Tag: ماریہ واسطی

  • ماریہ واسطی نے مداحوں کو منفرد مشورہ دیدیا

    ماریہ واسطی نے مداحوں کو منفرد مشورہ دیدیا

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماریہ واسطی نے اپنی نئی ریلیز میں مداحوں کو منفرد مشورہ دیا ہے۔

    فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ ماریہ واسطی نے ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے پُرسکون زندگی گزارنے کا منفرد طریقہ بتایا ہے۔

    انہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ بریک ڈاؤن سے پہلے ایک بریک لے لیں، ورنہ آپ کا بریک فیل ہوجائے گا‘۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Maria Wasti (@mariawasti)

    اداکارہ نے چند گھنٹوں قبل یہ ویڈیو شیئر کی جسے ہزاروں کی تعداد میں مداح دیکھ چکے ہیں اور اس پر دلچسپ تبصرے بھی کررہے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Maria Wasti (@mariawasti)

    واضح رہے کہ ماریہ واسطی اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’مائی ری‘ میں ادکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں جس کی دیگر کاسٹ میں عینا آصف، ثمر عباس، نعمان اعجاز، مایا خان، ساجدہ سید، حبا علی، سعد فریدی، پارس مسرور، آمنہ ملک، عثمان مظہر اور دیا مغل شامل ہیں۔

    ’مائی ری‘ کی کہانی ثنا فہد نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض میثم نقوی نے انجام دیے ہیں۔

  • ماریہ واسطی نے شادی نہ کرنے کی وجہ بتا دی

    ماریہ واسطی نے شادی نہ کرنے کی وجہ بتا دی

    معروف پاکستانی اداکارہ ماریہ واسطی کا کہنا ہے کہ انہوں نے شادی کا فیصلہ قسمت پر چھوڑ رکھا ہے اور وہ سمجھتی ہیں کہ اس میں تقدیر کا سب سے بڑا عمل دخل ہے۔

    حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران نامور اداکارہ ماریہ واسطی کا کہنا تھا کہ شادی کا فیصلہ کسی انسان کے ہاتھ میں نہیں ہوتا اور اگر یہ کہا جائے کہ اس پر کسی کا کوئی زور نہیں تو یہ غلط نہ ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اگر تمام لوگوں کی ان کی پسند کی مطابق شادیاں ہوتیں تو آج محبت کی قدر ختم ہوچکی ہوتی۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے شادی کا فیصلہ قسمت پر چھوڑ رکھا ہے اور میں سمجھتی ہوں اس میں تقدیر کا سب سے بڑا عمل دخل ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Maria Wasti (@mariawasti)

    انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سے یہ سنتے آئے ہیں کہ جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں، میری قسمت میں کوئی لکھا ہوگا تو ضرور میرا جیون ساتھی بنے گا۔ میں اس حوالے سے قطعی سوچتی ہوں نہ پریشان ہوتی ہوں، میں حقیقت پسندانہ زندگی گزار رہی ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ میں مخلص لوگوں کی بہت قدر کرتی ہوں کیونکہ آج کے دور میں یہ لوگ بڑے نایاب ہیں۔

  • یہودی تاجر کی بیٹی کے کردار سے شہرت پانے والی طاہرہ واسطی کا تذکرہ

    یہودی تاجر کی بیٹی کے کردار سے شہرت پانے والی طاہرہ واسطی کا تذکرہ

    پاکستان ٹیلی ویژن کے یادگار ڈرامہ سیریل افشاں میں یہودی تاجر کی بیٹی اور آخری چٹان میں ملکہ ازابیل کے کردار سے طاہرہ واسطی نے غیر معمولی شہرت پائی۔ طاہرہ واسطی بارعب اور پُروقار شخصیت کی مالک تھیں جنھیں خاص طور پر اُن کرداروں‌ کے لیے منتخب کیا جاتا تھا، جن کے لیے شاہانہ کرّوفر اور رعب و دبدبہ ضروری ہوتا تھا۔

    طاہرہ واسطی 1980ء اور 1990ء کے عشرے میں پاکستان ٹیلی ویژن کے ناظرین میں بے حد بہت مقبول تھیں۔ آج اس اداکارہ کی برسی منائی جارہی ہے۔ وہ 2012ء میں اس دنیا سے رخصت ہوگئی تھیں۔

    1968ء میں طاہرہ واسطی نے پاکستان ٹیلی ویژن سے اداکاری کا آغاز کیا تھا۔ ان کا پہلا ڈرامہ سیریل ’جیب کترا‘ تھا جو بہت مشہور ہوا۔ یہ اردو کے نام ور افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی کہانی پر مبنی سیریل تھا۔

    طاہرہ واسطی نے 1944ء میں‌ سرگودھا میں‌ آنکھ کھولی تھی۔ وہیں ابتدائی تعلیم مکمل کی اور بعد میں لاہور کی درس گاہ میں داخلہ لیا۔ ان کی شادی رضوان واسطی سے ہوئی جو معروف ٹی وی اداکار اور انگریزی نیوز کاسٹر تھے۔ ان کی صاحبزادی لیلیٰ واسطی بھی ٹیلی ویژن پر اداکاری کرچکی ہیں۔

    پی ٹی وی کی معروف اداکارہ طاہرہ واسطی کے تاریخی کہانیوں پر مبنی ڈراموں میں غرناطہ، شاہین، ٹیپو سلطان کے علاوہ شمع اور دلدل شامل ہیں جو اپنے وقت کے مقبول ترین اور یادگار ڈرامے ثابت ہوئے۔

    وہ ایک منجھی ہوئی اداکارہ ہی نہیں قابل رائٹر بھی تھیں جنھوں نے خود بھی متعدد ڈرامے لکھے۔ ایڈز جیسے موضوع پر ان کا تحریر کردہ کھیل کالی دیمک کے نام سے نشر ہوا تھا جسے بہت پسند کیا گیا۔ طاہرہ واسطی نے سائنس فکشن بھی لکھا۔

  • اداکارہ ماریہ واسطی نے جدید اسلحہ کیوں‌ اٹھایا؟ ویڈیو وائرل

    اداکارہ ماریہ واسطی نے جدید اسلحہ کیوں‌ اٹھایا؟ ویڈیو وائرل

    انقرہ: پاکستانی اداکارہ ماریہ واسطی نے نشانے بازی ’شوٹنگ‘ کے کھیل میں اپنی مہارت دکھا کر سب کو ورطہ حیرت میں مبتلا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق تنزانیہ میں پیدا ہونے والی ماریہ واسطی نے نوے کی دہائی سے پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری پر راج کیا، انہوں نے بہت کم عرصے میں اداکاری کے جوہر دکھا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

    اداکارہ آج کل تفریح کی غرض سے ترکی میں موجود ہیں، انہوں نے گزشتہ دنوں پیرا گلائیڈنگ کا تجربہ کیا جس کی انہوں نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر  کی تھی۔

    گزشتہ روز وراسٹائل اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نشانے بازی کی ویڈیو شیئر کی۔

    ماریہ واسطی نے انسٹاگرام  پر نشانے بازی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اداکاری اور نشانے بازی قدرتی طور پر آتی ہے اور مجھے معلوم تھا کہ یہ میں کرسکتی ہوں۔

    انہوں نے بتایا کہ رائفل سے ہدف کونشانہ بنانے پر مجھے 100 میں سے 100 جبکہ نائن ایم ایم سے 100 میں سے 95 نمبر دیے گئے۔ یاد رہے کہ نشانہ بازی کے کھیل میں حصہ لینے والے کھلاڑی یا کسی بھی شخص کو ٹارگٹ کو اچھے انداز سے نشانہ بنانے پر ماہر نمبرز دیتے ہیں۔

  • اے ایس ایف کی خاتون اہلکار نے گناہ نہیں کیا، وارننگ دی جاسکتی تھی: ماریہ واسطی

    اے ایس ایف کی خاتون اہلکار نے گناہ نہیں کیا، وارننگ دی جاسکتی تھی: ماریہ واسطی

    کراچی : معروف اداکارہ ماریہ واسطی اور اینکرپرسن ماریہ میمن نے اے ایس ایف کی خاتون اہلکار کو سزا ہونے پر کہا ہے کہ ’خاتون اہلکار سے کوتاہی ہوئی ہے جرم نہیں جس پر 2 برس کی سروس ضبط کی گئی، خاتون اہلکار کو  وارننگ دی جاسکتی تھی‘۔

    اداکارہ ماریہ واسطی نے اے آر وائی نیوز پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خاتون اہلکار کو دی جانے والی سزا بہت سخت ہے، اگر کسی قسم کا کوڈ آف کنڈکٹ ہے تو یہ اہلکاروں کو پہلے بتانا چاہیے یا پھر کنٹریٹ میں تحریر ہونا چاہیے۔

    ماریہ واسطی کا کہنا تھا کہ اگر ایسا کوئی کوڈ آف کنڈکٹ موجود نہیں تو اسے وارننگ دی جاسکتی تھی، اس طرح سے خاتون اہلکار کا کریئر تباہ کرنا یا 2 سال کے لیے معطل کردینا بہت سخت سزا ہے۔

    اداکارہ کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کے کنٹریکٹ میں شامل ہونا چاہیے کہ اہلکار مذکورہ امور انجام دے سکتے ہیں اور فلاں کام کی انجام دہی پر پابندی ہوگی۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے معروف اینکر ماریہ میمن اے ایس ایف اقدامات تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا مذکورہ خاتون اہلکار نے اپنی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرکے بہت بڑا گناہ کیا ہے جس پر اتنی بڑی سزا  دی گئی؟

    ماریہ میمن کا کہنا تھا کہ  اگر خاتون اہلکار  منشیات یا انسانی اسمگلروں کی سہولت کار ہوتی، رشوت خوری کرتی یا بدعنوانی کرتی تو شاید ادارہ اسے سپورٹ کرتا اور اس کے خلاف اس طرح سے کارروائی بھی نہیں ہوتی۔

    اینکر پرسن کا کہنا تھا کہ ’خاتون اہلکار سے یونیفارم میں گانا گنگناتے ہوئے ویڈیو شیئر کرکے کوتاہی ہوئی ہے جس پر اسے وارننگ دی جاسکتی تھی لیکن اس طرح سے  2 سال کی سروس ضبط کرنا انتہائی سخت سزا ہے‘۔

    نیوز اینکر کے سوال پر ماریہ میمن نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے جو قوانین موجود ہیں ان پر عمل ہونا اچھی بات ہے لیکن پھر جو بڑی بھیڑیں ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کریں، اس لڑکی سے تو صرف کوتاہی ہوئی ہے‘۔

    یاد رہے کہ اے ایس ایف کی خاتون اہلکار نے گذشتہ روز رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس کے بعد اے ایس ایف حکام نے خاتون اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 2 برس کی سروس ضبط کرلی۔

    ذرائع کے مطابق خاتون اہلکار کو 2 برس تک نہ ہی انکریمنٹ دیا جائے اور نہ دیگر مراعات ملیں گی، جبکہ خاتون اہلکار نے اپنی کوتاہی پر اے ایس ایف حکام سے معذرت کرتے ہوئے آئندہ ایسی حرکت نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

    اے ایس ایف حکام کی جانب سے اہلکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

    دوسری جانب اے ایس ایف کے ترجمان نے کہا ہے کہ خاتون کی ویڈیو ڈسپلن کی خلاف ورزی ہے، خاتون اہلکار کے خلاف ڈیڑھ ماہ پہلے محکمہ جاتی کارروائی ہوچکی ہے۔

    ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ویڈیو کے ذریعے منفی پروپیگنڈے کا نوٹس لیا گیا ہے، تفتیش کر رہے ہیں جو ذمہ دار ہوگا اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔