Tag: ماسکو

  • روس: ماحول کے لیے نقصان دہ پیکجنگ پر پابندی پر غور

    روس: ماحول کے لیے نقصان دہ پیکجنگ پر پابندی پر غور

    ماسکو: روس میں ٹھوس مواد سے بنی پیکجنگ پر پابندی عائد کرنے پر غور کیا جارہا ہے جو ری سائیکل نہیں ہوسکتی اور ماحولیات کے لیے سخت نقصان دہ ہے۔

    روسی میڈیا کے مطابق روس کی حکمران سیاسی پارٹی متحدہ روس کے چیئرمین اور روس کی سلامتی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین دمتری میدویدف کا خیال ہے کہ ٹھوس مواد سے بنی پیکجنگ جو ری سائیکل نہ ہوسکے اس پر آہستہ آہستہ پابندی عائد کرنا ضروری ہے۔

    میدویدف نے ہفتے کے روز ماحولیاتی امور سے متعلق پارٹی کے ایک اسٹریٹجک پارٹی اجلاس میں کہا کہ پوری دنیا اس سمت بڑھ رہی ہے کہ وہ ٹھوس مواد سے بنی پیکجنگ پر آہستہ آہستہ پابندی عائد کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی اس مرحلے پر بروقت ضروری اقدامات کرنے چاہئیں اور ایسی پیکجنگ کو مرحلہ وار ختم کرنا چاہیئے۔

  • روسی جدید ٹیکنالوجی کا ایک اور شاہکار، زیر آب جانے والا بحری جہاز جلد منظر عام پر ہوگا

    روسی جدید ٹیکنالوجی کا ایک اور شاہکار، زیر آب جانے والا بحری جہاز جلد منظر عام پر ہوگا

    ماسکو: روس میں ایسا بحری جہاز بنایا جارہا ہے جو غوطہ لگا کر آبدوز بھی بن سکے گا، یہ اس نوعیت کا دنیا کا پہلا بحری جہاز ہوگا جس کی قیمت نہایت کم رکھی جائے گی۔

    روسی میڈیا کے مطابق روسی سب میرین ڈیزائنر سینٹر، روبین سینٹرل ڈیزائن بیورو (یونائیٹڈ شپ بلڈنگ کارپوریشن) غوطہ لگانے کی صلاحیت رکھنے والا دنیا کا پہلا بحری جہاز تیار کررہا ہے۔

    سینٹر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ روبین ایک سب مرس ایبل گشت کرنے والا بحری جہاز پیش کرنے جا رہا ہے جس میں بیک وقت آبدوز اور پانی کی سطح پر گشت والے جہاز کی صلاحیتیں موجود ہوں گی، یہ اپنی نوعیت کا دنیا کا واحد بحری جہاز ہوگا۔

    روبین نے بتایا کہ اس منصوبے کو اسٹراز کا نام دیا گیا ہے اور اسے بارڈر اور آف شور سب مرس ایبل سینٹری کے نام سے عالمی منڈی میں فروغ دیا جائے گا، اس جدید روسی پیٹرولنگ جہاز کی قیمت عالمی منڈی میں نسبتاً کم ہوگی جس کی وجہ سے یہ بحری جہاز چھوٹے بجٹ والے ممالک کی دسترس میں بھی ہوگا۔

    کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس بحری جہاز کے آپریشن کو غیر قانونی شکار اور دیگر معاشی جرائم کی روک تھام کے لیے استعمال کیا جا سکے گا، اس نوعیت کے بحری جہاز ملٹی فنکشنل ہیں اور انہیں تحفظ، ریسکیو یا بطور ریسرچ جہاز بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    اس بحری جہاز میں جدید ترین آلات نصب ہوں گے، جو انتہائی خراب موسم میں سمندری طوفان کے دوران بھی اپنے مشن کو باآسانی انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس کے علاوہ اس سب مرس ایبل بحری جہاز کو آبدوز کے طور پر جاسوسی اور دوسرے کاموں کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    بحری جہاز کا عملہ بھی دیگر جہازوں کے عملے سے مختلف اور تکنیکی مہارت پر عبور رکھتا ہوگا۔ خیال رہے کہ جوہری توانائی سے چلنے والی روایتی آبدوزوں اور سمندری ہارڈویئر بنانے میں روس کا روبین سینٹرل ڈیزائن بیورو دنیا کے اہم شراکت داروں میں شامل ہے۔

  • روس میں 33 لاکھ غیر ملکیوں کو قانونی حیثیت دے دی گئی

    روس میں 33 لاکھ غیر ملکیوں کو قانونی حیثیت دے دی گئی

    ماسکو: روس میں 33 لاکھ سے زائد غیر ملکی افراد کو قانونی حیثیت دے دی گئی، روس میں قانونی طور پر قیام کی اجازت دینے والا صدارتی فرمان اپریل 2020 میں نافذ ہوا تھا۔

    روسی ویب سائٹ کے مطابق روسی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس کی عالمی وبا کے پھوٹنے سے اب تک غیر قانونی تارکین وطن سمیت 33 لاکھ سے زائد غیر ملکی افراد روس میں اپنی قانونی حیثیت حاصل کر چکے ہیں۔

    گزشتہ سال اپریل میں تارکین وطن افراد کے لیے مخصوص ضروریات کو کم کرنے کے لیے روس میں ایک صدارتی فرمان نافذ کیا گیا تھا جس کے مطابق روس میں مقیم غیر ملکی افراد کی ایک بڑی تعداد کو روس میں قانونی حثیت دے دی گئی ہے۔

    روسی میڈیا رپورٹ کے مطابق تمام غیر ملکی شہریوں کو روس میں قانونی طور پر قیام کی اجازت دینے والا صدارتی فرمان اپریل 2020 میں نافذ ہوا۔

    اس فرمان سے غیر قانونی تارکین وطن کو اپنی حیثیت برقرار رکھنے اور روس میں ان کے قیام کو قانونی حیثیت دینے کا موقع ملا ہے، یہ فرمان کرونا وائرس کی عالمی وبا سے متعلقہ سفری پابندیوں کے دوران منظور کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ روس نے کرونا وائرس کے پیش نظر سفری پابندیوں میں 15 جون 2021 تک توسیع کی ہے۔

  • بندر نہیں کہ عالمی رہنماؤں کی نقل کروں: پیوٹن

    بندر نہیں کہ عالمی رہنماؤں کی نقل کروں: پیوٹن

    ماسکو: روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے اس سوال کے جواب پر کہ انہوں نے عوام کے سامنے کووڈ 19 ویکسین کیوں نہیں لگوائی، کہا کہ وہ بندر نہیں جو دیگر عالمی رہنماؤں کی نقل کریں۔

    روسی میڈیا کے مطابق صدر ولادی میر پیوٹن نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ انہوں نے ٹیلی ویژن پر اپنی کرونا ویکسین براہ راست نہیں لگوائی جیسے دیگر عالمی رہنماؤں نے کیا۔

    اس موقع پر انہوں نے بندر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جیسے بندر دوسروں کی نقل کرتے ہیں میں ایسا نہیں کر سکتا۔

    روسی صدر کا کہنا تھا کہ صرف اس وجہ سے کہ دوسرے عالمی رہنماؤں نے ٹی وی پر ویکسین لگوائی، مجھے ان کی پیروی کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ روس میں مقامی طور پر تیار کردہ کرونا ویکسین اسپٹنک بڑے پیمانے پر لگائی جارہی ہے، اس ویکسین کو دیگر ممالک بھی استعمال کر رہے ہیں۔

  • روسی بحریہ کی آرکٹک میں فوجی مشقیں جاری

    روسی بحریہ کی آرکٹک میں فوجی مشقیں جاری

    ماسکو: روسی صدر کا کہنا ہے کہ روسی بحریہ آرکٹک کے سخت ترین حالات میں بھی وہاں فوجی مشقیں جاری رکھے ہوئے ہے، انہوں نے زور دیا کہ ان مشقوں کو جاری رکھنا چاہیئے۔

    روسی ویب سائٹ کے مطابق روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے روسی بحریہ کے کمانڈر ان چیف نکولائی یویمانوف کے ساتھ مشترکہ آرکٹک ویڈیو کانفرنس کی رپورٹ سنی۔

    روسی صدر کا کہنا تھا کہ آرکٹک میں روسی بحریہ نے شمالی عرض البلد کے انتہائی سخت موسم میں حالیہ مشقوں سے وہاں کے بدترین حالات میں بھی کام کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔

    انہوں نے زور دیا کہ ان مشقوں کو جاری رکھنا چاہیئے۔

    روسی صدر کا کہنا تھا کہ بہترین جنگی تربیت اور سائنسی تحقیق کی بدولت اس تمام صورتحال کے باوجود روسی بحریہ نے شمالی آرکٹک میں کام کرنے کی صلاحیت حاصل کی ہے۔

    انہوں نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ روس کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے آرکٹک میں فوجی مہمات کے ساتھ ساتھ ایکسٹریم شمالی آرکٹک میں وسائل کی تلاش جاری رکھیں۔

  • نیٹو دنیا میں حقیقی خطرات کی جڑ ہے: روس

    نیٹو دنیا میں حقیقی خطرات کی جڑ ہے: روس

    ماسکو: روسی اعلیٰ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ نیٹو دنیا میں حقیقی خطرات کی جڑ ہے، نیٹو کو چاہیئے کہ روس کے بارے میں بے بنیاد دعوے کرنے کے بجائے اپنے رکن ممالک میں پائی جانے والی مشکلات پر توجہ دے۔

    بین الاقومی ویب سائٹ کے مطابق روس کے اعلیٰ عہدیداروں نے ماسکو کی جارحانہ پالیسیوں کے بارے میں نیٹو کے سیکریٹری جنرل کے بیان کے ردعمل میں اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ نیٹو دنیا میں حقیقی خطرات کی جڑ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ برسلز کو چاہیئے کہ نیٹو کے رکن ممالک میں پائے جانے والے مسائل پر توجہ دے اور روس کے بارے میں اپنا مؤقف واضح کرے۔

    روس کے دفتر خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ینس اسٹولٹن برگ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو کو چاہیئے کہ روس کے بارے میں بے بنیاد دعوے کرنے کے بجائے اپنے رکن ممالک میں پائی جانے والی مشکلات پر توجہ دے۔

    اس سے قبل نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے کہا تھا کہ روس پڑوسی ملکوں میں عدم استحکام کا باعث بنا ہوا ہے جو مسلسل اپنی فوجی طاقت بڑھا رہا ہے اور جارحانہ پالیسیاں جاری رکھے ہوئے ہے، علاوہ ازیں روس میں اندرونی مخالفین کو کچلنے کی کوشش بھی کر رہا ہے۔

    اس سے قبل ویانا میں فوجی سلامتی اور ہتھیاروں کے کنٹرول سے متعلق مذاکرات میں روس کے مذاکرات کار وفد کے سربراہ کنسٹنٹائن گاوریلوف نے کہا تھا کہ نیٹو کو روس کے بارے میں تعاون یا محاذ آرائی میں سے کسی ایک راستے کا انتخاب کرنا ہوگا اس لیے کہ ماسکو کے لیے 2 نشستوں پر بیک وقت بیٹھنا ممکن نہیں ہے۔

  • روس نے جدید ترین پستول تیار کرلیا

    روس نے جدید ترین پستول تیار کرلیا

    ماسکو: روس کی کلاشنکوف کمپنی نے نیا اور جدید ترین پستول تیار کرلیا جس کی کامیاب آزمائشیں مکمل ہوگئیں۔

    روسی میڈیا کے مطابق کلاشنکوف گروپ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کلاشنکوف گروپ (اسٹیٹ ٹیک کارپوریشن روسٹیک) کی جانب سے تیار کردہ پستول لابیدیو ماڈیولر نے مختلف آزمائشوں کو کامیابی کے ساتھ پاس کیا ہے۔

    گروپ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پستول کو نیشنل گارڈ کی ایک تکنیکی تفویض کے تحت آر وائیز تجرباتی ڈیزائن کے مطابق تشکیل دیا گیا ہے، اس توسیع شدہ ٹیکٹیکل صلاحیتوں کے حامل 19 بائی 9 ملی میٹر پستول کے لیے ایک ایڈوانسڈ پستول چیمبر تیار کیا گیا ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیشنل گارڈ کی کمانڈ نے نئے پستول کی بے حد تعریف کی ہے۔

    فیڈرل نیشنل گارڈ ٹروپس سروس کے ڈپٹی ڈائریکٹر، نیشنل گارڈ ٹروپس کے کمانڈر انچیف الیکسی بیزوبیکوف کا کہنا ہے کہ پستول پر کام نیشنل گارڈ کی حکمت عملی، تکنیکی تفویض کے تحت سنہ 2017 میں شروع ہوا تھا۔ اب یہ کام مکمل طور پر انجام پایا اور اس کی آزمائش مثبت نتائج کے ساتھ پوری ہوئی۔

    گروپ کا مزید کہنا ہے کہ روس کے قومی کمیشن نے پستول کے ریاستی ٹرائلز کے نتائج کی منظوری دی اور سفارش کی ہے کہ اس ہینڈ گن کو نیشنل گارڈ میں خدمات کے لیے قبول کیا جائے۔

    اس کے علاوہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیکیورٹی اور دفاعی اداروں سے بھی توقع کی جارہی ہے کہ وہ نئے پستول میں دلچسپی دکھائیں۔

  • امریکا نے روس پر پابندیاں عائد کردیں

    امریکا نے روس پر پابندیاں عائد کردیں

    ماسکو: امریکا نے روسی بلاگر کو زہر دینے کی سازش کے الزام میں روس پر پابندیاں عائد کردیں، بین الاقوامی ماہرین ان امریکی پابندیوں کو محض علامتی قرار دے رہے ہیں۔

    روسی میڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں یورپی یونین کی جانب سے روس پر پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد اب امریکا نے بھی روسی بلاگر الیکسی نوالنی کو زہر دینے کی سازش کے الزام میں روس پر پابندیاں عائد کرتے ہوئے متعدد روسی حکومتی عہدے داروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

    بائیڈن انتظامیہ اس سے قبل نوالنی کے قتل کی سازش کا الزام روسی صدر پر عائد کرتی رہی ہے تاہم امریکا نے ان پر پابندی عائد نہیں کی تھیں، بین الاقوامی ماہرین ان امریکی پابندیوں کو محض علامتی قرار دے رہے ہیں۔

    قبل ازیں یورپی یونین کے کئی ملک بھی اس معاملے پر روسی حکام پر پابندیاں عائد کر چکے ہیں۔

    روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے امریکا کے اس اقدام کے بعد خبردار کیا ہے کہ روس اس معاملے پر جوابی اقدامات اٹھائے گا۔

    روس کی وزارت خارجہ کے مطابق روس کا جواب مناسب اور برابری کی سطح پر ہوگا، روسی حکومت کے ترجمان دیمتری بیسکوف نے کہا ہے کہ مغرب کی طرف سے روس کے خلاف پابندیوں کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ جو اس طرح کے اقدامات کی خواہش رکھتے ہیں، انہیں سوچنا چاہیئے کہ اس پالیسی سے کچھ مقصد حاصل نہ ہوگا۔

  • روس کے بحری جہاز ہائپر سونک ہتھیاروں سے لیس

    روس کے بحری جہاز ہائپر سونک ہتھیاروں سے لیس

    ماسکو: روس کا کہنا ہے کہ روسی بحریہ کے جدید فریگیٹس ہائپر سونک ہتھیاروں سے لیس ہوں گے، ان جہازوں پر زیادہ مقدار میں گولہ بارود ہوگا۔

    روسی میڈیا کے مطابق روسی ملکی شپ بلڈنگ انڈسٹری کے ایک ادارے نے بتایا ہے کہ روسی بحریہ کے جدید پروجیکٹ 22350 فرگیٹ ایڈمرل امیلکو اور ایڈمرل چیچاگوف ہائپر سونک ہتھیاروں کے کیریئر بن جائیں گے اور ہر بحری جہاز 32 کروز میزائل لے جانے کے قابل ہوگا۔

    ذرائع نے بتایا کہ یہ دونوں جہاز، فرگیٹ ایڈمرل آملو اور ایڈمرل چیچاگوف اس سلسلے کے معیاری سیریل تیار کردہ جہازوں کو دیے گئے اہداف کو پورا کرنے کے قابل ہوں گے۔

    اطلاعات کے مطابق ان جہازوں پر زیادہ مقدار میں گولہ بارود ہوگا، اس کے علاوہ انہیں ہائپر سونک ہتھیاروں سے بھی لیس کیا جا سکے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں روس نے خوفناک انٹر سیپٹر میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

    وزارت دفاع کے مطابق اے بی ایم سسٹم کے نئے انٹر سیپٹر میزائل نے متعدد تجربات میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کیا اور پہلے سے طے شدہ تصوراتی ہدف کو نشانہ بنایا۔

    اسی ماہ روس نے نئے ہائپر سونک اینٹی شپ کروز میزائل کا بھی کامیاب تجربہ کیا تھا۔

    ہائپر سونک میزائل نے برنٹس سمندر میں 450 کلومیٹر کے فاصلے پر اپنے ہدف کو نشانہ بنایا اور ماک 8 کی رفتار کو چھوا جو آواز کی رفتار سے 8 گنا زیادہ ہے۔

  • روس میں کم عمر بچوں کے والدین کے لیے معاوضے کا اعلان

    روس میں کم عمر بچوں کے والدین کے لیے معاوضے کا اعلان

    ماسکو: روس میں صدارتی فرمان جاری کیا گیا ہے کہ جس کے مطابق حکومت کو والدین، بچہ گود لینے والے والدین اور 7 سال سے کم عمر بچوں کے سرپرستوں کو معاوضے کی ادائیگی کرنا ہوگی، ہر بچے کے لیے 5 ہزار روبل دیے جائیں گے۔

    روسی میڈیا کے مطابق روس کے پنشن فنڈ (پی ایف آر) نے ایک بار پھر ادائیگیوں کے حصول کے طریقہ کار کی وضاحت کی ہے اور بتایا ہے کہ بچوں کو نئے سال میں ادائیگی 5 ہزار روبل ہوگی جو ان تمام خاندانوں کو فراہم کی جائے گی جو 31 مارچ 2021 تک بچوں کی پیدائش کا اندراج کروائیں گے۔

    صدارتی فرمان کے مطابق روس میں حکومت کو والدین، بچہ گود لینے والے والدین اور 7 سال سے کم عمر بچوں کے سرپرستوں کو معاوضے کی ادائیگی کرنا ہوگی، ہر بچے کے لیے 5 ہزار روبل دیے جائیں گے۔

    جن خاندانوں نے 3 سال سے کم عمر کے بچوں کے لیے ماہانہ ادائیگی یا سنہ 2020 میں 3 سے 16 سال کی عمر کے بچوں کے لیے ایک سال کا معاوضہ وصول کیا تھا، ان کو دسمبر میں پنشن فنڈ کے ذریعے رقم خود بخود فراہم کردی گئی ہیں۔

    اس اطفال فنڈ کی رقم حاصل کرنے کی درخواست میں ہر بچے کے پیدائشی سرٹیفکیٹ کی تفصیلات اور بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات بتانا ہوں گی جس میں رقوم کی منتقلی کی جائے گی۔

    پنشن فنڈ حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر والدین کا بینک اکاؤنٹ بند ہوچکا ہو جس سے وہ پہلے بچوں کی ادائیگی حکومت سے وصول کر رہے تھے تو اس صورت میں انہیں ایک اضافی درخواست دینے کی بھی ضرورت ہوگی۔