Tag: ماسک پہننے سے انکار

  • مسافر کی عجیب حرکت، امریکی جہاز کو فضا میں واپس موڑ لیا گیا

    مسافر کی عجیب حرکت، امریکی جہاز کو فضا میں واپس موڑ لیا گیا

    میامی: امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی سے لندن جانے والی ایک پرواز میں مسافر نے ماسک پہننے سے انکار کر دیا، جس پر طیارے کو فضا میں واپس میامی ایئرپورٹ کی جانب موڑنا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بدھ کی رات کو امریکی ایئر لائن کے جہاز میں سوار مسافر کی جانب سے کرونا کا حفاظتی ماسک پہننے سے انکار پر آدھے راستے میں ہی جہاز کو واپس موڑ لیا گیا، جمعرات کو ایئر لائن حکام نے بتایا کہ پرواز میامی سے لندن جا رہی تھی، تاہم اس دوران ایک مسافر نے ماسک پہننے کا ضابطہ ماننے سے انکار کر دیا۔

    دوران پرواز مسافر کی جانب سے بدمزگی پیدا ہونے پر جب معاملہ حل نہ ہوا تو پائلٹ کو مجبوراً جہاز کو واپس میامی لے جانا پڑ گیا، 129 مسافروں اور 14 عملے کے ارکان کو لے کر روانہ ہونے والے بوئنگ 777 جب واپس ایئر پورٹ آئی تو پولیس پہلے سے وہاں پہنچ چکی تھی۔

    امریکی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے بعد اس مسافر کو ان لوگوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے جن کے ہوائی سفر پر پابندی عائد ہے۔

    ایئر لائن نے بتایا کہ طیارہ میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت اتر گیا تھا، جہاں پولیس پہلے سے موجود تھی، تاہم پولیس نے مذکورہ مسافر جو 40 سالہ ایک خاتون تھیں، کو گرفتار نہیں کیا۔

    طیارے کی واپسی سے قبل اسے فضا میں ڈیڑھ گھنٹا ہو چکا تھا، مسافروں کا وقت ضایع ہونے پر ایئرلائن کو ان سے معافی بھی مانگنی پڑی۔

    وفاقی ہوا بازی کی انتظامیہ نے جنوری 2021 میں کہا تھا کہ ایسے کسی بھی عمل کو قطعی برداشت نہیں جو وبا سے بچاؤ کے ضوابط کے خلاف ہو اور ان میں ماسک پہننا لازمی ہے۔ یہ قدم ان بے شمار واقعات کے بعد اٹھایا گیا تھا جن میں مسافروں نے ماسک پہننے سے انکار کیا تھا، جس پر لڑائی جھگڑے بھی ہوئے تھے۔

  • دوران پرواز ماسک پہننے سے انکار پر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

    دوران پرواز ماسک پہننے سے انکار پر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

    میڈرڈ: اسپین میں دوران پروزا ایک مسافر کے ماسک پہننے سے انکار پر عملے نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے طیارے کا رخ موڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپین میں جزیرہ کناری سے میڈرڈ جانے والی ایک پرواز میں مغرور مسافر نے اپنا ماسک پہننے سے انکار کر دیا جس پر عملے کو طیارے کا رخ موڑ کر مالاگا میں ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔

    یہ واقعہ ایئر یوروپا کی پرواز میں جمعرات کی دوپہر کو پیش آیا تھا، پرواز کو نو بجے میڈرڈ میں اترنا تھا، لیکن اس کی آمد میں ایک مسافر کی وجہ سے طویل تاخیر ہو گئی جس نے عملے کے بار بار کہنے کے باوجود ماسک نہیں پہنا۔

    عملے نے طیارے کا رخ موڑ کر مالاگا کے کوسٹا ڈیلسول ایئر پورٹ پر طیارہ اتارنے کا فیصلہ کیا، ایئرپورٹ پر اترتے ہی طیارے کے عملے نے مذکورہ مسافر کو سول گارڈ کے حوالے کر دیا، اور پرواز اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گئی۔

    ایئر یوروپا کے ذرایع کا کہنا تھا کہ جب مسافر نے بار بار اصرار پر بھی ماسک نہیں پہنا تو عملے نے متعلقہ پروٹوکول متحرک کرنے کا فیصلہ کیا، جس میں طیارے کا رخ قریبی ایئرپورٹ کی طرف موڑنا شامل ہے، تاکہ سیکورٹی فورسز کو واقعے کی اطلاع دی جا سکے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے دنیا بھر کی فضائی کمپنیوں کی جانب سے پروازوں میں ایس او پیز کے تحت ماسک کا استعمال لازمی ہے۔

    اس سے قبل امریکا میں بھی فیس ماسک کے استعمال سے انکار پر متعدد مسافروں کو طیاروں سے اتارا جا چکا ہے۔ جون میں امریکی ایئر لائنز کی ایک پرواز کے دوران فیس ماسک پہننے سے انکار پر ایک شخص کو نہ صرف طیارے سے اتارا گیا بلکہ عارضی طور پر اس پر پابندی بھی عائد کی گئی تھی۔ جولائی میں بھی اسی فضائئی کمپنی نے ایک خاتون کو فیس ماسک نہ پہننے پر طیارے سے اتارا تھا۔

  • ماسک پہننے سے انکار، ہلال احمر اسپتال میں توڑ پھوڑ

    ماسک پہننے سے انکار، ہلال احمر اسپتال میں توڑ پھوڑ

    حیدرآباد: ہلال احمر اسپتال آنے والے افراد نے ماسک پہننے سے انکار کر دیا، روکے جانے پر انھوں نے اسپتال میں توڑ پھوڑ کی اور چلے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے شہر حیدرآباد میں ہلال احمر جنرل اسپتال میں نامعلوم افراد نے توڑ پھوڑ کی، مشتعل افراد جنرل اسپتال میں داخل ہوئے اور کاؤنٹر کے شیشے توڑ دیے۔

    پولیس نے اسپتال میں توڑ پھوڑ اور کاؤنٹر سے نقد رقم غائب کرنے کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کر لیا۔

    معلوم ہوا کہ متعلقہ افراد اسپتال میں زیر علاج کسی مریض سے ملنا چاہتے تھے لیکن نوجوانوں نے ماسک پہنے سے انکار کر دیا تھا، انھوں نے حیدرآباد سینٹر میں بغیر ماسک کے اندر جانے کی کوشش کی تاہم سیکورٹی گارڈ نے روک دیا اور ماسک پہننے کا کہا، جس پر وہ مشتعل ہو گئے اور انھوں نے اسپتال میں توڑ پھوڑ کی اور گیٹ کیپر پر تشدد کیا۔

    کراچی، کرونا کے مریض کی لاش لے جانے سے روکنے پر لواحقین آپے سے باہر، اسپتال میں توڑ پھوڑ

    نوجوانوں نے کاؤنٹر پر موجود عملے کے ایک رکن کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا، کاؤنٹر سے کیش بھی ساتھ لے گئے۔

    سیکریٹری ہلال احمر سندھ کنور وسیم کا کہنا تھا کہ صرف ماسک پہننے کی ہدایت پر ہنگامہ آرائی کی گئی، واقعے کی اطلاع فوری طور پر تھانہ لطیف آباد اور ضلعی انتظامیہ کو کی گئی جس پر واقعے میں ملوث 5 نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ اسپتال کے کاؤنٹر سے 30 ہزار روپے کیش بھی غائب کیا گیا تھا۔