Tag: ماسکو

  • کرونا ویکسین سے متعلق روس سے بڑی خوش خبری

    کرونا ویکسین سے متعلق روس سے بڑی خوش خبری

    ماسکو: روس نے کرونا وائرس کی وبا کی خراب ہوتی صورت حال میں خوش خبری دی ہے کہ کرونا وائرس کی ویکسین 12 اگست کو رجسٹرد کر دی جائے گی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق 12 اگست کو دنیا کی پہلی کرونا ویکسین کو منظوری ملے گی، روس نے دعویٰ کیا ہے کہ 12 اگست کو گیم کووِڈ ویک لیو نامی ویکسین کی رجسٹریشن ہوگی۔

    روسی دعوے کے مطابق ستمبر میں مذکورہ ویکسین کی پروڈکشن کا عمل بھی شروع ہو جائے گا اور اکتوبر میں ملک بھر میں لوگوں کو اس کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔

    اگر رواں ماہ اس ویکسین کی منظوری دی جاتی ہے تو روس کو وِڈ 19 کی ویکسین کی منظوری دینے والا پہلا ملک بن جائے گا، بتایا جا رہا ہے کہ بہت جلد یہ ویکسین مارکیٹ میں آ جائے گی۔

    اس سلسلے میں روس کے نائب وزیر صحت اولگ گرڈنیف نے بتایا ہے کہ 12 اگست کو کرونا وائرس کے خلاف بنائی گئی پہلی ویکسین کو رجسٹر کیا جائے گا، یہ ویکسین (Gam-Covid-Vac Lyo) ماسکو میں واقع گملیا انسٹی ٹیوٹ اور روسی وزارت دفاع نے مشترکہ طور پر مل کر بنائی ہے۔

    واضح رہے کہ اس ویکسین کا تیسرے مرحلے کا کلینیکل ٹرائل ابھی جاری ہے، تاہم روس جلد از جلد اس ویکسین کو مارکیٹ میں لانا چاہتا ہے، دوسری طرف دنیا کے سائنس دانوں کو یہ خدشہ ہے کہ کہیں اول آنے کی دوڑ میں معاملہ الٹا نہ پڑ جائے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ روسی دعوے کو سہارا دینے کے لیے ابھی تک کوئی سائنسی رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے، تاہم روسی سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ جو ویکسین تیار کی جا رہی ہے وہ پہلے ہی سے اسی طرح کی دیگر بیماریوں سے لڑنے کی اہلیت رکھتی ہے۔

    یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس ویکسین کے ٹرائلز میں روسی فوج کے رضاکاروں نے حصہ لیا ہے اور اس منصوبے کے ڈائریکٹر الیگزینڈر گنسبرگ نے خود اس کا ڈوز لیا ہے۔

  • ماسکو: طیارے اور فیول ٹینکر کے درمیان خوف ناک حادثہ (ویڈیو)

    ماسکو: طیارے اور فیول ٹینکر کے درمیان خوف ناک حادثہ (ویڈیو)

    ماسکو: روس کے شہر ماسکو میں ایئرپورٹ پر ایک طیارے اور فیول ٹینکر کے درمیان خوف ناک حادثہ ہوا ہے، تاہم معجزانہ طور پر واقعے میں کوئی جانی نقصانہ نہیں ہوا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ دن صبح پیش آیا تھا، جب ماسکو کے ایک ایئر پورٹ پر ایئر بس A321 نے ایک خوف ناک حادثے میں ایک فیول ٹینکر کو کچل دیا، معجزانہ طور پر اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    ماسکو کے مصروف شرمتیئیف ایئر پورٹ پر واقعے کے بعد حکام نے تفتیش شروع کر دی ہے، حادثے کی وجہ سے ایئروفلوٹ کے طیارے کی باڈی کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا جب کہ فیول ٹینکر تباہ ہو گیا۔

    اگرچہ آگ بجھانے والی گاڑیاں فوری پر حادثے کے مقام پر پہنچ گئی تھیں اور ایئر پورٹ پر ایمرجنسی کا بھی اعلان کر دیا گیا تھا تاہم حیرت انگیز طور پر حادثے میں آگ نہیں بھڑکی تھی۔

    خوش قسمتی سے مذکورہ طیارے کی بورڈنگ ابھی شروع نہیں ہوئی تھی تاہم سوچی کے لیے فلائٹ کی تیاری جاری تھی، حادثے کے بعد طیارے کو سروس سے ہٹا دیا گیا۔

    تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روس کے سر فہرست ایئر لائن کے طیارے کی ناک بری طرح متاثر ہوئی ہے، جب کہ اسکانیا فیول ٹینکر کی چھت تباہ ہو چکی ہے۔ ایئرپورٹ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ گاڑی اور طیارے کو نقصان پہنچا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، واقعے کے اسباب کا تعین بھی کیا جا رہا ہے۔

  • قرنطینہ سے بھاگنے پر 7 سال سزا ہوسکتی ہے

    قرنطینہ سے بھاگنے پر 7 سال سزا ہوسکتی ہے

    ماسکو: روس میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سخت اصول اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے قرنطینہ سے بھاگنے والے افراد کے لیے 7 سال سزا کی تجویز پیش کردی گئی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس میں قانون سازوں نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے قرنطینہ کے اصولوں کی خلاف ورزی پر سخت سزاؤں کی تجویز دی ہے۔

    ان سزاؤں میں قرنطینہ کے لیے وضع کیے گئے اصولوں کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو 7 سال قید کی سزا بھی شامل ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اگر کرونا کے کسی مشتبہ یا مصدقہ مریض نے قرنطینہ میں نہ رہنے کے لیے دھوکہ دے کر لوگوں کو وائرس سے متاثر کیا یا جان بوجھ کر کسی ایک بھی شخص کی ہلاکت کا سبب بنا تو اسے 5 سال قید اور 2 یا اس سے زائد افراد کی موت کا ذمہ دار پایا گیا تو 7 سال قید ہوگی۔

    روس کے کرمنل کوڈ میں ترامیم کی یہ تجاویز روس کی پارلیمان کے اسپیکر وچسلیو ولودن اور روس کی حکمران جماعت یونائٹڈ رشیا پارٹی کے ایک سینیئر قانون دان کی جانب سے پیش کی گئی ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ یہ جلد منظور کرلی جائیں گی۔

    روس کے دارالحکومت ماسکو کی ڈوما اسمبلی آئندہ منگل کو ان تجاویز کا جائزہ لے گی، 144 ملین آبادی والے روس میں اب تک کرونا وائرس کے 658 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین جو کرونا وائرس کے لیے قائم ٹاسک فورس کے سربراہ بھی ہیں، نے صدر ولادی میر پیوٹن کو خبردار کیا تھا کہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی اصل تعداد سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔

  • کاک پٹ میں ہنگامہ برپا کرنے والے کے ساتھ مسافروں نے کیا کیا؟

    کاک پٹ میں ہنگامہ برپا کرنے والے کے ساتھ مسافروں نے کیا کیا؟

    ماسکو: روس میں نجی ایئرلائن کی پرواز میں نشے میں دھت مسافر کی کاک پٹ میں داخل ہونے کی کوشش مسافروں نے ناکام بنادی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس میں لوکل پرواز میں نشے میں دھت مسافر نے ہنگامہ کھڑا کردیا اور مبینہ طور پر کاک پٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔

    جہاز میں سوار دیگر مسافروں نے جب یہ سارا منظر دیکھا تو اسے نشست پر بیٹھا کر ٹیپ سے باندھ دیا تاکہ وہ مزید کوئی کارروائی نہ کرسکے۔

    رپورٹ کے مطابق روس میں مسافر پرواز ایس 7 میں سوار تھا، پرواز منرلنی ووڈی سےنووسیبیر سک جارہی تھی جب دوران پرواز مسافر نے اچانک جارحانہ رویہ اختیار کیا اور کپتان سے بات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کاک پٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

    دوسرے مسافروں نے جب یہ سارا منظر دیکھا تو مذکورہ شخص کو روک لیا اور ٹیپ سے بزنس کلاس کی ایک خالی نشست پر اسے باندھ دیا۔

    روسی وزارت دفاع کے مطابق اس شخص نے فلائٹ میں سوار ہونے سے پہلے نشہ کررکھا تھا اور اسے پرواز کی لینڈنگ کے بعد گرفتار کرکے تفتیش کے لیے سیل میں بند کردیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق نشے میں دھت شخص نے پولیس اسٹیشن میں اپنا جارحانہ رویہ اختیار کیے رکھا اور پولیس اہلکاروں سے بھی بدسلوکی کی۔

    روسی حکام کا کہنا ہے کہ اس شخص کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اس کو پانچ سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

  • روس، موبائل فون باتھ ٹب میں گرنے سے خاتون ہلاک

    روس، موبائل فون باتھ ٹب میں گرنے سے خاتون ہلاک

    ماسکو: روس میں 26 سالہ خاتون موبائل فون باتھ ٹب میں گرنے سے ہلاک ہوگئی۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 26 سالہ روسی خاتون چارج پر لگا موبائل فون باتھ ٹب میں گرنے سے زندگی کی بازی ہار گئیں، خاتون کی والدہ نے ان کی ہلاکت کی وجہ موبائل فون باتھ ٹب گرنا قرار دیا۔

    رپورٹ کے مطابق 26 سالہ ایوجنیا شولیاتیوا پیشے کے اعتبار سے اکاؤنٹنٹ تھیں، شولیاتیوا کی 53 سالہ والدہ جب گھر پہنچیں تو بیٹی کی جانب سے کوئی جواب نہ دیا گیا جب انہوں نے باتھ ٹب کا رخ کیا گیا بیٹی کو مردہ حالت میں پایا۔

    یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ شولیاتیوا اس وقت موبائل فون استعمال کررہی تھیں یا نہیں لیکن کہا جارہا ہے کہ چارج پر لگا موبائل فون باتھ ٹب میں گرنے سے ان کی ہلاکت ہوئی ہے۔

    روسی انویسٹی گیشن کمیٹی نے واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    مزید پڑھیں: ابوظبی: فون کا پاس ورڈ نہ دینے پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا

    واضح رہے کہ رواں سال اگست میں 10 سالہ اسکول کی طالبہ موبائل فون باتھ تب میں گرنے سے ہلاک ہوگئی تھیں، موبائل فون چارجنگ میں لگا ہوا تھا۔

    اسی طرح کا ایک واقعہ اپریل میں پیش آیا تھا جب ایک سپر مارکیٹ میں کام کرنے والی 20 سالہ لڑکی اپنے گھر میں موبائل فون باتھ ٹب میں گرنے کے سبب جان کی بازی ہار گئی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں روس کی مارشل آرٹ چیمپئن ایرینا ریبنی کووا اپنا آئی فون چارجنگ کے دوران باتھ ٹب میں گرنے کے سبب ہلاک ہوگئی تھی۔

  • ماسکو، رن وے پر دو مسافر طیارے آپس میں ٹکرا گئے

    ماسکو، رن وے پر دو مسافر طیارے آپس میں ٹکرا گئے

    ماسکو: روس کے شہر ماسکو ایئرپورٹ کے رن وے پر دو مسافر طیارے آپس میں ٹکرا گئے جس کے سبب مسافر خوفزدہ ہوگئے اور طیاروں کو نقصان پہنچا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روس کے شہر ماسکو میں 2 مسافر طیارے آپس میں ٹکرا گئے، ایرو فولٹ ایئربس اے 330-343 میں 229 مسافر سوار تھے۔

    رپورٹ کے مسافر ایئربس مسافروں کو لے کر بیجنگ روانہ ہورہی تھی کہ قریب کھڑے بوئنگ 777 طیارے سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں طیاروں کو نقصان پہنچا۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق حادثے کے نتیجے میں کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا ہے، طیاروں کو گراؤنڈ کردیا گیا ہے۔

    تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حادثے کے باعث طیارے کے پروں کو نقصان پہنچا ہے، مسافروں کو دوسرے طیارے میں روانہ کرنے سے قبل انہیں ٹرمینل بھیج دیا گیا۔

    یہ پڑھیں: ماسکو: روسی مسافر بردار طیارے میں دوران پرواز آگ، ہنگامی لینڈنگ، 13 افراد ہلاک

    حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور ٹیکنیشن کی جانب سے طیارے کی مرمت کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پکشن انٹرنیشنل ایئرپورٹ ماسکو پر روزانہ کی بنیاد پر متعدد انٹرنیشنل فلائٹس اترتی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق 2017 میں روس کے ایرئوپرٹ پر 40.1 ملین مسافر تین لاکھ آٹھ ہزار 90 طیاروں کی مدد سے اپنی منزل مقصود پر پہنچے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں سال مئی میں روسی مسافر بردار طیارے میں دوران پرواز آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے، طیارے میں 78 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے۔

    مقامی طیارہ سخوئی سپر جیٹ 100 کے بارے میں بتایا گیا کہ یہ ماسکو ایئر پورٹ سے پرواز کر کے مرمانسک جا رہا تھا کہ اڑان بھرنے کے تھوڑی دیر بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

  • روس، پرندوں کا جھنڈ طیارے کے انجن میں پھنس گیا، ایمرجنسی لینڈنگ، 23 مسافر زخمی

    روس، پرندوں کا جھنڈ طیارے کے انجن میں پھنس گیا، ایمرجنسی لینڈنگ، 23 مسافر زخمی

    ماسکو: روس میں پائلٹ نے انجن بند ہونے کے باوجود طیارے کو کامیابی سے کھیتوں میں اتار کر سب کو حیران کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورال ایئرلائنز کی پرواز اے 321 کی پرواز 226 مسافروں اور سات عملے کے افراد کو لے کر ماسکو کے ہوائی اڈے سے کریمیا کے لیے اڑی تو ایک کلو میٹر دور پرندوں کا جھنڈ طیارے کے دونوں انجن میں پھنس گیا جس کے باعث انجن بند ہوگئے اور لینڈنگ گیئر بھی خراب ہوگیا۔

    پائلٹ دمیر یوسوپوف نے ان تمام رکاوٹوں کے باوجود طیارہ کامیابی سے کھیتوں میں اتاردیا، روسی وزارت صحت کے مطابق ایمرجنسی لینڈنگ کے نتیجے میں 23 افراد زخمی ہوئے جن میں 9 بچے بھی شامل ہیں۔

    ایمرجنسی لینڈنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، دیگر مسافروں کو ایئرپورٹ روانہ کردیا گیا۔

    روس کے سرکاری ٹیلی وژن نے اس کارنامے کو معجزہ قرار دیتے ہوئے پائلٹ کو ہیرو کا خطاب دیا ہے۔

    ایک مسافر کا کہنا تھا کہ طیارے کے اڑان بھرنے کے تھوڑی دیر بعد طیارے نے شدید جھٹکے کھانے شروع کردئیے اور جلنے کو بو آنے لگی پھر طیارے نے لینڈنگ کی اور ہم سب نے باہر نکل کر بھاگنا شروع کردیا۔

    یاد رہے کہ 2009 میں امریکی پائلٹ نے ہنسوں کے جھنڈ سے ٹکرانے کے بعد اپنا طیارہ دریائے ہڈسن میں اتاردیا تھا۔

    خیال رہے کہ رواں سال جون میں روس میں طیارہ ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران عمارت سے ٹکرا گیا تھا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • روس، آرمی بیس میں راکٹ دھماکے سے پھٹ گیا، 2 افراد ہلاک

    روس، آرمی بیس میں راکٹ دھماکے سے پھٹ گیا، 2 افراد ہلاک

    ماسکو: روس کے آرمی بیس میں راکٹ دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی آرمی بیس میں راکٹ انجن مشقوں کے دوران دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 6 شدید زخمی ہوگئے۔

    [bs-quote quote=”حالات کنٹرول میں ہیں خطرے کی کوئی بات نہیں ہے” style=”style-8″ align=”left” author_name=”روسی وزارت داخلہ”][/bs-quote]

    رپورٹ کے مطابق زخمیوں میں سول انجینئرز بھی شامل ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    روسی میڈیا کے مطابق ایٹمی مواد کی موجودگی میں ریڈیشن پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ روسی وزارت داخلہ کے مطابق ریڈیشن کا لیول نارمل ہے، حالات کنٹرول میں ہیں خطرے کی کوئی بات نہیں ہے۔

    جس علاقے میں راکٹ پھٹا ہے اس علاقے کی کل آبادی ایک لاکھ 85 ہزار کے قریب ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی روس میں راکٹ انجن دھماکے سے پھٹ گیا تھا جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ دو سال قبل امریکی خلائی راکٹ آپریشنل کمپنی اسپیس ایکس میں خلائی راکٹ کا انجن آزمائش کے دوران پھٹ گیا تھا تاہم حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

  • روسی سوشل میڈیا اسٹار کا بہیمانہ قتل، ملزم گرفتار

    روسی سوشل میڈیا اسٹار کا بہیمانہ قتل، ملزم گرفتار

    ماسکو: روسی سوشل میڈیا اسٹار کی لاش ان کے گھر سے سوٹ کیس سے برآمد ہوئی ہے، پولیس نے قتل کے شبے میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر تصاویر پوسٹ کرکے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی 24 سالہ روسی دوشیزہ ایکاترینا کاراگلانوا اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئی تھیں، پولیس نے قتل کے شبے میں ایک ملزم کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    روسی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جس کمرے سے لڑکی کی لاش برآمد ہوئی ہے وہاں کا دورہ کرکے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں اور سوٹ کیس کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

    مقتولہ ایکاترینا کاراگلانوا کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 92 ہزار سے زائد تھی اور انہوں نے گریجویٹ کی ڈگری حاصل کررکھی تھی۔

    ایکاتریناکارا نے اپنی آخری تصویر انسٹا گرام پر چند روز قبل شیئر کی تھی۔

    ایک پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے زیادہ آرام کرنا پسند نہیں ہے اور میں اکثر سفر کرنا پسند کرتی ہوں، ان کا کہنا تھا کہ میرا سب سے لمبا ٹور ایک مڈل ایسٹ ملک کا تھا جہاں میں نے تین سے پانچ دن گزارے تھے اور اس وقت میری عمر 14 سال تھی۔

    ایکتاترینا ٹریول اور فیشن بلاگر بھی تھیں، ان کی لاش 29 جولائی کو ان کے کمرے سے برآمد ہوئی تھی جبکہ 30 جولائی کو ان کی سالگرہ بھی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق ایکاترینا کے اہل خانہ گزشتہ کئی روز سے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کررہے تھے رابطہ نہ ہونے پر انہوں نے مالک مکان سے رابطہ کیا، بعدازاں تلاش کے بعد ان کی لاش گھر میں رکھے ایک سوٹ کیس سے برآمد ہوئی۔

  • روس نے کرکٹ کو کھیل ماننے سے ہی انکار کردیا

    روس نے کرکٹ کو کھیل ماننے سے ہی انکار کردیا

    ماسکو: روس نے کرکٹ کو کھیل ماننے سے انکار کردیا، 15 جولائی کو روس میں حکم نامہ جاری کیا گیا جس میں تسلیم شدہ کھیلوں کے نام درج تھے لیکن اس فہرستمیں کرکٹ شامل نہیں تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ کو فٹ بال کے بعد دنیا کا سب سے بڑا کھیل مانا جاتا ہے لیکن روس نے کرکٹ کو کھیل ماننے سے انکار کردیا ہے، انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کی جانب سے بھی کرکٹ کو تسلیم کیا جاچکا ہے لیکن 1900 کے بعد سے اولمپکس میں اس کھیل کو نہیں کھیلا گیا۔

    روس کی جانب سے سرکاری سطح پر جن کھیلوں کو تسلیم کیا گیا ہے ان میں منی گالف اور ڈراف جیسے کھیل بھی شامل ہیں لیکن کرکٹ کو کھیلنے نہیں مانا گیا ہے۔

    کھیل کو تسلیم نہ کیے جانے کا یہ مطلب نہیں کہ روس میں اس کھیل کو کھیلا نہیں جاسکے گا بلکہ اس کے بجائے حکومت کی جانب سے اس کھیل کو کھیلنے کے لیے کسی بھی قسم کی معاونت یا فنڈز فراہم نہیں کیے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں: ورلڈکپ فائنل، سرلنکن امپائر نے اضافی رن دینے کی غلطی کا اعتراف کرلیا

    ماسکو کرکٹ اسپورٹس فیڈریشن کے رکن الیگزینڈرا سوروکن نے کہا کہ کرکٹ کو تسلیم نہ کیے جانے کی وجہ وزارت کھیل میں جمع کرائی گئی درخواست میں غلطیاں تھیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن آئندہ سال پھر درخواست دائر کرے گی اور اس مرتبہ ہم کامیابی کے لیے پرامید ہیں، اس کے ساتھ روسی حکام نے تھائی باکسنگ کو بھی کھیل ماننے سے انکار کردیا ہے۔

    خیال رہے کہ روسی حکومت کا یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک انگلینڈ کی ورلڈ کپ کی جیت کو شائقین کی جانب سے متنازع کہا جارہا ہے۔