Tag: ماسکو

  • جو ملک اپنے فیصلے خود نہیں کرسکتا، وہ کسی دوسرے ملک کی کالونی ہے: پیوٹن

    جو ملک اپنے فیصلے خود نہیں کرسکتا، وہ کسی دوسرے ملک کی کالونی ہے: پیوٹن

    ماسکو: روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا کہنا ہے کہ کوئی ملک اپنے فیصلے خود کرسکتا ہے تو وہ آزاد ہے، ورنہ کسی دوسرے ملک کی کالونی ہے۔

    روسی میڈیا کے مطابق روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے نوجوان کاروباری افراد کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران کہا کہ آج کی دنیا میں ایک آزاد ملک اور کالونی ہونے کے درمیان کوئی درمیانی راستہ نہیں ہے، آپ یا تو خود مختار و آزاد ملک ہیں یا کسی تیسرے ملک کی کالونی ہیں۔

    روسی صدر کا کہنا تھا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے، کسی قسم کی قیادت، خاص طور پر عالمی قیادت کا دعویٰ کرنے کے لیے کسی بھی ملک، کسی بھی قوم، کسی نسلی گروہ کو اپنی خود مختاری کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

    مزید پڑھیں: حکومت پاکستان رابطہ کرے گی تو سستا تیل فراہم کریں گے، روسی قونصل جنرل

    انہوں نے کہا کہ ایک خود مختار ملک اور کالونی ہونے کے درمیان کوئی درمیانی راستہ نہیں ہے، اگر آپ فیصلے نہیں لے سکتے تو چاہے آپ خود کو آزاد کہیں، آپ آزاد ملک نہیں ہیں۔

    روسی صدر نے کہا کہ اگر کوئی ملک خود مختار فیصلے کرنے سے قاصر ہے، تو اس کا مطلب ہے کہ وہ پہلے سے ہی ایک کالونی ہے اور کالونیوں کا تاریخی طور پر کوئی مستقبل نہیں۔

    پیوٹن نے کسی مخصوص ملک کا نام نہیں لیا لیکن اس بات پر زور دیا کہ جغرافیائی سیاسی لڑائی ہمیشہ سے جاری ہے۔

  • عمارت کی نویں منزل پر آگ لگ گئی، کھڑکی سے لڑکی کی جان کیسے بچائی گئی؟

    عمارت کی نویں منزل پر آگ لگ گئی، کھڑکی سے لڑکی کی جان کیسے بچائی گئی؟

    ماسکو: روس میں 2 افراد نے اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہوئے آگ کی لپیٹ میں آجانے والے اپارٹمنٹ سے ایک لڑکی کو کھڑکی کے ذریعے بچایا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ دارالحکومت ماسکو کی ایک ہائی رائز بلڈنگ میں پیش آیا جہاں نویں منزل کے ایک اپارٹمنٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

    اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے گہرے سیاہ بادل نکلتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس دوران ایک لڑکی جان بچانے کے لیے کھڑکی میں آجاتی ہے۔

    نچلی منزل پر بھی دو افراد کھڑکی میں موجود ہیں جو کسی طرح اس لڑکی کو بچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ دونوں افراد تنگ سی کھڑکی سے لٹک کر اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہیں تاہم لڑکی کو بچانے میں کامیاب رہتے ہیں۔

    لڑکی کی جان بچانے کی کوشش ویڈیو میں ریکارڈ کر لی گئی جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    حکام کے مطابق اپارٹمنٹ میں لگی آگ فوراً ہی بجھا دی گئی تاہم اس دوران 3 افراد زخمی ہوئے جن میں لڑکی کی جان بچانے والے بھی شامل ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان دونوں افراد کی تعریف کی جارہی ہے، مقامی حکام کی جانب سے بھی ان دونوں کا شکریہ ادا کیا گیا۔

  • روس میں ایک روز کے دوران 1 لاکھ سے زائد کرونا کیسز رپورٹ

    روس میں ایک روز کے دوران 1 لاکھ سے زائد کرونا کیسز رپورٹ

    ماسکو: کرونا وائرس کی نئی قسم روس کو تیزی کے ساتھ اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے، گزشتہ روز رپورٹ ہونے والے انفیکشنز کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق روس کی سرکاری کرونا وائرس ٹاسک فورس کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 1 لاکھ 13 ہزار 122 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    یہ اب تک کی ریکارڈ ہونے والی سب سے زیادہ تعداد ہے جو اس ماہ کے شروع میں ریکارڈ ہونے والی تعداد یعنی 15 ہزار سے سات گنا زیادہ ہے۔

    ٹاسک فورس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کووڈ 19 سے 668 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد کووڈ سے روس میں اموات کی تعداد 3 لاکھ 30 ہزار 111 تک پہنچ گئی جو یورپ بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

    کرملن کے ترجمان دمتری پیسکوف کا کہنا ہے کہ یہ اعداد زیادہ ہیں اور ممکنہ طور پر اور زیادہ ہوں کیوں کہ زیادہ تر لوگوں کے ٹیسٹ نہیں ہوئے یا ان میں علامات نہیں ہیں۔

    ترجمان نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ صدارتی ایڈمنسٹریشن میں بہت سے لوگ ہیں جو وائرس سے انفیکٹ ہوئے ہیں، اکثریت نے خود کو آئسولیٹ کرنے کے بعد گھر سے کام کرنا جاری رکھا ہوا ہے۔

    یاد رہے کہ اس ماہ کے شروع میں روسی پارلیمان نے لامحدود مدت تک غیر ویکسین شدہ لوگوں پر پابندیوں کا اطلاق مؤخر کیا تھا، اس ہفتے صحت حکام نے قرنطینہ کے دورانیے کو 14 دن سے کم کرتے ہوئے سات روز کر دیا تھا۔

  • تیل کی پیداوار: روس نے امریکا کو پیچھے چھوڑ دیا

    تیل کی پیداوار: روس نے امریکا کو پیچھے چھوڑ دیا

    ماسکو: روس ستمبر میں دنیا کا سب سے بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک بن گیا اور اس حوالے سے امریکا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

    روسی میڈیا کے مطابق قومی شماریات کی سروس کا کہنا ہے کہ ستمبر 2021 میں روس امریکا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے حجم کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک بن گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ماسکو نے جولائی میں 10.45 ملین بیرل یومیہ تیل کی پیداوار کی جبکہ اسی عرصے میں امریکا کی طرف سے یومیہ 11.31 ملین بیرل تیل پیدا کیا گیا۔

    اگست میں روس کی پیداوار کم ہو کر 10.4 ملین بیرل یومیہ ہوگئی جبکہ امریکا میں 11.14 ملین بیرل یومیہ پیدا ہوئی۔ ستمبر میں روس کی پیداوار بڑھ کر 10.73 ملین بیرل یومیہ ہوگئی جبکہ امریکا کی پیداوار 10.72 ملین بیرل یومیہ تک گر گئی۔

    روس نے جنوری سے ستمبر 2021 میں کل 387.8 ملین ٹن تیل پیدا کیا جو کہ سالانہ لحاظ سے 0.1 فیصد زیادہ ہے۔

    ستمبر کی پیداوار سال بہ سال 8.1 فیصد بڑھ کر 44.1 ملین ٹن تک پہنچ گئی، جنوری ۔ ستمبر میں روسی تیل کی برآمدات 5.8 فیصد کم ہو کر 171.4 ملین ٹن رہ گئیں، ملک کی پیداوار میں برآمدات کا حصہ 44.2 فیصد رہا۔

  • امریکا کے بائیولوجیکل تجربات دنیا کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں: روس

    امریکا کے بائیولوجیکل تجربات دنیا کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں: روس

    ماسکو: روس کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے 200 سے زائد بائیولوجیکل مراکز دنیا کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، یہ سرگرمیاں دنیا کے لیے خطرناک ہیں۔

    روسی میڈیا کے مطابق روس کی جانب سے جاری حالیہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے 200 سے زائد بائیولوجیکل مراکز کام کر رہے ہیں جن کے بارے میں عالمی سطح پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

    روس نے امریکا کی بائیولوجیکل سرگرمیوں کو دنیا کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔ روس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکا کے بائیولوجیکل مراکز کی سرگرمیوں نے دنیا کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

    روس کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے 200 سے زائد بائیولوجیکل مراکز کام کر رہے ہیں جن کے بارے میں عالمی سطح پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ ان مراکز کی سرگرمیاں ایسے اسلحوں پر پابندی کے عالمی کنونشن کے منافی ہیں۔

    روس کی جانب سے بائیولوجیکل اور زہریلے ہتھیاروں کی تیاری اور نگہداشت کے معاہدے کی پابندی اور ایسے ہتھیاروں کے استعمال کی نفی کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔

    امریکا نے یوکرین، افریقہ، جارجیا، آرمینیا، جنوبی کوریا، کولمبیا، انڈونیشیا اور سینیگال سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں بائیولوجیکل تجربہ گاہیں قائم کر رکھی ہیں۔

  • روس کا چوری کے شبہ میں 3 امریکی سفارت کاروں کے خلاف انتہائی قدم

    روس کا چوری کے شبہ میں 3 امریکی سفارت کاروں کے خلاف انتہائی قدم

    ماسکو: روس نے اپنے ملک میں موجود 3 امریکی سفارت کاروں سے سفارتی استثنیٰ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے، مذکورہ سفارت کار ایک روسی شہری کی حساس ذاتی اشیا چوری کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔

    روسی میڈیا کے مطابق روس کی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ روس نے ماسکو میں امریکی سفارت خانے کو ایک سرکاری سفارتی مراسلہ بھیجا جس میں سفارت خانے کے 3 ملازمین سے سفارتی استثنیٰ واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ ان پر مجرمانہ الزامات لگائے جائیں۔

    امریکی سفارتخانے کو روانہ کردہ احتجاجی مراسلے میں ایک روسی شہری کی ذاتی حساس اشیا چوری کرنے والے امریکی سفارت کاروں کی سفارتی استثنیٰ کو ہٹاتے ہوئے ان کو عدالت کے کٹہرے میں پیش کیے جانے کی راہ ہموار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    امریکی سفارتخانے کی جانب سے روس کی اس درخواست کو مسترد کیے جانے کی صورت میں مذکورہ تینوں سفارت کاروں کو نا پسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر روس چھوڑنے کا کہا جائے گا۔

  • شنگھائی تعاون تنظیم میں مستقل رکنیت، روس نے ایران کی حمایت کر دی

    شنگھائی تعاون تنظیم میں مستقل رکنیت، روس نے ایران کی حمایت کر دی

    ماسکو: شنگھائی تعاون تنظیم میں مستقل رکنیت کے لیے روس نے ایران کی حمایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روس چاہتا ہے کہ ایران کو ایس سی او میں مستقل رکنیت ملے، روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روسی حکومت شنگھائی تعاون تنظیم میں ایران کی مستقل رکنیت کی حمایت کرتی ہے۔

    سرگئی لاوروف کا کہنا تھا کہ نہ صرف روس بلکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے بیش تر ممالک اس تنظیم میں ایران کی مستقل رکنیت کی حمایت کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ رواں سال شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی روس کو دی گئی، اور جون میں ماسکو کی میزبانی میں ایس سی او کا سربراہی اجلاس منعقد ہوا تھا۔

    فی الوقت ایران، افغانستان اور بیلاروس شنگھائی تعاون تنظیم میں نگراں رکن ممالک کی حیثیت سے موجود ہیں۔

    شنگھائی تعاون تنظیم ایک یوریشیائی سیاسی، اقتصادی اور عسکری تعاون تنظیم ہے، جسے شنگھائی میں 2001 میں چین، قازقستان، کرغیزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے رہنماؤں نے قائم کیا تھا۔

    یہ تمام ممالک شنگھائی فائیو کے اراکین تھے، سوائے ازبکستان کے، جو 2001 میں اس تنظیم شامل ہوا، تب اس تنظیم کا نام بدل کر شنگھائی تعاون تنظیم رکھا گیا، اور 10 جولائی 2015 کو اس میں بھارت اور پاکستان کو بھی شامل کیا گیا۔

  • 2 ماہ قبل لاپتہ ہونے والے روسی طیارے کا سراغ مل گیا

    2 ماہ قبل لاپتہ ہونے والے روسی طیارے کا سراغ مل گیا

    ماسکو: روس میں 2 ماہ قبل لاپتہ ہونے والے طیارے کا ملبہ مل گیا، طیارے میں موجود تمام 29 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    روسی حکام کے مطابق جولائی کے مہینے میں لاپتہ ہونے والے این 26 طیارے کا ملبہ مل گیا، طیارہ ایک نیچر ریزرو میں گر کر تباہ ہوا ہے۔

    روس کی ایمرجنسی سروسز کے ذرائع نے بتایا کہ این 26 طیارہ رواں برس 6 جولائی کو خبربسک کے قریب لاپتہ ہوا تھا، طیارے میں 29 مسافر سوار تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ نیچر ریزرو میں گر کر تباہ ہوا، طیارے میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    ایمرجنسی وزارت نے پہلے اطلاع دی تھی کہ تلاشی کے دوران طیارے کا ملبہ مل گیا، طیارے کے لیے ریسکیو اینڈ سرچ ٹیم میں مجموعی طور پر 140 افراد اور ہیلی کاپٹرز شامل تھے۔

  • روسی طیارہ آگ لگنے کے بعد گر کر تباہ، روسی ہیرو ہلاک، ویڈیو سامنے آگئی

    روسی طیارہ آگ لگنے کے بعد گر کر تباہ، روسی ہیرو ہلاک، ویڈیو سامنے آگئی

    ماسکو: روس کا ایک فوجی ٹرانسپورٹ پروٹوٹائپ طیارہ ماسکو کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔

    روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو پروٹو ٹائپ فوجی مال بردار طیارہ ماسکو کی حدود کے باہر گر کر تباہ ہوگیا، طیارے میں پائلٹ سمیت 3 افراد سوار تھے، جن کے بارے میں امکان ہے کہ ہلاک ہو گئے ہیں۔

    فوجی طیارہ ٹیسٹ پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا، طیارہ ماسکو کے جنگلات کے قریب اس وقت گر کر تباہ ہوا جب وہ ایئر فیلڈ پر لینڈنگ کے لیے آ رہا تھا۔

    ترکی کی مدد کو آنے والا روسی طیارہ حادثے کا شکار

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کے انجن میں آگ لگی ہوئی ہے، جس کے بعد وہ گر کر تباہ ہو گیا۔

    رپورٹس کے مطابق طیارے کے دائیں انجن میں دوران پرواز آگ لگ گئی تھی، روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایلیوشن Il-112V پروٹوٹائپ طیارے پر تین افراد سوار تھے، جن میں ایک روس کے ہیرو نکولائی کوئموف بھی شامل تھے، اور ان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

    نکولائی کوئموف نے مارچ 2019 میں مذکورہ طیارے کی پہلی ٹیسٹ پرواز کامیابی سے اڑائی تھی، جس پر انھیں ہیرو کی حیثیت دی گئی تھی

    روسی محکمہ دفاع نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دیا جا رہا ہے، طیارہ حادثے کی ممکنہ ابتدائی وجوہ میں انجن میں آگ لگنا، پائلٹ کی غلطی، اور دیگر پرزوں کا کام نہ کرنا شامل ہیں۔

  • روس کا برطانوی شہریوں کو ویزا دینے سے انکار

    روس کا برطانوی شہریوں کو ویزا دینے سے انکار

    ماسکو: روس نے برطانوی شہریوں کو ویزا دینے سے انکار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی وزارت خارجہ کے انفارمیشن اینڈ پریس ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نکولائی لاکونن نے کہا ہے کہ روس ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث برطانوی شہریوں کے خلاف ذاتی پابندیاں عائد کر رہا ہے۔

    روسی وزارت خارجہ کے مطابق ناپسندیدہ سرگرمیوں میں ملوث برطانوی شہریوں پر روس میں داخلے پر پابندی لگائی جا رہی ہے۔

    نکولائی لاکونن کا کہنا تھا کہ برطانوی حکام کے غیر دوستانہ اقدامات کے جواب میں اور باہمی تعاون کے اصول کی بنیاد پر روس نے برطانوی شہریوں کی متناسب تعداد کے خلاف ذاتی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو روس مخالف سرگرمیوں میں فعال طور پر ملوث ہیں۔

    اپنے بیان میں انھوں نے مزید کہا کہ ایسے تمام برطانوی شہریوں کو روسی فیڈریشن میں داخلے سے منع کیا گیا ہے، روسی عہدیدار کے مطابق اس سے قبل ماسکو نے برطانوی حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ روس مخالف اور تصادم کی پالیسی کو ختم کریں۔

    روس کی جانب سے برطانیہ کو انتباہ جاری کیا گیا تھا کہ کسی بھی غیر دوستانہ اقدامات پر روس اپنا ردعمل دے گا۔