ معدومی کی زد سے باہر نکل آئیں۔

    :افریقی جنگلات کا اہم حصہ ۔ گوریلا

    gorilla

    عالمی ادارہ برائے تحفظ فطرت آئی یو سی این کے مطابق افریقی جنگلی حیات کا اہم حصہ گوریلا کی آبادی میں پچھلی 2 دہائیوں میں خطرناک حد تک کمی آگئی تھی جس کے بعد آئی یو سی این نے اسے خطرے کا شکار جانوروں کی فہرست سے نکال کر شدید خطرے کا شکار جانوروں کی فہرست میں ڈال دیا ہے۔ یہ درجہ معدومی سے قبل کا آخری درجہ ہے۔

    صرف براعظم افریقہ میں پایا جانے والا گوریلا مغربی افریقہ کے متعدد ممالک کے جنگلات میں رہتا ہے اور ماہرین کے مطابق گوریلاؤں کی آبادی میں کمی کی سب سے بڑی وجہ ان افریقی ممالک میں ہونے والی خانہ جنگیاں ہیں جس کے باعث گوریلا کے زیر رہائش جنگلات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

    تاہم گوریلا کی ایک قسم پہاڑی گوریلا کی آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ماحولیات یو این ای پی کے مطابق ان گوریلاؤں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں جو بار آور ہو رہے ہیں۔

    :سائبیرین چیتا

    tiger

    سائبیرین چیتا جسے امور ٹائیگر بھی کہا جاتا ہے مشرقی ایشیائی مقامات پر پایا جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک زمانے میں یہاں بے شمار چیتے تھے۔ لیکن پھر 90 کی دہائی میں ان کی موجودگی کے آثار ختم ہوگئے جس سے یہ اندیشہ پیدا ہوا کہ ہم اس جانور کو کھو چکے ہیں۔

    تاہم کچھ عرصہ قبل آئی یو سی این نے چین اور روس میں حفاظتی پروگرام شروع کیے جن کے باعث ان کی آبادی میں اضافہ ہونے لگا۔ اس وقت دنیا بھر میں 400 سائبیرین چیتے موجود ہیں۔

    :کاکاپو طوطا

    kakapo

    نیوزی لینڈ کو صدیوں سے اپنا مسکن بنائے کاکاپو طوطا 90 سال تک زندہ رہ سکتا ہے۔ یہ منفرد طوطا انسانوں کی جانب سے بے تحاشہ شکار کے باعث اپنے خاتمے کے دہانے پر پہنچ چکا تھا۔

    سنہ 1970 میں جب ان کے تحفظ پر کام شروع کیا گیا تو یہ مشکل سے درجن بھر تعداد میں تھے اور وہ بھی سب نر تھے۔ تکنیکی طور پر یہ نسل معدوم ہوچکی تھی۔

    لیکن پھر نیوزی لینڈ کے جنوبی ساحل کے قریب ایک جزیرے پر 4 مادہ طوطیاں دیکھی گئیں۔ انہیں فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا اور ان کی دیکھ بھال شروع کردی گئی۔ آہستہ آہستہ ان کی آبادی میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا اور اب یہ طوطا بھی ایک مستحکم تعداد میں موجود ہے۔

  • نئی دہلی میں پلاسٹک پر پابندی عائد

    نئی دہلی میں پلاسٹک پر پابندی عائد

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پلاسٹک کی اشیا کے استعمال پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    بھارت کے نیشنل گرین ٹربیونل کی جانب سے عائد کی جانے والی اس پابندی کے تحت پلاسٹک کے برتن بشمول پلیٹ اور کپ، تھیلے، اور چیزوں کو لپیٹنے کے لیے بھی پلاسٹک کے استعمال کو قطعی ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: ماحول دوست پلاسٹک بیگ تیار

    بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میں استعمال کیے جانے والے پلاسٹک کو جب پھینکا جاتا ہے تو یہ سمندروں میں پلاسٹک کی عالمی آلودگی کا 60 فیصد حصہ بنتا ہے۔

    plastic-2

    بھارتی حکام کے مطابق یہ پابندی ان شکایات کے بعد عائد کی گئی ہے جو شہریوں کی جانب سے کی گئیں جس میں کہا گیا کہ شہر میں قائم کچرا جمع کرنے کے مقامات پر بڑی مقدار میں کچرا جلایا گیا جو شہر کی فضا کو بے تحاشہ آلودہ کرنے کا سبب بنا۔

    مزید پڑھیں: فرانس کا پلاسٹک سے بنے برتنوں پر پابندی کا فیصلہ

    واضح رہے کہ پلاسٹک ایک ایسا مادہ ہے جسے ختم ہونے یا زمین کا حصہ بننے کے لیے ہزاروں سال درکار ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ ماحول، صفائی اور جنگلی حیات کے لیے ایک بڑا خطرہ تصور کیا جاتا ہے۔

    پلاسٹک شہروں کی آلودگی میں بھی بے تحاشہ اضافہ کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کے کئی شہروں میں پلاسٹک پر پابندی عائد ہے۔

  • برفانی سمندر کے نیچے رنگین زندگی

    برفانی سمندر کے نیچے رنگین زندگی

    ایک بہتے ہوئے سمندر کے نیچے رنگ برنگے پھولوں کا کھلنا اور دیگر خوبصورت جانداروں کو موجودگی تو ایک عام بات ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کسی برفانی سمندر کے نیچے کیا ہوسکتا ہے؟

    برفانی خطہ انٹارکٹیکا میں 2 آسٹریلوی سائنسدانوں نے برفانی پانی کا تجزیہ کرنے کے لیے اس میں ایک روبوٹ کو اندر اتارا۔ مگر اس روبوٹ سے جو تصاویر حاصل ہوئیں انہیں دیکھ کر وہ دنگ رہ گئے۔

    اس برفانی سمندر کے اندر زندگی اپنی پوری آب و تاب سے رواں تھی اور وہاں مختلف پودے اور خوبصورت سمندری حیات موجود تھی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ جب کوئی برفانی تودہ اپنی جگہ سے حرکت کرتا ہے تو اس کے نیچے موجود سمندری حیات بھی تباہی سے دو چار ہوتی ہے، لیکن سمندر پر جمی برف انہیں کسی قدر تحفظ فراہم کرتی ہے اور انہیں مختلف آفات سے بچاتی ہے۔

    البتہ ماہرین کا کہنا ہے کہ سمندری آلودگی اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث زمین پر رہنے والی جنگلی حیات کے ساتھ ساتھ سمندری حیات کو بھی معدومی کا خطرہ لاحق ہے۔

  • کلائمٹ چینج سے یورپ کو بھی مختلف آفات کا سامنا

    کلائمٹ چینج سے یورپ کو بھی مختلف آفات کا سامنا

    یورپی ماحولیاتی ایجنسی کا کہنا ہے کہ بدلتے ہوئے موسموں یعنی کلائمٹ چینج کے باعث یورپ بھی شدید خطرات کا شکار ہے اور مستقبل قریب میں یورپ کو بھی بے شمار قدرتی آفات کا سامنا ہوگا۔

    یوروپیئن انوائرنمنٹل ایجنسی نے یورپ پر کلائمٹ چینج کے اثرات کے حوالے سے طویل تحقیقوں اور تجزیوں کے بعد ایک جامع رپورٹ مرتب کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کلائمٹ چینج کے باعث یورپ میں شدید طوفانی بارشوں، شدید سیلاب، تباہ کن طوفانوں، اور دیگر کئی آفات کا خطرہ ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ یورپ کے پہاڑی سلسلے الپس میں واقع گلیشیئرز تیزی سے پگھلیں گے، جبکہ کئی شہروں میں شدید گرمی کی لہریں (ہیٹ ویو)، قحط، خشک سالی اور جنگلات میں آتش زدگی کے واقعات بھی پیش آئیں گے۔

    واضح رہے کہ کلائمٹ چینج کے حوالے سے سب سے زیادہ خطرے کا شکار براعظم ایشیا، افریقہ اور بحرالکاہل میں واقع جزائر ہیں۔

    مزید پڑھیں: کلائمٹ چینج سے مطابقت کیسے کی جائے؟

    بحیرہ عرب میں واقع جزیرہ مالدیپ کو سطح سمندر میں اضافے سے صفحہ ہستی سے مٹ جانے کا خطرہ ہے جبکہ کئی ایشیائی ممالک بشمول پاکستان موسم کی حدت میں اضافے کے نقصانات شدید گرمی، سیلاب، قحط اور خشک سالی کی صورت میں برداشت کر رہے ہیں۔

    اس سے قبل اسی ادارے کی جانب سے پیش کی جانے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ گزشتہ دو سے 3 دہائیوں میں یورپ بھر کے درجہ حرارت میں 1.5 سینٹی گریڈ اضافہ ہوچکا ہے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل سائنس میگزین میں شائع ہونے والے ایک تحقیقاتی مضمون میں کہا گیا تھا کہ زمین اور سمندروں کے درجہ حرارت میں اس قدر اضافہ اب سے ڈیڑھ لاکھ سال قبل دیکھا گیا تھا، اور اس کے بعد کبھی اتنا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ نہیں کیا گیا۔

    مضمون میں کہا گیا تھا کہ ماہرین کے مطابق زمین کے درجہ حرارت کے ساتھ سمندروں کا درجہ حرارت بھی اہمیت رکھتا ہے جو اس وقت بہت بڑھ چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لگ بھگ ڈیڑھ لاکھ سال قبل کے اس دور کو زمین کا گرم ترین دور مانا جاتا ہے۔

  • خواتین کے بعد سائنس دان بھی ٹرمپ کے خلاف سراپا احتجاج

    خواتین کے بعد سائنس دان بھی ٹرمپ کے خلاف سراپا احتجاج

    واشنگٹن: امریکا کے 45 ویں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف امریکیوں کی بڑی تعداد سراپا احتجاج ہے۔ یہ مظاہرین ٹرمپ کو اپنا صدر ماننے سے انکاری ہیں۔ اب امریکی سائنس دانوں نے اعلان کیا ہے کہ خواتین کی طرح وہ بھی ٹرمپ کے خلاف احتجاجی مارچ منعقد کریں گے۔

    صدر ٹرمپ کی حلف برادری کے اگلے ہی روز ہالی ووڈ اداکارؤں سمیت لاکھوں خواتین نے احتجاجی مارچ منعقد کیا تھا۔

    اس کے بعد سوشل میڈیا پر 2 سائنس دانوں نے تبادلہ خیال کیا کہ انہیں بھی اپنا احتجاجی مارچ منعقد کرنا چاہیئے۔

    دو سائنسدانوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے اس خیال کے چند گھنٹوں بعد ہی ایک ویب سائٹ، ٹوئٹر اکاؤنٹ اور فیس بک گروپ وجود میں آگیا جس میں ٹرمپ کے خلاف سائنس مارچ کی تفصیلات پر غور کیا جانے لگا۔

    ہزاروں افراد نے انٹرنیٹ پر ان پلیٹ فارمز کو جوائن کرلیا۔

    سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس مارچ کی ضرورت اس لیے پیش آئی کیوں کہ ہر شعبہ کی طرح سائنس کے شعبہ کو بھی ٹرمپ سے شدید خطرہ لاحق ہے۔

    مزید پڑھیں: ٹرمپ کی ماحول دشمن پالیسی

    انہوں نے بتایا کہ ابھی ہم سوچ ہی رہے تھے کہ ٹرمپ کے خلاف اپنا احتجاج کس طرح ریکارڈ کروائیں، کہ ہم نے دیکھا کہ وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ سے وہ صفحہ غائب ہوگیا جو ماحول دوست سائنسی اقدامات کے بارے میں تھا۔

    یاد رہے کہ وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ کا صفحہ انرجی پالیسی سابق صدر اوباما کے ماحول دوست منصوبوں کے بارے میں تھا جو انہوں نے ملک کے مختلف حصوں میں شروع کروائے تھے۔

    ٹرمپ اپنے انتخاب سے قبل ہی اس منصوبے کو ختم کرنے کا اعلان کر چکے تھے، اور جیسے ہی انہوں نے وائٹ ہاؤس میں قدم رکھا، امریکی صدارتی پالیسی سے اس کا نام و نشان بھی مٹ گیا۔

    سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس صفحہ کا وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ سے غائب ہونا ظاہر کرتا ہے کہ ٹرمپ اپنے ماحول دشمن خیالات میں نہایت سنجیدہ ہیں اور یہ نہ صرف امریکا بلکہ پوری دنیا کے لیے نہایت خطرناک بات ہے۔

    انہوں نے اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا کہ صدر ٹرمپ موسمیاتی تغیر یعنی کلائمٹ چینج کو ایک وہم سمجھتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پوری دنیا کے درجہ حرارت میں اس وقت شدید اضافہ ہوچکا ہے اور ہم تباہی کی طرف جارہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ٹرمپ کا غلط ٹوئٹ کلائمٹ چینج کی طرف توجہ دلانے کا سبب

    مارچ کے منصوبے میں شامل ان سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ باخبر ذرائع کے مطابق ٹرمپ سائنس کے شعبہ کے لیے فنڈز میں کٹوتی کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔

    سائنس مارچ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق مارچ کی تاریخ کا اعلان بہت جلد کردیا جائے گا۔

  • زمین کا درجہ حرارت اب سے ڈیڑھ لاکھ سال قبل جیسا

    زمین کا درجہ حرارت اب سے ڈیڑھ لاکھ سال قبل جیسا

    اگر آپ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح کلائمٹ چینج پر یقین نہیں رکھتے، اور آپ کو لگتا ہے کہ یہ صرف ایک وہم ہے تو پھر سائنس میگزین کی یہ رپورٹ آپ کے ہوش اڑانے کے لیے کافی ہوگی جس میں کہا گیا ہے کہ زمین کے درجہ حرارت میں اس قدر اضافہ آج سے ڈیڑھ لاکھ سال قبل دیکھا گیا تھا۔

    میگزین میں شائع ہونے والے تحقیقاتی مضمون میں کہا گیا ہے کہ زمین اور سمندروں کے درجہ حرارت میں اس قدر اضافہ اب سے ڈیڑھ لاکھ سال قبل دیکھا گیا تھا، اس کے بعد کبھی اتنا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ نہیں کیا گیا۔

    یاد رہے کہ اس وقت زمین پر انسانوں کی آمد کو 50 ہزار سال سے زائد کا کچھ عرصہ گزرا تھا۔

    ماہرین کے مطابق زمین کے درجہ حرارت کے ساتھ سمندروں کا درجہ حرارت بھی اہمیت رکھتا ہے جو اس وقت بہت بڑھ چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لگ بھگ ڈیڑھ لاکھ سال قبل کے اس دور کو زمین کا گرم ترین دور مانا جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: کلائمٹ چینج سے مطابقت کیسے کی جائے؟

    ماہرین نے واضح کیا کہ یہ موسمیاتی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج ہے جو بہت تیزی سے رونما ہو رہا ہے۔

    واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل امریکا کے نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیریک ایڈمنسٹریشن نے ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں کہا گیا کہ سال 2016 تاریخ کا متواتر تیسرا گرم ترین سال تھا۔ اس سے قبل سنہ 2014 اور 2015 میں بھی درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا تھا۔

    نواا کا کہنا ہے کہ اکیسویں صدی کے آغاز کے بعد سے سب سے زیادہ درجہ حرارت کا ریکارڈ 5 بار ٹوٹ چکا ہے۔ سنہ 2005، سنہ 2010، اور اس کے بعد متواتر گزشتہ تینوں سال سنہ 2014، سنہ 2015 اور سنہ 2016۔

    ماہرین کے مطابق گو کہ یہ اضافہ نہایت معمولی سا ہے تاہم مجموعی طور پر یہ خاصی اہمیت رکھتا ہے اور اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کلائمٹ چینج کس قدر تیزی سے رونما ہورہا ہے۔

  • سال 2016 تاریخ کا متواتر تیسرا گرم ترین سال

    سال 2016 تاریخ کا متواتر تیسرا گرم ترین سال

    امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ سال 2016 جدید تاریخ کا گرم ترین سال تھا اور یہ مسلسل تیسرا سال ہے جس میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔

    امریکا کے نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیریک ایڈمنسٹریشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس بھارت، کویت اور ایران میں غیر معمولی اور قیامت خیز گرمی دیکھی گئی۔ دوسری جانب قطب شمالی میں برف پگھلنے کی رفتار میں بھی خطرناک اضافہ ہوگیا۔

    مذکورہ رپورٹ کے لیے سال بھر میں زمین اور سمندر کے اوسط درجہ حرارت کا جائزہ لیا گیا۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ سنہ 1880 سے جب سے موسم کا ریکارڈ رکھنے کا آغاز ہوا ہے تب سے یہ تاریخ کا گرم ترین سال ہے۔

    امریکی ماہرین کی اس تحقیق سے موسمیاتی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج کی تیز رفتاری کی طرف پریشان کن اشارہ ملتا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سال 2014 اور 2015 کو بھی گرم ترین سال قرار دیا گیا تاہم 2016 ان سے بھی زیادہ گرم رہا۔

    earth-heat

    ماہرین کا کہنا ہے کہ گو یہ اضافہ نہایت معمولی سا ہے تاہم مجموعی طور پر یہ خاصی اہمیت رکھتا ہے اور اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کلائمٹ چینج کس قدر تیزی سے رونما ہورہا ہے۔

    نواا کا کہنا ہے کہ اکیسویں صدی کے آغاز کے بعد سے سب سے زیادہ درجہ حرارت کا ریکارڈ 5 بار ٹوٹ چکا ہے۔ سنہ 2005، سنہ 2010، اور اس کے بعد متواتر گزشتہ تینوں سال سنہ 2014، سنہ 2015 اور سنہ 2016۔

    رپورٹ کے مطابق درجہ حرارت میں اس اضافے کی وجہ تیل اور گیس کا استعمال ہے جن کے باعث کاربن ڈائی آکسائیڈ، میتھین اور دیگر زہریلی (گرین ہاؤس گیسیں) پیدا ہوتی ہیں۔

    ایک اور وجہ ایل نینو بھی ہے جو سال 2015 سے شروع ہو کر 2016 کے وسط تک رہا۔ ایل نینو بحر الکاہل کے درجہ حرارت میں اضافہ کو کہتے ہیں جس کے باعث پوری دنیا کے موسم پر منفی اثر پڑتا ہے۔

    مزید پڑھیں: کلائمٹ چینج سے مطابقت کیسے کی جائے؟

    یہ عمل ہر 4 سے 5 سال بعد رونما ہوتا ہے جو گرم ممالک میں قحط اور خشک سالیوں کا سبب بنتا ہے جبکہ یہ کاربن کو جذب کرنے والے قدرتی ’سنک‘ جیسے جنگلات، سمندر اور دیگر نباتات کی صلاحیت پر بھی منفی اثر ڈالتا ہے جس کے باعث وہ پہلے کی طرح کاربن کو جذب نہیں کرسکتے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بے تحاشہ تیز رفتار صنعتی ترقی بھی زمین کے قدرتی توازن کو بگاڑ رہی ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں سال پچھلے سال کے مقابلے میں سرد ہونے کا امکان ہے تاہم ’لا نینا‘ کا کوئی خدشہ موجود نہیں۔ لا نینا ایل نینو کے برعکس زمین کو سرد کرنے والا عمل ہے۔

    مذکورہ رپورٹ جاری کرنے والے ادارے نواا نے کچھ عرصہ قبل ایک اور رپورٹ جاری کی تھی جس میں دنیا بھر میں ہونے والے 24 سے 30 ایسے غیر معمولی واقعات کی فہرست بنائی گئی تھی جو اس سے پہلے کبھی ان علاقوں میں نہیں دیکھے گئے۔

    یہ غیر معمولی مظاہر سال 2015 میں رونما ہوئے تھے۔ ان میں کراچی کے 2000 شہریوں کو موت کے منہ میں دھکیلنے والی قیامت خیز ہیٹ ویو بھی شامل ہے۔

    ادارے کے پروفیسر اور رپورٹ کے نگران اسٹیفنی ہیئرنگ کا کہنا تھا کہ دنیا کو تیزی سے اپنا نشانہ بناتا کلائمٹ چینج دراصل قدرتی عمل سے زیادہ انسانوں کا تخلیق کردہ ہے اور ہم اپنی ترقی کی قیمت اپنے ماحول اور فطرت کی تباہی کی صورت میں ادا کر رہے ہیں۔

    پروفیسر اسٹیفنی کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ غیر معمولی تو ضرور ہے تاہم غیر متوقع ہرگز نہیں اور اب ہمیں ہر سال اسی قسم کے واقعات کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

  • ٹرمپ کا غلط ٹوئٹ کلائمٹ چینج کی طرف توجہ دلانے کا سبب

    ٹرمپ کا غلط ٹوئٹ کلائمٹ چینج کی طرف توجہ دلانے کا سبب

    نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر غلط ٹوئٹ کر کے دنیا بھر میں مذاق کا نشانہ بن گئے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں اپنی بیٹی ایوانکا کی جگہ کسی دوسری ایوانکا کا ذکر کردیا۔ مذکورہ ایوانکا نے موقع سے فائدہ اٹھا کر ٹرمپ کو کلائمٹ چینج کی طرف توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دے ڈالا۔

    دو دن بعد صدارت کا حلف اٹھانے والے ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو بے احتیاطی سے استعمال کرنے پر تنقید و مذاق کا نشانہ بن گئے۔

    یہ ساری کہانی دراصل اس وقت شروع ہوئی جب امریکی ریاست میسا چیوسٹس سے تعلق رکھنے والے ایک ڈاکٹر لارنس گڈ اسٹین نے ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ کی تعریف میں ٹوئٹ کیا۔

    انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ کو ٹیگ کرنا چاہا لیکن غلطی سے ایوانکا ٹرمپ کی جگہ ایوانکا میجک کو ٹیگ کردیا جو برطانیہ میں ایک ڈیجیٹل کنسلٹنٹ ہیں۔

    بیٹی کی اس تعریف پر صدر ٹرمپ خوشی سے پھولے نہ سمائے اور اسی غلطی کے ساتھ بیٹی کی تعریف میں خود بھی ایک ٹوئٹ کردیا جس میں انہوں نے اپنی بیٹی کو نہایت باکردار اور عظیم قرار دیا۔

    ٹرمپ کی اس غلطی کی نشاندہی ہوتے ہی ٹوئٹر پر ایک طوفان آگیا اور لوگوں نے ٹرمپ کو تنقید و مذاق کا ہدف بنا لیا۔

    دوسری جانب غلطی سے ٹرمپ کے ٹوئٹ میں آنے والی ایوانکا میجک نے موقع سے فائدہ اٹھا کر ٹرمپ کو مفید مشوروں سے نواز دیا۔

    انہوں نے ٹرمپ کو جواب دیتے ہوئے کہا، ’آپ پر بہت بڑی ذمہ داریاں ہیں۔ کیا میں آپ کو تجویز دوں کہ ٹوئٹر کا استعمال احتیاط سے کریں اور کلائمٹ چینج کے بارے میں جاننے کے لیے مزید وقت صرف کریں‘۔

    ایوانکا نے اس ٹوئٹ کے ذریعہ ٹرمپ کی توجہ ماحولیاتی نقصانات اور موسمیاتی تغیرات کی جانب دلوانے کی کوشش کی جو پہلے ہی ماحول سے دشمنی پر تلے بیٹھے ہیں۔

    اپنی انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ بارہا کلائمٹ چینج کو ایک وہم اور مضحکہ خیز چیز قرار دے چکے ہیں جس نے ماحول کی بہتری کے لیے کام کرنے والوں کو سخت تشویش میں مبتلا کردیا۔

    انہوں نے امریکا میں کوئلے کی صنعت کی بحالی سمیت کئی ماحول دشمن اقدامات شروع کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

    اس سے قبل آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی ووڈ اداکار اور اقوام متحدہ کے خیر سگالی سفیر برائے ماحولیاتی تبدیلی لیونارڈو ڈی کیپریو نے بھی صدر ٹرمپ، ان کی بیٹی ایوانکا اور ان کے عملے کے دیگر ارکان سے ملاقات کی تھی۔

    ملاقات میں لیو نے قابل تجدید توانائی کے کئی منصوبے پیش کیے تھے جن کے ذریعہ نئی نوکریاں پیدا کر کے امریکی معیشت کو سہارا دیا جاسکتا ہے۔

  • مختلف اشیا کو زمین کا حصہ بننے کے لیے کتنا وقت درکار؟

    مختلف اشیا کو زمین کا حصہ بننے کے لیے کتنا وقت درکار؟

    کائنات میں موجود ہر شے زمین کا حصہ بن جاتی ہے چاہے وہ بے جان اشیا ہوں یا جاندار۔ ہم جو اشیا کچرے میں پھینکتے ہیں وہ مختلف مراحل سے گزر کر بالآخر زمین کا حصہ بن جاتی ہیں۔

    کچھ اشیا زمین کا حصہ بن کر زمین کی زرخیزی میں اضافہ کرتی ہیں۔ مثال کے طور پر اگر پھلوں اور سبزیوں کے چھلکوں کو مٹی کے ساتھ ملا دیا جائے تو مٹی میں موجود بیکٹریا اس کے اجزا کو توڑ دیں گے اور کچھ عرصے بعد اس کی آمیزش سے تیار ہونے والی مٹی نہایت زرخیز کھاد ثابت ہوتی ہے۔

    مزید پڑھیں: ضائع شدہ خوراک کو کھاد میں تبدیل کرنے کا منصوبہ

    لیکن یہ عمل اتنا آسان اور معمولی نہیں۔ زمین کی مٹی اپنی فطرت کے مطابق ہر شے کو ایک مقررہ وقت میں اپنے اندر جذب کرتی ہے۔ یہ وقت کئی مہینے بھی ہوسکتا ہے اور کئی سال بھی بلکہ بعض اوقات ہزاروں سال بھی۔

    آئیے دیکھتے ہیں کہ ہم جو اشیا کچرے میں پھینکتے ہیں انہیں تلف ہونے یا زمین کا حصہ بننے کے لیے کتنا عرصہ درکار ہوتا ہے۔

    اونی موزہ ۔ 1 سے 5 سال

    دودھ کا خالی کارٹن ۔ 5 سال

    سگریٹ کے ٹوٹے ۔ 10 سے 12 سال

    لیدر کے جوتے ۔ 25 سے 40 سال

    ٹن کا کین ۔ 50 سال

    ربر کے جوتے ۔ 50 سے 80 سال

    پلاسٹک کا برتن ۔ 50 سے 80 سال

    ایلومینیئم کا کین ۔ 200 سے 500 سال

    پلاسٹک کی بوتل ۔ 450 سال

    مچھلی پکڑنے والی ڈور ۔ 600 سال

    پلاسٹک بیگ (شاپر یا تھیلی) ۔ 200 سے 1000 ہزار سال

    یاد رہے کہ چونکہ ہم ان اشیا کو زمین میں نہیں دباتے، لہٰذا یہ ایک طویل عرصے تک زمین کے اوپر رہتی ہیں اور آلودگی اور گندگی کا باعث بنتی ہیں۔ اس کچرے کی موجودگی آس پاس رہنے والے افراد کی صحت کے لیے بھی خطرہ ثابت ہوتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ چیزوں کو پھینکنے کے بجائے کفایت شعاری سے استعمال کرنا چاہیئے اور انہیں ری سائیکل یا دوبارہ استعمال کرلینا چاہیئے۔

    مزید پڑھیں: فطرت کے تحفظ کے لیے آپ کیا کرسکتے ہیں؟


    یہاں آپ کو کچھ طریقے بتائے جارہے ہیں جنہیں اپنا کر آپ ماحول کی صفائی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں اور خود کو ماحول دوست فرد ثابت کر سکتے ہیں۔

    قدرتی وسائل کا احتیاط سے استعمال کریں۔

    کوشش کریں کہ کاغذ کا استعمال کم سے کم کریں۔ آج کل اسمارٹ فون نے کتاب اور کاغذ سے چھٹکارہ دلا دیا ہے لہٰذا یہ کوئی مشکل کام نہیں۔ کاغذ درختوں میں پائی جانے والی گوند سے بنائے جاتے ہیں اور ہر سال اس مقصد کے لیے لاکھوں کروڑوں درخت کاٹے جاتے ہیں۔

    کاغذ کی دونوں سمتوں کو استعمال کریں۔

    پلاسٹک بیگز کا استعمال ختم کریں۔ ان کی جگہ کپڑے کے تھیلے استعمال کریں۔

    مختلف پلاسٹک کی اشیا جیسے برتن، کپ، یا مختلف ڈبوں کو استعمال کے بعد پھینکنے کے بجائے ان سے گھریلو آرائش کی کوئی شے تخلیق کرلیں۔

    بازار سے خریدی جانے والی مختلف اشیا کی پیکنگ پھینک دی جاتی ہے اور یہ ہمارے ماحول کی آلودگی میں اضافہ کرتی ہیں۔ سائنسدان دودھ کے پروٹین سے ایسی پیکنگ بنانے کی کوششوں میں ہیں جو کھائی جاسکے گی یا گرم پانی میں حل کی جاسکے گی۔


     

  • ہوا میں اڑتا ہوا گینڈا

    ہوا میں اڑتا ہوا گینڈا

    کیا آپ نے کبھی کسی جانور کو ہوا میں اڑتے دیکھا ہے؟ اور جانور بھی کوئی اور نہیں بلکہ کئی من وزنی بھاری بھرکم گینڈا جسے حرکت کرنے میں ہی دقت کا سامنا ہوتا ہے، کجا کہ وہ پرندوں کی طرح ہوا میں پرواز کرے۔

    مگر کچھ دن قبل ایسی ہی کچھ تصاویر نے انٹرنیٹ صارفین کو حیران پریشان کر کے رکھ دیا جس میں ایک گینڈا ہوا میں اڑتا ہوا نظر آرہا ہے۔

    r4-1-1

    یہ گینڈا رسیوں سے بندھا ہوا ہے اور انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ ہوا میں تیرتا ہوا ندیوں، پہاڑوں، دریاؤں، میدانوں اور حتیٰ کہ بادلوں کے اوپر سے گزر رہا ہے۔

    r3-1

    r5-1

    r1-1

    اس گینڈے کی یہ تصاویر کھینچنے والے وائلڈ لائف فوٹوگرافر پیٹے آکسفورڈ تھے جنہوں نے یہ انوکھی تصاویر کھینچیں۔

    r7-1

    دراصل اس گینڈے کو جنوبی افریقہ کے نیشنل پارک سے شکاریوں سے بچانے کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔

    جنوبی افریقہ کے شمال میں گینڈوں کے تحفظ کے لیے ایک خصوصی پناہ گاہ قائم کی گئی ہے جہاں ملک بھر سے گینڈے لا کر رکھے جارہے ہیں، تاکہ ایک طرف تو انہیں شکاریوں سے بچایا جاسکے، دوسری جانب ایک ہی مقام پر ان کی بہتر طور پر حفاظت کی جاسکے۔

    r6

    r2-2

    مذکورہ گینڈے کی ہوا کے ذریعہ منتقلی بھی اسی عمل کا ایک حصہ تھی۔

    واضح رہے کہ افریقی گینڈے کے جسمانی اعضا خصوصاً اس کے ناک پر موجود سینگ کی دنیا بھر میں بے حد مانگ ہے اور اس کی غیر قانونی تجارت نہ صرف ان کی نسل کو ختم کر سکتی ہے بلکہ اس سے حاصل ہونے والی رقم غیر قانونی کاموں میں بھی استعمال کی جارہی ہے۔

    گذشتہ سال ہاتھیوں اور گینڈوں کی معدوم ہوتی نسل کے تحفظ کے لیے افریقہ میں ایک ’جائنٹ کلب فورم‘ بھی بنایا گیا ہے جس کا پہلا اجلاس گزشتہ برس مئی میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں متعدد افریقی رہنماؤں، تاجروں اور سائنسدانوں نے شرکت کی جنہوں نے متفقہ طور پر ان جانوروں کی تجارت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔