Tag: مالی

  • مالی میں سونے کی کان میں حادثہ، 48 کان کن ہلاک

    مالی میں سونے کی کان میں حادثہ، 48 کان کن ہلاک

    افریقی ملک مالی میں غیر قانونی طور پر چلائی جانے والی سونے کی کان منہدم ہونے سے 48 کان کن ہلاک ہو گئے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق افریقی ملک کے مغربی علاقے میں سونے کی کان منہدم ہونے سے 48 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، کچھ متاثرین پانی میں گر گئے۔

    رپورٹ کے مطابق ہلاک کن کنوں میں زیادہ تعداد خواتین کی ہے، جبکہ ان میں ایک عورت بھی شامل ہے جس کی پیٹھ پر اپنا بچہ موجود تھا، حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جنوری میں جنوبی مالی میں سونے کی کان میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہو گئے تھے، جن میں زیادہ تر خواتین تھیں۔

    صرف ایک سال قبل اسی علاقے میں سونے کی کان کنی کے مقام پر ایک سرنگ منہدم ہوگئی تھی، جس میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، اور 70 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

  • سونے کی کان میں دب کر متعدد مزدور جان سے گئے

    سونے کی کان میں دب کر متعدد مزدور جان سے گئے

    جنوبی مالی میں سونے کی کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے 10 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی مالی کے ڈنگہ گاؤں میں سونے کی کان بیٹھ گئی۔ حادثے میں 10 افراد جن میں زیادہ تر خواتین تھیں ہلاک ہوگئیں جبکہ بہت سے افراد لاپتہ ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق مرنے والوں میں زیادہ تر کان کن ایک گڑھے میں پھنس گئے تھے کچھ کیچڑ والے پانی میں ڈوب گئے۔ بدقسمتی سے ان میں سے کسی کو بھی زندہ نہ بچایا جاسکا۔

    علاقائی گورنر کے دفتر نے اعلان کیا کہ خطرناک حالات کے باعث کسی بھی لاش کو بر آمد نہیں کیا جا سکا، جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش اور بچاؤ کے لئے کوششیں جاری ہیں۔

    اس سے قبل انڈونیشیا کے سوماٹرا جزیرے میں موسلا دھار بارشوں کے سبب لینڈ سلائڈنگ سے سونے کی کان بیٹھ گئی تھی، جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک جبکہ درجنوں افراد لاپتہ ہوگئے تھے۔

    سونے کی کان میں پھنسے 100 افراد ہلاک

    انڈونیشیا کے سوماٹرا صوبے میں دیہاتی سونے کی کان میں کھدائی کرنے میں مصروف تھے کہ اس دوران کان بیٹھ گئی، جس میں درجنوں افراد دب گئے۔

    رپورٹس کے مطابق تیز بارش اور اندھیرے کے سبب ریسکیو کے عملے کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔

  • مالی میں سونے کی کان گرنے سے 70 افراد لقمہ اجل بن گئے

    مالی میں سونے کی کان گرنے سے 70 افراد لقمہ اجل بن گئے

    مغربی افریقی ملک مالی میں سونے کی کان دھنس گئی، جس کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مالی کے جنوب مغرب میں واقع سونے کی ایک کان گزشتہ روز دھنس گئی تھی۔ سونے کی کانوں میں اسکے طرح کے حادثات معمول بن چکے ہیں۔

    مقامی حکام نے غیر ملکی خبر ایجنسی کے ساتھ گفتگو کے دوران ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔ جس وقت یہ سانحہ پیش آیا اس وقت کان میں 200 سے زیادہ افراد موجود تھے۔

    اس سے قبل وینزویلا میں غیر قانونی سونے کی کان گرنے سے 23 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق جنوبی امریکا کے ملک وینزویلا کی ریاست بولیور کے جنگل میں قائم بولا لوکا نامی سونے کی کان گر گئی تھی۔

    مقامی انتظامیہ کے مطابق کان گرنے کا واقعہ منگل کے روز پیش آیا، اُس وقت تقریباً 200 کے قریب لوگ موجود تھے۔

    ڈپٹی منسٹر آف سول پروٹیکشن کی جانب سے کان گرنے کی ویڈیو کو مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ایکس پر شیئر کیا گیا ہے۔

    کویت: آتشزدگی میں 50 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد گرفتاریاں

    سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لوگ سونے کی کان میں کام کر رہے تھے کہ اچانک کان گرنا شروع ہو گئی، دیکھتے ہی دیکھتے اس کی زد میں درجنوں مزدور آگئے۔

  • مالی کے قائم مقام صدر قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

    مالی کے قائم مقام صدر قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

    بماکو: مغربی افریقی ملک مالی کے قائم مقام صدر پر مسجد میں قاتلانہ حملہ ہوا ہے۔

    افریقی میڈیا کے مطابق مالی کے قائم مقام صدر کرنل اسیمی گوئتا پر 2 افراد نے چاقو سے حملے کی کوشش کی، تاہم وہ محفوظ رہے، اور ایک حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا۔

    مالی کے حکام کا کہنا تھا کہ حملہ منگل کی صبح کو بماکو کی جامع مسجد میں عید الاضحیٰ کی نماز کے بعد ہوا، نماز عید ادا ہو گئی تھی، جس کے بعد امام بھیڑ کی قربانی کے لیے دروازے کی طرف بڑھ رہے تھے، جب اچانک دو افراد نے کرنل اسیمی پر حملہ کر دیا۔

    اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق قائم مقام صدر کو فوری طور پر وہاں سے ہٹا دیا گیا، اور انھیں کوئی زخم نہیں آیا تھا، صدر کی سیکیورٹی سروس سے جب میڈیا نے سوال کیا کہ کیا یہ قاتلانہ حملہ تھا، تو انھوں نے جواب دیا جی بالکل، قاتلانہ حملہ تھا۔

    سیکیورٹی اہل کاروں کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے چاقو سے مسجد میں گوئتا پر حملہ کیا تھا، اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔

    مسجد میں موقع پر موجود وزیر مذہبی امور ممادو کونے نے اے ایف پی کو بتایا کہ نماز کے فوراً بعد ایک شخص نے صدر پر حملہ کیا، اس کے ہاتھ میں چاقو تھا، لیکن اس سے قبل کہ وہ نقصان پہنچاتا، اسے قابو کر لیا گیا۔

    مسجد کے منتظم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نماز اور خطبے کے بعد امام صاحب عموماً باہر جا کر بھیڑ کی قربانی کرتے ہیں، بس اسی وقت ایک نوجوان نے کرنل اسیمی پر پیچھے سے حملہ کر دیا، لیکن اس حملے میں ایک دوسرا شخص زخمی ہوا۔

  • پاکستان نے 2 عالمی دہشت گردوں پر مکمل پابندی عائد کر دی

    پاکستان نے 2 عالمی دہشت گردوں پر مکمل پابندی عائد کر دی

    اسلام آباد: پاکستان نے مغربی افریقا کے ملک مالی کے 2 دہشت گردوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے مزید 2 عالمی دہشت گردوں پر مکمل پابندی عائد کر دی، ان دہشت گردوں میں عمادو کوفہ اور عمادو بیری شامل ہیں، دونوں کا تعلق ملک مالی اور جماعت نصرت الاسلام و المسلمین (JNIM) سے ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت خارجہ نے اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو عمل درآمد کے لیے حکم نامہ جاری کر دیا ہے، دونوں دہشت گرد سلامتی کونسل کی خصوصی کمیٹی کی فہرست میں شامل ہیں، ان کے پاکستان داخلے اور ملک کو بہ طور راہداری استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    وزارت خارجہ کے حکم نامے کے مطابق دہشت گردوں کے ہر قسم کے اثاثہ جات منجمد ہوں گے، اسلحے کی فروخت پر بھی قدغن لگائی گئی، پاکستان کا کوئی فرد، ادارہ یا تنظیم ان کی کسی قسم کی مالی معاونت نہیں کر سکے گا، بینکنگ، نان بینکنگ، اسٹاک مارکیٹ ذرایع سے بھی مالی تعلقات استوار نہیں ہو سکیں گے، پاکستان سے کوئی فرد یا ادارہ چندے کے ذریعے فنڈز اکٹھا نہیں کر سکے گا۔

    مذکورہ دہشت گردوں کے تمام افراد، گروپس، اداروں کے فنڈز، اثاثے، معاشی وسائل فوری منجمد ہوں گے، وزارت خارجہ نے حکم نامے میں سلامتی کونسل کی 15 قراردادوں کا بھی حوالہ دیا، اور کہا کہ سلامتی کونسل کی داعش، القاعدہ پابندی کمیٹی نے دونوں کو اپنی فہرست میں 4 فروری 2020 کو القاعدہ سے تعلق کی بنیاد پر شامل کیا ہے، پاکستان میں ان پر پابندی کا فیصلہ سلامتی کونسل کی قرارداد کے پیراگراف 1، چارٹر باب 7 کے تحت کیا گیا۔ قرارداد 1333 کے پیراگراف 8 سی، 1390 کے پیراگراف 1،2 کے 2002، قرارداد 1989 کے پیراگراف 1،4، قرارداد 2253 کے پیراگراف 2 کے حوالے بھی حکم نامے میں شامل کیے گئے۔ قراردادوں کے مطابق تمام ممالک داعش، القاعدہ اور ان سے وابستہ افراد، گروہوں، اداروں کے خلاف اقدام کے پابند ہیں۔

    خیال رہے کہ نصرت الاسلام و المسلمین مغربی افریقا میں قائم عسکریت پسند تنظیم ہے۔ دہشت گرد عمادو کوفہ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ مسینہ لبریشن فرنٹ کا بانی اور سربراہ ہے، جو جماعت نصرت الاسلام و المسلیمن سے منسلک ہے۔ نومبر 2018 میں عمادو کوفہ سے متعلق خبر آئی تھی کہ فرانسیسی فوج کے ہاتھوں مارا گیا، تاہم مارچ 2019 میں اس کی ویڈیو پھر سامنے آ گئی۔ جس میں اس نے اپنی موت کی خبر کو مذاق قرار دیا، اس ویڈیو کی تصدیق امریکی مانیٹرنگ گروپ نے بھی کی۔

  • مالی: شکاری قبیلے کا گاؤں پر حملہ، ہلاکتوں کی تعداد 134 ہو گئی

    مالی: شکاری قبیلے کا گاؤں پر حملہ، ہلاکتوں کی تعداد 134 ہو گئی

    بماکو: خود کو روایتی شکاری کہلوانے والے مسلح افراد کے ایک گروہ نے مغربی افریقی ملک مالی کے ایک گاؤں پر حملہ کر کے 134 افراد کو تہہ تیغ کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز وسطی مالی کے گاؤں پر ڈوگن ہنٹرز نے حملہ کر کے 134 فولانی چرواہوں کو قتل کر دیا، کہا جا رہا ہے کہ مسلم نسلی گروپ فولانی اور ڈوگن قبائل میں برسوں سے نسلی فسادات ہوتے آ رہے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش کے نمائندے فرحان حق کا کہنا ہے کہ گاؤں اوگوساگو میں حاملہ خواتین اور بچوں کو بھی نہیں بخشا گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلح افراد نے ہفتے کے دن صبح کے وقت حملے سے قبل گاؤں کا محاصرہ کیا، شکاریوں نے گاؤں میں فولانی نسلی کمیونٹی کو نشانہ بنایا جن پر الزام لگایا گیا کہ ان کے جہادیوں سے تعلقات ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیوزی لینڈ میں اسکارف کی مانگ بڑھ گئی، پارک میں 15 ہزار افراد کا مسلمانوں سے اظہارِ یک جہتی

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ گاؤں والوں کو آتشیں ہتھیار اور ماچس سے نشانہ بنایا گیا، گاؤں کے تمام جھونپڑے بھی جلائے گئے۔

    قریبی گاؤں کے میئر نے واقعے کو قتل عام کا واقعہ قرار دیا، دوسری طرف یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ڈوگن اور نیم خانہ بدوش فولانی چرواہوں کے مابین تصادم پانی اور زمین پر بھی ہو سکتا ہے۔

    تاہم ڈوگن قبیلے کا الزام ہے کہ فولانیوں کا جہادی گروپس کے ساتھ تعلق ہے، جب کہ فولانیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ مالی کی فوج نے شکاریوں کو حملے کے لیے اسلحہ فراہم کیا۔

  • مالدیپ کے سابق صدررشوت دینے کےالزام میں گرفتار

    مالدیپ کے سابق صدررشوت دینے کےالزام میں گرفتار

    مالی: مالدیپ کی حکومت نے سابق صدر عبداللہ یامین کو گواہوں کو رشوت دینے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق مالدیپ کے سابق صدر عبداللہ یامین کو منی لانڈرنگ کے مقدمے کی سماعت کے دوران گواہان کو رشوت دینے کے الزام میں کرلیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سابق صدر عبداللہ یامین کو کشتیوں کے ذریعے مافوشی جیل منتقل کردیا گیا۔

    دوسری جانب عبداللہ یامین نے گواہان کو بیان تبدیل کرنے کے لیے رشوت دینے کے پولیس کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

    سابق صدر عبداللہ یامین کو گزشتہ سال ستمبر میں صدارتی انتخابات میں ناکامی کے بعد منی لانڈرنگ کے الزام میں ٹرائل کا سامنا ہے۔

    یاد رہے کہ عبداللہ یامین نے 2013 میں حکومت سنبھالی تھی جس کے بعد انہوں نےاپنے کئی مخالفین کو قید یا جلا وطن کردیا تھا۔

    سابق صدر اپنے 5 سالہ دور حکومت میں انسانی حقوق کے حوالے سے عالمی برداری کی جانب سے شدید تنقید کا شکا رہے۔

    واضح رہے کہ انسداد کرپشن کے ادارے نے گزشتہ ہفتے رپورٹ جاری کی تھی جس کے مطابق مالدیپ کے سرکاری میڈیا اینڈ پبلک ریلیشن کارپوریشن میں عبداللہ یامین کے دور میں مبینہ طور پر 7 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی کرپشن ہوئی ہے۔

  • مٹی سے بنی ہوئی خوبصورت مسجد

    مٹی سے بنی ہوئی خوبصورت مسجد

    افریقی ملک مالے میں واقع مٹی سے بنی مسجد کو اپنی نوعیت کی منفرد ترین مسجد ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ سنہ 1907 میں قائم کی جانے والی اس مسجد کو یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی مقام کا درجہ حاصل ہے۔

    مالے کے شہر ٹمبکٹو میں واقع اس مسجد کا نام ڈی جینی ہے۔ اس مسجد کو مٹی اور گارے سے بنایا گیا ہے جبکہ اس کا فن تعمیر سنہ 1240 کے دور کا ہے جسے سوڈانو ۔ ساحلین فن تعمیر کہا جاتا ہے۔

    اس مسجد کی تعمیر میں لکڑی کا استعمال بھی کیا گیا ہے۔ سخت گرمیوں کے دنوں میں یہ مسجد حدت کو کم رکھ کر نمازیوں کو ٹھنڈک بھی فراہم کرتی ہے۔

    ہر سال بارشوں کے بعد اس مسجد کی نئے سرے سے لپائی کی جاتی ہے جس میں علاقے کے لوگ نہایت جوش و خروش سے حصہ لیتے ہیں۔

    دنیا کی منفرد ترین اس مسجد میں 2 ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مالی، دو مختلف بم دھماکوں 7 افراد جاں بحق

    مالی، دو مختلف بم دھماکوں 7 افراد جاں بحق

    بماکو : مالی میں ہونے والے 2 بم دھماکوں میں 7 افراد ہلاک ہوگئے دھماکوں میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے کارواں میں شامل دو ٹرکوں کو نشانہ بنیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مالی کے شمالی علاقے بماکو میں دو مختلف واقعات میں ہونے والے بم دھماکوں کے باعث 7  افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں، دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا محاصہ کرلیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پہلا دھماکا انسونگو میں کیا گیا جہاں ایک مسافر بس کو نشانہ بنایا گیا جب کہ دوسرے بم دھماکے میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل دوٹرکوں پر کیا گیا۔

    مقامی پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے دونوں حملوں میں کافی مماثلت پائی جاتی ہے اور ایک ہی طریقے سے کیے دونوں بم دھماکوں میں جہادی گروپ کے ملوث ہونے کے قوی امکان ہیں تاہم ابھی تک کسی جہادی تنظیم نے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

    خیال رہے کہ دوسری جانب مالی کے وزیر اعظم ملک کے اسی وسطی حصے کے ایک شہر کا دورہ کرنے والے تھے جہاں بم دھماکا کیا گیا تاہم دہشت گردی کے اس واقعے کے بعد دورہ ملتوی کرنا پڑا۔

    بین الااقوامی خبررساں ایجنسی کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کو ظاہر نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی اس بات کی تفصیلات منظر عام پر آ سکی ہیں کہ اقوام متحدہ کے امن مشن سے جڑے لوگوں میں کسی کو کوئی نقصان تو نہیں پہنچا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔