Tag: ماسک

  • سعودی عرب میں روزانہ ایک کروڑ ماسک تیار ہوں گے

    سعودی عرب میں روزانہ ایک کروڑ ماسک تیار ہوں گے

    ریاض: سعودی عرب میں فیکٹریوں کو روزانہ ایک کروڑ فیس ماسک تیار کرنے کی ہدایت دے دی گئی تاکہ اس حوالے سے سعودی شہریوں کی ضرورت آسانی سے پوری کی جا سکیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی فیکڑیوں اور اداروں کو یومیہ 1 کروڑ حفاظتی ماسک تیار کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس بحران کے شروع ہی سے مسلسل کوشش رہی ہے کہ حفاظتی ماسک اندرون ملک زیادہ سے زیادہ تیار کیے جائیں تاکہ اس حوالے سے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی ضروریات آسانی سے پوری کی جا سکیں۔

    وزیر کا کہنا تھا کہ کئی سرکاری ادارے اندرون ملک ماسک تیار کر رہے ہیں، حکومت اس پروجیکٹ کو کامیاب بنانے کے لیے قرضے بھی دے رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ماسک تیار کرنے والی فیکٹریوں سے براہ راست ماسک خریدے بھی جا رہے ہیں۔ یہ طے پایا ہے کہ مملکت میں ماسک کی یومیہ پیداوار 1 کروڑ تک پہنچ جائے۔

    وزیر صنعت کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس بحران کے شروع میں ہماری فیکٹریاں حفاظتی ماسک جتنی تعداد میں تیار کر رہی تھیں اب ان کی پیداواری صلاحیت بڑھ کر 5 گنا زیادہ ہوچکی ہے۔

    سعودی فیکٹریاں فی الوقت 25 لاکھ حفاظتی ماسک تیار کر رہی ہیں اور جلد ہی یہ تعداد ایک کروڑ تک جا پہنچے گی۔

  • چاکلیٹس اور بسکٹس کے ساتھ اب فیس ماسک بھی وینڈنگ مشین سے نکلیں گے

    چاکلیٹس اور بسکٹس کے ساتھ اب فیس ماسک بھی وینڈنگ مشین سے نکلیں گے

    لندن/سنگاپور: کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اب فیس ماسک بھی وینڈنگ مشین سے مل سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وبا کے دوران لندن اور سنگاپور میں عوام کے لیے نئی سہولت فراہم کی گئی ہے، چاکلیٹس، بسکٹس، اور کولڈ ڈرنکس ہی نہیں اب فیس ماسک بھی وینڈنگ مشین سے مل سکتے ہیں۔

    لندن میں کرونا وبا کی تشویش ناک صورت حال کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے، شاپنگ مالز اور عام دکانوں کے ساتھ ساتھ عوام کی سہولت کے لیے جگہ جگہ ماسک وینڈنگ مشین نصب کر دی گئی ہیں۔

    حکومت کی جانب سے فیس ماسک کو لازمی قرار دینے کے بعد اپریل میں ایک نئی لانچ ہونے والی کمپنی ماسکیو نے یہ آئیڈیا پیش کیا، کمپنی کے مالک 42 سالہ ایڈم فری مین نے بتایا کہ کرونا وائرس کی وبا کے شروع میں وہ اپنے ایک دوست اور پڑوسی روسل سے گفتگو کر رہا تھا کہ یہ آئیڈیا ذہن میں آیا۔

    دریں اثنا، سنگاپور نے بھی ایسی وینڈنگ مشینیں لانچ کر دی ہیں جن سے عوام مفت میں فیس ماسک حاصل کر سکیں گے، یہ سہولت این جی او تماسک فاؤنڈیشن فراہم کر رہی ہے، جس کا آغاز 29 جون سے ہوگا، بتایا گیا ہے کہ سنگاپور بھر میں 1 ہزار 200 مشینیں لگائی جائیں گی، جن سے ہر شہری 2 فیس ماسک مفت حاصل کر سکے گا۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات بڑھ کر 43,230 ہو چکی ہیں جب کہ 307,980 افراد وائرس سے اب تک متاثر ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف سنگاپور میں اب تک صرف 26 افراد ہی وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں تاہم 42,955 افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔

  • شمالی وزیرستان میں ماسک نہ پہننے پر اب جرمانہ ہوگا

    شمالی وزیرستان میں ماسک نہ پہننے پر اب جرمانہ ہوگا

    میرانشاہ: خیبر پختون خواہ کے علاقے شمالی وزیرستان میں کرونا وائرس ایس او پیز کے مطابق ماسک نہ پہننے پر جرمانہ مقرر کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان نے ضلع بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔

    ڈی سی شاہد علی خان کا کہنا تھا کہ ضلع میں ماسک لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ شاہد علی خان کو 4 جون کو شمالی وزیرستان کا ڈپٹی کمشنر تعینات کیا گیا ہے، اس سے قبل وہ نوشہرہ میں ڈی سی کے عہدے پر فائز تھے۔

    ماسک پہننا لازمی قرار، خلاف ورزی پر جیل ہوسکتی ہے

    یاد رہے کہ چند دن قبل صوبائی وزیر ریلیف و آباد کاری اقبال وزیر کا کرونا ٹیسٹ بھی پازٹیو آ گیا تھا جس کے بعد انھوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

    30 مئی کو حکومت نے کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر فیس ماسک لازمی قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی تھی کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور مارکیٹوں سمیت پُر ہجوم مقامات پر ماسک لازمی پہنیں۔

    اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے تمام عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیتے ہوئے تنبیہہ جاری کی تھی کہ مارکیٹس، عوامی مقامات، مساجد اور پبلک ٹرانسپورٹ میں چیکنگ ہوگی اور ماسک پہننے کے حکم کی خلاف ورزی پر 3 ہزار جرمانہ اور دفعہ 188 تعزیرات کے تحت جیل بھیجا جا سکتا ہے۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 97 افراد کرونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے جب کہ 5,248 نئے کیسز سامنے آئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 144,478 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 2,729 ہو گئی ہے۔

  • اراکین پنجاب اسمبلی کی بے احتیاطی پر اسپیکر برہم، ماسک نہ پہننے والوں کو وارننگ

    اراکین پنجاب اسمبلی کی بے احتیاطی پر اسپیکر برہم، ماسک نہ پہننے والوں کو وارننگ

    لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز  الہیٰ نے ماسک نہ پہننے والے ممبران کو سختی سے ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے ماسک نہ پہننے والے ممبران کو سختی سے ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کا ن لیگ،ق لیگ یا پی ٹی آئی نہیں بلکہ سب پر حملہ ہے۔

    پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کہا اب بھی کہہ رہا ہوں بغیر ماسک پہنے ایوان میں نہ آئیں، ماسک اور احتیاط کرنے میں سب کا ہی بھلا ہے تاکہ کرونا سے بچا جا سکے۔

    اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران پرویز الہیٰ نے صوبائی وزیر خوراک عبدالعلیم خان کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر خوراک ایوان میں موجود کیوں نہیں ہیں،سوال جواب ان کے محکمے کے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ آفس میں سردار عثمان بزدار اور چوہدری پرویز الٰہی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت کرونا صورتحال اور فلاح عامہ پر بات چیت کی گئی تھی۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کی خوشحالی کے لیے ایک تھے اور ایک رہیں گے،مسلم لیگ ق ہماری اتحادی ہے،ساتھ لے کر چلیں گے،غلط فہمیاں پیدا کرنےکی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔

  • ابو ظہبی میں ماسک اور دستانے پھینکنے پر جرمانہ عائد

    ابو ظہبی میں ماسک اور دستانے پھینکنے پر جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں ماسک اور دستانے پھینکنے والوں پر جرمانہ عائد کردیا گیا، ابو ظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ ماسک اور دستانوں کا کچرا ماحول کے لیے نقصان دہ ہے۔

    مقامی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ابو ظہبی میں ماسک اور دستانے پھینکنے والوں کو 6 ٹریفک پوائنٹس اور 272 امریکی ڈالر کا جرمانہ کیا جائے گا۔

    ابو ظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ ماسک اور دستانوں کا کچرا ماحول کے لیے نقصان دہ ہے اور اس سے کمیونٹی بھی متاثر ہوتی ہے۔

    متحدہ عرب امارات میں وزارت صحت نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 44 ہزار نئے ٹیسٹ کیے ہیں جس کے نتیجے میں 540 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، اور اس طرح ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 38 ہزار 808 ہو گئی ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک شخص کی ہلاکت ہوئی ہے اور مرنے والوں کی کل تعداد 270 ہو گئی ہے۔

    وزارت صحت کے مطابق ایک دن میں 745 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں اور اس طرح متحدہ عرب امارات میں شفا یاب ہونے والے افراد کی تعداد 21 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کی صوبے میں ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عمل کی ہدایت

    وزیراعلیٰ پنجاب کی صوبے میں ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عمل کی ہدایت

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عمل کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں کرونا وائرس سے پیدا صورتحال اور حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ کو علاج کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد کے علاج میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائےگا، پنجاب کے اسپتالوں میں خالی بستر بھی موجود ہیں اور وینٹی لیٹرز بھی ہیں، اسپتالوں میں علاج معالجے کے لیے ضروری دوائیں دستیاب ہیں۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ کرونا کا پھیلاؤ روکنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،زندگیوں کو محفوظ بنانے کے اقدامات تسلسل سے جاری رہیں گے،کاروبار کی اجازت ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط ہے،ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر بزنس ہاؤسز کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    انہوں نے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ پروفیشنلز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عمل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹوں، بازاروں اور پارکوں میں ماسک پہننے پر عمل کرایا جائے،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

  • ماسک نہ پہننے پر جرمانہ: ماسک کی جگہ عربی رومال استعمال کیا جاسکتا ہے

    ماسک نہ پہننے پر جرمانہ: ماسک کی جگہ عربی رومال استعمال کیا جاسکتا ہے

    ریاض: سعودی وزرات صحت نے ماسک نہ پہننے پر جرمانے کے حوالے سے کہا ہے کہ اگر طبی ماسک دستیاب نہ ہو تو عربی رومال شماغ یا خواتین کا نقاب بھی اس کا متبادل ہو سکتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عربی رومال شماغ کو منہ پر لپیٹنا طبی ماسک کا نعم البدل ہے، اگر طبی ماسک نہیں تو شماغ یا خواتین کا نقاب بھی اس کا متبادل ہو سکتا ہے۔

    وزارت صحت کے ٹویٹر پر جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ اگر رومال یا خواتین کا نقاب اس طرح لیا گیا ہو کہ منہ اور ناک مکمل اور مضبوطی سے ڈھکی گئی ہو تو ان پر ماسک کی خلاف ورزی درج نہیں کی جائے گی۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ رومال یا خواتین کا نقاب طبی ماسک کا متبادل اسی صورت میں ہوسکتا ہے جب وہ ایک سے زائد تہوں پرمشتمل ہو اور منہ اور ناک مکمل طور پر ڈھکی ہوئی ہوں۔

    واضح رہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے طبی یا کپڑے والے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا ہے، گھر سے باہر ماسک استعمال نہ کرنے والوں کو 1 ہزار ریال جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    اس حوالے سے وزارت صحت کے ٹیلی فونک معلوماتی سینٹر 937 پر اس امر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا کہ شماغ یا نقاب ماسک کا متبادل ہوسکتے ہیں اگر وہ مقررہ شرائط کے مطابق ہوں۔

    یاد رہے کہ عرب ممالک میں سر پر 2 طرح کے رومال رکھے جاتے ہیں، ایک سفید باریک کپڑے کا ہوتا ہے جسے غطرہ کہا جاتا ہے جبکہ دوسرا سرخ اور سفید ہوتا ہے اس شماغ کہتے ہیں۔

    شماغ نسبتاً موٹا ہوتا ہے، اسے عام طور پر رات کو یا سرد موسم میں استعمال کیا جاتا ہے۔ سردیوں میں شماغ سے منہ کو بھی ڈھانپ لیا جاتا ہے جو سرد ہوا سے بچنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

  • ماسک پہننا لازمی قرار، خلاف ورزی پر جیل ہوسکتی ہے

    ماسک پہننا لازمی قرار، خلاف ورزی پر جیل ہوسکتی ہے

    اسلام آباد: ملکی دارالحکومت کے ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں تمام عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، مختلف مقاملات پر چیکنگ بھی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ مارکیٹس، عوامی مقامات، مساجد اور پبلک ٹرانسپورٹ میں چیکنگ ہوگی ماسک نہ پہنے ہوئے شہریوں کے خلاف کارروائی بھی ہوسکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ لاری اڈہ، گلیوں، سڑکوں، دفاتر میں بھی چیکنگ ہوگی، ماسک پہننے کے حکم کی خلاف ورزی پر 3ہزار جرمانہ اور دفعہ 188تعزیرات کے تحت جیل بھیجا جاسکتا ہے۔

    کورونا کیسز میں اضافہ، فیس ماسک لازمی قرار

    خیال رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر فیس ماسک لازمی قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور مارکیٹوں سمیت پرہجوم مقامات پر ماسک لازمی پہنیں۔

    ماسک پہننے سے متعلق پالیسی کو تمام صوبوں میں یقینی بنایا جارہا ہے جبکہ اسلام آباد میں حکمت عملی سخت کردی گئی، ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کو ہر صورت ماسک پہننے پر زور دیا ہے۔

  • بھارت: چہرے پر ماسک لگا کر ملزم پولیس کی حراست سے فرار

    بھارت: چہرے پر ماسک لگا کر ملزم پولیس کی حراست سے فرار

    نئی دہلی: بھارت میں ایک ملزم چہرے پر لگے ماسک کا فائدہ اٹھا کر پولیس کو چکمہ دے کر حراست سے فرار ہوگیا، ریاست میں ماسک پہننے کے لازمی قانون کی وجہ سے پولیس کو ملزم کی تلاش میں دشواری کا سامنا ہے۔

    بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع سہارنپور میں مقامی پولیس میڈیکل کروانے کے لیے ایک ملزم کو لے کر اسپتال پہنچی تو ملزم چہرے پر لگے ماسک کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگیا۔

    ریاستی حکومت نے باہر نکلنے والے افراد کے لیے ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا ہے جس کا فائدہ اس ملزم کو ہوا۔

    مذکورہ ملزم کو اسی روز گرفتار کیا گیا تھا، اس کے فرار کے بعد اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لیا جارہا ہے، پولیس کے مطابق ہر شخص کے ماسک پہننے کی وجہ سے ملزم کی تلاش میں دشواری پیش آرہی ہے۔

    ایس پی سٹی ونیت بھٹناگر کا کہنا ہے کہ ملزم کو رامپور پولیس کے ساتھ میڈیکل کے لیے ضلعی اسپتال لایا گیا تھا جہاں سے وہ پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہوگیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملزم کی تصویر اور تفصیلات ضلع کے تمام تھانوں میں چسپاں کروا دی گئی ہیں اور بہت جلد ملزم کو حراست میں لے لیا جائے گا۔

  • ماسک پہننے سے کرونا میں کمی آ سکتی ہے؟ نئی تحقیق میں جواب مل گیا

    ماسک پہننے سے کرونا میں کمی آ سکتی ہے؟ نئی تحقیق میں جواب مل گیا

    واشنگٹن: کرونا کے حوالے سے محققین کی نئی تحقیقی رپورٹ سامنے آئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر ماسک پہننے سے وائرس میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ماہرین کی اس نئی تحقیقی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ماسک پہننے سے کرونا کیسز میں 75 فی صد کمی واقع ہو سکتی ہے، سماجی فاصلوں کی پابندی کے ساتھ ماسک پہننا انتہائی اہم ہے۔

    محققین نے یہ تحقیق عالمی ادارہ صحت اور عالمی رہنماؤں کی جانب سے اس سوال کے جواب کی تلاش میں جاری کی ہے کہ آیا سرجیکل ماسک پہننا مؤثر ہے یا نہیں۔ ریسرچرز نے دعویٰ کیا ہے کہ سرجیکل ماسک پہننے سے کو وِڈ نائنٹین سے متاثرہ افراد کے دوسروں کو وائرس منتقل کرنے کے چانسز نمایاں طور پر کم ہو جاتے ہیں۔

    ہانگ کانگ میں ایک ٹیم کی جانب سے کیے گئے اس مطالعے کے مطابق ہوا میں موجود ذرات یا سانس لینے کے عمل کے دوران منہ سے نکلنے والی بوندوں کے ذریعے وائرس کی منتقلی کی شرح میں ماسک پہننے کے بعد 75 فی صد کمی دیکھی گئی۔

    کرونا کی عالمگیر وبا: متاثرہ افراد کی تعداد 50 لاکھ کے قریب پہنچ گئی

    2003 میں سارس وائرس کے انکشاف میں مدد دینے والے ہانگ کانگ یونی ورسٹی کے مائیکرو بائیولوجسٹ ڈاکٹر یوئن کوک ینگ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی عالمگیر وبا کے خلاف ماسک پہننے کے اثرات بہت زیادہ ہیں، اور یہ حالیہ ریسرچ اپنی نوعیت کی پہلی ریسرچ ہے۔

    اس ریسرچ کے لیے چوہے کی قسم کے ایک یورپی جانور ہیمسٹر کا استعمال کیا گیا، اس کے لیے دو الگ الگ پنجروں میں ہیمسٹرز کو بند کیا گیا، جن میں سے ایک گروپ کو کرونا وائرس لاحق تھا اور دوسرا گروپ صحت مند تھا۔ پھر پنکھے کے ذریعے متاثرہ ہیمسٹرز کی جانب سے ہوا صحت مند ہیمسٹرز کی جانب سے پہنچائی گئی تو ایک ہفتے کے اندر اندر 2 تہائی ہیمسٹرز وائرس کا شکار ہو گئے۔

    تاہم جب دوسری بار ہیمسٹرز کو ماسک پہنائے گئے، تو انفیکشن منتقلی کی شرح 15 فی صد گر گئی۔