Tag: مارٹن کوبلر

  • مارٹن کوبلر جرمنی میں بھی پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے لگے

    مارٹن کوبلر جرمنی میں بھی پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے لگے

    برلن:  جرمنی کے سابق سفیر مارٹن کوبلر اپنے ملک میں بھی پاکستان کی یادوں کو زندہ رکھے ہوئے ہیں اور وہ اب بھی پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مارٹن کوبلر نےدو سال تک پاکستان کے وفاقی دارالحکومت میں بطور سفیر اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں انجام دیں، زندہ دل سفیر اس دوران پاکستان کے رنگوں میں رنگ گئے تھے۔

    سابق سفیر اب بھی پاکستان کے سحر میں مبتلا ہیں اور وہ اپنے ساتھ لے جانے والی ٹرک آرٹ سائیکل سڑکوں پر چلاتے ہیں۔ مارٹن کوبلر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر 14 جولائی کو ایک ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے ٹرک آرٹ سے بنی سائیکل کی تصاویر شیئر کیں۔

    انہوں نے لکھا کہ ’’آپ کو میری ٹرک آرٹ بائیک یاد ہے؟ میں اس پر تاریخی شہر گیا جہاں پر بہت سارے لوگوں نے پوچھا کہ میں نے یہ سائیکل کہاں سے خریدی‘‘۔ مارٹن کوبلر نے بتایا کہ میں نے لوگوں کو فخر سے بتایا کہ سائیکل پاکستان سے لایا ہوں۔

    مزید پڑھیں: ’’مارٹن کوبلر، آپ ہمیں بہت یاد آئیں گے، دل رو رہا ہے‘‘

    مارٹن کوبلر نے اب سے کچھ دیر قبل سائیکل کی مزید تصاویر شیئر کرتے ہوئے اس پر آرٹ بنانے والے پاکستانی شہری حاجی پرویز کو سراہا اور بتایا کہ جرمنی میں سب اس آرٹ کے بارے میں پوچھ رہے ہیں۔

    یاد رہے مارٹن کوبلر نے دس اگست دوہزار سترہ کو بطور سفیرپاکستان میں پیشہ وارانہ ذمہ داریاں سنبھالیں اور پاکستان کے رنگ میں رنگ گئے، مارٹن کوبلر نے پاکستانی کھانوں سے لیکر ثقافت، سیاحت اور اردو زبان کو خوب فروغ دیا، کبھی چنچی رکشہ چلایا تو کبھی سائیکل لیکن ان کی پسندیدہ سواری محبوبہ فوکسی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان ہمیشہ میرے دل میں رہے گا، جرمن سفیر مارٹن کوبلر پاکستان سے روانہ

    خیال رہے مارٹن کوبلر سفارت کاری کے شعبے میں منجھی ہوئی شخصیت مانے جاتے تھے انہوں نے کئی ممالک میں بطور سفارت کار امور انجام دیے اور وہ اقوام متحدہ کے خصوصی مشنز کے لیے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

  • ’’مارٹن کوبلر، آپ ہمیں بہت یاد آئیں گے، دل رو رہا ہے‘‘

    ’’مارٹن کوبلر، آپ ہمیں بہت یاد آئیں گے، دل رو رہا ہے‘‘

    اسلام آباد: جرمنی کے سفارت خانے میں تعینات مارٹن کوبلر کے واپس جانے پر پاکستانیوں نے انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور اُن کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن حکومت نے مارٹن کوبلر کو 10 اگست 2017 کو پاکستان میں اپنا سفارت کار تعینات کیا جس کے بعد انہوں نے اپنے منفرد انداز سے پاکستانیوں کے دلوں میں گھر کیے۔

    مارٹن کوبلر سفارت کاری کے شعبے میں منجھی ہوئی شخصیت مانے جاتے ہیں انہوں نے کئی ممالک میں بطور سفارت کار امور انجام دیے اور وہ اقوام متحدہ کے خصوصی مشنز کے لیے بھی خدمات انجام دے چکے۔

    جرمن سفیر کو پاکستانی ثقافت اور مہمان نوازی نے اس قدر متاثر کیا کہ انہوں نے اس دوران پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا بھر میں پیش کیا، بالخصوص اردو زبان میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اظہار کر کے انہوں نے بھی پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔

    جرمن سفیر گاہے بگاہے اپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کبھی بریانی کھانے تو کبھی ٹرک آرٹ یا پھر پاکستانی ثقافت سے متعلق خوبصورت تصاویر شیئر کرتے تھے جنہیں بہت زیادہ پسند کیا جاتا تھا۔

    جرمن سفیر کا الوادعی پیغام

    صدر مملکت عارف علوی نے جرمن سفارت کار کے لیے الوداعی تقریب کا اہتمام کیا اور ملاقات کر کے اُن کی خدمات کو بھی سراہا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صارفین نے مارٹن کوبلر کی واپسی پر افسوس کا اظہار کیا اور انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین بھی پیش کیا۔

    فرح جعفر نامی صارف نے مارٹن کوبلر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک شخص نے ہم سب کے دل جیت لیے‘۔

    نعمان ظفر کا کہنا تھا کہ ’مارٹن کے جانے کے بعد ہم اُن کی کمی شدت سے محسوس کریں گے کیونکہ وہ دیگر سفارت کاروں سے بہت زیادہ مختلف تھے اور انہوں نے خوبصورت تصاویر شیئر کر کے پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا بھر میں روشناس کرایا‘۔

    انجینئر عثمان اعوان کا کہنا تھا کہ ’مارٹن کوبلر نے ثقافت کو تبدیل کیا کیونکہ اُن سے پہلے ہمیں کسی بھی قسم کا کوئی آئیڈیا نہیں تھا‘۔

    محمد سعد نے جرمن سفارت کار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’مارٹن کوبلر آپ نے پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا بھر میں پیش کیا، ہم آپ کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے’۔

    فریحہ عزیز کا کہنا تھا کہ ’مارٹن کوبلر پاکستان آپ کی بہت زیادہ کمی محسوس کرے گا، اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو’۔

    سالار سلطانزئی نے ازراہ مذاق لکھا کہ ’مارٹن کوبلر کا نام ای سی ایل میں تاکہ وہ پاکستان چھوڑ کر نہ جاسکیں‘۔

    کامران زیدی نامی صارف نے لکھا کہ ’مارٹن کوبلرکے پاکستان چھوڑنے پر ہمارا دل آنسوؤں سے رو رہا ہے‘۔

    دوسری جانب مارٹن کوبلر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنا الوداعی پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستانیوں کی مہمان نوازی اور اُن کی طرف سے ملنے والی محبتوں کا شکریہ ادا کیا۔

  • جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے الوداعی ملاقات میں کس پاکستانی دوست کو گلے لگایا؟

    جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے الوداعی ملاقات میں کس پاکستانی دوست کو گلے لگایا؟

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر اپنے پاکستانی دوستوں کے ساتھ آخری ملاقاتیں کر رہے ہیں، انھوں نے خصوصی افراد سے ملاقات میں انھیں مضبوط لوگ قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کی طرف سے پاکستان میں تعینات سفیر مارٹن کوبلر کی مدت ختم ہو رہی ہے، وہ اپنے جاننے والوں اور دوستوں سے آخری ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

    مارٹن کوبلر ایک نہایت زندہ دل سفیر ثابت ہوئے ہیں، وہ جب سے پاکستان میں تعینات ہیں، مسلسل متحرک رہے اور ملک کے مشہور سیاحتی مقامات کی دل کھول کر سیر کی۔

    آج انھوں نے ایک بار پھر معذور افراد کے ساتھ ملاقات کی اور پھر اس ملاقات کی تصاویر اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پشاور کے گور کھٹڑی پارک میں تاریخی واک کا خواب پورا ہوا: جرمن سفیر

    جرمن سفیر نے کہا کہ کوئی معاشرہ اس وقت مضبوط ہوتا ہے جب وہ اپنی اقلیتوں اور خصوصی ضروریات والے افراد کے ساتھ مساوی شہری والا برتاؤ کرے۔

    انھوں نے نہایت چھوٹے قد کے اپنے دوست سید عمیر کو گلے لگاتے ہوئے کہا کہ بہت ساری چیزیں آخری بار ہوتی ہیں، جیسا کہ اپنے دوست کے آخری بار گلے لگنا۔

    مارٹن کوبلر نے سفارت خانے میں الوداعی ملاقات کے لیے اسپیشل افراد کے ادارے سے آئے ہوئے دوستوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ مارٹن کوبلر نے پشاور میں دونوں پیروں سے معذور افراد کے مرکز کا دورہ کیا تھا، انھوں نے کہا تھا کہ پیرا پلیجیک سینٹر پشاور میں یہ اپنے خصوصی صلاحتیوں کے حامل دوستوں سے ملنے کے لیے میرا آخری دورہ ہے۔

  • جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی سندھ پولیس میں خواجہ سراؤں کی ملازمت پر آئی جی سندھ کو شاباش

    جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی سندھ پولیس میں خواجہ سراؤں کی ملازمت پر آئی جی سندھ کو شاباش

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے سندھ پولیس میں خواجہ سراؤں کی ملازمت کے بڑے اقدام پر آئی جی سندھ کو شاباش دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے سندھ پولیس کا خواجہ سراؤں کو دفاعی فورس میں شامل کرنے کا فیصلہ بڑا فیصلہ قرار دیتے ہوئے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا ’شاباش ڈاکٹر کلیم۔‘

    پاکستان کے روایتی کھانوں کے انتہائی شوقین جرمن سفیر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر لکھا کہ ہر کمیونٹی کا مرکزی دھارے میں شامل ہونا بہت اہم ہے۔

    مارٹن کوبلر کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے کم زور کی حفاظت ہوگی اور یہ قدم کم زور کو با اختیار بنائے گا، خواجہ سرا معاشرے کا برابر کا حصہ ہیں، دیکھتے ہیں کہ اور کون اس طرح کا فیصلہ کرتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ پولیس کا پہلی مرتبہ خواجہ سراؤں کو ملازمت دینے کا اعلان

    خیال رہے کہ دو دن قبل آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے سندھ پولیس میں خواجہ سراؤں کو ملازمت دینے کا اعلان کر دیا تھا، انھوں نے کہا کہ سندھ پولیس میں پہلی مرتبہ خواجہ سراؤں کو ملازمت دی جا رہی ہے جو مختلف دفتری امور انجام دیں گے۔

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری سے وابستہ افراد کو سندھ پولیس میں ملازمت کے مواقع دینے کے ضمن میں اقدامات کیے جائیں گے، پولیسنگ کے معیار کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

  • جرمن سفیر ارتھ آور مناتے ہوئے کس اردو ادیب کا مطالعہ کر رہے ہیں؟

    جرمن سفیر ارتھ آور مناتے ہوئے کس اردو ادیب کا مطالعہ کر رہے ہیں؟

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات سیاحت کے بے حد شوقین جرمن سفیر مارٹن کوبلر پنجاب، خیبر پختون خوا اور بلوچستان کی سیاحت کے بعد اردو ادب کے بھی شائق نکل آئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن سفیر مارٹن کوبلر پاکستان کے تین صوبوں کے مشہور اور تاریخی مقامات کی سیاحت کر چکے ہیں، انھوں نے سیر کے دوران عام لوگوں سے تعلق رکھنے کی ایک نئی نظیر قائم کی۔

    پاکستانی کھانوں، بالخصوص بریانی، پلاؤ اور مٹن ڈشز کے شوقین مارٹن کوبلر اب اردو ادب کے بھی شوقین نکل آئے ہیں۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جرمن سفیر کی پوسٹس فالو کرنے والوں کو اس وقت حیرت ہوئی جب انھوں نے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اردو فکشن کے سب سے بڑے افسانہ نگار کی کتاب کا مطالعہ کرتے دکھائی دیے۔

    یاد رہے کہ آج دنیا بھر میں ارتھ آور منایا جا رہا ہے، جس کے تحت رات کے 8:30 سے 9:30 تک ایک گھنٹے کے لیے تمام روشنیاں بھجائی جا رہی ہیں۔

    مارٹن کوبلر نے اس حوالے سے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اندھیرے میں نظر آ رہے ہیں، اور اردو کے بڑے افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کے افسانے پڑھ رہے ہیں۔

    جرمن سفیر نے لکھا کہ انھوں نے سفارت خانے اور اپنی رہائش گاہ کی تمام غیر ضروری روشنیاں بھجا دی ہیں، کیا آپ لوگ بھی ارتھ آور منا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان میں موسمی تبدیلی سے متعلق شعور اجاگر کیا جانا بے حد ضروری ہے، اپنی زمین، اور فطرت کے بچاؤ کے لیے لائٹس بجھا دیں، اور اس طرح توانائی، پیسا اور سیارہ بچائیں۔

    خیال رہے کہ تصویر میں منٹو کی جو کلیات دکھائی دے رہی ہے، یہ خالد حسن نے اردو سے انگریزی میں ترجمہ اور ایڈٹ کی ہے۔

  • پشاور کے گور کھٹڑی پارک میں تاریخی واک کا خواب پورا ہوا: جرمن سفیر

    پشاور کے گور کھٹڑی پارک میں تاریخی واک کا خواب پورا ہوا: جرمن سفیر

    پشاور: پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے کہا ہے کہ ان کا خواب تھا کہ وہ پشاور کے گور کھٹڑی پارک میں چہل قدمی کریں، اور یہ خواب پورا ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن سفیر مارٹن کوبلر کا کہنا ہے کہ انھیں ایک بار وزیرِ اعظم عمران خان نے تجویز دی تھی کہ پشاور کے تاریخی پارک گور کھٹڑی کی سیر کروں، آج یہ خواب پورا ہو گیا ہے۔

    جرمن سفیر نے پشاور میں ایک خوب صورت فوڈ اسٹریٹ اور شان دار سیٹھی ہاؤس کا بھی نظارہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ مقامی اور بین الاقوامی سیاحت کے لیے یہ ایک پُر کشش جگہ ہے۔ انھوں ایک نان بائی جا کر اس سے گفتگو بھی کی۔

    اس سے قبل مارٹن کوبلر نے پشاور میں دونوں پیروں سے معذور افراد کے ایک مرکز کا بھی دورہ کیا، انھوں نے کہا کہ پیرا پلیجیک سینٹر پشاور میں یہ اپنے خصوصی صلاحتیوں کے حامل دوستوں سے ملنے کے لیے میرا آخری دورہ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ صنف اور نسل سے بالا تر ہر کوئی برابر ہے، یہ با صلاحیت اور محنت کرنے والے لوگ ہیں، مجھے یقین ہے کہ یہ پاکستان کو مضبوط بنائیں گے۔ مارٹن کوبلر نے معذور افراد کے ساتھ تصاویر بھی بنائیں۔

    مارٹن کوبلر نے ایک اور تقریب میں بھی شرکت کی، جہاں انھیں پشتون کیپ اور چادر اوڑھائی گئی۔

  • جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی کاغذ ساز فیکٹری کا دورہ، چنگ چی چلانے کی کوشش

    جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی کاغذ ساز فیکٹری کا دورہ، چنگ چی چلانے کی کوشش

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے وسطی پنجاب میں کاغذ بنانے والی ایک فیکٹری کا دورہ کیا اور مقامی سطح پر کاغذ بنانے کے دل چسپ عمل کا مشاہدہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں میں گھومنے اور ٹویٹر اکاؤنٹ پر مستقل طور پر اپنی سرگرمیوں کی تصاویر اپ لوڈ کرنے کے لیے مشہور جرمن سفیر نے اس بار ایک مقامی پیپر مل کا دورہ کیا۔

    مارٹن کوبلر پیپر مل میں جرمن مشینری دیکھ کر حیران رہ گئے، کہنے لگے کہ انھیں بہت اچھا لگا اپنے ملک کی مشینری دیکھ کر۔

    جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ پیپر مل میں بے کار کاغذوں کا ایک ڈھیر دیکھا جو ری سائیکل ہو کر پھر سے کارآمد کاغذ میں تبدیل کیا جا رہا تھا جسے دیکھ کر خوشی ہوئی، کیوں کہ کچرے کی ری سائیکلنگ صاف اور محفوظ ماحول کے لیے بہت ضروری ہے۔

    مارٹن کوبلر نے ایک چنگ چی کی تصویر بھی اپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ کی ہے، جسے وہ چلانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے چنگ چی اسٹارٹ ہی نہیں ہو سکی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ٹرک آرٹ پر مبنی ویسپا تیار ہو گئی، برلن کی سڑکوں پر چلاؤں گا: جرمن سفیر

    دوسری طرف مارٹن کوبلر نے چک 44 پنجاب میں رہایش پذیر ایک ایسے خاندان کی تصویر بھی شیئر کی ہے جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ پنجاب میں ان کا دوسرا گھر ہے۔

    جرمن سفیر نے لکھا کہ اپنے اس دوسرے خاندان سے ملنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے، اپنے کبوتر اور بھینسے یاد آئیں گے، اس خاندان نے ہمیشہ شان دار مہمان نوازی دکھائی۔

  • جرمن حکومت نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا: گورنر پنجاب

    جرمن حکومت نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا: گورنر پنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا ہے کہ جرمن حکومت نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، سفیر مارٹن کوبلر نے بتایا یہ ان کا دورہ لاہور آخری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے بتایا یہ ان کا لاہور کا آخری دورہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مارٹن کوبلر کی آئندہ زندگی کے لیے نیک خواہشات ہیں، جرمن حکومت نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

    چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس حاصل کرنے کے لیے جرمن پارلیمنٹ نے ہماری مدد کی، آج پاکستان کو سنگین مسائل اور بحرانوں کا سامنا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ احتساب اور میرٹ کے بغیر جمہوریت کا کوئی مطلب نہیں ہے۔

    پاکستانی عوام کرکٹ سے محبت کرتے ہیں: جرمن سفیر

    خیال رہے کہ جرمن سفیر مارٹن پاکستانی کھانوں کے بھی شیدائی ہیں، جبکہ گذشتہ دنوں پاکستان سپر لیگ پر تبصرہ کرتے ہوئے جرمن سفیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ ’’واہ! پی ایس ایل فائنل، کیا گیم تھا۔‘‘

    مارٹن کوبلر نے جیت پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، سرفراز، بلوچستان اور پاکستان کو مبارکباد پیش کی تھی، انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پرجوش شائقین، بھرااسٹیڈیم دیکھ کر اندازہ ہوا کہ واقعی پاکستانی کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔

  • واہ ! پی ایس ایل فائنل کیا گیم تھا‘ جرمن سفیر

    واہ ! پی ایس ایل فائنل کیا گیم تھا‘ جرمن سفیر

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل لوگوں اور ملک کے لیے ایک صحت مند سرگرمی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ واہ ! پی ایس ایل فائنل کیا گیم تھا۔

    مارٹن کوبلر نے پی ایس ایل فائنل میں جیت پرکوئٹہ گلیڈی ایٹرز،سرفرازاحمد ، بلوچستان اور پاکستان کو مبارکبا دی۔


    جرمن سفیر نے کہا کہ پُرجوش شائقین،بھرا اسٹیڈیم، پاکستانی کرکٹ سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، پی ایس ایل لوگوں اور ملک کے لیے ایک صحت مند سرگرمی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل فائنل میں پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلی بار پی ایس ایل ٹائٹل جیت لیا

    پی ایس ایل فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے 139 رنز کا ہدف دیا جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 18 ویں اوور میں حاصل کرلیا تھا۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 3، ڈیوین براوو نے 2، محمد نواز اور فواد احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

  • ٹرک آرٹ پر مبنی ویسپا تیار ہو گئی، برلن کی سڑکوں پر چلاؤں گا: جرمن سفیر

    ٹرک آرٹ پر مبنی ویسپا تیار ہو گئی، برلن کی سڑکوں پر چلاؤں گا: جرمن سفیر

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی ویسپا پر پاکستان کا روایتی ٹرک آرٹ مکمل ہو گیا ہے، ٹرک آرٹ کے لیے جرمن سفیر نے اپنے ایک مقامی کاریگر دوست سے رابطہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن سفیر مارٹن کی ویسپا موٹر سائیکل پر پاکستانی ٹرک آرٹ کے کاریگروں رئیس اور جاحی پرویز نے اپنی مہارت دکھائی، جرمن سفیر نے ویسپا پر کام مکمل ہونے کے بعد دونوں کا شکریہ ادا کیا۔

    جرمن سفیر نے ٹویٹر پر اپنی پوسٹ میں ویسپا موٹر سائیکل اور دونوں پاکستانی کاریگروں کے ساتھ تصویریں بھی شیئر کیں۔

    مارٹن کوبلر نے لکھا کہ ان کی ویسپا تیار ہو کر آگئی ہے، اور اب وہ خوب صورت موسم بہار میں ویسپا پر اپنے پہلے سفر سے لطف اندوز ہوں گے۔

    جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ وہ جرمن شہر برلن کی سڑکوں پر اپنی فیملی کے ساتھ رنگین ویسپا چلانے کا مزا لیں گے۔

    خیال رہے کہ جرمن سفیر نے جرمنی میں اپنے گھر کے لیے فرنیچر مارکیٹ سے ایک کلاسک روایتی پرانا دروازہ بھی خریدا ہے۔ مارٹن کا کہنا تھا کہ یہ دروازہ انھوں نے اپنے دوست بختیار سے خریدا۔ خیال رہے کہ جرمن سفیر پاکستان میں عام شہریوں کے ساتھ بھی دوستانہ رویہ رکھنے کے لیے مشہور ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  جرمن سفیر نے اپنی موٹر سائیکل پر “ٹرک آرٹ” بنوا لیا

    نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے کے حوالے سے جرمن سفیر نے کہا ہے واقعے کا سن کر دھچکا لگا، اموات پر غم زدہ ہوں۔ تشدد اور دہشت گردی کہیں بھی قابل قبول نہیں۔ میری دعائیں غم گین خاندانوں کے ساتھ ہیں۔