Tag: مارکیٹ

  • امریکی دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے، بھارت

    امریکی دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے، بھارت

    نئی دہلی(30 اگست 2025): بھارت کے وزیر تجارت پیوش گوئل نے کہا ہے کہ بھارت امریکی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا اس کے بجائے مارکیٹ کو اپنی طرف متوجہ کرنے پر توجہ دے گا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارتی اشیا پر 50 فیصد کے سخت محصولات عائد کیے جانے کے بعد پہلی بار بیان جاری کیا ہے جس میں بھارتی وزیر نے کہا ہے کہ بھارت امریکی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا۔

    جمعہ کو نئی دہلی میں ایک تعمیراتی صنعت کے ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے پیوش گوئل نے کہا کہ اگر کوئی ہمارے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کرنا چاہتا ہے تو بھارت اس کیلئے ہمیشہ تیار ہے لیکن انہوں نے مزید کہا کہ بھارت "نہ تو کبھی جھکے گا اور نہ ہی کبھی کمزور نظر آئے گا، ہم ساتھ مل کر آگے بڑھیں گے اور نئی مارکیٹیں حاصل کریں گے۔”

    اس سال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں واپسی کے بعد سے محصولات کو ایک وسیع پیمانے پر پالیسی ٹول کے طور پر استعمال کیا ہے، جس سے عالمی تجارت متاثر ہوئی ہے۔

    ٹرمپ کے تازہ ترین محصولات نے امریکا اور بھارت کے تعلقات کو کشیدہ کر دیا ہے، جبکہ نئی دہلی نے پہلے ہی ان محصولات کو "غیر منصفانہ، ناجائز اور غیر معقول” قرار دیا تھا۔

    2024 میں امریکا بھارت کا سب سے بڑا برآمدی مقام تھا، جس کی برآمدات کی مالیت 87.3 بلین ڈالر تھی، ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 50 فیصد ڈیوٹی ایک تجارتی پابندی کے مترادف ہے اور اس سے چھوٹی فرموں کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/us-begins-50-tariff-on-india/

  • پنجاب میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی ختم

    پنجاب میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی ختم

    لاہور: صوبہ پنجاب میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی ختم کردی گئی، فیصلہ توانائی بحران کے پیش نظر کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی ختم کردی۔

    مذکورہ فیصلہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی تاجر رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ مارکیٹیں اتوار کے روز بھی کھلیں گی۔

    خیال رہے کہ پنجاب میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کا فیصلہ توانائی بحران کے پیش نظر کیا گیا تھا۔

    گزشتہ ماہ پنجاب بھر میں بازار جلد کھولنے اور رات 9 بجے بند کرنے کا فیصلہ تاجروں سے مشاورت کے بعد کیا گیا تھا۔

  • بازاروں کو مرحلہ وار کھولا جائے گا: وزیر اعلیٰ پنجاب

    بازاروں کو مرحلہ وار کھولا جائے گا: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مرحلہ وار کاروبار کی اجازت کے لیے ایس او پیز تیار کر لیے گئے، صنعتکار و تاجر برادری کو عمل کرنا ہوگا۔ بازاروں کو مرحلہ وار کھولا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اپٹما کے سربراہ کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجروں کی ملاقات ہوئی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صنعتکاروں اور تاجروں کے لیے مزید آسانیاں پیدا کرے گی، کاروبار چلنے سے ہی عام آدمی کو روزگار ملے گا، کرونا کے باعث سب سے زیادہ مشکلات کا شکار عام آدمی ہے، ہمارا مقصد عام آدمی کی مشکلات کا ازالہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار کاروبار کی اجازت کے لیے ایس او پیز تیار کر لیے گئے، صنعتکار و تاجر برادری کو وضع کردہ ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انڈسٹری کو بند کر دیا جائے گا، روڈ سیکٹر اور بلڈنگ کے علاوہ دیگر انڈسٹری کھولنے کی اجازت دیں گے۔ سفارشات تیار کر کے وفاقی حکومت کو پیش کردی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آئرن اینڈ اسٹیل انڈسٹری اور ہوم اپلائنسز انڈسٹری کھولنے کی تجویز دی، بازاروں کو مرحلہ وار کھولا جائے گا۔ صوبائی وزیر صنعت کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

  • سندھ میں دکانیں اور بازار کھولنے کے لیے حکمت عملی مرتب

    سندھ میں دکانیں اور بازار کھولنے کے لیے حکمت عملی مرتب

    کراچی: سندھ حکومت نے تاجر رہنماؤں کی مشاورت سے دکانیں اور بازار کھولنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرلی، بازار اور دکانیں دن میں 8 گھنٹے کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے دکانیں اور بازار کھولنے کے لیے پلان طے کرلیا، پلان سندھ حکومت نے تاجر رہنماؤں کی مشاورت سے مرتب کیا۔ پلان پر عملدر آمد وزیر اعلیٰ سندھ کی اجازت سے مشروط ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے تجارتی مراکز اور دکانیں کھولنے کے لیے 13 شعبوں کا تعین کیا گیا ہے، کاروبار کی نوعیت کے لحاظ سے 13 سیکٹرز 3، 3 درجوں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ہر درجے میں شامل شعبہ ہفتے میں 2 روز کھولا جائے گا، پہلے اور دوسرے درجے میں 4، 4 اور تیسرے میں 5 شعبے شامل ہیں، بازار اور دکانیں دن میں 8 گھنٹے کے لیے کھولی جائیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مرغی، گوشت کی دکانیں اور بیکریاں ہفتے میں 2 روز بند رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ دودھ، سبزی، پھل کی دکانوں اور میڈیکل اسٹور کو پورا ہفتے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق بازار کی دکانیں کھولنے کے لیے ایس او پی بدھ تک تیار کر لیا جائے گا۔ سندھ حکومت عید شاپنگ کے لیے 15 رمضان کے بعد مزید نرمی کرے گی، عید شاپنگ کے لیے نرمی انتظامیہ سے تعاون اور ایس او پی پر عملدر آمد سے مشروط ہوگی۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے بھی جلد نرمی کا اعلان کیا جائے گا۔

  • سعودی عرب: حکام قیمتوں کی نگرانی کے لیے مستعد

    سعودی عرب: حکام قیمتوں کی نگرانی کے لیے مستعد

    ریاض: سعودی وزرات تجارت مارکیٹس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے مستعد ہے اور وزارت کی ٹیمیں باقاعدگی سے مارکیٹس کے دورے کر رہی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تجارت کی ٹیموں نے مارکیٹوں میں ہر قسم کے اسٹاک کی موجودگی اور فراوانی کو مستحکم بنانے کے لیے مختلف علاقوں کے دورے کیے، ٹیمز نے مارکیٹوں میں موجود کھانے پینے اور دیگر مصنوعات کے اسٹاک کے معیار کی جانچ پڑتال کی ہے۔

    معائنہ ٹیموں نے گذشتہ روز کرفیو کی پابندیوں سے مستثنیٰ دکانوں کے دورے کر کے وہاں پر موجود اشیائے خورد و نوش کا معیار اور وافر موجودگی کو یقینی بنائے رکھنے کے لیے یہ اقدام کیا۔

    وزارت تجارت کی ٹیمیں اپنے عہدیداروں کے ہمراہ مختلف علاقوں کے دورے کر کے کرونا وائرس کے خلاف لاک ڈاؤن کے دوران مارکیٹوں کی ہر قسم کی خدمات کے تسلسل کی نگرانی کر رہی ہیں۔

    عہدیداروں نے ہائپر مارکیٹوں کے علاوہ، پھلوں اور سبزیوں کی دکانوں، کھانے پینے کے سامان کی دکانوں، بیکریوں، گوشت اور مچھلی کی دکانوں کے علاوہ گیس اسٹیشنوں کے بھی دورے کیے۔

    ان دوروں کا مقصد مارکیٹ میں اشیا کی دستیابی کے ساتھ ساتھ قیمتوں کو مستحکم رکھنا بھی ہے، وزارت تجارت کی ٹیموں نے ایک دن میں 27 مقامات کے دورے کر کے مختلف اقسام کی اشیا کا معائنہ کیا۔

    یہ خصوصی ٹیمیں جدید ترین پرائس مانیٹرنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے خورد و نوش کے علاوہ دیگر اہم اشیا کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کر رہی ہیں۔

  • مہنگائی کا خدشہ: سعودی حکام 24 گھنٹے بازاروں کی نگرانی کرنے لگے

    مہنگائی کا خدشہ: سعودی حکام 24 گھنٹے بازاروں کی نگرانی کرنے لگے

    ریاض: کرونا وائرس کے پیش نظر تاجروں کی جانب سے اشیائے ضرورت کی قیمتیں بڑھائے جانے کے خدشے کے تحت، وزیر تجارت اور وزارت کی ٹیمیں مختلف بازاروں کے دورے کر رہی ہیں، وزارت کی ٹیمیں 24 گھنٹے قیمتوں کی نگرانی کر رہی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر تجارت ماجد القصبی نے منگل کو اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ مارکیٹوں کا دورہ کر کے اشیائے ضرورت کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

    سعودی وزیر تجارت نے خبردار کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر عوام میں ضرورت کی اشیا خریدنے کا بڑھتا ہوا رجحان دیکھ کر سامان کی قیمتیں بڑھانے یا سامان نہ ہونے کا بہانہ کر کے صارفین کو پریشان کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ایسے ہر تاجر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    وزیر تجارت نے صارفین کو اطمینان دلایا ہے کہ سعودی عرب میں ضرورت کی تمام اشیا وافر مقدار میں موجود ہیں، حد سے زیادہ اشیا خریدنے کے چکر میں نہ پڑیں۔ قیمتوں کی نگرانی 24 گھنٹے کی جارہی ہے۔

    انہوں نے مختلف بازاروں اور تجارتی مراکز میں ضرورت کی اشیا کی وافر مقدار میں موجودگی پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اشیا کے نرخوں میں ٹھہراؤ ہے، کسی کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت تجارت کے افسران نے تقریباً تمام علاقوں میں اب تک 4 ہزار سے زائد مارکیٹس کے تفتیشی دورے کیے ہیں۔

    وزارت کی ٹیمیں مملکت کے مختلف علاقوں میں 24 گھنٹے ڈیوٹی پر ہیں جو خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی تاجر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتیں گی۔

  • سعودی عرب: ضرورت سے زیادہ سامان خریدنے اور ذخیرہ کرنے والے ہوشیار!

    سعودی عرب: ضرورت سے زیادہ سامان خریدنے اور ذخیرہ کرنے والے ہوشیار!

    ریاض: سعودی حکام نے خبردار کیا ہے کہ مارکیٹ میں ضرورت سے زیادہ سامان خریدنے اور ذخیرہ کرنے پر جرمانہ اور قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی پبلک پراسیکیوشن نے خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی ضرورت سے زیادہ سامان نہ خریدے۔

    پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ عام افراد اپنی اور اہلخانہ کی ضروریات اور تاجر حضرات اپنی تجارتی ضروریات سے بڑھ کر سامان خریدنے سے گریز کریں وگرنہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    پبلک پراسیکیوشن نے وارننگ دی ہے کہ اگر کوئی شخص اپنی اور اہلخانہ کی ضروریات یا تاجر اپنی تجارتی حد سے بڑھ کر سامان اسٹاک کریں گے تو ان پر جرمانہ ہوگا، موجودہ حالات میں حد سے زیادہ سامان خریدنے والے ضرورت مندوں کو مشکل میں ڈال دیں گے۔

    اس حوالے سے حکام نے اس جرم پر سخت سزا مقرر کی ہے، 5 لاکھ ریال تک جرمانہ یا 2 برس تک قید یا دونوں سزائیں بیک وقت دی جاسکتی ہیں۔

    پبلک پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ اگر کسی فرد یا تاجر کی خریداری سے کسی انسان یا جانور کی صحت کو نقصان ہو رہا ہو تو ایسی صورت میں جرمانے کی حد 10 لاکھ ریال تک ہوگی جبکہ 3 برس تک قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

    علاوہ ازیں مخصوص حالات میں دونو ں سزائیں بیک وقت بھی دی جاسکتی ہیں۔

  • گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت میں معمولی اضافہ

    گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت میں معمولی اضافہ

    کراچی: گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران ڈالر کی قیمت میں 51 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 158.95 روپے ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، انٹر بینک میں ڈالر 51 پیسے مہنگا ہوا جس کے بعد ہفتے کے آخری روز انٹر بینک میں ڈالر 158.44 روپے سے بڑھ کر 158.95 روپے پر بند ہوا۔

    ایک ہفتے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 10 پیسے سستا ہوا، اوپن ایکسچینج میں ڈالر 159.50 سے کم ہو کر 159.40 روپے کا ہوگیا۔

    گزشتہ ہفتے پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول پر بڑھتی کشیدگی کی وجہ سے اسٹاک ایکسچینج میں بھی مسلسل 7 ٹریڈنگ سیشن میں مندی دیکھی گئی۔

    ایک ہفتے کے دوران 100 انڈیکس میں 664 پوائنٹس کی کمی ہوئی، 100 انڈیکس مسسلسل فروخت کے دباؤ پر 29 ہزار کی اہم سطح بھی برقرار نہیں رکھ سکا۔ ایک ہفتے میں 100 انڈیکس 5 سال کی کم ترین سطح 28 ہزار 7 سو 65 کی سطح پر بند ہوا۔

    گزشتہ ہفتے میں مارکیٹ کپیٹلائزیشن میں بھی 105 ارب روپے کی کمی واقع ہوئی، گزشتہ ہفتے میں مارکیٹ کپیٹلائزیشن 6020 ارب سے کم ہو کر 5916 ارب روپے رہ گئی۔

  • نائیجیریا:‌ مسجد اور مارکیٹ میں خودکش دھماکے، 60 افراد جاں بحق

    نائیجیریا:‌ مسجد اور مارکیٹ میں خودکش دھماکے، 60 افراد جاں بحق

    ابوجا: نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقے میں مسجد اور مارکیٹ میں 2 خودکش بم دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 60 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کی ریاست ایداموا میں واقع علاقے موبی بور میں 2 خودکش حملہ آوروں نے مسجد اور مارکیٹ کو نشانہ بنایا جس کے بعد ہر طرف انسانی لاشوں کے ڈھیر پھیل گئے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ’مسجد میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 24 نمازی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے جن کی ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ شمالی دوسرا دھماکا مارکیٹ میں ہوا جس میں 30 سے زائد افراد کے مرنے کی تصدیق ہوچکی‘۔

    نائیجیریا میڈیا کے مطابق پہلا دھماکا شمالی مشرقی علاقے یولا سے 200 کلومیٹر دور واقع شہر موبی میں ہوا جس میں مسجد کو نشانہ بنایا گیا جب کہ دوسرے بمبار نے خود کو قریبی مارکیٹ میں دھماکے سے اڑایا جہاں عوام بڑی تعداد میں موجود تھے۔

    عرب میڈیا سے عینی شاہدین نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نوعمر لڑکا جیکٹ پہن کر  ظہر کی نماز کے وقت مسجد میں داخل ہوا اور چند ہی لمحوں میں بعد زوردار دھماکا ہوگیا جس کے بعدہرطرف دھواں بھر گیا اور چھت اڑ گئی۔

    مسجد میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری تھی کہ اچانک دوسرے دھماکے کی زور دار آواز سنائی دی، انتظامیہ نے اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی جبکہ تمام متاثرہ افراد کو اسپتال منتقل کردیا۔

    حکام کے مطابق دھماکوں کی ذمہ داری تاحال کسی دہشت گرد تنظیم نے قبول نہیں کی۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 100 سے زائد زخمیوں کی حالت بہت زیادہ تشویشناک ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 100 انڈیکس میں 207 پوائنٹس کا اضافہ

    اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 100 انڈیکس میں 207 پوائنٹس کا اضافہ

    اسلام آباد / کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئی اور 100 انڈیکس 207 پوائنٹس اضافے کے بعد 43 ہزار 6 سو 18 پر بند ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے یعنی منگل کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز ہوا تو ملا جلا رجحان سامنے آیا تاہم اس کے بعد سرمایہ کاروں نے حصص کی لین دین میں دلچسپی ظاہر کی اور انڈیکس میں تیزی ہوئی۔

    ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس کم سے کم 43 ہزار 354 پوائنٹس جبکہ تیزی کے دوران 43ہزار 707 پوائنٹس کی حد تک پہنچا، پہلے سیشن میں کاروبار درمیانہ رہا تاہم دوسرے سیشن میں یک دم مارکیٹ میں تیزی ہوئی جو مارکیٹ بند ہونے تک جاری رہی اور اس طرح انڈیکس 207 پوائنٹس اضافے کے بعد 43 ہزار 6 سو 18 پر بند ہوا۔

    اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 100 انڈیکس میں 84 پوائنٹس کا اضافہ

    کاروبار کے دوران مجموعی طور پر کیمیکل کے شعبے میں سب سے زیادہ 2 کروڑ 79 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا، جبکہ بینکنگ اور مواصلات کے شعبے بھی بالترتیب ایک کروڑ 72 لاکھ اور ایک کروڑ 34 لاکھ شیئرز کے کاروبار کے ساتھ نمایاں رہے۔

    تجزیہ کاروں کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک کے شمالی حصے میں سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سیمنٹ کے شعبے میں بھی بڑی تعداد میں شیئرز کا لین دین ہوا۔

    نوازشریف کے ہٹنے کے اگلے روز اسٹاک مارکیٹ میں نمایاں تیزی

    معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں 5 سے 7 فیصد اضافے پر غور کی وجہ سے گیس کے شعبے میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔