Tag: مادھوپور ڈیم

  • بھارت: مادھوپور ڈیم سے پانی کے اخراج کی وارننگ، دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا گیا

    بھارت: مادھوپور ڈیم سے پانی کے اخراج کی وارننگ، دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا گیا

    اسلام آباد (26 اگست 2025): بھارت کی جانب سے گزشتہ رات مادھوپور ڈیم سے پانی کے اخراج کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جب کہ دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت نے مادھوپور ڈیم سے پانی کے اخراج کی وارننگ جاری کی ہے اور دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا ہے، این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صورت حال کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں شدید بارشیں متوقع ہیں، این ڈی ایم اے اس صورت حال کا مشاہدہ کر رہی ہے، بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں چھوڑا گیا سیلابی ریلا پاکستان کی حدود میں داخل ہو چکا ہے، اور جسڑ کے مقام پر پانی کی سطح اچانک بلند ہو گئی ہے۔

    نارووال میں دریائے راوی کے کنارے کھیتوں میں کام کرتے 56 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، جسڑ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، ریلا آج شاہدرہ سے گزرے گا۔

    ادھر بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا ہے، گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پہلے ہی اونچے درجے کا سیلاب ہے، اُوچ شریف، عارف والا، پاکپتن میں مکانات اور سیکڑوں ایکڑ رقبے پر کاشت فصلیں زیر آب آ چکی ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آبادیوں کا بروقت انخلا یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے۔

    فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کا کہنا ہے کہ لاہور میں دریائے راوی اور دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بہاؤ میں مزید اضافہ ہوا ہے اور انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 95 ہزار کیو سک ہو گیا ہے۔ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، اور پانی کا بہاؤ 88 ہزار کیوسک ہو گیا ہے۔

    دریائے چناب میں بھی پانی چھوڑنے کی اطلاع


    بھارت کی طرف سے دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کی اطلاع پر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، پھالیہ میں ریسکیو 1122 ممکنہ متاثر ہونے والے دیہاتوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے تیار ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق تحصیل پھالیہ کے 22 دیہات متاثر ہونے کا خطرہ ہے، اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر جانے کے لیے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق کسانوں نے مال مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کر دیا ہے، کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، ریسکیو ٹیمیں کالا شادیاں، جوکالیاں قادر آباد سمیت متعدد مقامات پر موجود ہیں۔