Tag: مال گاڑی

  • مال گاڑی اور آئل ٹینکر سے ٹکرانے والے ٹرالر کا ڈرائیور گرفتار نہ ہو سکا

    مال گاڑی اور آئل ٹینکر سے ٹکرانے والے ٹرالر کا ڈرائیور گرفتار نہ ہو سکا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے مائی کلاچی میں مال گاڑی اور آئل ٹینکر سے ٹکرانے والے تیز رفتار ٹرالر کا ڈرائیور گرفتار نہ ہو سکا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مائی کلاچی پھاٹک پر مال گاڑی اور ٹریلر میں ٹکر کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں ڈاکس تھانے میں درج کر لیا گیا ہے، ایف آئی آر میں ٹرالر کے ڈرائیور کو قصور وار ٹھہرایا گیا ہے۔

    جمعہ کو نیٹی جیٹی پل سے آنے والا تیز رفتار ٹرالر مال گاڑی سے ٹکرایا تھا، ٹرالر مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے بھی ٹکرایا، ایف آئی آر کے متن کے مطابق ٹرالر کی ٹکر سے پاکستان ریلوے کے انجن کو نقصان پہنچا ہے۔

    حادثے میں آئل ٹینکر کا ڈرائیور عبد الستار شدید زخمی ہوا، جب کہ ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہوا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

    دن میں ہیوی ٹریفک برقرار، قذافی برج کے اوپر لوڈ ٹرالر الٹ گیا

    کراچی میں دن کے اوقات میں بھی ہیوی ٹریفک کا سڑکوں پر راج برقرار ہے، آج صبح 8 بجے یونس چورنگی سے منزل پمپ قذافی برج کے اوپر ایک کنٹینر لوڈ ٹرالر الٹ گیا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی ہے۔

    یکم جنوری سے اب تک سال رواں میں کراچی میں قاتلوں کی طرح دندناتے ڈمپروں، ٹینکروں، ٹرکوں اور بسوں نے 100 سے زیادہ شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے، جب کہ درجنوں زخمی اور کئی زندگی بھر کے لیے معذور ہو چکے ہیں۔

    بدمست ٹینکروں کو قابو کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے ہیوی ٹریفک کے دن کے اوقات میں شہر میں داخلے پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے لیکن حادثات نہیں رک سکے ہیں۔

  • ایران سے کوئٹہ آنے والی مال گاڑی کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

    ایران سے کوئٹہ آنے والی مال گاڑی کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

    چاغی: ایران سے کوئٹہ آنیوالی مال گاڑی کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے باعث پاک ایران ریل سروسز معطل ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ بوگیوں میں ایرانی گندھک لوڈ تھا، حادثے کے باعث ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا ہے۔

    ریلوے حکام کے مطابق مال گاڑی کی4بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے باعث پاک ایران ریل سروسز معطل ہوگئی ہے،ریلوے ریسکیو ٹیم امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

    اس سے قبل نواب شاہ میں دوڑ ریلوے اسٹیشن کے قریب مال گاڑی کے دو بوگیاں پٹڑی سے اترگئی تھیں۔

    ریلوے پولیس کے مطابق حادثہ ریلوے کلومیٹر 322 کے مقام پر پیش آیا تھا، حادثے کے بعد ٹریک پر ریلوے کی ٹریفک معطل ہو گئی۔

    خانپور، شالیمار ایکسپریس اور مال گاڑی کو حادثہ، 3 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

    ریلوے حکام کے مطابق مال گاڑی کے دو ڈبے ٹریک سے اترے تھے۔ حادثے کے بعد امداد ٹیمیں روانہ کردی تھیں۔ مال گاڑی پنجاب سے کراچی جارہی تھی۔

  • ٹرین کے پہیوں کے درمیان پھنسا بچہ سو میل تک کیسے زندہ رہا ؟

    ٹرین کے پہیوں کے درمیان پھنسا بچہ سو میل تک کیسے زندہ رہا ؟

    بھارت میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک مال گاڑی کے پہیوں میں پھنسے پانچ سالہ بچے کو سو میل چلنے کے بعد بچا لیا گیا۔

    لکھنؤ کے چارباغ ریلوے اسٹیشن پر ریسکیو اہلکاروں نے مال گاڑی کے پہیوں کے درمیان بیٹھے ایک 5 سالہ بچے کو بحفاظت بچالیا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ بچہ کھیلتے ہوئے لکھنؤ کے چارباغ ریلوے اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی کے پہیوں کے درمیان گرگیا تھا، اسی دوران مال گاڑی چل پڑی اور بچہ پہیوں سے باہر نہ نکل سکا۔

    ریلوے اسٹیشن سے نکلنے کے بعد مال گاڑی نے تقریباً 100 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا، ہردوئی ریلوے اسٹیشن میں اہلکاروں نے بچے کو پہیوں کے درمیان پڑا دیکھا اور پھر بچے کو ٹرین سے باہر نکالا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

    بچہ پہیوں کے درمیان سو گیا

    بتایا جاتا ہے کہ بچہ چارباغ ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کے پہیوں کے درمیان لیٹ گیا۔ اس کے بعد مال گاڑی چل پڑی اور بچہ سوتا رہا۔ ٹرین نے رفتار پکڑی تو وہ جاگ گیا لیکن تیز رفتاری کے باعث اس نے خود کو پہیوں کے درمیان پھنسا لیا اور نیچے اترنے کی کوشش نہیں کی۔

    ٹرین تقریباً 102 کلومیٹر آگے ہردوئی پہنچی تو ٹرین رکنے کے بعد ریلوے پروٹیکشن فورس کے اہلکاروں نے بچے کو بحفاظت بہار نکال لیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بچے کے والدین میں علیحدگی ہوچکی ہے اور وہ اپنے باپ کے ساتھ ریلوے اسٹیشن پر بھیک مانگتا ہے۔ پہیوں سے باہر نکلنے کے بعد بچہ بہت خوفزدہ تھا

    آر پی ایف حکام نے بتایا کہ چارباغ میں ایک مال گاڑی کھڑی تھی، اسی دوران ایک پانچ سال کا بچہ کھیلتے ہوئے وہاں پہنچا اور ٹرین چل پڑی، جب ہردوئی میں آر پی ایف اہلکاروں نے بچے کو ٹرین کے نیچے سے نکالا تو وہ بہت خوفزدہ تھا، بعد ازاں بچے کو چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا اور بچے کے والد سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔

  • ریلوے ڈرائیور کی چابک دستی نے سکھر ایکسپریس کو حادثہ سے بچالیا

    ریلوے ڈرائیور کی چابک دستی نے سکھر ایکسپریس کو حادثہ سے بچالیا

    کراچی : ریلوے ڈرائیور کی چابک دستی نے سکھر ایکسپریس کوحادثہ سےبچالیا ، ڈیتھا کے قریب نامعلوم شرپسندوں نے ٹریک پر 24 فیٹ لمبی پٹری رکھی دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے جیکب آباد جانیوالی سکھر ایکسپریس اور مال گاڑی حادثےسے بچ گئی۔

    ڈیتھا ریلوے اسٹیشن کے قریب نامعلوم افراد نے ریلوے لائن کا 24 فٹ ٹکرا رکھ دیا تاہم سکھرایکسپریس کے ڈرائیور نے ایمرجنسی بریک لگاکرٹرین کوروکا۔

    کراچی:ایمرجنسی بریک لگنے پر سکھر ایکسپریس کے انجن نے پڑی پر پڑے ٹکڑے کو ہٹ کیا اور انجن کے اگلے پہیوں سے ٹکرا کر ریلوےلائن کے دو حصے ہوگئے جبکہ پٹری کا ایک حصہ ڈاؤن ٹریک پر جاگرا جہاں ٹریک پر مال گاڑی آ رہی تھی۔

    ریلوے پولیس اہلکار نے فوری طورپرڈاؤن ٹریک سے ریلوے لائن کاٹکراہٹادیا، ریلوے ذرائع نے بتایا کہ مال گاڑی چند لمحوں میں ہی تیز رفتاری سے متاثرہ مقام سے محفوظ گزر گئی۔

  • نواب شاہ: ٹرین کی بوگی سے تیل رسنے پر ٹریک متاثر، ٹرینوں کی آمد و رفت معطل

    نواب شاہ: ٹرین کی بوگی سے تیل رسنے پر ٹریک متاثر، ٹرینوں کی آمد و رفت معطل

    نواب شاہ: صوبہ سندھ کے شہر نواب شاہ کے ریلوے اسٹیشن پر مال بردار ٹرین کی بوگی سے تیل رسنے پر ٹرین کو روک لیا گیا، تیل رسنے سے ریلوے ٹریک متاثر ہوا جس کے بعد ریلوے حکام نے ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر نواب شاہ کے ریلوے اسٹیشن پر مال بردار ٹرین کی بوگی کو تیل رسنے پر روک لیا گیا، ریلوے عملہ اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ تیل رسنے سے ریلوے ٹریک متاثر ہوا ہے، ریلوے حکام نے ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کردی ہے اور صفائی کا عمل جاری ہے۔

    حکام کے مطابق ڈبے سے تیل لیک ہونے کی تحقیقات کر رہے ہیں، متاثرہ ڈبے سے سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب سے تیل لیک ہونا شروع ہوا، تیل لیک ہونے کے بعد بھی مال بردار ٹرین 20 منٹ تک چلتی رہی۔

    حکام کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ بوگی سے 50 فیصد تیل گر کر ضائع ہوگیا، متاثرہ بوگی کو گاڑی سے الگ کر کے منزل پر روانہ کر دیا جائے گا۔

  • مال گاڑی کو حادثہ، رکشے اور موٹر سائیکلوں پر الٹ گئی

    مال گاڑی کو حادثہ، رکشے اور موٹر سائیکلوں پر الٹ گئی

    کراچی: کے بی ایکس ٹاور گودی میں ایک مال گاڑی پٹری سے اتر گئی، جس کے باعث ایک رکشہ اور کئی موٹر سائیکلیں تباہ ہو گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان ریلوے کی بدنظمی ختم نہ ہو سکی، نئے سی ای او کی ہدایت کے باوجود ڈی ریلمنٹ کے واقعات بدستور جاری ہیں۔

    ریلوے ذرایع کا کہنا ہے کہ پٹری سے اترنے والی بوگیوں کی زد میں آ کر رکشہ اور موٹر سائیکلیں تباہ ہو گئیں، اس حادثے میں رکشہ ڈرائیور بھی زخمی ہو گیا۔

    ذرایع نے بتایا کہ حادثے والی جگہ سے مسافر ٹرینیں نہیں گزرتیں اس لیے ٹرین آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ نہیں ہے۔ مذکورہ مقام پر بینک آنے والے اور دیگر آفسز کے لوگ پٹری کے ساتھ ہی اپنی گاڑیاں پارک کر دیتے ہیں، متاثرہ مقام پر ریلوے کراسنگ بھی ہے۔

    ریلوے پھاٹک نہ ہونے سے ایک اور حادثہ، 5 افراد جاں بحق

    ریلوے ذرایع کا کہنا ہے کہ امکان ہے رکشے والے نے جلد بازی میں پٹری کراس کرنے کی کوشش کی ہو اور حادثے کا شکار ہو گیا ہو، تاہم حادثے کے فوراً بعد ریلیف ٹرین روانہ کر دی گئی ہے اور جلد بوگیاں پٹری پر لانے کا کام شروع ہو جائے گا۔

    یاد رہے کہ مارچ میں سکھر، روہڑی کے قریب پیارو واہ کے مقام پر ریلوے پھاٹک نہ ہونے کی وجہ سے حادثے میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

  • شرط جیتنے کے لیے شہری ریل کے نیچے لیٹ گیا

    شرط جیتنے کے لیے شہری ریل کے نیچے لیٹ گیا

    ساہیوال: پنجاب کے شہر ساہیوال میں ایک شخص شرط کے لیے اپنی زندگی خطرے میں ڈالتے ہوئے ریل گاڑی کے نیچے لیٹ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ساہیوال میں ایک شخص نے مال گاڑی کے نیچے لیٹ کر رئیل لائف اسٹنٹ کھیلا، لیکن اسے یہ حرکت مہنگی پڑ گئی، ڈسٹرکٹ پولیس ساہیوال نے اسے گرفتار کر کے لاک اپ کر دیا ہے۔

    گرفتار شخص نے محض ایک شرط کے لیے پٹری کے درمیان لیٹ کر ٹرین اوپر سے گزرنے دی، اس کے ساتھیوں نے اس عمل کی ویڈیو بھی بنا ڈالی، ویڈیو کے مطابق مذکورہ ادھیڑ عمر شخص نے پٹری کے درمیان لیٹ کر مال گاڑی کا انتظار کیا اور پھر مال گاڑی آنے پر اس کے گزرنے تک لیٹا رہا۔

    پٹری کے نزدیک بیٹھے افراد اس کو گردن نیچے رکھنے کا مشورہ بھی دیتے رہے، مال گاڑی گزرنے کے بعد وہ پٹریوں سے ہٹا تو اس کے ساتھیوں نے اسے گلے لگا کر مبارکباد دی۔

    ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران نوجوان چلتی ٹرین سے گر گیا

    تاہم اس واقعے کی اطلاع مقامی پولیس کو بھی مل گئی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ شخص کو گرفتار کر لیا۔ خیال رہے کہ اپنی زندگی جان بوجھ کر خطرے میں ڈالنے یا خود کشی کرنے پر بھی پولیس شہریوں کو گرفتار کر سکتی ہے۔

    زندگی اتنی ان مول شے ہے کہ ایک بار چلی جائے تو واپس کبھی نہیں آتی، اس لیے اس کی حفاظت انسان پر لازم ہوتی ہے، معمولی سے فائدے کے لیے اسے خطرے میں ڈالنا بے وقوفی ہی کہلائی جا سکتی ہے۔

  • میرپورماتھیلواسٹیشن کے قریب مال گاڑی کی 5 بوگیاں پٹری سے اترگئیں

    میرپورماتھیلواسٹیشن کے قریب مال گاڑی کی 5 بوگیاں پٹری سے اترگئیں

    گھوٹکی: صوبہ سندھ کے علاقے میرپور ماتھیلو اسٹیشن کے قریب مال گاڑی کی 5 بوگیاں پٹری سے اترگئیں، متاثرہ ٹریک سے بوگیاں ہٹانے کا کام تاحال شروع نہیں کیا جاسکا۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی کے علاقے میرپور ماتھیلو اسٹیشن کے قریب مال گاڑی کی 5 بوگیاں پٹری سے اترگئیں، حادثے کے باعث ڈاؤن ٹریک پر ٹریفک معطل ہوگیا۔

    کراچی جانے والی ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک لیا گیا، متاثرہ ٹریک سے بوگیاں ہٹانے کا کام تاحال شروع نہیں کیا جاسکا۔

    اس سے قبل رواں ماہ یکم اکتوبر کو روہڑی اسٹیشن پر مال گاڑی کی چار بوگیاں پٹری سے اترگئیں تھی، بوگیاں پٹری سے اترنے سے 400 فٹ پٹری کو نقصان پہنچا۔

    یاد رہے کہ 19 جون کو ایران سے کوئٹہ آنے والی مال گاڑی کی 9 بوگیاں ٹریک سے اترگئیں تھی، مال گاڑی کو حادثہ بلوچستان کے علاقے چاغی کے قریب واقع پدگ میں پیش آیا۔

    مال گاڑی کی بوگیاں اترنے کے باعث کوئٹہ سے ایران جانے اور آنے والا ریلوے ٹریک معطل ہوگیا تھا۔

    گمبٹ ریلوے اسٹیشن پر مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اترنے سے ڈاؤن ٹریک بلاک

    واضح رہے کہ رواں سال 30 مئی کو خیرپور کے گمبٹ ریلوے اسٹیشن پرمال گاڑی کی 3 بوگیاں پٹری سے اترگئیں تھی جس کے باعث ڈاؤن ٹریک بلاک کردیا گیا تھا۔

    ٹریک بند ہونے سے سکھرجانے والی سکھرایکسپریس کوروک لیا گیا تھا، رانی پور ریلوے اسٹیشن پر سکھرایکسپریس کے مسافر شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے تھے۔

  • صادق آباد : اکبرایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم، 10 افراد جاں بحق

    صادق آباد : اکبرایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم، 10 افراد جاں بحق

    صادق آباد: ولہار پھاٹک کے قریب مسافر ٹرین اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 32 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صبح سوا چار بجے کے قریب لاہور سے آنے والی اکبر ایکسپریس ولہار اسٹیشن پر موجود مال گاڑی سے جا ٹکرائی، حادثے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 32 زخمی ہوگئے۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی ڈاکٹر حفیظ الرحمان اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔ ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ٹی ایچ کیو صادق آباد اور شیخ زید اسپتال رحیم یار خان منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    ڈی پی او عمر سلامت کے مطابق حادثے میں اکبر ایکسپریس کے اسسٹنٹ ڈرائیور سمیت 10افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہیں۔ حادثے کے باعث4 بوگیاں متاثر اور 2 ٹریک سے اتر گئیں۔

    اکبرایکسپریس حادثے کے بعد ٹرین آپریشن معطل کردیا گیا، بزنس ایکسپریس، کراچی ایکسپریس کو مختلف اسٹیشنزپرروک لیا گیا، گرین لائن، رحمان بابا ٹرین کا سفر بھی تعطل کا شکار ہے۔

    ڈپٹی کمشنرجمیل احمد اورڈی پی اوعمرسلامت ریسکیواینڈ ریلیف آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں، آپریشن میں ریسکیو1122 کی21 اور10 نجی ایمبولینس حصہ لیا۔

    ڈپٹی کمشنرجمیل احمد جمیل نے بتایا کہ 32 زخمی مسافروں کواسپتال منتقل کردیا گیا ہے، اپ اینڈ ڈاؤن دونوں ٹریک کو ٹرینوں کی آمدورفت کےلیے بند کر دیا گیا ہے۔

    ٹرین حادثے میں زخمی اورجاں بحق افراد کی معلومات کے لیے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے، شہری 9230709-068 اور03009402579 پر رابطہ کریں۔

  • گمبٹ ریلوے اسٹیشن پر مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اترنے سے ڈاؤن ٹریک بلاک

    گمبٹ ریلوے اسٹیشن پر مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اترنے سے ڈاؤن ٹریک بلاک

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر خیرپور میں لاہور سے کراچی جانے والی مال گاڑی کی 3 بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیرپور کے گمبٹ ریلوے اسٹیشن پرمال گاڑی کی 3 بوگیاں پٹری سے اترگئیں جس کے باعث ڈاؤن ٹریک بلاک کردیا گیا۔

    ٹریک بند ہونے سے سکھرجانے والی سکھرایکسپریس کوروک لیا گیا، رانی پور ریلوے اسٹیشن پر سکھرایکسپریس کے مسافر شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں۔

    ڈی ایس ریلوے سکھر کے مطابق بحالی ٹرین روہڑی سے روانہ کی گئی ہے۔

    پڈعیدن کے قریب مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں

    اس سے قبل رواں ماہ 17 مئی کو پڈعیدن میں ابراہیم شاہ کے مقام پر مال گاڑی حادثے کا شکار ہوئی تھی جس کے بعد کراچی سے لاہور اور پشاور جانے اور وہاں سے کراچی آنے والی ٹرینوں کو مختلف مقامات پر روک دیا گیا تھا۔

    متاثرہ ٹریک کی بحالی کے لیے کوٹری سے امدادی ٹرین طلب کی گئی تھی جبکہ اپ اور ڈاؤن ٹریک بند کردیے گئے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 6 مارچ کو سکھر اسٹیشن کے قریب گڈانی پھاٹک پرسلیپر سے بھری ہوئی مال گاڑی کے دو ڈبے پٹڑی سے اتر گئے تھے، مال گاڑی سکھر سے روہڑی جا رہی تھی۔