Tag: ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد

  • 9/11 کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد سے رعایتی معاہدہ کالعدم قرار

    9/11 کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد سے رعایتی معاہدہ کالعدم قرار

    امریکا کی وفاقی اپیل کورٹ نے نائن الیون کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد سے رعایتی معاہدے کو کالعدم قرار دے دیا۔

    امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی وفاقی اپیل کورٹ نے "9/11 کے ماسٹر مائنڈ” خالد شیخ محمد اور دیگر شریک مدعا علیہان کو سزائے موت سے بچنے کے بدلے میں جرم قبول کرنے کی اجازت کی عرضی معاہدے کو مسترد کر دیا ہے۔

    امریکی عدالت نے حکومت کو نائن الیون کے مبینہ منصوبہ ساز سے اعتراف جرم کا معاہدہ کرنے سے روک دیا، خالد شیخ محمد اور دو دیگر ملزمان نے امریکی حکومت سے ایک معاہدے کے تحت اپنے اوپر عائد کردہ الزامات کا اعتراف کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

    اس معاہدے کے باعث شاید یہ مبینہ ماسٹر مائنڈ سزائے موت سے بچ جاتے اور اس کے بجائے انہیں عمرقید کی سزا سنائی جاتی تاہم اب عدالت نے اس معاہدے کو دو ایک ووٹ سے مسترد کر دیا۔

    تین ججوں پر مشتمل پینل نے کہا کہ انہیں اس کیس پر غور کرنے اور کارروائی کو روکنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

    عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں امریکی حکومت نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ اگر ان ملزمان کی درخواستیں منظور کر لی گئیں تو اس سے ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔

    واضح رہے کہ 11 ستمبر 2001 امریکا کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر، پینٹاگان سمیت تین مختلف مقامات پر حملے کیے گئے تھے ان حملوں میں لگ بھگ تین ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔