Tag: مال غنیمت

  • سیلاب میں بہہ کر آنے والی مچھلیاں مال غنیمت بن گئیں

    سیلاب میں بہہ کر آنے والی مچھلیاں مال غنیمت بن گئیں

    پھالیہ : پنجاب میں آنے والے تباہ کن سیلاب میں نہروں سے مچھلیاں بھی بہہ کر آگئیں، دھان کے کھیت فش فارمز میں تبدیل ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق منڈی بہاؤالدین کے مکینوں کی چاندی ہوگئی، بہت بڑی تعداد میں سیلاب میں بہہ کر آنے والی مچھلیاں پکڑ کر فروخت کرنے لگے۔

    سیلابی ریلے کے ساتھ بہہ کر آنے والی مچھلیاں دھان کے کھیتوں میں محصور ہوگئیں، مقامی افراد نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کھیتوں میں موجود مچھلیاں پکڑ کر بازاروں میں بیچنا شروع کردیں۔

    کسی نے جال سے مچھلیاں پکڑیں تو کوئی کپڑے کی چادریں لے آیا شکاریوں نے مچھلیوں سے اپنے بڑے بڑے تھیلے بھر لیے۔

    دریائے چناب میں دو افراد ڈوب کر جاں بحق

    علاوہ ازیں دریائے چناب میں ہیڈ قادر آباد کے سیلابی ریلے میں ڈوب کر دو افراد جاں بحق ہوگئے، جن کی لاشیں مقامی اسپتال لائی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ قادرآباد کے سیلابی ریلے میں دو افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ہیں۔ نواحی گاؤں میلو کہنہ میں معمر شخص بے رحم موجوں کی نذر ہوگیا جس کی شناخت اسلم گوندل کے نام سے ہوئی ہے۔

    مقامی افراد نے مذکورہ شخص کی لاش پانی سے ڈھونڈ کر نکالی۔ دوسرے حادثہ میں نواحی گاؤں بھیکھو کا رہائشی 34سالہ نوجوان جس کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی ہے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا ہے۔

     

  • اسلامیات میں مال غنیمت کو لوٹ کا مال لکھنے سے متعلق کیس، پشاور عدالت کا تصحیح کا حکم

    اسلامیات میں مال غنیمت کو لوٹ کا مال لکھنے سے متعلق کیس، پشاور عدالت کا تصحیح کا حکم

    پشاور: ہائی کورٹ نے تعلیمی نصاب کی اسلامیات کی کتابوں میں مال غنیمت کو لوٹ کا مال لکھنے سے متعلق کیس کی سماعت کی، عدالت نے قرآنی آیات کا ترجمہ فوری طور پر درست کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج پشاور ہائی کورٹ میں اسلامیات کی کتابوں میں قرآنی آیات کے غلط ترجمے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جج نے کہا کہ قرآنی آیات کا ترجمہ فوری طور پر درست کیا جائے۔

    عدالی حکم پر صوبائی سیکریٹری تعلیم عدالت کے رو بہ رو پیش ہوئے، جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیے کہ آپ لوگ نئی نسل کو تباہ کر رہے ہیں۔

    جسٹس قیصر رشید نے سیکریٹری تعلیم سے استفسار کیا کہ نئی نسل کے ذہنوں کو آپ آلودہ کر رہے ہیں، آپ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں؟ کیوں نہ عدالت اس جرم کے مرتکب افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

    دریں اثنا، عدالت نے طلبہ کے پاس پہلے سے موجود اسلامیات کی کتابیں واپس لینے کا حکم بھی دے دیا، عدالت نے معاملے پر 10 جولائی کو وفاقی سیکریٹری تعلیم کو بھی طلب کر لیا۔

    قبل ازیں، درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ خیبر پختون خوا حکومت نے چوتھی اور نویں جماعت کی اسلامیات کی کتابوں میں مال غنیمت کو لوٹ مار لکھا ہے، نصاب سے لوٹ مار کا لفظ نکالا جائے۔

    جسٹس قیصر رشید کا کہنا تھا کہ کہ آپ لوگ خود کو مسلمان کہتے ہیں اور نصاب میں الفاظ کا خیال تک نہیں رکھتے۔