Tag: مارک زکر برگ

  • مودی کی جماعت بی جے پی 2024 میں الیکشن ہار گئی تھی، مارک زکر برگ کا دعویٰ

    مودی کی جماعت بی جے پی 2024 میں الیکشن ہار گئی تھی، مارک زکر برگ کا دعویٰ

    مارک زکر برگ نے گزشتہ سال بھارت میں ہونے والے انتخابات میں بی جے پی کی ناکامی کا دعویٰ کر کے مودی حکومت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم میٹا کے مالک مارک زکربرگ نے 2024 میں کئی ممالک کے انتخابی نتائج کو مشکوک بنا دیا ہے اور ان میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار ملک بھارت کا نام بھی شامل ہے۔

    جو روگن کے ساتھ ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو میں مارک زکر برگ نے کہا کہ 2024 میں دنیا کے کئی ممالک میں انتخابات ہوئے جن میں بھارت بھی شامل ہے، جہاں برسر اقتدار حکمران بنیادی طور پر الیکشن ہار گئے تھے۔

    ان کے اس بیان پر بھارت میں ہلچل مچ گئی ہے اور بھارتی وزیر اشونی ویشنو نے لوک سبھا کے انتخابات پر مارک زکر برگ کے دعوے کو غلط قرار دے دیا ہے۔

    اشونی ویشنو نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے طور پر انڈیا نے 640 ملین سے زیادہ ووٹروں کے ساتھ 2024 کے انتخابات کرائے۔ انڈیا کے لوگوں نے وزیر اعظم مودی کی قیادت میں این ڈی اے پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔‘

    واضح رہے کہ نریندر مودی گزشتہ سال ہونے والے لوک سبھا کے الیکشن میں کامیابی کے بعد مسلسل تیسری بار بھارت کے وزیر اعظم بنے ہیں۔

  • مارک زکربرگ کو بچوں کے آن لائن استحصال پر معافی مانگنی پڑ گئی، عجیب رد عمل کی ویڈیو وائرل

    مارک زکربرگ کو بچوں کے آن لائن استحصال پر معافی مانگنی پڑ گئی، عجیب رد عمل کی ویڈیو وائرل

    واشنگٹن: میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے سینیٹ کی تند و تیز سماعت میں آن لائن استحصال کے متاثرین کے والدین سے معافی مانگ لی، تاہم سینیٹر جوش ہالے نے جب ان سے معافی کے لیے پوچھا تو مارک زکربرگ نے عجیب رد عمل ظاہر کیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز میٹا کے مالک مارک زکربرگ کو بچوں کے جنسی استحصال پر کانگریس کے سامنے معافی مانگنا پڑ گئی، سینیٹ کمیٹی کی سماعت کے دوران سوشل میڈیا پر جنسی استحصال کا شکار ہونے والے بچوں کی ویڈیوز چلائی گئیں۔

    سینیٹر جوش ہالے نے مارک زکربرگ سے استفسار کیا کہ اس پر آپ کیا کہیں گے؟ ان لوگوں کے ساتھ آپ نے جو کیا؟ اس پر معافی مانگیں گے؟ کیا سوشل میڈیا پر بدسلوکی کا سامنا کرنے والوں کو معاوضہ ملنا چاہیے؟ کیا آپ نے اس پر کسی ملازم کو نوکری سے نکالا؟

    تاہم مارک زکربرگ نے اس پر عجیب رد عمل ظاہر کیا، اور لگ رہا تھا کہ وہ نہ چاہتے ہوئے ایسا کر رہے ہیں، انھوں نے کھڑے ہو کر ہال میں موجود والدین کی طرف رخ کر کے کہا آپ کے خاندانوں نے جو سہا اس سے کسی کو بھی گزرنے کی ضرورت نہیں، مجھ کو ہر اس چیز کے لیے افسوس ہے جس سے آپ گزرے ہیں۔

    مارک زکر برگ نے کہا بدسلوکی کے تدارک کے لیے ہم نے بھاری سرمایہ کاری کی ہے، اور اسے صنعتی سطح پر ممکن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کسی سے بدسلوکی نہ ہو۔

    چیئرمین کمیٹی سینٹر ڈک ڈربن نے کہا اعتماد اور تحفظ سے متعلق مناسب سرمایہ کاری کرنے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ناکام رہے ہیں، منافع کے حصول نے ہمارے بچوں اور نواسوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے، سوشل میڈیا کمپنیاں جس طرح ڈیزائن اور آپریٹ کر رہی ہیں وہ خطرناک ہے۔

    سینیٹر لنزے گراہم نے کہا سوشل میڈیا کمپنیاں زندگیوں کو تباہ کر رہی ہیں، یہ کمپنیاں جمہوریت کے لیے خطرہ ہیں، ان کمپنیوں کو لگام ڈالنے کی ضرورت ہے ورنہ بد ترین صورت حال ابھی باقی ہے۔ انھوں نے مارک زکر برگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’مسٹر برگ میں جانتا ہوں کہ آپ یہ نہیں چاہتے لیکن آپ کے ہاتھوں پر خون ہے، آپ کے پاس ایک ایسی پروڈکٹ ہے جو لوگوں کو مار رہی ہے۔‘‘

  • مارک زکر برگ کی 10 ارب ڈالر کی سلیفی، انٹرنیٹ صارفین اس پر میمز کیوں بنانے لگے؟

    مارک زکر برگ کی 10 ارب ڈالر کی سلیفی، انٹرنیٹ صارفین اس پر میمز کیوں بنانے لگے؟

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا (فیس بک) کے بانی مارک زکر برگ نے گرافکس سے تیار کردہ اپنی سیلفی پوسٹ کی جو انٹرنیٹ پر مذاق کا نشانہ بن گئی، لوگوں نے کہا کہ 10 ارب ڈالرز خرچ کیے جانے کے بعد ایسی سیلفی مذاق لگتی ہے۔

    میٹا (فیس بک) نے حال ہی میں ہورائزن ورلڈز نامی گیم کو میٹاورس پلیٹ فارم سے مزید 2 ممالک میں متعارف کروایا ہے، برطانیہ، امریکا اور کینیڈا کے بعد فرانس اور اسپین میں اس گیم کو متعارف کرانے کا اعلان مارک زکر برگ نے اپنی ایک ڈیجیٹل اوتار کی سیلفی پوسٹ کرتے ہوئے کیا۔

    یہ سیلفی سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوئی اور میٹا کے نئے پلیٹ فارم کی بجائے بیشتر افراد کمپنی کے سی ای او مارک زکر برگ کی میٹاورس سیلفی پر بات کرتے رہے۔

    اس سیلفی میں مارک زکربرگ کا ڈیجیٹل اوتار پیرس کے ایفل ٹاور کے سامنے کھڑا ہے۔

    مگر سوشل میڈیا صارفین نے اس تصویر کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ ایک کمپنی جس نے میٹا ورس کے لیے اپنا نام میٹا رکھ دیا، یہ تصویر مذاق لگتی ہے۔

    کچھ افراد نے کہا کہ مارک زکر برگ کی سیلفی مستقبل کے میٹا ورس کی تشکیل میں میٹا کی ناکامی کی علامت ہے حالانکہ گزشتہ سال کمپنی نے اس مقصد کے لیے 10 ارب ڈالرز خرچ کیے۔

    بیشتر افراد نے اس ڈیزائن کا موازنہ 1990 کی دہائی کے گرافکس سے کرتے ہوئے کہا کہ سیلفی میں مارک زکر برگ کا انداز بچگانہ ہے۔

    شاید مارک زکر برگ نے بھی اس تنقید اور میمز کو دیکھ لیا تھا اور اسی وجہ سے اہم اپ ڈیٹس بشمول نئے اوتار گرافکس کو جلد متعارف کروانے کا اعلان کیا، فیس بک اور انسٹاگرام پر مارک زکر برگ نے زیادہ بہتر اواتار کی تصویر بھی پوسٹ کی۔

    انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ میں جانتا ہوں کہ حال ہی میں جو تصویر میں نے پوسٹ کی وہ بہت سادہ تھی، وہ ایک لانچ کے لیے جلد بازی میں لی گئی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ ہورائزن ورلڈ کے گرافکس بہت کچھ کرنے کی قابلیت رکھتے ہیں اور ان کو بہت تیزی سے بہتر کیا جائے گا۔

  • میٹا اسمارٹ واچ جو تصاویر اور ویڈیوز لے سکے گی

    میٹا اسمارٹ واچ جو تصاویر اور ویڈیوز لے سکے گی

    مارک زکر برگ کی کمپنی میٹا (پرانا نام فیس بک) ایسی اسمارٹ واچ تیار کررہی ہے جو تصاویر اور ویڈیوز لینے کی صلاحیت رکھتی ہوگی۔

    بلومبرگ کی رپورٹ میں میٹا اسمارٹ واچ کی ایک تصویر لیک کی گئی ہے جس میں یہ ڈیوائس ایپل واچ سے ملتی جلتی نظر آتی ہے، میٹا واچ میں ڈسپلے پر نوچ میں ایک کیمرا موجود ہے۔

    ایپ ڈویلپر اسٹیو موسر نے یہ تصویر کمپنی کی اس ایپ میں دریافت کی جو رے بین اسٹوریز اے آر سن گلاسز کو کنٹرول کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ اس سے یہ عندیہ بھی ملتا ہے کہ اسی ایپ کو مستقبل میں یہ نئی اسمارٹ واچ کنٹرول کرنے کے لیے بھی استعمال ہوسکے گی۔

    راؤنڈ کارنر اور ایک کیمرے کے علاوہ یہ اسمارٹ واچ اسٹین لیس اسٹیل کیسنگ اور ڈی اٹیچ ایبل اسٹریپ سے لیس نظر آتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایپ کے کوڈ سے عندیہ ملا ہے کہ اس ڈیوائس کو میلان کا نام دیا جاسکتا ہے، جس سے ویڈیوز اور تصاویر لی جاسکیں گی جن کو کسی فون میں ڈاؤن لوڈ کیا جاسکے گا۔

    بلومبرگ نے بتایا کہ میٹا کو توقع ہے کہ ایک اسمارٹ واچ 2022 تک متعارف کرائی جاسکتی ہے مگر ابھی سب کچھ طے نہیں ہوسکا ہے۔

    مختلف رپورٹس کے مطابق فیس بک کی سرپرست کمپنی کی جانب سے پہلے ہی پراڈکٹ کی 3 جنریشن پر کام کیا جارہا ہے جن کو مختلف اوقات میں ریلیز کیا جائے گا۔

    ابھی یہ بھی واضح نہیں کہ لیک تصویر ان میں سے کسی ایک اسمارٹ واچ کی ہے یا اسے لانچ بھی کیا جائے گا یا نہیں۔

  • فیس بک کا  ڈیٹنگ سروس  آپشن اور کلیئر ہسٹری‘ ٹول  کا اعلان

    فیس بک کا ڈیٹنگ سروس آپشن اور کلیئر ہسٹری‘ ٹول کا اعلان

    سان فرانسسکو : ڈیٹا کو محفوظ بنانے کیلئے فیس بک کا بڑا اقدام کرتے ہوئے ’کلیئر ہسٹری‘ کا آپشن متعارف کرادیا اور ساتھ ہی ڈیٹنگ سروس کا آپشن بھی اعلان کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیٹا اسکینڈل کے بعد فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے سالانہ ایف 8 ڈویلپرز کانفرنس میں ڈیٹنگ سروس کے آپشن کا اعلان  کرتے ہوئے کہا کہ  فیس بک کا بنیادی مقصد ہی سماجی رابطوں میں اضافہ ہے لہٰذا ڈیٹنگ فیچر کمپنی کے لیے نہایت ضروی ہے۔

    مارک زکر برگ کا کہنا تھا کہ  یہ سروس وقتی تعلقات کیلئے نہیں بلکہ طویل مدتی تعلقات قائم کرنے کیلئے ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ فیس بک پر تقریباً 20 کروڑ لوگ ایسے ہیں جن کی ازدواجی حیثیت غیرشادی شدہ ہے ، لہٰذا ڈیٹنگ فیچر شریک حیات تلاش کرنے میں ان کی مدد کرے گا۔

    ڈیٹنگ فیچر متعارف کرانے کے اعلان کے بعد دیگر ڈیٹنگ ایپس کے شیئرز میں  کمی واقع ہوئی۔

    صارفین کی زیادہ تعداد ہونے کی وجہ سے فیس بک ڈینٹگ سروس دیگر سائٹس کے مقابلے صارفین کو اپنے ساتھی کی تلاش کے لیے زیادہ خدمات پیش کرسکتی ہے.

    دوسری جانب فیس بک کے بانی  نے صارفین کا ڈیٹا محفوظ بنانے کیلئے ’کلیئر ہسٹری‘ کے نام سے ٹول متعارف کرادیا، اس ٹول کی مدد سے صارفین فیس بک سے اپنا پرانا ڈیٹا باآسانی ڈیلیٹ کرسکیں گے۔

    فیس بک کے بانی کا کہنا ہے صارفین کو یہ آپشن بھی حاصل ہوگا کہ فیس بک معلومات مستقبل میں اپنے پاس محفوظ نہ کرے۔

    مارک زکر برگ نے کہا کہ جسے انٹرنیٹ براؤزر میں براؤرنگ کلیئر ہسٹری کا آپشن ہوتا ہے، اسی طرح فیس بک بھی صارفین کو ایک ایسا آپشن دے گا، جس کی مدد سے صارفین وہ اس ڈیٹا کو ڈیلیٹ کرسکیں، جو فیس بک کے سرورز پر محفوظ ہوتا ہے۔

    فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے اعلان کیا ہے صارفین کیلئے ڈیٹا محفوظ بنانے کیلئے مزید آپشنز بنائے جائیں گے۔

    فیس بک کی سالانہ ایف 8 ڈویلپرز کانفرنس میں دیگر نئے فیچرز متعارف کرانے کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔

    فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے سالانہ ایف 8 ڈویلپرز کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ڈیٹا لیک اسکینڈل میں امریکی کانگریس کے سامنے پیش ہوئے تو بہت سے ایسے سوالات ہوئے، جن کا جواب میرے پاس نہیں تھا ، اس کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ صارفین کا ڈیٹا مزید محفوظ بنانے کیلئے مزید آپشنز متعارف کراؤں گا۔

    خیال رہے کہ امریکی انتخابات میں صارفین کا ڈیٹا استعمال ہونے پر فیس بک ان دنوں مشکلات سے دوچار ہے، جس کا ازالہ کرنے اور صارفین پر اپنے اعتماد بحال کرنے کے لیے فیس بک مختلف نئے فیچرز پر کام کررہی ہے۔

    یاد رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر الزام تھا کہ امریکی صدارتی انتخابات میں فیس بک نے صارفین کا ڈیٹا چوری کیا اور مخالفین کے لیے انتخابی مہم بھی چلائی، جس کے بعد دنیا میں ایک بڑا ہنگامہ کھڑا ہوگیا تھا۔

    انٹرنیٹ پر نظر رکھنے والی تحقیقاتی کمپنی کیمبرج اینالیکٹس نے امریکی انتخابات میں صارفین کا ڈیٹا چوری کرنے کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی، جس کے مطابق فیس بک نے 5 کروڑ صارفین کا ڈیٹا چرایا۔


    مزید پڑھیں: ’فیس بک‘ کے بانی مارک زکربرگ کے ایک ہفتے میں10ارب ڈالر ڈوب گئے


    تحقیقاتی ادارے کی جانب سے اسکینڈل سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں موجود صارفین کو شدید دھچکا لگا بلکہ یہی نہیں عالمی مارکیٹ میں فیس بک کے حصص کی قیمتوں میں کمی ہوئی جس کے باعث مالک مارک زکر برگ کو صرف ایک رات میں ہی 6 ارب ڈالرز کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

    صارفین کے ڈیٹا کے غلط استعمال پرفیس بک نے غلطی تسلیم کی تھی، بانی فیس بک مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ اس صورتحال سے صارفین کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی، اگر ہم عوام کے ڈیٹا کی حفاظت نہیں کر سکتے تو کام چھوڑ دینا چاہیے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فیس بک کے جعلی اکاؤنٹس پاکستان میں عام انتخابات پراثر انداز ہو سکتے ہیں،  مارک زکر برگ

    فیس بک کے جعلی اکاؤنٹس پاکستان میں عام انتخابات پراثر انداز ہو سکتے ہیں، مارک زکر برگ

    واشنگٹن : فیس بک کےمالک مارک زکر برگ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ نے فیس بک کے جعلی اکاؤنٹ رکھنے والے اس سال پاکستان میں ہونے والےعام انتخابات پراثر انداز ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیس بک کے سربراہ کو امریکی کانگریس میں پیشی پر ڈیٹا کے غیرمحفوظ ہونے پر سخت سوالات سامنا کرنا پڑا ، اس موقع پر پاکستان میں الیکشن کا تذکرہ بھی ہوا۔

    مارک زکربرگ نے کانگریس میں کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے پاکستان کے انتخابات پراثرانداز ہونے کی کوشش کی جاسکتی ہے، پوری کوشش ہے کہ پاکستان میں الیکشن پر فیس بک کے ذریعے کوئی اثراندازنہ ہو۔

    بانی فیس بک کا کہنا تھا کہ رواں سال کئی ممالک میں انتخابات کاانعقاد ہورہاہے، کوشش ہے پاکستان سمیت دیگرملکوں میں ہونے والے انتخابات کی ساکھ متاثرنہ ہو، جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے رائے عامہ پر اثرانداز ہونے کی ہرکوشش ناکام بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، روس میں بیٹھے کچھ افراد ہمارے سسٹم کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔


    مزید پڑھیں : فیس بک کے غلط استعمال سے روس امریکی نظام کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے: مارک زکربرگ


    فیس بک کےمالک مارک زکر برگ نے امریکی کانگریس کو بتایا کہ فیس بک جعلی اکائونٹس پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ایسے اکائونٹس بند کئے جا رہے ہیں، جن سے ماضی مین قبل انتخابی عمل میں ووٹ پراثرانداز ہونے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔

    مارک زکربرگ نے صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ میں ناکامی پرمعافی بھی مانگی اور اعتراف کیا کہ سماجی ویب سائٹ نے اپنے اکاؤنٹ ہولڈرز کے کوائف کا غلط استعمال روکنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے تھے، جس کی وہ پوری ذمہ داری قبول کرتےہیں ۔

    انہوں نے تسلیم کیا ٹولزکےغیرقانونی استعمال روکنے میں کوتاہی ہوئی جس سے جعلی خبریں پھیلیں۔

    خیال رہے کہ فیس بک کےبانی امریکی کانگریس کی مختلف کمیٹیوں کے سامنےپیش ہوں گے۔

    اس سے قبل امریکی سینیٹر جون کینیڈی نے مارک زکر برگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ فیس کے بانی ڈیٹا چوری کے حوالے سے سچ بولیں ورنہ ہم سچ تک خود پہنچنا جانتے ہیں۔

    یاد رہے کہ صارفین کے ڈیٹا کے غلط استعمال پر بانی فیس بک نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا اس صورتحال سے صارفین کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی، اگر ہم عوام کے ڈیٹا کی حفاظت نہیں کر سکتے تو کام چھوڑ دینا چاہیے۔


    مزید پڑھیں : صارفین کے ڈیٹا کاغلط استعمال، فیس بک کے بانی نے غلطی تسلیم کرلی


    بعد ازاں فیس بک نے فیصلہ کیا کہ وہ ڈیٹا چوری کے حوالے سے صارفین سے رابطہ کرکے اس بارے میں آگاہ کریں گے، کمپنی کے مطابق متاثرہ صارفین کو ان کی نیوز فیڈ پر تفصیلی پیغام کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا، ان صارفین میں سے اکثریت ان کی ہے جنہوں نے اپنی معلومات ڈیٹا انالیٹیکس فرم کے ساتھ شیئر کی تھیں، ان میں سے 70 ملین افراد کا تعلق امریکا سے بتایا جاتا ہے۔

    تمام فیس بک صارفین کو بھی پروٹیکٹنگ انفارمیشن کا ایک ایپلی کیشن کے ساتھ نوٹس دیا جائے گا، ایپلی کیشن کے ذریعے یہ معلوم کیا جائے گا کون سی معلومات آپ نے شیئر کی ہیں، یہ اقدام کیمبرج انالیٹیکا کمپنی پر عائد الزام کے باعث کیا گیا ہے۔

    خیال رہے سیاسی مشاورتی کمپنی کی جانب سے امریکی صدارتی انتخاب میں فیس بک کے کروڑوں صارفین کا ڈیٹا بغیراجازت استعمال ہونے کے انکشاف کے بعد فیس بک کوشدیدتنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    واضح رہے انالیٹیکا کمپنی پر الزام ہے کہ انہوں نے لاکھوں امریکی شہری کی معلومات کو ایک سافٹ ویئر پروگرام کے تحت امریکی صدارتی الیکشن میں ووٹرز پر اپنا اثر و رسوخ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فیس بک بانی 1 گھنٹے میں 3 ارب ڈالر کمانے میں کامیاب

    فیس بک بانی 1 گھنٹے میں 3 ارب ڈالر کمانے میں کامیاب

    کیلی فورنیا: فیس بک کے بانی مارک زکربرگ ایک گھنٹے کے دوران 3 ارب ڈالرز کمانے میں کامیاب ہوگئے، انہوں نے یہ رقم ویب سائٹ سے حاصل ہونے والے منافع سے حاصل کی جس کے بعد اُن کی دولت میں بے پناہ اضافہ ہوگیا۔

    فیس بک کی جانب سے جاری سہ ماہی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انتظامیہ اور بانی فیس بک نے گزشتہ سال ریکارڈ منافع حاصل کیا جس کے باعث فیس بک کے حصص کی قیمت میں 2.2 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    فیس بک اعلامیے کے مطابق یہ منافع ریکارڈ شمار کیا جارہا ہے کیونکہ اس سے قبل مارک زکر برگ کی دولت میں کبھی اتنا اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا، فیس بک کو سہ ماہی میں جو بھی فائدہ حاصل ہوا اس سے مارک زکر برگ کی دولت میں اضافہ ہوا۔

    سہ ماہی رپورٹ کے مطابق 3 ارب ڈالر کے اضافے کے نتیجے میں مارک زکر برگ کے مجموعی اثاثے 59 ارب ڈالرز تک جا پہنچے جس کے بعد وہ اس وقت دنیا کے 5 ویں امیر ترین انسان میں شامل ہوگئے۔

    پڑھیں: ’’ آپ کی فیس بک پروفائل آپ کی شخصیت کی عکاس ‘‘

    رپورٹ کے مطابق فیس بک کو حاصل ہونے والے منافع کی اصل وجہ صارفین کی تعداد میں اضافہ ہے، فیس بک کے ماہانہ متحرک صارفین کی تعداد 1 ارب 84 کروڑ تک پہنچ چکی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہے۔

    فیس بک اعلامیے کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر 1.23 ارب لوگ اپنی آئی ڈیز پر آتے ہیں، صارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے اس امید کا اظہارکیا ہے کہ کسی بھی وقت فیس بک 2 ارب کا ہندسہ عبور کرسکتی ہے۔

    مزید پڑھیں: ’’ فیس بک نے اپنے ہی بانی کو مردہ قرار دیدیا ‘‘

    نئے اعداد و شمار کے مطابق فیس بک کے سب سے زیادہ صارف ایشیاء میں پائے جاتے ہیں جہاں روزانہ 39 کروڑ 60 لاکھ افراد فیس بک استعمال کرتے ہیں۔

    گزشتہ 2 سال میں ایشیا میں فیس بک کے صارفین میں 57 فیصد اضافہ ہوا ہے جو کہ کسی بھی خطے میں موجود فیس بک کے صارفین کی تعداد میں تیز ترین اضافہ ہے جب کہ ایشیاء میں فیس بک کی آمدن میں بھی 15 مہینوں میں دُگنا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

  • فیس بک پر اس شخص کو بلاک کرنا نا ممکن

    فیس بک پر اس شخص کو بلاک کرنا نا ممکن

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک آج کل تقریباً ہر شخص کی زندگی کا اہم حصہ بن چکی ہے۔ یہ لوگوں کی زندگیوں میں مثبت و منفی تبدیلیاں اور کئی فوائد و نقصانات اپنے ساتھ لائی ہے۔

    فیس بک پر ناپسندیدہ شخصیات سے بچنے کا ایک طریقہ بلاک کرنا ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ کسی شخص کو آپ کی کوئی خبر نہ ملے، وہ آپ سے فیس بک پر رابطہ کرنا تو دور آپ کو دیکھ بھی نہ سکے تو اس کے لیے آپ بآسانی اس شخص کو بلاک کرسکتے ہیں۔

    لیکن فیس بک پر ایک شخص ایسا ہے جسے آپ کسی صورت بلاک نہیں کرسکتے۔ وہ شخص کوئی اور نہیں بلکہ فیس بک کے بانی مارک زکر برگ ہیں۔

    mark-new

    آپ فیس بک کے تمام عہدے داران بشمول چیف آپریٹنگ آفیسر شیرل سینڈ برگ کو بلاک کر سکتے ہیں۔ حتیٰ کہ آپ زکر برگ کی اہلیہ پریسیلا چین کو بھی بلاک کر سکتے ہیں لیکن آپ فیس بک کے تخلیق کنندہ زکر برگ کو کسی صورت بلاک نہیں کرسکتے۔

    آپ کو یقین نہ آئے تو آپ خود ہی آزما کر دیکھ لیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دولت مند افراد ایک جیسا لباس کیوں پہنتے ہیں؟

    دولت مند افراد ایک جیسا لباس کیوں پہنتے ہیں؟

    کیا آپ جانتے ہیں امیر اور کامیاب لوگ ایک جیسے کپڑے کیوں پہنتے ہیں؟

    چلیئے کچھ عرصہ پیچھے چلتے ہیں۔ فیس بک کے بانی مارک زکر برگ اپنے گھر بیٹی کی پیدائش کے باعث ’پیٹرنٹی لیو‘ پر تھے۔ اس سے قبل یہ چھٹیاں صرف ماؤں کو ہی دی جاتی تھیں لیکن پھر لوگوں کو احساس ہوا کہ ایک باپ کو بھی اپنے نومولود بچے کے پاس وقت گزارنے کا اتنا ہی حق ہے جتنا ماں کو، چنانچہ اس مقصد کے لیے آفسز میں ’پیٹرنل لیو‘ کا قانون متعارف کروایا گیا اور مارک زکر برگ نے اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

    دو ماہ کی چھٹیوں کے بعد جب مارک کو آفس جانا تھا تو اس سے ایک دن قبل انہوں نے اپنی ایک تصویر فیس بک پر شیئر کی جس میں وہ اگلے دن پہنے جانے والے لباس کے لیے پریشان تھے۔

    مگر دیکھنے والے حیران رہ گئے کہ الماری میں ان کے پاس صرف دو ہی رنگوں کی کئی ٹی شرٹس تھیں۔ اور وہ دو رنگ بھی ایک دوسرے سے ملتے جلتے تھے۔

    ایسا ہی کچھ معامہ ایپل کے بانی آنجہانی اسٹیو جابز کے ساتھ تھا۔ انہیں کئی عوامی اجتماعات میں کم و بیش ایک ہی سیاہ شرٹ میں دیکھا گیا۔

    سوال یہ پیدا ہوتا ہے دنیا کے یہ 2 کامیاب اور دولت مند ترین انسان اس معاملے میں اتنی ’غربت‘ کا مظاہرہ کیوں کرتے ہیں؟

    jobs

    اس کے پیچھے وہ وجہ ہے جس کے باعث یہ لوگ آج اتنے کامیاب اور دولت مند ہیں۔

    کامیاب اور دولت مند افراد عموماً اپنے اوپر سوچ و بچار کرنے میں کم وقت خرچ کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ سادگی پسند ہوتے ہیں۔

    ان کی نظر بڑے مقاصد پر ہوتی ہے لہٰذا وہ اس سوچ میں اپنا وقت ضائع نہیں کرتے کہ ’آج کیا پہنا جائے‘۔

    mark

    اس سے انہیں کئی فائدے ہوتے ہیں جو آپ بھی جانیئے۔

    اس عادت سے ان کا وقت بچتا ہے۔ وہ بے مقصد شاپنگ مالز میں گھومنے، شاپنگ کرنے، اور نت نئے لباسوں پر ضائع کیے جانے والے وقت کو نئی تخلیقات  ایجاد کرنے میں صرف کرتے ہیں۔

    اس سے انہیں ذہنی دباؤ سے نجات ملتی ہے۔ وہ اس بات سے بالکل آزاد ہوجاتے ہیں کہ لوگ ان کے بارے میں کیا سوچیں گے۔

    ان کی توانائی دیگر بامقصد کاموں میں خرچ ہوتی ہے۔

    وہ کبھی بھی برا لباس نہیں پہنتے کیونکہ ایک بار جو لباس ان پر سوٹ کرے وہ اسی کو اپنا ’ٹریڈ مارک‘ بنا لیتے ہیں۔

    اور یہی نہیں، ایک جیسے کپڑے پہننے سے وہ نئے فیشن کو اپنانے کے لیے بے جا پیسہ خرچ کرنے سے بھی بچ جاتے ہیں۔

    آپ کا اس آئیڈیے کو اپنانے کے بارے میں کیا خیال ہے؟