Tag: مارشل آرٹ

  • بروس لی: لازوال شہرت حاصل کرنے والا مارشل آرٹ کا ماہر

    بروس لی: لازوال شہرت حاصل کرنے والا مارشل آرٹ کا ماہر

    فلمی صنعت میں کسی اداکار کی شہرت اور مقبولیت کے ساتھ اوپر تلے کام یاب فلمیں بلاشبہ اسے ایک خوش قسمت اور مایہ ناز فن کار ثابت کرتی ہیں اور عالمی سنیما میں ایسے کئی نام گنوائے جاسکتے ہیں، مگر جب بروس لی کا تذکرہ ہوگا تو یہ کہنا پڑے گا کہ وہ ان فن کاروں میں سے ایک تھا جس نے اپنی زندگی میں بھی لاکھوں دلوں پر راج کیا اور اپنی موت کے کئی برس بعد بھی مداح اسے جنون کی حد تک چاہتے ہیں۔ سنجیدہ اور پُراعتماد بروس لی نے 70 کی دہائی میں عالمی سنیما میں تہلکہ مچا دیا تھا۔

    بروس لی کی پہلی فلم بگ باس نے ایشیائی ممالک میں زبردست بزنس کیا اور حیرت انگیز طور پر ہٹ فلم ثابت ہوئی جس سے بروس لی کو غیرمعمولی شہرت ملی۔ بروس لی نے ہانگ کانگ میں 32 سال کی عمر میں موت سے قبل صرف پانچ فلموں میں کام کیا تھا جن میں سے صرف تین فلمیں ہی اس کی زندگی میں ریلیز ہو سکی تھیں۔ اس کے باوجود وہ ایک لازوال کردار اور اساطیر بنا۔

    اداکار بروس کی شادی لنڈا سے ہوئی تھی جو مارشل آرٹ میں اس کی شاگرد تھی۔ اس کے بطن سے شینن لی پیدا ہوئی جو اس جوڑے کی اکلوتی بیٹی تھی۔ شینن لی چار برس کی تھی جب اس کے والد اور مارشل آرٹ کے شہنشاہ بروس کی موت واقع ہوئی۔ 27 نومبر 1940ء کو پیدا ہونے والا بروس لی عین جوانی میں 20 جولائی 1973ء حادثاتی موت کا شکار ہوا۔ وہ ہانگ کانگ کا باسی تھا اور پھر امریکہ منتقل ہوگیا تھا جہاں اس نے ہانگ کانگ کا مارشل آرٹس بھی متعارف کروایا۔ بروس لی نے اداکاری ہی نہیں بلکہ بطور ہدایت کار اور مارشل آرٹ کے ماہر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ بروس لی نے فلم کی دنیا میں کنگ فو میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کر کے ایک نئی اور دل چسپ طرز پیدا کی۔

    بروس لی کو تعلیمی اعتبار سے ذہین نہیں سمجھا جاتا تھا اور اسے 18 سال کی عمر میں امریکہ بھیج دیا گیا۔ یونیورسٹی میں بروس لی چینی مارشل آرٹ سکھانے لگا اور شادی کے بعد وہ امریکی ریاست کیلیفورنیا منتقل ہو گیا جہاں اس نے پہلا ٹی وی سیريل ’دا گرین ہارنٹ‘ کیا۔ مارشل آرٹ کے ساتھ بروس لی کو اداکاری سے بھی عشق ہوگیا تھا اور اس کی خواہش تھی کہ وہ ہالی وڈ کی کسی فلم میں مرکزی کردار حاصل کرے، لیکن متعدد کوششوں کے بعد اسے مایوسی ہوئی اور پھر اس نے ہانگ کانگ واپسی کا فیصلہ کرلیا۔

    1973ء میں ریلیز ہونے والی فلم ”انٹر دی ڈریگن‘‘ میں کنگ فو لیجنڈ بروس لی کو آخری بار دیکھا گیا۔ اس فلم نے زبردست بزنس کیا۔ اداکار کی دیگر بہترین فلموں میں ”وے آف دا ڈریگن‘‘ اور ”فسٹ آف فیوری‘‘ شامل ہیں۔

    نوجوانی میں بروس لی کی اچانک موت پر قیاس آرائیوں کا طوفان کھڑا ہوگیا تھا۔ لوگوں کا خیال تھا کہ اس کی بے انتہا مقبولیت اور فلموں کی کام یابی سے حسد کرنے والے کسی شخص نے بروس لی کو زہر دے دیا تھا۔ اس کے علاوہ بھی کئی اور باتیں کی گئیں اور بعد میں اس کی پراسرار موت سے متعلق تحقیق بھی کی جاتی رہی۔ تاہم تفتیش کے بعد جو رپورٹ سامنے آئی وہ بتاتی ہے کہ اداکار نے اس روز پانی پینے کے بعد سر درد کی شکایت کی تھی اور ایک درد کش دوا کھانے کے دو گھنٹے بعد وہ مردہ پایا گیا۔

  • لڑکیوں کیلیے ’سیلف ڈیفنس‘ کیوں ضروری ہے؟

    لڑکیوں کیلیے ’سیلف ڈیفنس‘ کیوں ضروری ہے؟

    مرد ہوں یا خواتین موجودہ دور میں ہر شہری کو سیلف ڈیفنس کی تربیت حاصل کرنا لازمی ہے کیونکہ اس تربیت سے خود اعتمادی میں اضافہ اور مشکل حالات سے مقابلہ کرنے کی ہمت بھی پیدا ہوتی ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ماہر سلیف ڈیفنس ٹرینر زینب بروہی نے مارشل آرٹ کی اہمیت اور اس کی افادیت سے ناظرین کو آگاہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ عام طور پر خواتین کیلئے طاقتور ہونا اتنا اہم نہیں جتنا سیلف ڈیفینس کی تکنیک کو جاننا ضروری ہے کیونکہ سیلف ڈیفینس سے وہ باآسانی اپنا بچاؤ اور صورتحال کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی ہمت بھی کرسکتی ہیں۔

    زینب بروہی کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ آفس سے واپسی پر رش کے باوجود ایک شخص میرے قریب سے گزرا اور اس نے میرے جسم کو بیڈ ٹچ کرنے کو شش کی اور تیزی سے گزر گیا ایک لمحے کے لیے میرا دماغ سن ہوگیا اور میں سکتے میں رہ گئی۔

    اب میری شخصیت میں بہت اعتماد آچکا ہے، اس واقعہ نے مجھے اس قابل بنا دیا ہے کہ کسی کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کرسکتی ہوں اور اب کوئی میرے ساتھ کسی بھی قسم کی غلط حرکت کرنے کی کوشش بھی کرے تو اس سے باآسانی نمٹ سکتی ہوں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اب میں نہ صرف خود اس قابل ہوں بلکہ ایک تنظیم کے تحت 1200 لڑکیوں کو بائیک رائیڈنگ اور سیلف ڈیفنس کی تربیت بھی دے چکی ہوں۔

  • انٹلکچوئل پراپرٹی رائٹس: بروس لی کی تصویر، بیٹی نے مقدمہ دائر کردیا

    انٹلکچوئل پراپرٹی رائٹس: بروس لی کی تصویر، بیٹی نے مقدمہ دائر کردیا

    70 کی دہائی میں بروس لی کا نام سنیما کے شائقین کے لیے اہمیت اختیار کر گیا تھا۔ مداح اس کی فلم کا بے چینی سے انتظار کرتے اور اپنے محبوب اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کو بے تاب رہتے۔ مارشل آرٹ کے اس ماہر کی فلموں نے دنیا بھر میں تہلکہ مچا دیا تھا۔

    شہرت اور مقبولیت کی بلندیوں کو چھونے والے بروس لی نے مختصر عمر پائی۔ شینن کی عمر صرف چار سال تھی جب ان کے والد کا انتقال ہوا۔

    شینن اپنے والد کی اکلوتی اولاد ہیں۔ وہ امریکی شہریت رکھتی ہیں۔ شینن لی کو اداکارہ اور مارشل آرٹسٹ کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔ وہ ایک کاروباری شخصیت بھی ہیں۔

    اسی شینن لی کے حوالے سے ایک خبر یہ ہے کہ ان کے ادارے نے چین کی ایک فاسٹ فوڈ کمپنی پر مقدمہ دائر کیا ہے۔ یہ مقدمہ مارشل آرٹس کے ماہر اور فلم اسٹار بروس لی کی تصویر بغیر اجازت استعمال کرنے پر دائر کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شینن لی کے بروس لی انٹر پرائزز نے ریسٹورنٹ چین کنگ فو کیٹرنگ مینجمنٹ پر مقدمہ کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ یہ ریسٹورنٹ انٹلکچوئل پراپرٹی رائٹس کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے۔

    عدالت سے اس کے خلاف کارروائی کی درخواست کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ریسٹورنٹ کی جانب سے ادائیگی کے بغیر 15 سال تک اپنے لوگو میں عالمی شہرت یافتہ اداکار بروس لی کی تصویر استعمال کی گئی ہے۔ اس حوالے سے ریسٹورنٹ نے طریقۂ کار کے مطابق اجازت لی اور نہ ہی کوئی معاہدہ کیا جب کہ ادائیگی بھی نہیں کی گئی۔

    یہ مقدمہ چین کے انٹلکچوئل پراپرٹی رائٹس کی عدالت میں دائر کیا گیا ہے۔

  • پاکستان کے احمد حسین نے مارشل آرٹ میں ورلڈ ریکارڈ بنالیا

    پاکستان کے احمد حسین نے مارشل آرٹ میں ورلڈ ریکارڈ بنالیا

    پشاور : مارشل آرٹ کے پاکستانی ماہر نے عالمی ریکارڈ قائم کر لیا،احمد حسین نے آسٹریلیا کے مائیک فیبر کاریکارڈ توڑڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والے مارشل آرٹ کے ماہر احمد حسین نے ایک منٹ میں تین سو تین پنچز لگا کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    اس سے قبل آسٹریلوی کھلاڑی مائیک فیبر نے سال دوہزار گیارہ میں ایک منٹ میں تین سو ایک پینچز کا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا جسے پشاور کے احمد حسین نے تین سو تین پنچز لگا کر توڑا اور پنچز کے بادشاہ بن گئے ۔

    پشاور کے نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کا نام گینز بک میں شامل کرانے کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔

    خواہش ہے کہ مارشل آرٹ کے تمام ریکارڈ توڑ دوں، جس کے لئے جان توڑ محنت کررہاہوں۔

  • فلم مارکوپولو کا ٹریلر جاری کردیا گیا

    فلم مارکوپولو کا ٹریلر جاری کردیا گیا

    ٹوکیو:جاپان کی نئی فلم مارکو پولو کے ٹریلر نے آتے ہی ہر طرف دھوم مچا دی۔

    مارشل آرٹ کے دیوانے تیار ہوجائیں کیونکہ اب گولی چلے گی نہ تلوار بلکہ مقابلہ مردانہ وار ہوگا، مارکوپولو سیریز کی نئی فلم میں آپ  لالچ، دھوکہ، اور خاندانی دشمنی کی ایک ایسی دنیا دیکھ سکیں گے ،جس میں سب ایک دوسرے کی جان کے دشمن ہیں۔

    فلم تیرویں صدی میں چین کے مہم جوؤں کی کہانی ہے۔ کرائم، کرپشن ، مارشل آرٹ اور شوٹ آؤٹ کے دِل دہلا دینے والے منظر فلم کی جان ہیں۔ فلم میں چن ہان اور رک یون نمایاں کردار میں نظر آئیں گے۔