Tag: ماسٹر کارڈ

  • نادرا اور ماسٹر کارڈ کے درمیان معاہدہ معطل

    نادرا اور ماسٹر کارڈ کے درمیان معاہدہ معطل

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ مالی ترسیلات کے لیے نادرا اور بین الاقوامی کمپنی کے درمیان معاہدہ حکومت کی تحریری اجازت کے بغیر کیا گیا تھا اس لیے معطل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔


    یہ پڑھیں: شناختی کارڈ خریداری کیلئے استعمال ہوگا، نادرا کا ماسٹر کارڈز سے معاہدہ


    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے مالی ترسیلات کے لیے نادرا اور بین الاقوامی کمپنی کے درمیان معاہدے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے نادرا سے جواب طلب کرلیا جب کہ معاہدے کو معطل کرنے کا حکم بھی جاری کردیا۔

    وفاقی وزیر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ مذکورہ معاہدہ حکومت کی تحریری اجازت کے بغیر کیا گیا جب کہ معاہدے سے قبل اسٹیک ہولڈرز سے بھی مشاورت نہیں کی گئی اور ساتھ ہی حساس نوعیت کے سیکیورٹی معاملات کو مدنظر نہیں رکھا گیا تھا اس لیے معاہدے کو معطل کیا جائے۔

    انہوں نے نادرا سے جواب طلب کیا کہ غیرملکی کمپنی کو ڈیٹا بیس کی کس حد اور کن قوانین کے تحت رسائی دی جارہی ہے؟ مالی ترسیلات کے سلسلے میں ٹیکنالوجی کا استعمال خوش آئند ہے تاہم نیشنل ڈیٹا بیس کی سیکیورٹی پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی کسی ادارے کو مینڈیٹ سے تجاوز کی اجازت دی جاسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ نادرا اور ماسٹر کارڈ کے درمیان مالی ترسیلات کے حوالے سے معاہدہ سامنے آیا تھا جس کے تحت نادرا مالی ترسیلات کے لیے غیر ملکی نجی کمپنی کو ڈیٹا فراہم کرے گی۔

  • شناختی کارڈ خریداری کیلئے استعمال ہوگا، نادرا کا ماسٹر کارڈز سے معاہدہ

    شناختی کارڈ خریداری کیلئے استعمال ہوگا، نادرا کا ماسٹر کارڈز سے معاہدہ

    ڈیوس:نادرا اور گلوبل پیمنٹ انڈسٹری کی سرفہرست کریڈیٹ کارڈ کمپنی ماسٹر کارڈز کے درمیان انقلابی معاہدہ طے پاگیا جس کے  بعد اب قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) خریداری اور ترسیلاتِ زر کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔

    ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ماسٹر کارڈ پاکستان اور افغانستان کے مینجر اورنگزیب خان نے دونوں اداروں کے درمیان معاہدہ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کے ذریعے پاکستانی شہری قومی شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے رقم کی ترسیلات آسانی سے کرسکیں گے۔

    پڑھیں: ’’ یکم جنوری سے صرف اسمارٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے، نادرا ‘‘

    اورنگزیب خان نے کہا کہ اس معاہدے کے بعد نادرا کا اسمارٹ کارڈ رکھنے والا کوئی بھی پاکستانی شہری اپنے شناختی کارڈ پر درج ہندسوں کی مدد سے بیرونِ ملک اور اندونِ ملک سے آنے والی رقوم کو ماسٹر کارڈ میں منگوا سکیں گے اور اسی کے تحت آن لائن ادائیگیاں بھی کرسکیں گے، قومی شناختی کارڈ کو اے ٹی ایم کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت بیرونِ ملک سے آنے والی رقوم (ریمی ٹینس) وصول کرنا نہایت آسان ہوجائے گا کیونکہ پاکستان بیرون ملک سے رقوم وصول کرنے والا بڑا ملک ہے، قومی شناختی کارڈ میں پیمنٹ فیچر شامل ہونے سےشہری ایک طاقتور اور تیز رفتار رقم کی ترسیل کرسیں گے اور حکومت کی جانب سے دی جانے والی اس سہولت سے بہتر طور پر مستفید ہوسکیں گے۔